Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

عصری تعلیم : مدارس طلبا کے روزگار پر اثرات؟

پاکستان میں دینی مدارس کو رسمی تعلیمی نظام سے مربوط کرنا اور ان میں عصری مضامین متعارف کرانا ایک دیرینہ پالیسی ترجیح رہی ہے۔ مختلف ادوار کی قومی تعلیمی پالیسیوں میں اس ترجیح پر بہت زور دیا گیا اور یہ بھی واضح کیا گیا کہ دیگر مقاصد کیساتھ…

Dr. Bلال Aحسن Malik / Manal Abdulла
Dr. Bلال Aحسن Malik / Manal Abdulла Sunday, 25 October 2026 · 6 min read

پاکستان میں دینی مدارس کو رسمی تعلیمی نظام سے مربوط کرنا اور ان میں عصری مضامین متعارف کرانا ایک دیرینہ پالیسی ترجیح رہی ہے۔ مختلف ادوار کی قومی تعلیمی پالیسیوں میں اس ترجیح پر بہت زور دیا گیا اور یہ بھی واضح کیا گیا کہ دیگر مقاصد کیساتھ ساتھ اس پالیسی کا ایک مقصد مدارس کے طلبہ کیلئے بہتر روزگار اور معاشی مواقع پیدا کرنا ہے۔ قومی تعلیمی پالیسی 1998ء میں کہا گیا کہ دینی مدارس کے نصاب کو جدید اور مؤثر بنایا جائیگا تا کہ طلبہ کیلئے روزگار کے امکانات بہتر ہو سکیں۔اسی طرح 2024 کے نیشنل ایجوکیشن پالیسی ڈیولپمنٹ فریم ورک نے مدارس کو جدید تعلیم کے ساتھ مربوط کرنے پر زور دیتے ہوئے اسے طلبہ کے روزگار سے جوڑا۔ مدارس کے طلبہ کیلئے عصری تعلیم پر زور مندرجہ بالا پالیسی دستاویزات تک محدود نہیں، بلکہ قیام پاکستان سے لیکر اب تک تقریباً تمام پالیسیوں میں اس کا کسی نہ کسی طرح ذکر ہوا ہے۔ان پالیسیوں کے پیچھے دو تصورات کار فرما نظر آتے ہیں۔ ایک یہ کہ دینی مدارس کے طلبہ عصری تعلیمی نظام سے نابلد ہیں، اور دوسرا یہ کہ اگر یہ طلبہ عصری تعلیم حاصل کر لیں تو انکے روزگار کے مواقع بہتر ہو سکتے ہیں۔ لیکن کیا یہ تصورات حقیقت پر مبنی ہیں؟

لمز یونیورسٹی کے اسکول آف ایجوکیشن سے وابستہ ہونے کے ناطے ہم تحقیق اور شواہد کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔ اسلئے ہمارے لیے یہ امر حیران کن تھا کہ مدارس کے بارے میں بہت سے پرانے اور عام تصورات آج بھی نہ صرف قائم ہیں بلکہ پالیسی سازی پر بھی اثر انداز ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر ہم نے چند ممتاز مدارس کے بارے میں ایک تحقیقی منصوبہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ ہمارے معاشرے میں کم از کم معروف اور مستند مدارس کے بارے میں فہم بہتر ہو سکے۔ اس کالم میں ہم اپنی تحقیق کے چند ایسے نتائج پیش کر رہے ہیں جو مذکورہ بالا پالیسیوں اور ان کے پس پشت کارفرما سوچ پر روشنی ڈالتے ہیں۔اس سوچ کا ایک پہلو یہ عام تصور ہے کہ مدارس کے طلبہ عصری تعلیم سے بڑی حد تک دور رہتے ہیں۔ ہماری تحقیق اس تصور کے برعکس ایک مختلف تصویر پیش کرتی ہے: پاکستان کے معتبر مدارس کے طلبہ عصری تعلیم میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ مثال کے طور پر، جیسا کہ ہم نے اسی اخبار میں 14 اگست 2026 کے کالم میں بیان کیا تھا، جامعہ اشرفیہ (لاہور) سے 2026 میں فارغ التحصیل ہونیوالے طلبہ کی بڑی اکثریت (86 فیصد) میٹرک کی تعلیم حاصل کر چکی تھی یا کر رہی تھی۔ مزید یہ کہ تقریباً ایک تہائی (32 فیصد) طلبہ گریجویشن یا اس کے مساوی تعلیم حاصل کر چکے تھے یا زیر تعلیم تھے۔ یہ شرحیں قومی اوسط سے کہیں زیادہ ہیں۔اہم بات یہ ہے کہ عصری تعلیم میں یہ دلچسپی صرف جامعہ اشرفیہ تک محدود نہیں تھی، بلکہ ہماری تحقیق میں شامل دیگر چھ دینی اداروںدار العلوم محمدیہ غوثیہ (بھیرہ)، مرکز مصطفی (گوجرانوالہ)، جامعہ نظامیہ رضویہ (لاہور)، جامعہ مدنیہ جدید (لاہور)، جامعہ نعیمیہ (لاہور) اور جامعہ ہجویریہ (لاہور)کے طلبہ میں بھی نمایاں طور پر پائی گئی۔ مزید برآں، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور کے 2018ء کے فضلاء پر ہماری سابقہ تحقیق میں ان کے شریک حیات کی تعلیمی سطح بھی قومی اوسط سے نمایاں طور پر بلند پائی گئی۔

