اسرائیلی الیکشن کا اونٹ جس کروٹ بھی بیٹھے۔ غزہ کے جنگ زدہ معصوم بچوں کے چہروں پر ثبت ظلم کے نشان مدھم نہیں ہونیوالے کہ انہوں نے ظلم کی عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ عربوں کی بے حسی کا دکھ بھی سہا ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں۔ جنگ کی تباہی سے ملبہ ہونے والے گھر ہیں، خیموں میں جنگ کے خوف سے سہمے ہوئے بھوکے بچے بیمار مائیں اور ان کی بے بسی ہے۔سب سے بڑا المیہ اس وقت بھوک کا ہے ۔عرب میڈیا کی خبر ہے کہ غذائی قلت کا شکار ہزاروں بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ظالمو! غذائی قلت کا علاج ہسپتالوں میں نہیں بچوں کے پیٹ بھر کر ہوگا۔ ظلم اور طاقت کی اسٹیبلشمنٹ کا بدنما چہرہ یہی ہے کہ اذیتوں کے تمام نشتر رگوں میں اتار کر یہ پوچھنا کہ تمہاری آنکھوں کو کیا ہوا ہے۔ انسانی تاریخ کا بدترین جنگی ظلم سہتے یہ فلسطینی اگست 2026ءمیں رام اللہ میں محمود درویش فاؤنڈیشن میں اپنے شاعر کو یاد کرتے ہیں تو یقین آتا ہے ۔ شعر وادب مصوری فنون لطیفہ زندگی کے جبر رنج دکھ کے مقابل مزاحمت کا بہت توانا اظہار ہیں اور شعر و ادب کی زبان زبانوں کے رکاوٹیں اور ملکوں کی سرحدوں کی رکاوٹیں بھی پار کر کے ہر اس دل کو گرماتی ہے جو زندگی میں جبر ظلم کی بدصورتیوں کے باوجود اس کے روشن چہرے کو دیکھنا چاہتا ہے اور خواب دیکھنا ترک نہیں کرتا ۔ایسے ہی ایک خیال شعر میں مجھ سے یوں نظم ہوا
ہوائے زرد میں ہم مسکرانے لگتے ہیں
خزاں رسیدہ سہی پھول آنے لگتے ہیں
غزل کے شعر ہوئے ایک آدھ نظم بنی
ہمارے خواب تو یوں بھی ٹھکانے لگتے ہیں
شعر فلسطین کی زرخیز مٹی میں زیتون کی طرح اگتے ہیں ،نظموں کی بیلیں یہاں کے مکانوں کے ستونوں کے ساتھ لپٹی ہوئی ہیں وہ مکان جنگ میں بھلے ملبہ ہو گئے مگر نظموں کے پھول اس ملبے پر بھی کھلتے ہیں کیونکہ اس سرزمین سے محمود درویش نے جنم لیا تھا۔بتول ،فاطمہ ریحاب اسی شعری ورثے کا تسلسل ہیں۔اس کالم میں ان آوازوں کے درد کو جگہ دی ہے۔
بتول ابو عقلین غزہ سے تعلق رکھنے والی نوجوان شاعرہ ہیں 15برس کی عمر سے وہ نظمیں لکھتی تھیں مگر ان کے آس پاس زندگی کم موت اور جبر کی تاریکی زیادہ تھی ۔خوشی روٹھی ہوئی اور دکھ لامحدود تھے کیونکہ وہ جنگ زدہ غزہ کی باسی تھیں تین سال پیشتر اکتوبر کے مہینے ہی میں غزہ میں جنگ شروع ہوئی جنگ کے ابتدائی مہینوں میں نوجوان شاعرہ نے جنگ سے پیدا ہونے والی ہولناک تباہی کو دیکھا۔ میزائل حملے بم موت زخم ہسپتال تباہی بےگھری بھوک ظلم کے کالے سائے اپنوں کی شدید بے وفائی۔
یہ ہولناک مناظر ایک حساس تخلیق کار کے دل کو جھنجوڑ دینے کے لیے بہت زیادہ تھے کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہولناکی کا بوجھ بڑھ جائے تو لکھنے والے کا دم گھٹنے لگتا ہے۔ ایسا ہی بتول کے ساتھ ہوا اس نے
