اکبر الہٰ آبادی، اقبال اور سروش عالمگیر...ایک ہی فکری سلسلے کی کڑی ہیں ۔
سروش عالمگیر ہر لحاظ سے قیمتی و نایاب شخص،ایک ایسے شہر، ایسے سماج سے رخصت ہوا جہاں اس کی رخصتی پر اتنی ہلچل بھی نہ ہوئی جو کسی ٹک ٹاکر یا ولاگر کی موت پر سوشل میڈیا کی دیواروں پر دکھائی دیتی ہے ۔ اس عہد زوال میں ہمارے سماج کے برتنِ اقدار تہذیب سے خالی ہوتے جا رہے ہیں۔سماج اب سوچ اور شعور سے خالی صرف آواز ہی آواز، شور ہی شور ہے۔مہنگے برانڈز کا اسیریہ معاشرہ نمائش اور دکھاوے کی علت میں مبتلا ہے اور ایسے اکہرے لوگ سروش عالمگیر جیسےاقبال شناس کو کیسے پہچان سکتے ہیں ۔جو اسے جانتے ہیں وہ اسکی رخصتی پر کف افسوس ملتے ہیں کیونکہ سروش عالمگیر نوجوان کی فکری تربیت کرنے والا اسکالر تھا۔جوان موت پر حیران اور پریشان ہیں ابھی 50 کے بھی نہ ہوئے تھے کہ موت کابلاوا آگیا ۔ابھی تو بہت کام کرنا باقی تھا مگر یہ حکمت تو اللہ ہی جانتا ہے۔
سروش عالمگیر کے ساتھ میری کوئی ملاقات نہیں تھی یوٹیوب پر موجود انکے علمی اور فکری لیکچرز کے ذریعے فکری تعلق تھا مگرانکی رخصتی پر لکھنا مجھ پر واجب ہےاسلئے کہ اب دور دور تک ایسا کوئی دکھائی نہیں دیتاجو ایک طرف تو جدید مغربی علوم کےکئی میدانوں کا شہسوار ہو اور دوسری طرف اقبال شناس بھی ہو اور فکر اقبال کا ایساا سکالر ہو جسکی کہی ہوئی بات میں تاثیر ہو، جو نوجوانوں کے دلوں کو بدلے انہیں تشکیک سے نکال کر یقین کی طرف لے کر آئے۔
ایک طرف آکسفورڈ سے آئی ٹی کی جدید تعلیم حاصل کرنیوالامغربی کمپنیوںاور اعلیٰ عہدوں پر کام کا وسیع تجربہ رکھنے والا ہزاروں ڈالرمعاوضہ لینے والا اور دوسری طرف قرآن کی آیات کو سائنسی بنیادوں پر پرکھنے، سمجھنے اور جاننے کی جستجو رکھنے والا ہو پھر اس روشنی میں دوسروں کو شریک کرنے والا بھی ہو۔اصل عالم اسی کو کہتے ہیں جو قرآن سمجھے پڑھے اور جدید علوم پر بھی دسترس رکھے جسکے سامنے مغرب کی مادی ترقی بھی ہو اور روحانی پیچیدگیاںبھی ایک کتاب کی طرح کھلی ہوں جو جدید دور کے مسائل اور روحانی بحران پر بات کرنا جانتا ہو۔
ہمارے بیشتر علماء کرام ایک محدود دائرے میں رہ کر علم کو دہراتے رہتے ہیں۔ نئے سوالات، نئے علمی مباحث اور بدلتے ہوئے زمانے کے تقاضوں سے مکالمہ کم دکھائی دیتا ہے۔ سروش عالمگیر ان لوگوں میں سے تھا جو روایت اور جدیدیت کے درمیان ایک بامعنی ربط قائم کرنے میں کوشاں تھے ۔
ان کی زندگی کا ہر مرحلہ غیر معمولی ہے خوشحال پڑھے لکھے گھرانے میں جنم ، پاکستان کے انگریزی میڈیم اسکولوں میں تعلیم پھر آکسفورڈ سے آئی ٹی کی جدید تعلیم ،ڈنمارک میں آئی ٹی کی ایک کمپنی کے کنٹری ہیڈ کی حیثیت سے کام، دنیاوی اور مادی لحاظ سے زندگی کی ایسی کامیابیاں، لوگ جسکا خواب دیکھتے ہیں پھر ایک روز ان تمام آسائشوں اور ڈالرز کو چھوڑ کروطن واپسی کا حیران کن فیصلہ ۔ اسکی زندگی کا ایک ویژن تھا ایسا کام کوئی غیر معمولی شخص ہی کر سکتا ہے جس نے پہلے سے اپنی زندگی کا خاکہ ترتیب دیا ہو،واپس آئے سافٹ ویئر اور بزنس ایڈمنسٹریشن کے ماہر تھے جلد ہی یہاں کاروبار کھڑا کر لیا آرٹیفیشل انٹلیجنس کی پروڈکٹس بھی بناناشروع کردیں۔