Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

برٹش سوسائٹی کی خوبصورتی و رعنائی؟

درویش گوروں کے اخلاق تہذیب، نظم و ضبط، ذمہ دارانہ رویہ، وقت کی قدروقیمت کا احساس، صفائی ستھرائی اوریہاں کی ایمانداری دیکھ کر خوش ہوا۔مارکیٹوں، چھوٹے بڑے شاپنگ مالز میں چیزیں یوں کھلی سلیقے سے پڑی ہوتی ہیں، بے شک کیمرے لگےہیں، پھر بھی، ایسی…

Afzal Rihan
Afzal Rihan Thursday, 29 October 2026 · 5 min read

درویش گوروں کے اخلاق تہذیب، نظم و ضبط، ذمہ دارانہ رویہ، وقت کی قدروقیمت کا احساس، صفائی ستھرائی اوریہاں کی ایمانداری دیکھ کر خوش ہوا۔مارکیٹوں، چھوٹے بڑے شاپنگ مالز میں چیزیں یوں کھلی سلیقے سے پڑی ہوتی ہیں، بے شک کیمرے لگےہیں، پھر بھی، ایسی دکانیں دیکھیں کہ شام کا وقت ہے اور دکان چوپٹ کھلی ہے۔ ادھر اُدھر دیکھنے پر بھی کوئی بندہ دکھائی نہیں دیا۔

ڈاکٹر صاحب کو بلایا، دیکھیں یہ لوگ کھلی دکانیں چھوڑ کر کیسے جا سکتے ہیں؟ کیا لوگ چوری چھپے مہنگی چیزیں اپنی جیبوں میں ڈال کر نہ لے جائیں گے؟مانتا ہوں کیمروں کا ڈر ہے ورنہ ہے تو انسانی سوسائٹی، جرائم ضرور ہوتے ہونگے، یہاں بہت سے مسلم اور کالے بھی ہیں، مزے کی بات ہے جیسے عرض کیا آپ یہاں حقارت سے کالے کو کالا نہیں کہہ سکتے، ریسسٹ کا الزام لگ جائے گا جوسنگین جرم ہے۔ کئی مقامات پر ملاحظہ کیا کہ یہاں کسی کی کوئی چیز پڑی ہے توکوئی دوسرا چھیڑنے کی کوشش نہیں کرتا۔

مثال کے طور پر ہمارے گھر کے قریب ایک پارک میں ڈاکٹر صاحب کے ایئرپوڈز کہیں رہ گئے۔ یاد آنے پر شام کو گئے تو وہ وہیں پڑے تھے۔معروف انقلابی، صاحب کتاب، کارل مارکس کی قبر پر حاضری دی تو وہاں پاؤنڈز کے اچھے خاصے سکے پڑے تھے جو عقیدت مند شاید بطور نذرانہ یہاں رکھ جاتے ہیں، نجانے وہ کب کے پڑے تھے۔

یہ لوگ پرندوں، جانوروں اور کتوں سے بھی پیار کرتے ہیں، اتنا کہ کئی گھروں میں اپنے کتے کیلئے اس نوع کے الفاظ سنے کہ یہ میرا بیٹا ہے یا میرا بچہ ہے۔ایک بنچ پر دو گورے بچوں کو برگر کھاتے دیکھا ان کے پاس کچھ کبوتر آ جاتے ہیں وہ بچے خود کھانا چھوڑ کر برگر کے ٹکڑے کرتے ہوئے انھیں کھلانا شروع کر دیتے ہیں درویش نے اس منظر کو فلمانا چاہا لیکن احساس ہوا کہ یہاں کسی کی مرضی و اجازت کے بغیر اسکی تصویر بنانا سختی سے منع ہے۔ خیرہے تو یہ بھی انسانی سماج ہی، جس میں اچھےبرے سب رہتے ہیں، یقیناًتمام لوگ ایک معیار کے نہیں ہوتے۔

وارداتیں یہاں بھی ضرور ہوتی ہوں گی،مہنگائی وہاں بھی اچھی خاصی ہےلیکن ویلیوایبل کرنسی کی وجہ سے انہیں چیزیں اتنی مہنگی نہیں لگتیں۔ ناچیز اپنے دوست کے ساتھ ایک دکان پر گیا جنہوں نے تنور کی تازہ پانچ روٹیاں لیں اور پانچ پاؤنڈز دیئے۔ ہماری کرنسی کے حساب سے دیکھا جائے تو صرف پانچ روٹیوں کی قیمت کتنی زیادہ بنتی ہے۔