شاعری کرنا ہی چھوڑ دیا۔ایک روز اس کے ذہن میں یہ سوال آیا کہ اگر میں مار دی گئی تو میرے جسم کے ٹکڑے کون جمع کرے گا ۔ اکتوبر 2023 میں ان کے استاد ممتاز شاعر اور مترجم رفت العریر ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ان کی موت نے بتول کے لیے لکھنے کا مفہوم بدل دیا ۔رفعت العریر مرنے سے پہلے اپنی معروف نظم’’اگر مجھے مرنا ہی ہو‘‘ لکھی۔جس میں انہوں نے زندہ رہ جانے والوں سے اپنی کہانی سنانے کی ذمہ داری وابستہ کی تھی ۔عربی زبان سے یہ نظم انگریزی زبان میں ترجمہ ہوئی۔ کیا دل چیرنے والی سطریں ہیں۔
اگر مجھے مرنا ہی ہو تو تم زندہ رہنا میری کہانی سنانے کیلئے…
اگر مجھے مرنا ہی ہو تو اسے ایک امید بننے دینا اسے ایک داستان بنادینا
اسے کہتے ہیں ملبے پر پھول کھلنا اس نظم نے بتول کی بنجر تخلیقی مٹی میں پھر سے شاعری کے پھول اگا دیے۔ بتول دوبارہ شاعری کی طرف لوٹ آئیں۔تب اس پر یہ آشکار ہوا کہ لفظوں کے ذریعے بھی مرنے اور مٹ جانے سے پہلے کیا کچھ بچایا جا سکتا ہے اب اس کی شاعری کی کتاب برطانوی اشاعتی ادارے پینگ گوئن نے شائع کی ہے۔ اس کتاب میںوہ دوبارہ سے نظم کہنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ وہ اپنے وجود کے وہ ٹکڑے جمع کر رہی ہیں جو انہیں مل سکے تاکہ اگر وہ مار دی جائیں تو کم از کم یہ حصے جنہیں میں اپنی نظموں میں اکٹھا کر سکی ہوں ،محفوظ رہ جائیں۔جنگ زدہ بستیوں میں جہاں زندگی بیماری بھوک کی تصویر دکھائی دیتی ہے اپنی ہی دھرتی پر پناہ گزین کی زندگی میں بے بس مائیں اور زندگی کی بنیادی ترین سہولتوں سے محروم بھوکے بچے موجود ہیں۔ ان حالات میں یہ عظیم فلسطینی اپنے رنج اور اذیت کا اظہار نظموں میں کرتے خیموں میں ان کے بچے رنگین پنسلوں سے تصویریں بناتے ہیں۔ریحاب دس سالہ فلسطینی بچی ہے اس کی والدہ اور بہن جنگ میں شہید ہو چکے ہیں وہ اپنی اسکول کی کاپی پر یہ نظم لکھتی ہے
میرے آنسو بہت رہے ہیں
انہیں پونچھنے والے ہاتھ کہاں ہیں؟
محمود درویش کو غزہ کی خیمہ بستیوں میں بھی یاد کیا گیا۔ ایک بچی فاطمہ جس کا خاندان جنگ میں شہید ہو چکا ہے وہ اپنے خاندان کی ایک تصویر بناتی ہے اور اس تصویر میں محمود درویش کو بھی شامل کرتی ہے۔ ایک بچی کا فلسطین کے شاعر کو اپنے خاندان کا حصہ سمجھنا کیا خوبصورت بات ہے۔ اس سے آگے آپ کیا کہہ سکتے ہیں کہ وہاں حقیقی طور پر لوگ ادب سے اور ادب کو تخلیق کرنے والوں سے جڑے ہوئے ہیں ۔بنیادی طور پر محمود درویش کی نظموں میں جنگ کی ہولناکی بے گھری کے ساتھ ایک پُرامن خوبصورت زندگی گزارنے کی خواہش کے سارے رنگ نظر آتے ہیں یہی امید ہے جو جنگ کی ہلاکتوں میں تکلیف سہتے فلسطینیوں کو شعر وادب کے آئینے میں نظر آتی ہے ۔محمود درویش جس نے ماں کے ہاتھ کی روٹی کو وطن کا استعارہ قرار دیا ایک دلگداز نظم لکھتا ہے
دو سے آٹھ شہیدوں
دس زخمیوں
بیس گھروں
اور پچاس زیتون کے پیڑوں کا قتل
ہمارا روزانہ کا نقصان ہے
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



