پچھلی دو نشستوں میں درویش نے مسئلہ بیان کیا تھا اور حل پر چپ سادھ لی تھی۔ یہ کہ آنے والے کل کا بھاؤ ہماری آنکھ کا ٹیڑھ ہے، اور یہ کہ اِسی ٹیڑھ سے گھڑی بے وفا ہو جاتی ہے، یعنی جو عہد باندھتے وقت بہترین ہو وہ نبھانے کی گھڑی میں بہترین نہیں رہتا۔ ہم سب دور سے زاہد ہیں اور قریب سے رند، اور یہ عیب نہیں، آدمی کا خمیر ہے۔ سو آدمی کیلئے ایک ہی راستہ ہے کہ جس گھڑی کیلئے اپنے ہاتھ پر بھروسا نہ ہو، اُس گھڑی کی لگام آج ہی کسی اور کے ہاتھ میں تھما دے۔
معاشیات اِسے عہد کی زنجیر (commitment device) کہتی ہے۔ آج کا زاہد کل کے رند کے خلاف ایسا بندوبست کرے کہ کل کا رند چاہے بھی تو بدل نہ سکے۔ یونانی دیومالا میں، ٹرائے سے لوٹتے ہوئے، یولیسس کا راستہ جل پریوں کے جزیرے کے قریب سے گزرنا تھا، اور مشہور یہ تھا کہ جل پریوں کا گیت جو ملاح سن لیتا، جہاز چٹانوں پر دے مارتا۔ یولیسس گیت سننا چاہتا تھا، ڈوبنا نہیں، اور اپنی خبر رکھتا تھا کہ ساحل پر زاہد ہے اور گیت کے پاس رند ہو جائے گا۔ سو اُس نے ساتھیوں کے کانوں میں موم بھرا، خود کو مستول سے جکڑوایا اور حکم دیا کہ میں جتنی منتیں کروں، رسّی اتنی کس دینا۔ گیت آیا، منتیں ہوئیں، رسّی کسی گئی، جہاز نکل گیا۔یولیسس اِسلئے بچ گیا کہ لگام اُن ہاتھوں میں تھی جو گیت نہیں سن سکتے تھے۔
ہمارے ہاں رمضان کا روزہ اِسی لیے کامیاب ترین پرہیزی تدبیر ہے کہ وقت آسمان نے ٹھہرایا، چھوٹ اختیار میں نہیں، محلہ گواہ، کفارہ پہلے سے لکھا ہوا۔ اُسی آدمی سے کہیے کہ تیس روزے اپنی مرضی سے رکھ لے دس برس میں پورے نہ ہوں گے۔ یہ ملاح اور روزے دار کی زنجیریں تھیں مگر سب سے بھاری ہاتھ حاکم کا ہوتا ہے، جس پر لگام ڈالنے والا کوئی نہیں، سو اُسے اپنی لگام خود کسی کو تھمانی پڑتی ہے۔ ابنِ بطوطہ لکھتا ہے کہ ایک ہندو سردار نے محمد بن تغلق پر بھائی کے ناحق قتل کا دعویٰ کیا اور سلطان کو قاضی القضا ہ کمال الدین غزنوی کی عدالت میں بلوایا۔ سلطان پیدل، بغیر ہتھیار، فریق بن کر کھڑا ہوا، فیصلہ اپنے خلاف سنا اور خون بہا ادا کیا۔ جو حاکم اپنا مقدمہ کسی اور کو سونپ دے، وہ گویا فیصلے کی ناپائیداری (dynamic inconsistency) سے آزاد ہو گیا۔
ہمارے لوگ زنجیر ڈالنا خوب جانتے ہیں۔ وہی گھر جس سے مہینے کے آخر میں بچت نہیں ہوتی، فریج کیلئےکمیٹی میں بلاناغہ قسط ڈالتا ہے اور حج کیلئے بیس برس کا کھاتہ کھولتا ہے۔ مگر وہی گھر بیٹی کی فیس اور پیٹ میں بچہ پالتی ماں کی خوراک پر کوئی زنجیر کیوں نہیں ڈالتا؟ نیت کا فرق نہیں زنجیر کو کھونٹا چاہیے، اور کھونٹا دو چیزوں سے گڑتا ہے۔ اول منزل:فریج ایک رقم ہے اور حج ایک تاریخ، ایک دن آخری قسط پوری ہوتی ہے اور مٹھائی بٹتی ہے، مگر فیس بارہ برس کا سفر ہے اور خوراک ہر روز کا جھنجھٹ ، اور جس راہ کی منزل نہ ہو اُس پر تالا کہاں لگے۔ دوم گواہ: کمیٹی بیس آنکھوں کے سامنے چلتی ہے اور فریج ٹرک پر آتا ہے۔
اسکول جاتی بچی پندرہ برس کسی کو کچھ نہیں دکھا پاتی۔ یاد رہے کہ جس زنجیر کی کنجی اپنی جیب میں ہو وہ زنجیر نہیں، زیور ہے۔
