سوال دشمنی کا اعلان نہیں، علم کی دہلیز ہے۔ جو اس دہلیز پر ہاتھ نہ رکھے، وہ عمر بھر صحن میں ٹہلتا رہتا ہے اور گھر کے اندر کبھی داخل نہیں ہوتا۔ مگر ہمارے اجتماعی مزاج نے سوال اور گستاخی کے درمیان کی لکیر مٹا دی ہے۔ غالب کا شکوہ پرانا ہے: ہر ایک بات پہ کہتے ہو تم کہ تُو کیا ہے۔ جہاں سوال کے جواب میں سائل کی حیثیت پوچھی جائے، وہاں مکالمہ دلیل کے میدان سے اتر کر شخصیت کے کٹہرے میں آ کھڑا ہوتا ہے۔ پھر سوال کا جواب نہیں دیا جاتا، سوال کرنے والے کا حساب لیا جاتا ہے۔یہ بیماری نئی نہیں، اتنی ہی پرانی ہے جتنا اقتدار۔ 399 قبل مسیح میں ایتھنز نے، جو خود کو جمہوریت کا گہوارہ کہتا تھا، سقراط کو نوجوانوں کو بگاڑنے اور شہر کے دیوتاؤں کو نہ ماننے کے الزام میں زہر کا پیالہ تھما دیا۔ افلاطون کی روایت کے مطابق سقراط نے عدالت میں خود کو اُس مکھی سے تشبیہ دی جو ایک بڑے، سست اور اونگھتے گھوڑے کو ڈنک مار کر جگاتی ہے۔ شہر نے مکھی کو مار ڈالا، مگر گھوڑا پھر بھی نہ جاگا۔ بس اس کی نیند پر ایک عدالتی فیصلے کی مہر لگ گئی۔ جو شخص شہر کا سب سے بڑا محسن تھا وہ شہر کا سب سے بڑا مجرم ٹھہرا اور ایتھنز کی ساری شان کے باوجود یہ داغ آج تک اس کے دامن سے نہیں دھلا۔سترھویں صدی کے روم میں یہی کھیل نئے لباس میں کھیلا گیا۔ 1633ء میں عدالتِ احتساب نے گیلیلیو سے، جو عمر کے ساتویں عشرے کی دہلیز پر تھا، اپنے ہی مشاہدے سے توبہ کروائی اور باقی زندگی اسے گھر میں نظر بند رکھا۔ اقتدار مقدمہ جیت گیا، مگر زمین کو اس فیصلے کی خبر ہی نہ ہوئی وہ گھومتی رہی۔ تقریباً تین سو ساٹھ برس بعد 1992ء میں ویٹی کن کو اعتراف کرنا پڑا کہ غلطی اُس سے ہوئی تھی۔ تاریخ کی اپیل ہمیشہ دیر سے سنی جاتی ہے، مگر ہمیشہ سائل کے حق میں سنی جاتی ہے۔
لیکن یہ کہنا کہ سوال کا قاتل ہمیشہ دوسروں کا کلیسا تھا، آدھی سچائی ہے۔ ہمارے اپنے ورثے میں سوال کی تکریم اپنی انتہا پر ملتی ہے۔ قرآن مجید حضرت ابراہیمؑ کا سوال نقل کرتا ہے کہ اے رب، مجھے دکھا کہ تُو مردوں کو کیسے زندہ کرتا ہے۔ جواب میں سرزنش نہیں آئی۔ بس اتنا پوچھا گیا کہ کیا تم ایمان نہیں رکھتے؟ عرض کیا: کیوں نہیں، مگر اس لیے کہ میرے دل کو اطمینان ہو جائے۔ یوں سوال کو شک کا نہیں، اطمینانِ قلب کا زینہ مانا گیا۔ وہی کتاب مدعی سے کہتی ہے:یعنی اپنی دلیل لاؤ۔ جس ورثے کی بنیاد ہی دلیل کے مطالبے پر رکھی گئی ہو، اس کے وارث اگر سوال سے کانپنے لگیں تو یہ ورثے کی نہیں، وارثوں کی کمزوری ہے۔اور جب وارث کمزور ہوئے تو ہم نے بھی وہی کیا جو ایتھنز اور روم نے کیا تھا۔ بارھویں صدی کے اواخر میں اندلس کے موحدین کے دور میں قرطبہ کے ابنِ رشد کی فلسفیانہ کتابیں نذرِ آتش ہوئیں اور اسے لوسینا کی طرف جلاوطن کیا گیا۔ وہی ابنِ رشد لاطینی دنیا میں ’اوَیروس‘ بن کر پہنچا اور یورپ کی درسگاہوں میں اس کی شرحیں پڑھی گئیں۔ ہم نے جو سوال جلائے، دوسروں نے اٹھا کر اپنی علمی صبح کا چراغ بنا لیے۔ یعنی سوال کا قاتل کوئی ایک مذہب یا مکتب نہیں؛ ہر وہ سچائی ہے جو ریاست کی تلوار تھام لے۔ عقل پرستی بھی جب جبر کا لباس پہن لے تو اتنی ہی تنگ نظر ہو جاتی ہے جتنی کوئی اور تنگ نظری۔
مگر آج سوال کو مارنے کیلئے زہر کے پیالے کی ضرورت باقی نہیں رہی۔ امریکی مفکر نیل پوسٹمین نے اورویل اور ہکسلے کا موازنہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اورویل کو خوف تھا کہ سچ ہم سے چھپا لیا جائے گا، اور ہکسلے کو خوف تھا کہ سچ معمولی باتوں کے سمندر میں ڈوب جائے گا۔ ہمارا زمانہ ہکسلے کا زمانہ ہے۔ سوال اب پابندی سے نہیں، شور سے مرتا ہے۔ ٹاک شو میں ہر کسی کے پاس جواب ہے، سوال کسی کے پاس نہیں۔ رجحان صبح پیدا ہوتا ہے، شام کو دفن ہو جاتا ہے اور کسی کو یاد نہیں رہتا کہ پوچھا کیا گیا تھا۔ ہماری درسگاہوں اور جامعات میں ’’یہ امتحان میں نہیں آئے گا‘‘وہ جملہ ہے جو ہماری تعلیمی تاریخ کا سب سے خطرناک فتویٰ ہے: اس کا مطلب ہے کہ جو چیز نمبروں میں نہ بدلے، وہ سوچنے کے لائق ہی نہیں۔ اہلِ نظر کا خیال ہے کہ 1984ء میں طلبہ یونینوں پر پابندی کے بعد جامعات سے وہ مکالماتی فضا بھی رخصت ہوتی گئی جہاں نوجوان اختلاف کرنا اور اختلاف سہنا سیکھتا تھا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ہم نے ایسی نسل پالی جو جواب رٹ سکتی ہے، سوال گھڑ نہیں سکتی۔
اس خاموشی کی قیمت ہم روز ادا کرتے ہیں، فرق صرف یہ ہے کہ رسید ہمیں نہیں ملتی۔ جس بستی میں کوئی یہ نہ پوچھے کہ پل کس نے بنایا، کس مٹی سے بنایا اور کس کے پیسے سے بنایا، وہاں پل گرتا ہے تو ذمہ دار کوئی نہیں ہوتا۔ جس دفتر میں فائل پر کیوں لکھنے کی ہمت نہ ہو، وہاں غلطی روایت بن جاتی ہے۔ جس جماعت میں سوال شرارت سمجھا جائے، وہاں تحقیق کے بجائے نقل پیدا ہوتی ہے۔ ہمارے سماج کا ہر بڑا مسئلہ دراصل کسی نہ کسی دن نہ پوچھے گئے ایک سوال کی قبر ہے۔کانٹ نے 1784ء میں روشن خیالی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ انسان کا اپنی خود ساختہ نابالغی سے نکل آنا ہے، یعنی دوسرے کی رہنمائی کے بغیر اپنی عقل استعمال کرنے کی جرأت۔ اس نے نابالغی کا سبب عقل کی کمی نہیں، ہمت کی کمی بتایا تھا۔ اور یہی ہمارا اصل المیہ ہے: ہم کم عقل نہیں، کم ہمت ہو گئے ہیں۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



