پنجاب میں خواتین کے حساس تنازعات کے مقدمات میں خاتون ثالث کی ترجیحی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو ایک مستحن اقدام ہے۔ نئے قانونی نظام کے تحت مصالحتی کارروائی 30دن میں مکمل ہوگی۔ مصالحت کے ذریعے طے پانے والے معاملات کو قانونی حیثیت دی جائے گی اس سلسلے میں قانون سازی کیلئے پنجاب اسمبلی میں بل پیش کیا جائے گا اس سے متاثرہ خواتین کو انصاف کی فراہمی ممکن ہوجائے گی۔
اسلام نے خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے ہیں ۔ ملکی آئین میں بھی انسانی حقوق کی حدود اور ان پر عملدرآمد کی صاف وضاحت ور ان کی خلاف ورزی پر سزا تجویز کردی گئی ہے۔ آئین میں خواتین کی عزت و ناموس کی پاسداری، وراثت میں حصے، نکاح میں رضا مندی، ملکیت کے تحفظ اور معاشرتی عزت سمیت تمام انسانی حقوق کی ضمانت دی گئی ہے آئین کے آرٹیکل25کے تحت عورتوں سمیت تمام انسان قانون کی نظرمیں برابر ہیں اس میں جنس کی بنیاد پر کسی سے امتیازی سلوک کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے ۔
ریاست خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات کرنے کی ذمہ دار ہے ۔ آرٹیکل 14قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کرتا ہے اور انسانی اقدار اور گھریلو زندگی کو محفوظ اور آسان بنانے کی تلقین کرتا ہے آرٹیکل7سرکاری ملازمتوں میں جنسی امتیاز کی ممانعت کرتا ہے لیکن عملی حقیقت یہ ہےکہ خواتین کے معاملے میں نہ صرف اسلامی احکامات بلکہ معاشرتی روایات اور ملکی قوانین کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے ۔
آئینی ضمانتیں بھی محض کتابوں یا قانونی دستاویزات تک محدود ہیں جو ملک کی نصف آبادی سے صریحاً ناانصافی ہے وراثت سے محرومی جبری شادی گھریلو تشدد،ہراسانی جنسی استحصال غیرت کے نام پرقتل ،دوسری شادی کی خواہش میں پہلی بیوی کا قتل، بیٹیوں کے مقابلے میں بیٹوں کو ترجیح ،ملازمتوں میں اہل خواتین کو نظر انداز کرنا وغیرہ معمول ہے ۔ صرف گزشتہ چند مہینوں میں خواتین اور نوجوان لڑکیوں کے اغوا اور قتل کے ایسے درد ناک واقعات ظہور پذیر ہوئے ہیں جن کے تصور سے دل دہل جاتا ہے۔ یہ تو وہ واقعات ہیں جو میڈیا میں رپورٹ ہوئے ۔
زیادہ تر متاثرہ خاندان بدنامی کے خوف سے ایسے واقعات پر پردہ ڈالتے اور خون کے گھونٹ پی کے رہ جاتے ہیں انصاف کا دروازہ نہیں کھٹکھٹاتے کہ اول تو یہ بہت مہنگا پڑتا ہے دوسرا برسوں عدالتوں کے چکر کاٹنے کے بعد بھی انصاف ملنے کی کوئی ضمانت نہیں ۔ پولیس جو ملک کاسب سےزیادہ کرپٹ محکمہ سمجھا جاتا ہے، کی ناقص تفتیش اور رشوت خوری کے سبب مقدمہ کے شواہد کمزور ہونے سے اکثر مجرم صاف چھوٹ جاتے ہیں ۔ عدالتوں کو بھی فیصلے کرنے کی جلدی نہیں ہوتی انصاف ملتا بھی ہے تو اتنی تاخیر سے کہ بعض صورتوں میں سائل خود دنیا سے رخصت ہوچکا ہوتا ہے ۔
خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے وفاقی اور صوبائی قوانین موجود ہیں دونوں سطحوں پر باقاعدہ وزارتیں بھی ہیں جو ان قوانین پر عمل کرنے کی ذمہ دار ہیں لیکن جرائم ہیں کہ بڑھتے ہی چلے جارہے ہیں کہیں کوئی شوہر دوسری شادی کیلئے بیوی کو قتل کردیتا ہے تو کوئی بھائی غیرت کے نام پر بہن کی جان لے لیتا ہے غیر قانونی جرگے فرضی الزامات پر بھی لڑکے لڑکی کے قتل کا حکم جاری کردیتے ہیں۔ کوئی بدبخت رشتے سےانکار پر لڑکی اسکے ماں باپ اور بہن بھائیوں کو گولی ماردیتا ہےتو کوئی بدکار کسی عفیفہ کی عزت لوٹ لیتا ہے۔
مدرسہ کا معلم جس کا کام ہی برائیوں کو روکنے کی تعلیم دینا ہے ۔ قوم لوط کی پیروی میں کسی کمسن بچے کو دبوچ لیتا ہے ایسے ایسے واقعات سامنے آتے ہیں جن کو بیان کرنے سے قلم بھی قاصر ہے ۔ یہ واقعات ملک کے چاروں صوبوں میں وقوع پذیر ہوتے ہیں۔ورلڈ اکنامک فورم کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان شرمناک واقعات کی وجہ سے پاکستان خواتین کے رہنے کیلئے دنیا کا خطرناک ملک قرار پاگیا ہے ۔ رپورٹ میں 2026ءکے سرکاری جائزے کے مطابق زیادتی ہراسانی اور دوسرے اخلاقی جرائم کے معاملے میں دنیا میں پاکستان کا نمبر148واں ہے ۔ نیشنل کمیشن فار اسٹیٹس آف ویمن نے بھی ملک بھر سے گھریلو تشدد آبروریزی ہراسانی اور عورتوں اور لڑکیوں کے خلاف جرائم کی دوسری وارداتوں کے بڑھتے واقعات کو روح فرسا قرار دیا ہے اور اس حوالے سے خاص طور پر غیر قانونی جرگوں کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
اس صورتحال کے تدارک کیلئے اسلام آباد میں دیہی خواتین لیڈر شپ کانفرنس میں خواتین کے حقوق کی پاسداری کیلئے معاشرے کی سوچ میں مثبت تبدیلی پر زور دیا گیا اور آئین کے تقاضوں کے مطابق فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی نمائندگی بڑھانے کا مطالبہ کیاگیا۔ ٹرانس جینڈر معذور اور پسماندہ کمیونٹی کی خواتین کے حقوق کے تحفظ امتیازی سلوک اور ہراسانی کے خاتمے خواتین کیلئے تعلیم اور صحت کی سہولتوں میں اضافے اور غربت سے دوچار عورتوں کی مالی امداد کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ قومی اسمبلی میں بھی خواتین کے حقوق سے متعلق بل کی باتیں کی جارہی ہیں جس پر عمل کیا جانا چاہئے۔ یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ عورت جہاں بیوی کی صورت میں زندگی بھر کی ساتھی ہے وہاں کوئی عورت ہی ماں ، بہن اور بیٹی بھی ہے ۔ تقدس کے اس رشتے کے احترام کا حکم اللہ تعالیٰ نے دیا ہے جس کی خلاف ورزی پر اس کی پکڑ بھی اتنی ہی سخت ہوگی۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



