الف کا خیال تھا کہ اب اسے کچھ کرنا چاہیے۔ یوں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ وہ شام کو دفتر سے لوٹتا تو اپنے ایک کمرے کے مکان میں چارپائی پر لیٹ کر چھت کے اُس پنکھے کو دیکھتا رہتا جو ہر چکر میں ایک مرتبہ کھٹکتا تھا،وہ سوچتا کہ اِس پنکھے اور شہر کے لوگوں میں کوئی فرق نہیں۔ دونوں گھومتے ہیں، کھٹکتے ہیں اور وہیں کے وہیں رہتے ہیں۔ اپنے ارد گرد کے انسانوں کو دیکھ کر وہ دل ہی دل میں کڑھتا تھا۔ اُس کا خیال تھا کہ اِن میں اور اُن کیڑے مکوڑوں میں کوئی فرق نہیں جنہیں کوئی بھی، جب چاہے، پیر سے مسل دے اور آگے بڑھ جائے۔ یہ لوگ اپنی چھوٹی چھوٹی زندگیوں میں اِس قدر الجھے ہوئے ہیں کہ اِن سے کسی بڑی سوچ یا جراتمندانہ فیصلے کی توقع رکھنا ہی حماقت ہے۔ جبکہ زندگی میں بعض اوقات مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، یہ الف کا ایمان تھا، اور مشکل فیصلوں کیلئے ہمت، حوصلہ اور ایک خاص قسم کی بے رحمی درکار ہوتی ہے۔ جو انسان اِن خصوصیات سے خالی ہو وہ الف کے نزدیک انسان کہلانے کا حق ہی نہیں رکھتا تھا۔ ویسے تو وہ مردانہ وجاہت، بلند قامتی اور جاہ و جلال کا بھی قائل تھا، اور اکثر سوچتا کہ تاریخ کے بڑے آدمی جب کمرے میں داخل ہوتے ہوں گے تو کیسے وہ اپنی شخصیت کے سحر سے لوگوں کو متاثر کر دیتے ہوں گے، مگر خود اُس کا قد چھوٹا تھا، وہ کمرے میں داخل ہوتا تو کسی کو خبر بھی نہ ہوتی۔
اُس کا خیال تھا کہ یہ لوگ اسے آج سے سو سال بعد شاید سمجھ سکیں، اور شاید تب بھی نہ سمجھ سکیں۔ دفتر میں وہ لوگوں کو دیکھتا جو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر دبی دبی آواز میں بات کرتے تھے۔ کسی کی ترقی روک لی گئی، کسی کا تبادلہ کسی افسر کی ناراضی کی نذر ہو گیا، کسی کے بیٹے کو تھانے میں دو دن بٹھا کر پیسے لے کر چھوڑا گیا۔
یہ سب باتیں چائے کی پیالیوں پر ہوتیں، آواز پست ہوتی، نظر دروازے پر، اور ہر بات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو جاتی۔وہ دفتر میں بہت کم بولتا تھا مگر ایک دن ایسا ہوا کہ سب نے اسے بولتے سنا۔ کسی نے وہ خبر سنائی کہ شہر کے کسی علاقے میں ایک شخص نے راہ چلتی لڑکی کو روک کر بیچ سڑک پر ڈنڈوں سے مارا اور لوگ دیر تک تماشا دیکھتے رہے۔ یہ خبر سن کر الف کے چہرے کا رنگ یکدم بدل گیا۔ اُس کی آنکھوں میں خون اتر آیا، کنپٹی کی رگیں پھول گئیں اور میز پر رکھا ہاتھ مٹھی بن گیا۔ سب نے یہ تغیر نوٹ کیا۔ ”ایسے شخص کے ہاتھ پیر رسیوں سے باندھ کر چاروں سمت کھینچنے چاہئیں،“ وہ آہستہ آہستہ بولا، ”اور اُس وقت تک کھینچنے چاہئیں جب تک اُس کے جسم کی ایک ایک ہڈی ٹوٹ کر بکھر نہ جائے۔“ کمرے میں سناٹا چھا گیا، کسی کے جسم میں سنسنی دوڑ گئی، کسی نے چائے کا کپ آہستہ سے میز پر رکھ دیا۔ ”اور اُن سب کو بھی،“ الف نے کہا، ”جو وہاں کھڑے تماشا دیکھتے رہے اور جنہوں نے اُس لڑکی کی مدد کرنے میں دیر لگائی، اُن سب کو بھی گولیوں سے بھون دینا چاہیے۔“ اُس کے بعد وہ اٹھا اور اپنی میز پر جا بیٹھا۔