مدارس میں عصری تعلیم پر زور دینے کے پیچھے دوسرا اہم تصور یہ بھی ہے کہ اس تعلیم کے حصول سے طلبہ کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ لیکن کیا واقعی ایسا ہوتا ہے؟ اسی سوال کا جواب تلاش کرنے کیلئے ہم نے دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سے 2018ءمیں فارغ التحصیل ہونیوالے فضلا سے انکے روزگار کے بارے میں معلومات بھی حاصل کیں اور پھر بی اے کی ڈگری حاصل کرنیوالے فضلا کا موازنہ اُن فضلا سے کیا جنہوں نے یہ عصری ڈگری حاصل نہیں کی تھی۔اس تحقیق کے ابتدائی نتائج کے مطابق جن فضلا کے پاس بی اے کی ڈگری نہیں تھی، ان میں سے 91 فیصد دینی شعبوں میں کام کر رہے تھے اور صرف 9 فیصد دیگر شعبوں سے وابستہ تھے۔ اس کے برعکس، بی اے کے حامل فضلا میں سے 65 فیصد دینی شعبوں میں جبکہ 35 فیصد دیگر شعبوں میں کام کر رہے تھے۔ لیکن جب ہم نے دونوں گروہوں کی آمدن کا موازنہ کیا تو ایک اہم اور حیران کن نتیجہ سامنے آیا : جن فضلا کے پاس بی اے کی ڈگری نہیں تھی، ان میں سے بیشتر کی ماہانہ آمدن 22 ہزار سے 45 ہزار روپے کے درمیان پائی گئی، جبکہ بی اے کی ڈگری رکھنے والے بیشتر فضلا ماہانہ 25 ہزار سے 50 ہزار روپے کما رہے تھے۔ الغرض، ان ابتدائی نتائج سے اندازہ ہوتا ہے کہ بی اے کی ڈگری ان مدارس کے فضلا کیلئے دینی شعبوں سے باہر روزگار کے امکانات تو کسی حد تک بڑھاتی ہے، مگر اس عصری تعلیم کا حصول ان فضلا کی آمدن میں کوئی نمایاں فرق پیدا نہیں کرتا۔

یہ نتائج ہمیں چند اہم سوالات پر غور و فکر کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ جب مدارس کے طلبہ عصری تعلیم میں خود دلچسپی بھی رکھتے ہیں، مگر اسکے باوجود اس تعلیم کا حصول انکی آمدن میں خاطر خواہ اضافہ نہیں کرتا، تو پھر پالیسی ساز مدارس میں مزید عصری تعلیم پر زور کیوں دے رہے ہیں؟ کیا اب توجہ خود عصری تعلیم کے معیار اور پڑھے لکھے نوجوانوں کیلئے بہتر معاشی مواقع پیدا کرنے پر نہیں ہونی چاہیے؟۔تحقیق کے اگلے مرحلے میں دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ اور جامعہ نظامیہ رضویہ لاہور سمیت دیگر دینی اداروں کے فضلا کی فراغت کے بعد عملی زندگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ ان اداروں میں جامعہ اشرفیہ لاہور، جامعہ نعیمیہ لاہور، جامعہ مدنیہ جدید لاہور اور مرکز مصطفی گوجرانوالہ بھی شامل ہیں۔ہماری تحقیق کی توجہ ملک کے معروف اور مستند دینی اداروں پر مرکوز ہے، اسلئے ہم ہرگز یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ اس کے نتائج ملک کے تمام مدارس پر یکساں طور پر لاگو ہوتے ہیں۔ ہمارا مقصد تمام مدارس کا ایک عمومی خاکہ کھینچنا نہیں، بلکہ مستند دینی اداروں کے حقائق سامنے لانے کیساتھ ساتھ اس امر کی طرف توجہ دلانا ہے کہ اگر محدود پیمانے پر کی جانیوالی تحقیق کے نتائج بھی رائج تصورات اور مفروضوں سے مختلف سامنے آ رہے ہیں، تو اس موضوع پر مزید وسیع اور منظم تحقیق کی ضرورت ہے۔مدارس میں عصری تعلیم پر زور دینے والوں سے گزارش ہے کہ وہ انہی تحقیقی تقاضوں کو یہاں بھی ملحوظ رکھیں جنہیں خود عصری تعلیم کے شعبے میں پالیسی سازی کیلئے ناگزیر سمجھا جاتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پالیسی ساز اور محققین اس تحقیقی خلا کو سنجیدگی سے پر کریں، تاکہ مدارس کے بارے میں آئندہ پالیسیاں رائج مفروضوں پر نہیں بلکہ قابل اعتماد شواہد اور زمینی حقائق کی بنیاد پر تشکیل پائیں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.