Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

گورنر راج کے نفاذ کا ذمہ دار کون؟

بالآخر خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ ہو گیا قبل ازیں خیبر پختونخوا(شمال مغربی سرحدی صوبہ)میں دوبار گورنر راج نافذہوا پہلی بار 1975ء میں نیشنل عوامی پارٹی کی حکومت ختم کر کے چند ہفتوں کے لئے ’’مرکزی راج ‘‘ لگا دیا گیا تھا بعض آئینی کتب…

نواز رضا
نواز رضا Monday, 19 October 2026 · 5 min read

بالآخر خیبر پختونخوا میں گورنر راج نافذ ہو گیا قبل ازیں خیبر پختونخوا(شمال مغربی سرحدی صوبہ)میں دوبار گورنر راج نافذہوا پہلی بار 1975ء میں نیشنل عوامی پارٹی کی حکومت ختم کر کے چند ہفتوں کے لئے ’’مرکزی راج ‘‘ لگا دیا گیا تھا بعض آئینی کتب میں اسے ’’گورنر راج‘‘ نہیں بلکہ ’’مرکز کا براہ راست کنٹرول‘‘ لکھا گیا ہے اگر اس آئینی تعریف کو پیش نظر رکھیںتو 1994ء میں صرف ایک بار ہی اس اختیار کا استعمال کیا گیا جبکہ سیاسی انداز میں اس کا جائزہ لیں تو1975 ء اور1994 ء میں دوبار اس اختیار کا استعمال کیا گیا ۔ اگرچہ آئین کے آرٹیکل 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں گورنرراج نافذ کیا گیا ہے اورآئین کے آرٹیکل232کے تحت چند اضلاع میں ایمرجنسی لگا ئی گئی ہے لیکن جمہوری روایات میں یہ پسندیدہ اقدام نہیںہے بقول بلاول بھٹو زرداری خیبر پختونخوا کی حکومت کے طرز عمل کی وجہ سے وفاق نے ’’آئینی ایٹم بم‘‘ استعمال کیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے آئین میں ’’گورنر راج‘‘ کے لفظ کاکہیں ذکر نہیں صرف اس بات کا ذکر ہے ’’ایمرجنسی۔ جب صوبے کی آئینی مشینری ناکام ہو جائے ‘‘بس اتنا ذکر ہے۔جبکہ صدر وزیر اعظم کی ایڈوائس پر گورنر راج کے نفاذ کا اعلان کرتا ہے پارلیمنٹ دو ماہ کے اندر منظوری دیتی ہے ورنہ گورنر راج خود بخود ختم ہوجاتا ہے۔

گورنر راج 6ماہ کیلئے نافذ ہوتا ہے سپریم کورٹ اجازت دے تو ایک سال کیلئے گورنر راج نافذ رہ سکتا ہے۔ماضی میں پنجاب میں5، سندھ 4اور بلوچستان میں3بار گورنر راج نافذ رہ چکا ہے۔ درحقیقت وفاقی حکومت گورنر راج کے نفاذ کی سردرد ی سے بچنے کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی میز پر بٹھانے کی کو شش کرتی رہی لیکن سہیل آفریدی حکومت کےجارحانہ طرز عمل نے وفاقی حکومت کو سخت قدم اٹھانے پر مجبور کر دیا۔اگرچہ2009 ء کے بعد سپریم کورٹ نے گورنر راج کا نفاذ ناممکن بنا دیا تھا لیکن حکومت نے enough is enough کی صورتحال کے پیش نظر تمام خدشات کے باوجودنہ صرف گورنر راج نافذ کیا بلکہ ایمرجنسی بھی نافذ کر دی ۔ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج و ایمر جنسی کے نفاذ کو پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔فی الحال خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال قا بو میں ہے کل تک وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا لانگ مارچ کوشہر شہر گھما رہے تھےاور گورنر راج کے نفاذ کے خلاف شدید رد عمل کے بلند بانگ دعوے کر رہے تھے۔اب سہیل آفریدی کی گرفتاری کے ساتھ ہی انکے’’ لشکری‘‘ انڈر گرائونڈہوگئے ہیں حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت گورنر راج کے نفاذ سے گریز کر رہی تھی لیکن سہیل آفریدی نےوفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ممکنہ معاہدہ کو ویٹو کر کے صوبے میں گورنر راج کی راہ ہموار کر دی ۔

