Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

بٹ کوائن پر بدلتی عالمی سوچ

ستمبر 2017ءکی بات ہے۔ امریکہ کے سب سے بڑے بینک جے پی مورگن کے سربراہ جیمی ڈائمن ایک سرمایہ کار کانفرنس میں کھڑے ہوئے اور بٹ کوائن کو کھلے عام فراڈ قرار دیدیا۔ نو سال بعد، 19اکتوبر 2026کو، اسی جے پی مورگن کے سرمایہ کاری کے شعبے نے ایک ایسی…

Bilal bin Thaabit
Bilal bin Thaabit Monday, 26 October 2026 · 6 min read

ستمبر 2017ءکی بات ہے۔ امریکہ کے سب سے بڑے بینک جے پی مورگن کے سربراہ جیمی ڈائمن ایک سرمایہ کار کانفرنس میں کھڑے ہوئے اور بٹ کوائن کو کھلے عام فراڈ قرار دیدیا۔ نو سال بعد، 19اکتوبر 2026کو، اسی جے پی مورگن کے سرمایہ کاری کے شعبے نے ایک ایسی رپورٹ جاری کی جو عالمی مالیاتی نظام کی بدلتی سوچ کا واضح ثبوت ہے۔اس رپورٹ کی 31سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بٹ کوائن کو طویل مدتی مالیاتی پیش گوئیوں کا حصہ بنایا گیا ہے۔جے پی مورگن کے بنیادی تخمینے کے مطابق، آئندہ دس سے پندرہ سال کے دوران بٹ کوائن کی اوسط سالانہ متوقع آمدن تقریباً 10 فیصد ہو سکتی ہے، جو امریکی حصص، سونے اور بانڈز کیلئے اسکے تخمینوں سے زیادہ ہے۔ انتہائی سازگار حالات میں یہ شرح 17فیصد تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ منفی حالات میں سالانہ 9.7فیصد نقصان کا امکان بھی موجود ہے۔ذرا اس تبدیلی کی نوعیت پر غور کیجیے۔جس اثاثے کو نو سال پہلے فراڈ کہا جا رہا تھا، آج دنیا کا سب سے بڑا امریکی بینک اسے مستقبل کی مالیاتی منصوبہ بندی میں باقاعدہ جگہ دے رہا ہے۔تاہم اس پیشرفت کامطلب یہ ہرگز نہیں کہ جے پی مورگن نے بٹ کوائن خریدنے کی سفارش کر دی ہے۔

یہاں ایک بنیادی فرق سمجھنا ضروری ہے۔ کسی اثاثے کی مستقبل کی کارکردگی کا تخمینہ لگانا، اس میں سرمایہ کاری کی سفارش کرنے کے مترادف نہیں۔لہٰذا اصل خبر بٹ کوائن کی متوقع دس فیصد سالانہ آمدن نہیں۔ اصل خبر یہ ہے کہ جس بٹ کوائن کا کبھی مذاق اڑایا جاتا تھا، آج اسے نظرانداز کرنا دنیا کے بڑے مالیاتی اداروں کیلئے ممکن نہیں رہا۔میں 2016ءسے ڈیجیٹل اثاثوں کی دنیا سے وابستہ ہوں۔ اس وقت بٹ کوائن کو فراڈ کہا جاتا تھاکیونکہ2016ءمیں نہ مؤثر قانونی تحفظ موجود تھا، نہ ڈیجیٹل اثاثوں کو محفوظ رکھنے کیلئے قابلِ اعتماد اور باقاعدہ نگرانی میں کام کرنیوالے ادارے، اور نہ ہی دھوکا دہی سے بچاؤ کا کوئی واضح نظام۔لہٰذا خدشات کاپیدا ہونا فطری تھا۔ پھر ایسا کیا بدلا کہ نو سال میں عالمی مالیاتی اداروں کا رویہ یکسر تبدیل ہو گیا؟اس کا جواب خود بٹ کوائن میں نہیں، بلکہ اسکے گرد تشکیل پانیوالے مالیاتی اور قانونی نظام میں پوشیدہ ہے۔ بٹ کوائن کی بنیادی ٹیکنالوجی آج بھی بڑی حد تک وہی ہے۔ بدلا ہے تو اس سے جڑا ہوا پورا مالیاتی ماحول۔ سب سے پہلے قوانین اور نگرانی کا نظام وجود میں آیا۔اسکے بعد ڈیجیٹل اثاثوں کی تحویل یعنی کسٹڈی کیلئے باقاعدہ مالیاتی ادارے سامنے آئے۔ اب بینک اور خصوصی کسٹڈی کمپنیاں ضابطہ جاتی نگرانی میں ڈیجیٹل اثاثے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ تیسری بڑی پیشرفت جنوری 2024ءمیں ہوئی، جب امریکی ریگولیٹرز نے بٹ کوائن کے اسپاٹ ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز، یعنی etfs، کی منظوری دی۔