پھر طے کیا کہ زندگی میں ضرورت سے زیادہ جتنی آمدنی ہوگی اسے ضرورتمندوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنا ہے۔غریب بستیوں میں جانا لوگوں کو تلاش کرنا چھوٹے چھوٹے کاروبار اور روزگار بنا کے دینا تاکہ وہ غربت کے دلدل سے نکل سکیں ضرورت مند بچوں کو اسکالرشپ دینا یہ سب اپنی جیب سے کیا ،جب یہ دائرہ بڑھا تو اپنے مخیر دوستوں سے مدد لینا شروع کی انفاق کے نام سے ایک ادارہ بنایا جو بیسیوں گھرانوں کو راشن اور مالی امداد فراہم کرتا ہے۔ وہ اپنے کاروبار سے زیادہ خود کو ضرورت مندوں کی مدد اور علمی اور تحقیقی کاموں میں تھکاتے تھے۔علامہ اقبال ؒ کے حوالے سے کئی تنظیموں کے سرپرست اور منتظم تھے ان کی نشستوں اورسیمینارز کے انعقادکیلئےبیشتر اخراجات جیب سے ادا کرتے ۔ پیام اقبال سے نوجوانوں کو روشناس کرانے کو زندگی کا مقصد بنایا ۔قرآن اور اقبال پریوٹیوب پر لیکچر دینے کا سلسلہ شروع کیا۔ وہ آج کے جدید دور کے روحانی بحران اور تشکیک کی گتھیاں قرآن اور کلام اقبال سے کھولتے ۔تین برس بیشتر کمر میں شدید درد اٹھا،ٹیسٹوں کا آغاز ہوا اور ایک خوفناک بیماری کا انکشاف۔اس سے پیشتر وہ خود بھی اپنی بیماری پر کافی گہری تحقیق کر چکے تھے سو علم تھا ڈاکٹر سے پوچھ لیا کہ میرے پاس کتنا وقت ہے میں اپنے کام مکمل کرنا چاہتا ہوں۔ ڈاکٹروں کے پیش نظر وہ کوئی عام مریض نہیں تھا ایک محقق تھا جدید علوم کا ماہر تھا جو اپنی بیماری پر بھی تحقیق کر چکا تھا۔بتایا گیا آپ کے پاس ساڑھے تین سال ہیں، اس خبر کو ایک عام خبر کی طرح سنا اورپھراپنی بساط سے بڑھ کر کام کیا ،درد اور کمزوری ہوتی تو ہسپتال ایڈمٹ ہو جاتے چہرے سے مسکراہٹ نہیں گئی ۔
ان کے مداحوں ،متعلقین اور طالبعلموں کا ایک بہت بڑا حلقہ تھا جو ان سے رابطے میںتھا ایک مداح ملنے گیا اسے مسکراتے ہوئے بتایا کہ میرے پاس زندگی کے چند ماہ بچے ہیں اور وہ حیرت زدہ شکل دیکھتا رہ گیا ۔ دانشور احمد جاوید ان کے مداح تھے ان سے ملنے آفس گئے شفا یابی اور طویل عمری کی دعا کی اس پر سروش عالمگیر نے کہا مجھے گزر جانے دیجیے۔
بیماری کو صبر سے جھیلا احمد جاوید اپنے لیکچر میں بتاتے ہیں کہ آخری دن انہوں نے درد اور تکلیف کے باوجود غسل کیاجیسے اللہ کے حضور پاکیزہ حالت میں پیش ہونے کی تیاری ہو۔اسی شام اقبالیات کا اسکالر ،جدید آئی ٹی علوم کا ماہر، بیسیوںغریب گھرانوں کیلئے امید کی کرن، اقبال کے فلسفہ خودی و عمل کا عملی پیکر اللہ کے حضور پیش ہو گیا۔ زوال آثار سا۔ آج کی غربت اور بڑھ گئی۔کاش شہر والے یہ جاننے کی کوشش کریں کہ وہ کون تھا جو اس شہر سےچلا گیا ۔ لگتا ہے ساقی نامہ میں اقبال کی دعا سروش عالمگیر کے حق میں قبول ہو ئی۔
جوانوں کو سوز جگر بخش دے
میرا عشق میری نظر بخش دے
مرے دل کی پوشیدہ بے تابیاں
میرے دیدہ ترکی بے خوابیاں
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