ریاست کا قصہ بھی یہی ہے، بس گیت کا سُر اور ہے۔ 1960ء میں تھامس شیلنگ (schelling, the strategy of conflict, 1960) نے لکھا کہ جو فوج اپنے پیچھے کا پل گرا دے وہ آدھی لڑائی جیت لیتی ہے، اور اِسے بندھے ہاتھ کی طاقت کہا۔ ریاست کا میٹھا ترین گیت مگر جنگ کا نہیں، سکّے کے بھاؤ کا ہے۔ سکّہ ذرا ڈھیلا چھوڑو، قرض سستا کرو، رونق اور روزگار فوراً سے پیشتر، مہنگائی ووٹ پڑنے کے بعد۔ سکّے کے معاملے میں جدید دنیا میں جرمنی پہلا ملک تھا جس نے مرکزی بینک کو آزادی دی۔
1957ء کے قانون نے بنڈس بینک کو حکومت کے حکم سے آزاد کیا اور صرف سکّے کی قدر کا پابند ٹھہرایا۔1985ء میں کینتھ روگوف (rogoff, the optimal degree of commitment, 1985) نے ریاضی سے دکھایا کہ سکّے کی لگام اُس بینکار کو دو جو مہنگائی سے زیادہ اور حکومت سے کم ڈرتا ہو، جس کی مدت انتخاب کے چکر سے لمبی ہو اور جسے حکومت ہٹا نہ سکے۔ اگلے بیس برس میں دنیا کے بیشتر مرکزی بینک اِسی نسخے پر خود مختار ہو گئے؛ کلومپ اور ڈی ہان (klomp and de haan, 2010) نے اُنسٹھ علمی مطالعے ایک ترازو میں تولے تو نتیجہ وہی نکلا؛ بینک جتنا خود مختار، مہنگائی اتنی کم، اور ترقی پر کوئی بوجھ نہیں۔ جو ہاتھ گرہ کھولنا چاہے اُسے کھولنے کا اختیار نہ ہو تو گرہ بندھی رہتی ہے۔ نتیجہ نیت طے نہیں کرتی، وہ سطر طے کرتی ہے جو نیت کی راہ میں حائل ہو۔
اب بچے کے قد پر آئیے۔ 2018ء کا قومی غذائی سروے کہتا ہے کہ دس میں سے چار بچے قد میں چھوٹے رہ جاتے ہیں، اور جو قد پانچ برس تک نہ بنا وہ پھر کبھی نہیں بنتا۔ مگر ماں کی خوراک کا بجٹ ہر برس نئے سرے سے لڑ کر لیا جاتا ہے، اور جس برس خزانہ تنگ ہو، کٹوتی وہیں ہوتی ہے جہاں زنجیر نہ ہو؛ اِس خرچ کی نہ منزل ہے، نہ گواہ۔ تدبیر وہی دو کھونٹے ہیں اور ایک بندھا ہوا ہاتھ۔ منزل، کہ ہر برس کتنے بچے ناپے جائیں گے اور کتنے بچائے جائیں گے۔گواہ، کہ یہ گنتی ہر برس ایوان کے سامنے رکھی جائے؛ اور بندھا ہوا ہاتھ، کہ ماں کی خوراک قرض کی قسط کی طرح بجٹ کا پہلا بوجھ ہو اور یہ بات اُس قانون میں لکھی جائے جسے بدلنے کو دو تہائی چاہئے۔
آنے والے کل کا زاہد اور آج کا رند ایک ہی آدمی ہیں، ہر اکتیس دسمبر زہد کا وہی عہد، ہر جنوری رندی کی وہی تعبیر۔ یولیسس بڑا ملاح اِس لیے نہیں تھا کہ اُس کا ارادہ سب سے پکا تھا۔ اِس لیے تھا کہ وہ اپنے ارادے کی حد جانتا تھا۔ مرزا نے آدمی کی حالت ایک شعر میں کھینچ دی۔
مانعِ دشت نوردی کوئی تدبیر نہیں
ایک چکر ہے مرے پاؤں میں زنجیر نہیں
زنجیر نہ ہو تو آدمی سفر نہیں کرتا، چکر کاٹتا ہے۔ یولیسس کے ساتھی، دلّی کا قاضی، آئین کی سطر، سب وہ زنجیریں ہیں جو چکر کو سفر بنا دیتی ہیں۔ ہمارے ہاں تصوف کی روایت بس ایک اقرار پر کھڑی ہے کہ نفس اپنے ہاتھ سے نہیں سدھرتا، سو مرید اپنا ارادہ مرشد کو یوں سونپتا ہے جیسے میت غسال کو۔ اور بندھے ہاتھ کی طاقت بس اتنی ہے کہ جس گھڑی ہم اپنے نہ رہیں، کوئی مرشد ہمیں ہمارا رکھے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



