Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

ایمرجنسی: اقتدار کی ناکامی یا ریاستی مجبوری؟

پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک تلخ پہلو یہ ہے کہ یہاں اقتدار کے حصول پر تو بہت توانائیاں صرف کی جاتی ہیں، لیکن اقتدار ملنے کے بعد عوام کے تحفظ اور ریاستی ذمہ داریوں کی ادائیگی اکثر سیاسی ترجیحات کی بھینٹ چڑھ جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں نافذ…

Muhammad Khan Abro
Muhammad Khan Abro Tuesday, 27 October 2026 · 5 min read

پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک تلخ پہلو یہ ہے کہ یہاں اقتدار کے حصول پر تو بہت توانائیاں صرف کی جاتی ہیں، لیکن اقتدار ملنے کے بعد عوام کے تحفظ اور ریاستی ذمہ داریوں کی ادائیگی اکثر سیاسی ترجیحات کی بھینٹ چڑھ جاتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں نافذ ہونے والی ایمرجنسی بھی اسی بحث کو ایک مرتبہ پھر قومی سیاست کے مرکز میں لے آئی ہے۔ سوال صرف یہ نہیں کہ ایک منتخب صوبائی حکومت کی جگہ گورنر راج کیوں نافذ ہوا، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ حالات اس مقام تک پہنچے ہی کیوں جہاں ریاست کو غیر معمولی آئینی اختیارات استعمال کرنا پڑے؟

