بھارت نے ایک بار پھر پانی کی تقسیم کا سندھ طاس معاہدہ معطل کرنیکی دھمکی دی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 19ستمبر 1960ء میں دریائے سندھ اور دوسرے دریائوں کا پانی منصفانہ طور پر حصہ داری کا معاہدہ ہوا، جو سندھ طاس معاہدہ کہلاتا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ محض پانی کی تقسیم کا ایک قانونی بندوبست نہیں تھا، بلکہ جنوبی ایشیا میں جنگ، عدم اعتماد اور مستقل کشیدگی کے ماحول میں قائم رہنے والی ایک نایاب سفارتی ضمانت تھا۔ 1960ءمیں طے پانیوالا یہ معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس بنیادی سمجھوتے کی علامت تھا کہ سیاسی اختلافات، سرحدی تنازعات اور جنگی حالات کے باوجود دریاؤں کو ہتھیار نہیں بنایا جائے گا۔ یہی وجہ ہے کہ یہ معاہدہ 1965ء کی جنگ، 1971ء کے سانحے، اور 1999 کے کارگل بحران جیسے شدید ترین ادوار میں بھی برقرار رہا۔سندھ طاس معاہدے کی اصل طاقت صرف دریاؤں کی تقسیم میں نہیں تھی بلکہ اسکے ادارہ جاتی ڈھانچے میں تھی۔ مستقل انڈس کمیشن، تکنیکی مشاورت، غیر جانب دار ماہرین اور ثالثی کے قانونی فورمز اس بات کو یقینی بناتے تھے کہ اختلافات جنگی بیانیے میں تبدیل ہونے کے بجائے قانونی اور تکنیکی راستوں سے حل ہوں۔ بھارت کا یک طرفہ اقدام اسی ادارہ جاتی ڈھانچے کو کمزور کرنیکی کوشش ہے۔ پاکستان کیلئے اس فیصلے کے اثرات محض سفارتی نہیں بلکہ وجودی نوعیت کے ہیں۔ پاکستان کی زراعت، خوراک کے تحفظ، توانائی پیداوار اور دیہی معیشت کا بڑا حصہ دریائے سندھ اور اس کے معاون دریاؤں پر منحصر ہے۔ بھارت کے اس رویے کو جنوبی ایشیا میں ابھرتی ہوئی ہندوتوا سیاست کے تناظر میں بھی دیکھنا ضروری ہے۔ جب قوم پرستی انتقام، غلبے اور علاقائی بالادستی کے تصور میں ڈھل جائے تو پانی جیسا مشترکہ قدرتی وسیلہ بھی سیاسی ہتھیار بن جاتا ہے۔ دریاؤں کو سزا، دباؤ یا طاقت کے اظہار کے طور پر استعمال کرنا نہ صرف اخلاقی طور پر خطرناک ہے بلکہ بین الاقوامی قانون کے بنیادی تصورات کے بھی منافی ہے۔ پانی سرحدوں سے گزرنے والا قدرتی نظام ہے۔ اسے نفرت، انتقام یا انتخابی سیاست کے تابع نہیں بنایا جا سکتا۔اس صورتحال میں پاکستان کا ذمہ دارانہ رویہ زیادہ نمایاں ہو کر سامنے آتا ہے۔ پاکستان نے معاہدے کی شقوں، قانونی فورمز اور غیر جانب دار ثالثی کے راستوں پر اعتماد کا اظہار کر کے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانون اور ادارہ جاتی عمل کا پابند ہے۔ یہی طرزِ عمل پاکستان کو عالمی برادری کے سامنے اخلاقی اور قانونی برتری فراہم کرتا ہے۔ اس کے برعکس بھارت کا انکار، تاخیر اور یک طرفہ پن اسکی اپنی ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے اور یہ تاثر مضبوط کرتا ہے کہ وہ کثیرالجہتی معاہدوں کو اپنی سیاسی سہولت کے مطابق مانتا یا رد کرتا ہے۔ سندھ طاس معاہدہ اسلئے اہم تھا کہ اس نے دشمنی کے باوجود نظم کو قائم رکھا۔ اگر یہ اصول ٹوٹتا ہے تو نقصان صرف پاکستان یا بھارت تک محدود نہیں رہیگا۔ دنیا بھر میں کئی دریا ایسے ہیں جو ایک سے زیادہ ریاستوں سے گزرتے ہیں۔ اگر بھارت جیسی ریاستیں یک طرفہ طور پر آبی معاہدوں کو معطل کرنیکی مثال قائم کرتی ہیں تو دوسرے خطوں میں بھی بالائی ریاستیں اسی طرزِ عمل کو اختیار کر سکتی ہیں۔ یوں ایک علاقائی بحران عالمی آبی قانون کیلئے خطرناک مثال بن جائیگا۔ آج اصل سوال صرف یہ نہیں کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کیساتھ کیا کیا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کیا بین الاقوامی معاہدے طاقتور ریاستوں کی مرضی کے تابع ہونگے یا قانون کی پابندی سب کیلئے برابر رہے گی؟ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اس معاملے کو قانونی، سفارتی اور تکنیکی سطح پر مسلسل اٹھاتا رہے۔ عالمی اداروں، دوست ممالک، ماہرینِ قانون اور آبی ماہرین کو یہ باور کرانا ہوگا کہ سندھ طاس معاہدے کا دفاع صرف پاکستان کے پانی کا دفاع نہیں بلکہ بین الاقوامی اصولوں، معاہداتی وفاداری اور خطے کے امن کا دفاع ہے۔ سندھ طاس معاہدہ جنگوں سے بچ گیا تھا کیونکہ دونوں ریاستوں نے کبھی نہ کبھی یہ تسلیم کیا تھا کہ کچھ اصول جنگ سے بھی بلند ہوتے ہیں۔ بھارت کا 2025ء کا اقدام اسی سمجھداری کی نفی ہے۔ اگر پانی کو سیاست کا ہتھیار بنا دیا گیا تو جنوبی ایشیا میں امن، ترقی اور اعتماد کی کوئی بھی بنیاد محفوظ نہیں رہے گی۔ پاکستان کی مزاحمت قانون، دلیل اور سفارتکاری کے ذریعے ہونی چاہیے، کیونکہ یہی راستہ نہ صرف قومی مفاد کا تحفظ کرتا ہے بلکہ یہ بھی ثابت کرتا ہے کہ دریا طاقت کی ملکیت نہیں، قانون کی امانت ہیں۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