اگر چہ گورنر راج کا نفاذ آئینی اقدام ہے اس کے نفاذ سےامن و امان کی صورت حال میں بہتری نہ آئی تو اس کا سیاسی فائدہ پی ٹی آئی کو ملے گا لیکن اگر گورنر فیصل کریم کنڈی حالات کو درست کرنے میں کامیاب ہو گئے اور صوبے کے عوام رات کے اندھیرے میں آزادانہ طور پر گھومنے لگے تو پی ٹی آئی کی پوزیشن کمزور ہو جائے گی سہیل آفریدی نے اپنی سیاست بچانے کیلئے گورنر راج کے نفاذ کو دعوت دی ہے ۔پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار کسی صوبے میں گورنر راج اور ایمرجنسی لگی ہے جن کے طویل عرصہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔اگر آئندہ انتخابات تک خیبر پختونخواغیر معمولی قوانین کے تحت چلتا رہا تو پی ٹی آئی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔

پی ٹی آئی گورنر راج کو صوبے پر ’’آئینی حملہ‘‘ قرار دے رہی ہے ۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی 11رکنی ٹیکنو کریٹ مشاورتی کونسل سے صوبہ چلا رہے ہیں۔آئین کے آرٹیکل245تک تحت امن و امان قائم رکھنے کے لئے فوج طلب کر لی گئی ہے بڑے پیمانے پرگرفتاریاں عمل میں لائی جارہی ہیں خیبر پختونخوا میں خوف و ہراس کی کیفیت ہے بہرحال مختلف شہروں اوروفاقی دار الحکومت اسلام آباد میں کنٹینر ہٹائے جا رہے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 11 اکتوبر2026ء کو ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کے بعد پورے خیبر پختونخوا میں علامتی احتجاجی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں ، اوسطاً 100سے بھی کم افراد نے احتجاجی مظاہروں میں شرکت کی 500سے زائد افراد نے باڑہ میں احتجاجی مظاہرے کو رونق بخشی جوسابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حلقہ ء انتخاب میں واقع ہے۔ پولیس کی معمول کی کارروائی کے بعد یہ مظاہرہ منتشر ہو گیا۔ شنید ہے وفاقی حکومت نے تشدد اور مزاحمت کو سختی سے کچلنے کا فیصلہ کر رکھا ہے یہی وجہ ہے خیبر پختونخوا کےعوام سڑکوں پر نہیں نکلے اور گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کیخلاف مزاحمت نہیں کی ۔ پہلے روز قومی اسمبلی اور سینیٹ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کر دی دونوں ایوانوں میں پیش کی گئی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی، اپوزیشن نے قرارداد کی مخالفت جبکہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی نے دفاع کیا ۔

اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نےقرار داد کی مخالفت کی تاہم انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ’’ وزیر اعظم کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں‘‘۔ اگلے روز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس میں گورنر راج اور ایمرجنسی کی توثیق کر دی گئی اس موقع پر ایوان میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے محمود خان اچکزئی سے ملاقات کر کے اپوزیشن کو مذاکرات کی ایک بار پھر دعوت دی لیکن دوسری طرف تحریک تحفظ آئین ،جس کے محمود خان اچکزئی ہیں ، کےسربراہ نے وفاقی حکومت سے ہر قسم کے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان کر دیا ۔ وفاقی حکومت سے اس وقت تک سلسلہ جنبانی نہیں ہو گا ،جب تک بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرا دی جاتی ۔ایسا دکھائی دیتا ہے وفاقی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہے گی اور زیادہ دیر تک ’’صاف چھپتے بھی نہیں سامنے آتے بھی نہیں‘‘ کا کھیل جاری رہے گا ۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.