Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

معاشی استحکام اور خودمختاری کا راستہ

ہماری معیشت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیرونی قرضوں کا حصول یا زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بجائے پائیدار صنعتی ترقی ہے۔ اسکے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول، بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی اور دوست ممالک کی مالی معاونت…

Kashif Ashfaq
Kashif Ashfaq Thursday, 5 November 2026 · 5 min read

ہماری معیشت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بیرونی قرضوں کا حصول یا زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کی بجائے پائیدار صنعتی ترقی ہے۔ اسکے بغیر عالمی مالیاتی اداروں سے قرضوں کے حصول، بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی اور دوست ممالک کی مالی معاونت ہمیں وقتی سہارا تو فراہم کر سکتی ہے لیکن یہ عوامل پائیدار معاشی استحکام کا متبادل نہیں بن سکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ صنعتی ترقی کو فروغ دے کر پیداوار میں اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ اسے مزید مسابقتی بنا کر برآمدات بڑھائی جائیں۔ اگرچہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حکومت نے قرضوں کے ذریعے ادائیگیوں کا توازن برقرار رکھنے میں خاطر خواہ کامیابی حاصل کی ہے لیکن یہ حکمت عملی مستقل حل نہیں ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ جب ایک طرف بیرونی قرضوں کی اقساط اور سود کی ادائیگیاں بڑھ رہی ہوں اور دوسری جانب توانائی، خام مال اور ضروری صنعتی اشیا کی درآمدات کیلئے بھاری زرمبادلہ درکار ہو تو ملکی ذخائر پر دباؤ برقرار رہتا ہے۔دنیا بھر میں رائج سرمایہ داری نظام میں زرمبادلہ کے ذخائر کسی بھی ملک کیلئے مالی تحفظ کی علامت ہوتے ہیں۔ ان سے درآمدی ضروریات پوری کرنے، بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ برداشت کرنے اور عالمی منڈیوں میں اعتماد برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اسی طرح مالیاتی نظم و ضبط اور بجٹ خسارے پر قابو پانے کی کوششیں بھی معاشی استحکام کیلئے اہم ہیں۔ تاہم زرمبادلہ کے ذخائر میں مستقل اضافہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب برآمدات، بیرونی سرمایہ کاری اور دیگر مستقل ذرائع سے زرمبادلہ کی آمد تسلسل سے جاری رہے۔ پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز جیسے مالیاتی ذرائع تک رسائی یقیناً سرمایہ کاری کے نئے امکانات کھولتی ہے لیکن ان ذرائع سے حاصل ہونیوالی رقم بالآخر واپس کرنا ہوتی ہے۔ چنانچہ اصل کامیابی قرض حاصل کرنے میں نہیں بلکہ اس سرمائے کو ایسے شعبوں میں لگانے میں ہے جو مستقبل میں آمدن اور برآمدات میں اضافہ کر سکیں۔ اس کیلئےیہ فرق سمجھنا ضروری ہے کہ قرض لینے کی صلاحیت اور قرض واپس کرنے کی صلاحیت دو الگ معاملات ہیں۔ پہلی صلاحیت بین الاقوامی اعتماد اور مالیاتی انتظام سے پیدا ہوتی ہے جبکہ دوسری کیلئے مضبوط معیشت اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ضروری ہے۔ اس لئے پاکستان کی معاشی پالیسی کا مرکزی ہدف برآمدات میں پائیدار اضافہ ہونا چاہیے کیونکہ جب ملک کی برآمدی آمدن محدود اور درآمدی ضروریات زیادہ ہوں تو زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو رہتا ہے۔ ٹیکسٹائل کی برآمدی صنعت اس حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتی ہے لیکن مستقبل میں مسابقت برقرار رکھنے کی؛لئے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بھی کم قیمت اور کم منافع والی مصنوعات سے آگے بڑھنا ہو گا۔ اس تبدیلی کیلئےجدید مشینری، ہنرمند افرادی قوت، تحقیق، مسابقتی بنیادوں پر توانائی کی قابل اعتماد فراہمی اور عالمی معیار کے مطابق پیداوار ضروری ہے۔

برآمدات میں اضافے کیلئے پاکستان کو چند روایتی شعبوں پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی برآمدی بنیاد وسیع کرنا ہو گی۔ اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پراسیسنگ، انجینئرنگ، سرجیکل آلات، فرنیچر مینوفیکچرنگ، فیشن اور جم اینڈ جیولرز کے شعبوں میں ترقی کے واضح امکانات موجود ہیں۔ اس کیلئےان شعبوں کو مسلسل پالیسی معاونت، جدید ٹیکنالوجی، ہنرمند کارکنوں، آسان مالیاتی سہولتوں اور بین الاقوامی منڈیوں تک بہتر رسائی کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں اگر زرعی شعبے میں خام پیداوار برآمد کرنے کی بجائے اس کی پراسیسنگ، پیکجنگ اور ویلیو ایڈیشن پر توجہ دی جائے تو برآمدات بڑھانے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ اسی طرح آئی ٹی سروسز کی فراہمی زرمبادلہ کمانے کا ایک اہم ذریعہ بن سکتی ہیں لیکن اس کیلئے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر، تربیت، ادائیگیوں کے نظام اور پالیسیوں میں تسلسل ضروری ہے۔ علاوہ ازیں ٹیکس کے نظام کو زیادہ منصفانہ اور مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا، سرکاری اخراجات میں شفافیت لانا اور ترقیاتی وسائل کو پیداواری شعبوں کی طرف منتقل کرنا بھی ضروری ہے۔ ان اصلاحات کے بغیر قرضوں کے بوجھ میں کمی اور معیشت کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ مشکل ہو گا۔ عالمی حالات کے باعث تیل اور گیس کی قیمتیں بڑھنے سے درآمدی بل میں اضافے کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر پر دباو بڑھ گیا ہے جبکہ پیداواری لاگت بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ اس چیلنج سے نمٹنے کیلئے سستی توانائی کے حصول کیلئے مقامی وسائل کے مؤثر استعمال اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس کیلئے صنعتی اداروں کو جدید اور کم توانائی استعمال کرنے والی ٹیکنالوجی اپنانے کی ترغیب دی جا سکتی ہے کیونکہ توانائی کی لاگت میں کمی سے صرف برآمدی مسابقت بہتر نہیں ہو گی بلکہ مجموعی معاشی استحکام میں بھی مددملے گی۔ اس وقت پاکستان کیلئے اصل امتحان بیرونی مالی معاونت اور بین الاقوامی سرمایہ مارکیٹوں تک رسائی کو مستقل معاشی ترقی کے مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔ اگر نئے قرضوں سے صرف پرانے قرضوں کی ادائیگیاں پوری ہوتی رہیں تو قرضوں پر انحصار کا دائرہ محدود نہیں ہو گا۔ اس کے برعکس اگر مالیاتی گنجائش کو انڈسٹریلائزیشن، برآمدی صلاحیت، انسانی وسائل، توانائی کے نظام اور پیداواری انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے استعمال کیا جائے تو مستقبل میں خود انحصاری کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.