گزشتہ ہفتے میر خلیل الرحمن میموریل سوسائٹی (جنگ گروپ) کے زیر اہتمام سیمینار میں صوبائی وزیر صحت پرائمری اینڈ سکینڈری و پاپولیشن خواجہ عمران نذیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو بالکل ختم نہیں کیا جائے گا وہ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بھی بات کریں گے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ خواجہ عمران نذیر جو کہ شعبہ صحت کے بعض معاملات اور مسائل کو بڑی باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں یقیناََ وہ پی ایچ ایف کیلئے بھی کام کرینگے اگرچہ پی ایچ ایف کے وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق ہیں۔ یاد رہے کہ پنجاب میں دو وزرا ئےصحت اور دو سیکرٹری صحت ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق صوبائی وزیر برائے اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے وزیر صحت ہیں جن کا تعلق ٹیچنگ اسپتالوں اور دیگر اداروں سے ہے جبکہ خواجہ عمران نذیر تمام بنیادی صحت مراکز ہیلتھ سینٹر اور بہبو دآبادی کے وزیر ہیں ۔بات ہو رہی تھی پی ایچ ایف کی تو ایک ایسا مفید ادارہ جو ڈاکٹروں کے علاوہ فارماسسٹ، ایل ایچ وی ،ہومیوپیتھک ڈاکٹروں اور حکیموں تک کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے بلا سود قرضے دے رہا ہے ہم نے جس طرح پہلے بھی کہا تھا کہ پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن میاں محمد نواز شریف کا ویژن ہے تو یہ کیسے ممکن ہے کہ نواز شریف کے ویژن اور سوچ کے خلاف پنجاب میں کوئی بیوروکریٹ کام کرے۔
حکومت کو کوئی بھی فیصلہ اور کام بڑے سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ میاں نواز شریف نے اپنے تین ادوار میں اس بات پر زور دیا کہ عوام کو سستا اور بہترین علاج ملنا چاہیے۔ پنجاب کی موجودہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہداہات پر سب سے زیادہ کام ہو رہا ہے اور صحت کے شعبے کی ترقی کے لیے نئے نئے اسپتال بنوائے جا رہے ہیں ۔ڈاکٹروں کو قرض دیے جا رہے ہیں۔ ایسے میںپی ایچ ایف کو بند کرنے کی بات باعث افسوس ہے۔ اس وقت عوام کی اکثریت مہنگائی اور روزگارکے ہاتھوں سخت تکلیف میں ہے ایسے میں کوئی ایسا ادارہ جو حکیموں تک کو ان کے مطب چلانے کیلئے بلا سود قرضے دے رہا ہے تو اس پر کسی کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے۔
اس وقت صوبہ پنجاب کی کئی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں ڈی فارمیسی کی تعلیم و تربیت دی جا رہی ہے اور ہر سال سینکڑوں طلبہ اور طالبات ڈی فارمیسی کر کے فارغ التحصیل ہو رہےہیں ظاہر ہے ان تمام فارغ التحصیل کو سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں ملازمت نہیں مل سکتی اور اگر پی ایچ ایف ان فارماسسٹ کو بلا سود قرضے دے رہی ہے جس سے وہ اپنا کاروبار کر رہے ہیں پھر جو بھی ڈاکٹرز فارماسسٹ، ایل ایچ وی، حکیم اور ہومیوپیتھک ڈاکٹرز قرضے لے کر کلینک اور حکمت کے مطب قائم کر رہے ہیں تو یقینی طورپروہ دو یا چار لوگوں کو اپنے کلینکوں میں ملازمت بھی دے رہے ہیں اس طرح ایک فرد دو تین لوگوں کے گھروں کے چولہےکو بھی چلا رہا ہے۔آج تک کسی ایل ایچ وی کو قرضہ نہیں ملا تھا اب ان کو بھی قرضے ملنا شروع ہو گئے ہیں ۔