Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

ہنسنا منع ہے ،مشاعرہ، گورنر کی محفلِ میلاد

10 اکتوبر کی شام ہم لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں ایک عظیم الشان مشاعرہ پڑ ھ کر نکلے ہی تھے کہ نثار عثمانی مرحوم کی انقلابی سوچ سے مغلوب ہو کر بھٹو کے جیالے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کی دعوت قبول کرنے کو جی چاہا۔ یہ نثار…

محمد نوید نواز
محمد نوید نواز Monday, 19 October 2026 · 4 min read

10 اکتوبر کی شام ہم لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں ایک عظیم الشان مشاعرہ پڑ ھ کر نکلے ہی تھے کہ نثار عثمانی مرحوم کی انقلابی سوچ سے مغلوب ہو کر بھٹو کے جیالے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کی دعوت قبول کرنے کو جی چاہا۔ یہ نثار عثمانی ہی تھے جنہوں نے ڈکٹیٹر ضیاالحق کے عروج کے دنوں میں ضیاء کے لاہور ائیرپورٹ پہنچتے ہی پوچھ لیا تھا ”مارشل لا کی لعنت سے چھٹکارا کب ملے گا؟“ ہم دوستوں کیساتھ شام آٹھ بجے گورنر ہاؤس پہنچے تو محفلِ میلاد شروع ہو چکی تھی۔ نعت اِک واری مدینے بُلا سوہنیا ،قوالی آؤ آؤ مدینے چلیں اور سوہنا لگدا ے علی والا کے الفاظ زیرِ لب دہراتے ہوئے ہم بھی دیگر حاضرین کیساتھ جھومتے ہوئے روحانی تسکین حاصل کرنے لگے۔ مال روڈ کے ساتھ ساتھ دیوار کی اندرونی سائیڈ کی طرف واقع گورنر ہاؤس کا سب سے بڑا سبزہ زار بیٹھے ہوئے لوگوںسے مکمل طور پر فُل تھا اور اطراف میں بھی لوگ کثرت سے کھڑے تھے۔ حاضرین کی کل تعداد اندازاََدس ہزار ہو گی۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی نے بھی شرکت کی۔ اُنکا شاندار استقبال کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے اُنکی دستار بندی کی۔ اپنے خطاب میں سلیم حیدر خان نے کہا کہ مَیں جب سے گورنر بنا ہوں یہ تیسری سالانہ محفلِ میلاد ہے۔ ربِ ذوالجلال نے قرآنِ پاک میں نبی آخری الزماںﷺکی تعریف کی ہے۔ یہ محفل منعقد کر کے مَیں اللہ تعالیٰ کی سنت ادا کرتا ہوں۔آخر میں گورنر ہاؤس کے عملے کیلئے 50 عمرے کے ٹکٹوں جبکہ حاضرین میں سے 72 افراد کو عمرے پر مکہ مدینے بھیجنے کیلئے قرعہ اندازی کا اعلان ہوا۔ اِس کا انتظام پہلے سے ہی شروع ہو گیا تھا کہ مین گیٹ سے داخل ہوتے ہوئے تمام خواتین و حضرات کے قومی شناختی کارڈ کی نقلیں ایک بہت بڑے ڈبے میں ڈال لی گئی تھیں۔ ڈبے سے ایک ایک کر کے شناختی کارڈ کی کاپیاں نکالی جاتیں اور لائوڈ سپیکر پر خوش نصیبوں کو اسٹیج کے پاس آنے کا کہا جاتا۔ اسٹیج پر یہ سارا کام گورنر سلیم حیدر کی موجودگی اور سرپرستی میں سب کے سامنےہو رہا تھا کہ 72 میں سے صرف آدھے ٹکٹوں کی قرعہ اندازی کے بعد قرعہ اندازی روک دی گئی اور دعا کیساتھ سوا 3 بجے صبح محفل کے اختتام کا اعلان کر دیا گیا۔

اِس سے قبل پریس کلب میں مشاعرے کی صدارت سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل اور اچھے شاعر سید محمودالحسن گیلانی نے کی۔ اس میں تقریباً100 شعراء اور صحافیوں نے شرکت کی۔ لاہور میں ہونے والے تمام مشاعروں کی نسبت شعراء کرام کا یہ سب سے بڑا اکٹھ تھا۔اِس میں تقریباً چیس بہترین شعراءکرام کو اپنا کلام پیش کرنے کی دعوت دی گئی۔

اِس کے منتظمین پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے سربراہ عمران شیخ اور نیشنل وومن جرنلسٹس فورم کی صدر سینئر صحافی فرزانہ چوہدری تھے۔چونکہ ڈاکٹر قدیر خان کی برسی کے روز مشاعرہ تھا ۔میں نے اُ ن کو tribute پیش کرنے کیلئے اُن سے متعلق بھی اشعار پڑھے۔ منفرد اسلوب کے ناطے میری غزل کے اِن اشعار کو بہت داد ملی:

عبدالقدیر خاں تھے بڑے، میں ہوں عام سا

نسبت ہے یہ کہ دونوں ہی مَقہُور ہو گئے

کُوفی کہا قدیر نے جن کو وہ تھے بُرے

ہم لوگ اِن کی بات سے مسرور ہو گئے

گرچہ نوید مجھ کو ہے ناکامیوں کا غم

ہوں مطمئن کہ لوگ بُرے دور ہو گئے

آخر میں محمودالحسن گیلانی نے ایک اردو ،ایک پنجابی غزل اور ایک نعت پیش کرکے ڈھیر ساری داد سمیٹی۔ اُن کے یہ اشعار مجھے ابھی تک یاد ہیں:

تِری آنکھوں میں کھونا چاہتا ہوں /سمندر میں سمونا چاہتا ہوں /تِری فرقت کے اک لمحے پہ جاناں /ہزاروں سال رونا چاہتا ہوں /اور نعت /آپؐ کی چشمِ التفات سے قبل /کوئی کرتا نہ تھا قبول کرم

12 اکتوبر کو جیو نیوز کے مقبول ترین پروگرام ”ہنسنا منع ہے“ میں شرکت کی دعوت ملی تو میں جھٹ پٹ تیار ہوگیا۔ جوہر ٹاؤن میں ریکارڈنگ کے دوران مہمان گلوکار جیم سے جعفر کے خوبصورت گیت اور میزبان تابش ہاشمی کی دل آویز گفتگو سننے کو ملی۔

قارئین کیلئے یہ ایک حیران کُن انکشاف ہوگا کہ تابش ہاشمی حقیقت میں بہت زیادہ ہینڈسم اور خوبصورت ہیں بہ نسبت اِس کے کہ جیسے وہ اسکرین پر نظر آتے ہیں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.