Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

سیاسی کشیدگی اور ملکی منظر نامہ !

وطن عزیز پاکستان اس وقت سنگین معاشی مشکلات اور سیاسی بے یقینی سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے حکومتی اخراجات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور وہاں بارہ اضلاع میں ہنگامی صورتحال…

محمدفاروق چوہان
محمدفاروق چوہان Monday, 19 October 2026 · 4 min read

وطن عزیز پاکستان اس وقت سنگین معاشی مشکلات اور سیاسی بے یقینی سے گزر رہا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے حکومتی اخراجات نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور وہاں بارہ اضلاع میں ہنگامی صورتحال کے نفاذ سے بھی متعلق اقدامات نے سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ ایسے حالات میں حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تصادم اور محاذ آرائی کے بجائے قومی یکجہتی، آئینی بالادستی اور عوامی مسائل کے حل کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے۔جمہوری نظام کی مضبوطی کا تقاضا ہے کہ سیاسی اختلافات کو برداشت کیا جائے اور عوام کے منتخب نمائندوں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنے کا پورا موقع دیا جائے۔ کسی بھی بحران کا حل سیاسی قوتوں کو اعتماد میں لینے، باہمی مشاورت اور جمہوری روایات کی پاسداری میں پوشیدہ ہے۔ اگر سیاسی مسائل کو انتظامی اقدامات اور سخت فیصلوں کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس سے حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا پہلے ہی امن و امان اور سیاسی عدم استحکام جیسے چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ ایسے میں ہر طرح کے اقدامات کے قانونی، آئینی اور جمہوری پہلوؤں کو سنجیدگی سے دیکھنا ضروری ہے۔ ایسے فیصلوں سے گریز کرنا چاہئےجو عوام کے اعتماد کو کمزور کریں یا ملک میں مزید سیاسی تقسیم کا سبب بنیں۔ قومی سلامتی اور امن و امان کے مسائل کا حل عوامی نمائندگی اور آئینی اصولوں کو نظرانداز کرکے نہیں نکالا جا سکتا ۔

پارلیمان میں موجود حکومت اور اپوزیشن کے ارکان کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ذاتی اور جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مسائل پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ عوام نے اپنے نمائندوں کو اس لیے منتخب کیا ہے کہ وہ ان کے حقوق کا تحفظ کریں، مہنگائی میں کمی لائیں اور ملک کو معاشی استحکام کی طرف لے کر جائیں۔ پارلیمان کو عوامی مشکلات کے حل کے لیے مؤثر قانون سازی کرنی چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات پر عائد بھاری لیوی ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے حقیقی ریلیف مل سکے۔ حکمران طبقے کے غیر ضروری اخراجات، سرکاری وسائل کے بے جا استعمال اور مالیاتی بے ضابطگیوں پر قابو پانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

عوام پر نئے ٹیکس عائد کرنے کے بجائے حکومتی اخراجات میں کمی اور معاشی نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے آئین کی بالادستی، جمہوری تسلسل، عوامی حقوق کا احترام اور معاشی انصاف ناگزیر ہیں۔ تمام سیاسی قوتیں قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، کیونکہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راستہ محاذ آرائی نہیں بلکہ آئینی حکمرانی، عوامی فلاح اور باہمی اعتماد سے ہو کر گزرتا ہے۔

خیبرپختونخوا کی صورت حال کیساتھ ساتھ گزشتہ پندرہ سال کے دوران بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے 83کھرب روپے کے نقصانات بھی قومی خزانے پر بوجھ اور نا اہلی کی انتہا ہے۔ عوام مہنگی بجلی، ہوش ربا مہنگائی اور بھاری ٹیکسوں کے باعث بنیادی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں، جبکہ دوسری جانب قومی وسائل کا ضیاع مسلسل جاری ہے۔ مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کی تباہی کی اصل ذمہ دار جماعتیں ہیں، جمہوریت کے نام پر اقتدار کی بندر بانٹ کرنے والی ان جماعتوں نے عوامی حقوق کو اپنے اقتدار کی بھینٹ چڑھا دیا ہے۔ ایک طرف عام آدمی بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے لیے قرض لینے پر مجبور ہے، تو دوسری طرف آئی پی پیز کو کیپیسٹی چارجز کی مد میں ہر سال تقریباً دو ہزار ارب روپے ادا کیے جانے کا معاملہ سنگین سوالات کو جنم دیتا ہے۔

عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ جب بجلی کی پیداوار اور فراہمی کے حوالے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو رہے تو قومی خزانے سے اتنی بڑی رقوم کی ادائیگی کا جواز کیا ہے؟۔ ملک میں وسائل کی کمی نہیں، اصل مسئلہ ان کی غیر منصفانہ تقسیم، بدعنوانی اور ناقص حکمت عملی ہے۔ اگر قومی اداروں میں شفافیت، احتساب اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تو عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔ پٹرولیم لیوی اور عوام پر عائد ناجائز مالی بوجھ کا خاتمہ کیا جائے، آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے۔ کرپشن اور بدعنوانی نے ملکی نظام کی بنیادوں کو کمزور کر دیا ہے۔ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کا بلاامتیاز احتساب کیا جائے۔ احتساب کا عمل محض اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہئے بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے قومی دولت کی حفاظت یقینی بنانا ہوگی۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.