اس فیصلے نےبڑے سرمایہ کاروں کیلئے بٹ کوائن سے منسلک سرمایہ کاری کا راستہ کھول دیا۔تاہم اہم ترین پیشرفت وہ ہے جس پر عمومی بحث نسبتاً کم ہوتی ہے’بٹ کوائن کا بینکاری نظام میں بطور ضمانت قبول کیا جانا‘۔اکتوبر 2025ءمیں بلومبرگ نے خبر دی کہ جے پی مورگن اپنے بڑے ادارہ جاتی صارفین کو قرضوں کے حصول کیلئے بٹ کوائن اور ایتھر بطور ضمانت رکھنے کی سہولت دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جبکہ ان اثاثوں کی تحویل ایک تیسرا ادارہ سنبھالے گا۔اس ماہ جنوبی کوریا کے جیون بک بینک نے بھی کمپنیوں کو بٹ کوائن کی ضمانت پر مقامی کرنسی میں قرضے فراہم کرنے کا آغاز کیا۔ بینک خود بٹ کوائن اپنے پاس نہیں رکھتا، بلکہ ایک رجسٹرڈ کسٹڈی ادارہ اسکی حفاظت کرتا ہے۔ قرض واپس نہ ہونے کی صورت میںعدالتی حکم کے ذریعے بٹ کوائن فروخت کیا جا سکتا ہے۔سوئٹزرلینڈ کے سگنم بینک کے مطابق، اس کے لومبارڈ قرضوں کیلئے گروی رکھے گئے اثاثوں میں بٹ کوائن کا حصہ اب 80فیصد سے متجاوزہے، جبکہ 2023ءمیں یہ شرح 63فیصد تھی۔یہی وہ مرحلہ ہے جہاں ایک اثاثہ محض خرید و فروخت کی اسکرین سے نکل کر بینکوں کی بیلنس شیٹ کا حصہ بننے لگتا ہے۔تاہم یہ نہیںکہ بٹ کوائن خطرات سے پاک ہو چکا ہے۔ اسکی قیمت آج بھی غیرمعمولی حد تک گر سکتی ہے اور اس کی ضمانت پر ضرورت سے زیادہ قرض لینا سرمایہ کاروں کو بھاری پڑ سکتا ہے۔اور یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستان کیلئے ایک غیرمعمولی موقع پیدا ہوتا ہے۔پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں ڈیجیٹل اثاثوں کو عوامی سطح پر غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ چین اینالیسس سمیت آزاد عالمی اشاریوں کے مطابق پاکستان کرپٹو کے استعمال کے اعتبار سے دنیا کے تین بڑے ممالک میں شامل ہے۔تاہم اس ترقی کا ایک دوسرا پہلو بھی ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان میں ڈیجیٹل اثاثوں کی بیشتر سرگرمیاں ایسے غیرملکی پلیٹ فارمز پر ہوتی رہی ہیں جو مقامی قانونی نظام اور نگرانی کے دائرے سے باہر تھے۔

اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ اچانک منجمد ہو جائے، اسکے اثاثے غائب ہو جائیں یا کوئی پلیٹ فارم بند ہو جائے تو اسکے پاس پاکستان میں مؤثر قانونی داد رسی کے مواقع نہ ہونے کے برابر رہے ہیں۔یہ کیسی صورتحال ہے کہ فیصل آباد کا ایک نوجوان اپنے موبائل فون پر عالمی ڈیجیٹل مارکیٹ میں سرمایہ کاری تو کر سکتا ہے، لیکن اسے وہ قانونی تحفظ حاصل نہیں جو نیویارک میں کسی پنشنر کو ایک عام میوچل فنڈ خریدتے وقت میسر ہوتا ہے؟یہی وہ خلا ہے جسے پُر کرنا ضروری ہے۔دوسری جانب بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہماری معیشت کا ایک اہم ستون ہیں۔ مالی سال 2026ء میں انہوں نے ریکارڈ 41.6ارب ڈالر پاکستان بھجوائے۔ آنیوالے برسوں میں عالمی ادائیگیوں اور ترسیلاتِ زر کے نظام کا ایک اہم حصہ ڈیجیٹل اثاثوں اور نئی مالیاتی ٹیکنالوجیز پر استوار ہو سکتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی، یعنی pvara، کی بنیاد رکھی گئی۔ورچوئل اثاثہ جات ایکٹ 2026ءکے تحت اب کوئی بھی ادارہ پاکستان میں یا پاکستان سے ورچوئل اثاثوں کی خدمات متعلقہ لائسنس کے بغیر فراہم نہیں کر سکتا۔لیکن کسی بھی قانون کی اصل کامیابی اسکا موثر نفاذ اور شفافیت ہے اور پاکستان میں اس سمت کام جاری ہے۔گزشتہ نو برسوں میں بٹ کوائن کے حوالے سے عالمی مالیاتی اداروں کی سوچ میں آنیوالی تبدیلی ہمیں ایک اہم سبق دیتی ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کو محض اسلئے رد کر دینا کہ وہ آج غیرروایتی یا خطرناک دکھائی دیتی ہے، کسی قوم کو مستقبل کیلئے تیار نہیں کرتا۔ اسی طرح ہر نئی ٹیکنالوجی کو بغیر سوال اٹھائے قبول کر لینا بھی دانشمندی نہیں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.