یہ ویلفیئر سٹیٹ شاید اسی لیے ہے کہ یہاں ٹیکسز کی بھرمار ہے،آپ کی کمائی ہی نہیں، ہر چیز پر ٹیکس ہے۔ پارکنگ کے ایشو پربات ہو چکی ہے مثال کے طور پر ایئرپورٹ کے پاس سرکاری پارکنگ پلازہ میں گئے ، پوری طرح گھومے، مگر گاڑی کھڑی کرنےکیلئے کوئی جگہ نہ ملی،واپس نکلے تو چودہ پاؤنڈز پھر بھی ٹیکس میں کٹ گئے، بندہ پوچھے یہ تو جگاٹیکس ہے،جب آپ کی پارکنگ ہم نے استعمال ہی نہیں کی،الٹااتنے چکر کاٹے، اگر جگہ نہیں تھی تو آپ باہر لکھ کر لگاتے، غلطی آپ کی اپنی تھی تو پھر چودہ پاؤنڈز کا ٹیکس کیوں؟

کیا اس پر عدالتی کارروائی نہیں ہونی چاہیے جو اس طرح کے بے لگام ٹیکسز سے عوام کو بچائے، کارل مارکس کی قبر پر آپ نے کون سی سہولت دے رکھی ہے جو ہر فرد سے دس پاؤنڈز کی وصولی کرتے ہیں؟

یہاں بنیادی ضروریات ریاست کی ذمہ داری ہے، انہیں روٹی، کپڑے اور مکان کا کوئی مسئلہ نہیں۔ اگر کسی کے پاس جاب نہیں ہے تو سٹیٹ مائی باپ بن کر اس کی معاونت کرتی ہے۔ حتیٰ کہ اچھا خاصا بیروزگاری الاؤنس دیتی ہے جو ہمارے لوگوں کی تنخواہوں سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ کسان فیملی سے ہونے کی وجہ سے دلچسپی تھی کہ یہاں کی کاشتکاری پر معلومات حاصل ہوں ؟ یہ لوگ اناج اور سبزیاں کیا اور کیسے اگاتے ہیں؟ خالص دودھ دہی کیسے مہیا کرتے ہیں؟ ان کے فارم ہاؤسز ملاحظہ کرنے کا موقع ملا جو اس قدر لگژری ہیں کہ بندہ شہروں کو بھول جائے لیکن یہ زیادہ تر امیر گوروں کے ہیں۔ نارتھ ہمپٹن کے چند ولیجز وزٹ کرنے کا موقع ملا تو ادراک ہوا کہ ہمارے لوگوں میں فارم ہاؤسز کی جو دلچسپی نظر آتی ہے ان کا بنیادی تصور یہیں سے گیا ہے۔برمنگھم جو یوکے کا دوسرا بڑا شہر ہے،یہاں پاکستانی اور انڈینز بہت زیادہ آباد ہیں، دونوں کمیونٹیز کے تعلقات بھی کافی اچھے ہیں بلکہ اتنے گوروں سے اچھے نہیں جتنے اپنے ممالک کے حریف یہاں شیر و شکر بنے بھائیوں کی طرح دکھائی دیے۔ یہاں دلچسپ بات یہ ہوئی کہ درویش نے چاروں مذاہب والوں کے پاس ایک ایک رات مہمان نوازی کا لطف اٹھایا۔ ٹم گرین مسیحی گورا،سردار راجپال بھائی ماڈریٹ سکھ، سنجوتھ ہندو ینگ بوائے اور محسن گوندل بریلوی مسلمان۔

برمنگم کے لوگوں کی لائف اور دلچسپیوں کے حوالے سے خاصی تفصیلات بیان کرنے کو جی چاہ رہا ہے لیکن کالم میں گنجائش نہیں بچی۔ المختصر یہ کہہ سکتے ہیں کہ درویش لندن میں سوہو کی رونقوں سے گھائل تھا مگر جب انکے فطری حسن سے مالامال، سیب کے باغوں، کھیتوں اور کھلیانوں کی رعنائی میں رورل لائف اور اس میں حاصل سہولیات ملاحظہ کیں تودنگ رہ گیا ۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.