پچھلے تین برسوں میں 18 لاکھ تعلیم یافتہ افراد پاکستان چھوڑ کر جا چکے ہیں اور غالباََ پانچ ہزار کے قریب ڈاکٹرز ملک چھوڑ چکے ہیں ۔ہمیں تو حیرت اس بات پر ہے کہ کون سے پالیسی ساز ہیں جو حکومت کو ایسے الٹے سیدھے مشورے دے رہے ہیں۔ 2100 ڈاکٹرز پی ایچ ایف سےقرضے لے چکے ہیں 98% ریکوری ریٹ ہے پھر آخر مسئلہ کیا ہے؟ویسے تو جب سے دونوں سیکرٹری صحت آئے ہیں شعبہ صحت مسائل کا ہی شکار ہوتا جا رہا ہے۔ دکھ اور افسوس کی بات یہ ہے کہ پچھلے دو برس میں شعبہ صحت میں نئے سے نئے تجربے کیے جا رہے ہیں۔ ارے بابا جو سسٹم چل رہا ہے اس کو بہتر بنایا جائے نہ کہ ناکام تجربے کیے جائیں۔ اس دفعہ تو حالات یہ ہیں کہ شعبہ صحت کی بیوروکریسی دونوں وزرا صحت سے زیادہ طاقتور ہے ہم سمجھتے ہیں کہ سیکرٹری صحت ہمیشہ ڈاکٹر ز ہونے چاہئیں۔
میڈیکل کا شعبہ 100فیصد ٹیکنیکل ہے۔آلات، مشینریوں کی خریداری ،لیبارٹریاں، بیماریاں ان کی تشخیص، مریضوں کے مسائل، کون سی مشین،کون سی ایم آر آئی، کونسی سی ٹی اسکین چاہیے یہ تمام معاملات کو صرف ڈاکٹرز ہی اچھی طرح سمجھ سکتے ہیں۔ ایک بی اے، ایم اے پاس بیوروکریٹ کو کیا پتہ ہے یہ شعبہ صحت کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔ ماضی میں 11 سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹرز ہی تھے پھر بیوروکریسی نے ایسا چکرچلایاکہ سیکرٹری صحت بیوروکریٹ آنے لگ گئے اس طرح ایریگیشن اور زراعت کے شعبے ہیں جہاں پر انہی کے ماہرین ہونے چاہئیں کسی زمانے میں محکمہ آب پاشی کا سیکرٹری صرف انجینئر ہوتا تھا خیر اس پر پھر بات کریں گے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کو ایک مضبوط ادارے کی شکل دے اور صحت کے بہت سارے کام اس سے لیے جائیں مثلا ہیلتھ کارڈ ،اسپتالوں کی انسپکشن، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے ساتھ مل کر کی جائے۔ ہیلتھ انشورنس کا مسئلہ شروع کیا جائے ماضی میں جو کام ڈی جی ہیلتھ کا آفس کر رہا تھا وہ بھی ان کے سپرد کیے جائیں کیونکہ اب ڈی جی ہیلتھ کا آفس ختم کر دیا گیا ہے۔
لیں جناب اب پیرا فورس کو ہر کام ہی سپرد کیا جا رہا ہے سنا ہے اب وہ عطائی ڈاکٹروں کے کلینک بھی چیک کیا کریں گے اگر پیر ا فورس ہی نے ہر کام کرنا ہے تو پھر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بند کردیں پھر پیرا فورس جا کر اسپتال کلینک چیک کرے اور دیگر امور سرانجام دے بلکہ ٹریفک وارڈنز کی کیا ضرورت ہے فوڈ اتھارٹی کا کام بھی سنبھال لیں۔ جگہ جگہ جا کر ہوٹلوں کے کھانے چیک کریں سبزی زراعت منڈیوں میں جا کر پھلوں اور سبزیوں کے ریٹ چیک کریں۔ ہر جگہ پیرا فورس ہے۔پیرا فورس ہی چالان کرے، چوروں ڈاکوؤں کو پکڑے، بورڈ اور یونیورسٹیوں کے امتحانات کی ڈیوٹی بھی کرے ،میڈیکل کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر امتحانات بھی لے۔ ایک ایسی فورس بنا ڈالی ہے جس نے لوگوں سے ان کا کاروبار چھین لیا ہے اگلے روز ایک شخص اپنے دونوں کندھوں پر قمیض اور جرابیںلے کر فروخت کر رہا تھا پیرا فورس کے( بہادر) جوانوں نے اس سے اس کا سامان چھین لیا، پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف جو اچھے کام کر رہی ہیں پیرا فورس اپنے رویوں اور حرکات سے ان پر پانی پھیر رہی ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