اِس بات کی گونج ابھی ختم نہیں ہوئی تھی کہ ایک صبح الف نے اخبار میں خبر پڑھی کہ لڑکی پر تشدد کرنے والا ملزم رات گئے پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ خبر پڑھ کر اُس کے ہونٹوں پر ایک ایسی مسکراہٹ آئی جو اُس نے اپنے چہرے پر پہلے کبھی محسوس نہیں کی تھی، دفتر میں اُس دن یہی خبر موضوع بنی رہی۔ ”اچھا ہوا،“ ایک نے کہا۔ ”ایسوں کا یہی علاج ہے،“ دوسرے نے کہا۔ ”عدالتوں سے تو یہ چھوٹ ہی جاتے ہیں،“ تیسرے نے کہا اور چائے کا گھونٹ لیا۔ الف نے یہ سب سنا اور خاموش رہا۔ مگر اُس کے اندر ایک بات نے جڑ پکڑ لی۔ یہی لوگ، جو اپنے بیٹے کیلئے تھانے میں آواز اونچی نہیں کر سکتے تھے، آج اِس خبر پر خوش تھے، اور یہی لوگ اُس دن اُس کی بات سن کر سہم گئے تھے۔ تو فرق کیا تھا؟ پستول اُس نے اندرون شہر کے ایک ایسے شخص سے لیا جس کا پتا دفتر کے چپراسی نے، بغیر کچھ پوچھے، ایک کاغذ پر لکھ کر دیدیا تھا۔ وہ شخص ایک تنگ دکان کے پچھلے کمرے میں بیٹھا تھا۔ اُس نے الف کے چھوٹے قد کو اوپر سے نیچے تک دیکھا، پھر پوچھا، ”کس کام کیلئے چاہیے؟“ الف نے کہا، ”حفاظت کیلئے۔“ وہ شخص ہنسا، ویسی ہی ہنسی جیسی الف نے دفتر میں بارہا سنی تھی، مگر اِس مرتبہ الف کو برا نہیں لگا۔
الف کے اپنے محلے سے دو گلیاں چھوڑ کر ایک شخص رہتا تھا جس نے تین سال پہلے اپنی بیوی کا قتل کیا تھا۔ مقدمہ بنا تھا مگر قتل عدالت میں ثابت نہ ہو سکا حالانکہ بچہ بچہ جانتا تھا کہ قاتل یہی ہے۔ وہ شخص اب بازار میں کپڑے کی دکان چلاتا تھا اور تھڑے پر بیٹھ کر قہقہے لگاتا تھا۔ وہ شام ایک عام سی شام تھی۔ وہ شخص دکان بند کر کے گلی کی طرف مڑا تو الف اُس کے سامنے آ کھڑا ہوا۔ اُس نے الف کو اوپر سے نیچے تک دیکھا اور پوچھا، ”کیا بات ہے؟“ الف کے منہ سے کچھ نہ نکلا۔ اُس نے پستول نکالا۔ وہ شخص ایک قدم پیچھے ہٹا اور اُس کے چہرے پر ایسی حیرت آئی جیسے کوئی چھوٹا سا کیڑا اچانک پیر پر چڑھ کر کاٹ لے۔ الف نے گولی چلائی، پھر ایک اور، پھر ایک اور۔ اُس کے ہاتھ کانپے نہیں۔ وہ شخص گرا اور بے حرکت ہو گیا۔ الف وہیں کھڑا رہا۔ اُس نے بھاگنے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ لوگ دکانوں سے نکل کر گلی کے دہانے پر جمع ہونے لگے۔الف نے اِن لوگوں کو دیکھا اور اسے وہ لڑکی یاد آئی جسے بیچ سڑک پر ڈنڈوں سے مارا گیا تھا اور لوگ ایسے ہی کھڑے تھے۔ اسے ہنسی آئی۔ پہلی مرتبہ اسے لگا کہ وہ اِن سب سے لمبا ہے۔
تھانے میں اسے ایک بینچ پر بٹھا دیا گیا۔ یہاں بھی چھت پر پنکھا تھا جو ہر چکر میں ایک مرتبہ کھٹکتا تھا۔ دیر بعد ایک انسپکٹر آیا، چائے کا کپ ہاتھ میں لیے، اور بغیر بیٹھے پوچھا، ”کیوں مارا؟“الف نے سر اٹھایا۔ اسے سوال پر حیرت ہوئی۔ ”وہی تو کیا جو آپ لوگ کرتے ہیں۔“انسپکٹر نے گھونٹ لیا۔ ”ہم؟“
”وہ، جس نے لڑکی کو ڈنڈوں سے مارا تھا۔ رات کو، تفتیش کیلئے لے جاتے ہوئے۔ اخبار میں تھا۔“”وہ مقابلہ تھا۔“”یہ بھی تھا۔“
انسپکٹر نے پہلی مرتبہ اسے غور سے دیکھا، اوپر سے نیچے تک، اور پھر پوچھا، ”تمہیں بھیجا کس نے تھا؟“”کسی نے نہیں۔“انسپکٹر نے کپ میز پر رکھا۔ ”تو پھر تم ہو کون؟“
الف کے پاس اِس کا کوئی جواب نہیں تھا۔ اُس نے سوچا تھا کہ یہ لوگ اسے پہچان لیں گے۔انسپکٹر محرّر کی طرف مڑا۔ ”پرچہ کاٹو۔ رات کو اسے تفتیش کیلئے لے جانا ہے۔“الف نے حیرت سے انسپکٹر کی طرف دیکھا جیسے اُسے اِس بات پہ یقین نہ ہو۔ پنکھا کھٹکتا رہا۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



