تاریخ کے سینے پر بعض لمحات محض کاغذی معاہدات اور روایتی سفارتی مسکراہٹوں کے سبب درج نہیں ہوتے، بلکہ اس لیے یاد رکھے جاتے ہیں کہ وہ اقوام کی عسکری ترجیحات، اجتماعی غیرت اور بقا کے پیمانوں میں ایک بنیاد شکن انقلاب کا بگل بجاتے ہیں۔ عالمِ اسلام میں باہمی دفاع اور عسکری بقا کے تناظر میں مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین پر ہونے والا سہ فریقی دفاعی معاہدہ اور اس کے بعد دوحہ میں پاکستان، ترکیہ، قطر اور انڈونیشیا کے مابین تاریخی ’’بدر مفاہمتی یادداشت‘‘ بلاشبہ ایسے ہی دو فقید المثال سنگ ہائے میل ہیں۔ ان غیر معمولی پیش رفتوں کو محض روایتی سفارت کاری سمجھنا مشرقِ وسطیٰ اور وسیع تردنیا کے اُبلتے ہوئے تزویراتی منظرنامے سے مجرمانہ چشم پوشی کے مترادف ہوگا۔ صدیوں بعد امہ کی دہلیز پر دستک دیتا اصل سوال یہ ہے کہ کیا عالمِ اسلام اب غیر ملکی پناہ گزینی کا طوق اتار پھینکنے کیلئے تیار ہے؟ مکہ سے بدر تک کا سفر محض ایک اصطلاح نہیں، بلکہ یہ امہ کے شعور، تزویراتی بیداری اور اپنے دفاع کا فولادی اعلان ہے۔اس دفاعی ارتقا کا اصل محرک وہ تلخ حقیقت ہے جس نے مشرقِ وسطیٰ میں بیرونی تحفظ کے کھوکھلے پن کو بے نقاب کر دیا ہے۔ دہائیوں تک خلیجی ریاستوں کو یہ سراب دکھایا گیا کہ واشنگٹن کی فراہم کردہ عسکری ڈھال انکی خودمختاری کی ضامن ہے۔ وہ اربوں ڈالر کا جدید اسلحہ، جو مغربی کارخانوںکا منافع بنا، آزمائش کے وقت ریت کا ڈھیر ثابت ہوا۔ جب مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کی آگ بھڑکی، میزائلوں اور ڈرونز نے حساس تنصیبات کے پرخچے اڑائے اور توانائی کی شہ رگوں پر خطرات منڈلانے لگے، تو نام نہاد محافظ مسلم ریاستوں کو تنہا چھوڑ گئے۔ اس سانحے نے ثابت کیا کہ کرائے کے فوجی یا اسلحہ سے کبھی سرحدوں، عزت اور مقدس مقامات کی حفاظت نہیں ہو سکتی۔ بیرونی فوجی سائے پر غیر مشروط انحصار دراصل قومی غیرت کا سودا تھا، اور اسی دردناک سچائی نے مسلم ریاستوں کو اپنی تزویراتی سمت بدلنے پر مجبور کیا۔مکہ مکرمہ میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان طے پانیولا مشترکہ دفاعی معاہدہ روایتی بندھنوں سے ماورا ہے۔ اس نے تاریخ میں پہلی بار عالمِ اسلام کے تین طاقتور ترین ستونوں کو اس اٹل اصول پرمتحد کیا کہ کسی ایک پر بھی حملہ، تمام پر حملہ تصور کیا جائیگا۔ یہ نیٹو کے آرٹیکل 5 جیسا بندوبست ہے، لیکن اسکی روح، اس مٹی اور ایمان میں پیوست ہے جو عالمِ اسلام کے روحانی مرکز سے جڑی ہے۔ مکہ کی سرزمین پر پاکستان کی ایٹمی و روایتی صلاحیت، ترکیہ کی بے مثال تکنیکی برتری اور سعودی عرب کے وسائل کا یکجا ہونا دشمنانِ خطہ کیلئے کھلا چیلنج ہے کہ اب کسی بھی جارحیت کا جواب تنہا نہیںبلکہ ایک متحدہ اسلامی ردِعمل کی صورت میں دیا جائیگا۔ عالمِ اسلام نےاپنی عسکری تقدیر اپنے ہاتھ میں لے لی ہے۔