خیبر پختونخوا کوئی عام صوبہ نہیں۔ اس کی سرزمین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے جوانوں کا خون، اپنے بچوں کے خواب اور اپنے شہریوں کا سکون قربان کیا ہے۔ وہاں کے لوگ بارود کی بو، جنازوں کے ہجوم اور خوف کے سائے سے اچھی طرح واقف ہیں۔ ان حالات میں حکومت کا منصب محض سیاسی اختیار نہیں بلکہ ایک بہت بڑی اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کو خیبر پختونخوا کے عوام نے مسلسل اقتدار کا موقع دیا۔ 2013ءسے شروع ہونیوالا یہ سیاسی سفر ایک دہائی سے بھی آگے بڑھ گیا، لیکن اتنی طویل حکمرانی کے باوجود صوبے کی داخلی سلامتی، پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد، دہشت گردی کی روک تھام اور سرکاری اداروں کی فعالیت پر بنیادی سوالات برقرار رہے۔ کسی حکومت کی کارکردگی کو صرف سڑکوں، عمارتوں یا تشہیری مہمات سے نہیں جانچا جا سکتا۔ اس کا اصل پیمانہ یہ ہے کہ عام آدمی اپنے گھر، روزگار اور بچوں کے مستقبل کے بارے میں کتنا مطمئن ہے۔وفاقی حکومت نے دہشت گردی میں اضافے، انتظامی کمزوری اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو ایمرجنسی کے نفاذ کی بنیادی وجوہات قرار دیا۔ ان وجوہات کا غیر جانب دارانہ جائزہ ضروری ہے، لیکن اس حقیقت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ صوبائی حکومت اور وفاق کے درمیان مسلسل سیاسی کشیدگی نے ریاستی اداروں کے باہمی تعاون کو نقصان پہنچایا۔ جب حکومتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہوں تو اس کشمکش کی قیمت ہمیشہ عام شہری ادا کرتا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست کا بنیادی سبق یہ ہے کہ آئین محض اقتدار حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ریاست اور شہری کے درمیان ایک مقدس عہد ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا اور صدر آصف علی زرداری کے دور میں اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبائی خودمختاری کو نئی قوت ملی۔ لہٰذا پیپلز پارٹی کے جمہوری نقطۂ نظر سے ایمرجنسی کی حمایت کا مطلب صوبائی خودمختاری سے دستبرداری ہرگز نہیں ہو سکتا۔ صوبوں کے اختیارات کا احترام اور ریاست کی سلامتی دونوں یکساں اہم ہیں۔11اکتوبر 2026 ءکو آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیا گیا، جسکی 15اکتوبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس نے توثیق کی۔ مگر آئینی اختیار کا استعمال اپنے ساتھ سیاسی اور اخلاقی جواب دہی بھی لاتا ہے۔ اس فیصلے کو محض پارلیمانی اکثریت کی کامیابی سمجھنا غلط ہوگا۔ اس کا حقیقی جواز صرف امن و امان کی بحالی اور عوام کو حاصل ہونے والے عملی فائدے سے سامنے آئے گا۔یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ دہشت گردی محض صوبائی حکومت کا مسئلہ نہیں۔ سرحدی سلامتی، خارجہ پالیسی، انٹیلی جنس اور قومی سطح کے انسداد دہشت گردی اقدامات میں وفاق کا بنیادی کردار ہے۔ اس لیے خیبر پختونخوا کی تمام ناکامیوں کو ایک صوبائی جماعت کے کھاتے میں ڈال دینا بھی درست نہیں۔ وفاق کو اب یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ صرف انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ مؤثر حکمت عملی بھی فراہم کر سکتا ہے۔اس معاملے میں ایک اور پہلو انتہائی اہم ہے۔ سابق قبائلی علاقوں کے عوام برسوں سے امن، انصاف، تعلیم، صحت اور معاشی مواقع کے منتظر ہیں۔ بندوق سے دہشت گرد کا راستہ روکا جا سکتا ہے، لیکن محرومیوں کا خاتمہ صرف ترقی، انصاف اور سیاسی شمولیت سے ممکن ہے۔ جس نوجوان کے پاس تعلیم اور روزگار کی امید نہ ہو، اسے ریاست سے جوڑنے کے لیے محض سیکورٹی چوکیاں کافی نہیں ہوتیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی کیلئے یہ ایک غیر معمولی امتحان ہے۔ انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ پیپلز پارٹی کی سیاسی تربیت رکھنے والا آئینی عہدیدار اختلاف رکھنے والوں کو بھی یکساں شہری سمجھتا ہے۔ سیاسی مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی، اظہارِ رائے پر غیر ضروری پابندیاں یا انتظامی اختیارات کا جماعتی استعمال اس فیصلے کی اخلاقی حیثیت کو نقصان پہنچائے گا۔پاکستان تحریک انصاف کو بھی اپنے طرزِ سیاست پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ کسی جماعت کے سربراہ کی سیاسی مشکلات یقیناً اس کے کارکنوں کے لیے اہم ہو سکتی ہیں، لیکن ایک کروڑوں کی آبادی والے صوبے کی حکومتی ترجیحات کسی ایک شخصیت کے گرد محدود نہیں ہونی چاہئیں۔ عوام سیاسی وفاداری کے بدلے امن، انصاف اور بہتر حکمرانی کا حق رکھتے ہیں۔ایمرجنسی کو مستقل سیاسی بندوبست بنانے کے بجائے محدود مدت کے انتظامی علاج کے طور پر دیکھنا چاہیے۔ اس کی کامیابی کے لیے واضح اہداف، پارلیمانی نگرانی، شفاف احتساب اور منتخب جمہوری نظام کی بحالی کا قابلِ عمل راستہ ضروری ہے۔ بالآخر تاریخ یہ نہیں دیکھے گی کہ گورنر ہاؤس میں کون بیٹھا تھا یا وزارتِ اعلیٰ کس جماعت کے پاس تھی۔ تاریخ یہ پوچھے گی کہ جب خیبر پختونخوا کے شہری خوف اور بے یقینی کا شکار تھے تو ریاست نے ان کیلئے کیا کیا؟ جمہوریت کا حسن صرف ووٹ کی حرمت میں نہیں، انسانی زندگی کی حرمت میں بھی پوشیدہ ہے۔ اور اگر ریاست اپنے شہریوں کو تحفظ نہ دے سکے تو اقتدار چاہے منتخب ہو یا غیر معمولی انتظام کے تحت قائم، اسکی کامیابی کا دعویٰ کھوکھلا رہتا ہے۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.