اگر مکہ معاہدہ میدانِ جنگ میں شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد نامہ تھا، تو دوحہ میں طے پانے والی ’’بدر مفاہمتی یادداشت‘‘ اس دفاع کی صنعتی روح اور عسکری خود انحصاری ہے۔ میدانِ جنگ میں وہی اقوام سر اٹھا کر جیتی ہیں جنکے پاس نہ صرف لڑنے کا عزم ہو بلکہ اپنے ہتھیار اور جدید ٹیکنالوجی خود بنانے کی سکت بھی ہو۔ بدر مفاہمتی یادداشت نے مسلم دنیا کے بکھرے ہوئے وسائل کو ایک مرکز پرجمع کر دیا ہے۔ پاکستان کی جوہری قوت، دفاعی صنعتی کمپلیکس، بشمول ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا، پی او ایف اور کامرہ کمپلیکس، جدید گولہ بارود، میزائل سسٹمز اور لڑاکا طیاروں کی پیداواری مہارت کا لوہا منوا چکی ہے تو ترکیہ کی دفاعی صنعت (ssb) جدید ترین ففتھ جنریشن لڑاکا طیاروں، بحری جہازوں اور ڈرون ٹیکنالوجی کی سرخیل بن چکی ہے ۔ قطر کی معاشی قوت اور انڈونیشیا کی صنعتی وسعت نے مل کر اس اتحاد کو وہ توانائی بخشی ہے جو مغربی بلیک میلنگ، بائیکاٹ اور اسلحے کی پابندیوں کے سامنے خود انحصاری کا ایسا آہنی حصارہے جسکے بعد کسی مسلم ریاست کو بیرونی پرزہ جات کی بندش پر گھٹنے ٹیکنے نہیں پڑیں گے۔اس ابھرتے ہوئے عسکری اتحاد کا سب سے متحرک اور ناقابلِ تسخیر محور اسلام آباد اور انقرہ کافولادی رشتہ ہے ۔سویڈن کے تحقیقی ادارے سپری کے مطابق ترکیہ کی دفاعی برآمدات میں 122 فیصد سے زائد کا سحر انگیز اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انقرہ نے مغربی اجارہ داری کو پاش پاش کر دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان، جو ایک ایٹمی قوت ہونے کے ساتھ ساتھ لاکھوں سرفروشوں کی فوج اور بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا امین ہے، ترکیہ کے ساتھ مل کر عسکری قیادت کا پرچم تھام چکا ہے۔کسی بھی فوج کا اصل امتحان بارود کے دھویں اور دشمن کے مدمقابل ہوتا ہے۔ مئی کے اس تاریخی معرکے میں، جب بھارت نے اپنی عددی برتری کے نشے میں جارحیت مسلط کرنے کی مذموم کوشش کی، تو پاک افواج کی فضائی اور زمینی حکمتِ عملی نے اس گھمنڈ کو لمحوں میں خاک آلود کر دیا۔ اس فتح نے پوری دنیا کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا اور یہ ثابت کیا کہ فتح محض اربوں ڈالر کے ہتھیار خریدنے سے نہیں بلکہ غیر متزلزل ایمان، پیشہ ورانہ قیادت اور اسمارٹ حکمتِ عملی سے ملتی ہے۔ اسی کے بعد خلیج سے لے کر جنوب مشرقی ایشیا تک مسلم ممالک نے پاک-چین اشتراک سے بنے jf-17 تھنڈر بلاک 3 کی خریداری کیلئے صفیں باندھ لیں، جس نے پاکستان کو عالمِ اسلام کے ایک مرکزی دفاعی محافظ کے طور پر مستحکم کیا۔بدر مفاہمتی یادداشت کے تحت ترکیہ اور انڈونیشیا کے کپلان ایم ٹی جدید ٹینکوں کی پیداوار، قطر میں قائم ترک عسکری اڈے کا تزویراتی توازن، پاکستان و قطر کی فضائی و بحری سکیورٹی اور انڈونیشیا کے ذریعے آبنائے ملاکا اور بحرالکاہل کے تجارتی راستوں کی حفاظت نے اس اشتراک کو ایک عالمی طاقت بنا دیا ہے۔ اب پرانی دنیا کی بساط لپیٹی جا چکی ہےاور کثیر قطبی نظام جنم لے رہا ہے۔ ایسی بے رحم دنیا میں صرف وہی قومیں اپنا وجود اور عزت برقرار رکھ سکتی ہیں جو تلوار تھامنے کا دم خم رکھتی ہوں۔ مکہ طاقت کا عزم ہے تو بدر اس کی سائنسی و صنعتی مشینری۔ اب مسلم دنیا کیلئے خواب دیکھنے کا وقت گزر چکا، یہ عمل، اتحاد اور ناقابلِ تسخیر بننے کا وقت ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



