Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

دیوالی،روشنی کی جیت کا عہد…!

اس وقت میں دبئی میں موجود ہوں جہاں دیوالی منانے کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوچکی ہیں، ہر طرف خوشیوں اور روشنیوں کا ایک خوبصورت سماں دیکھنے کو مل رہا ہے، شہر کی بلند و بالا عمارتیں رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں، بازاروں اور تجارتی…

Dr. Rameesh Kumar Wanchooni
Dr. Rameesh Kumar Wanchooni Thursday, 5 November 2026 · 6 min read

اس وقت میں دبئی میں موجود ہوں جہاں دیوالی منانے کی تیاریاں زور و شور سے شروع ہوچکی ہیں، ہر طرف خوشیوں اور روشنیوں کا ایک خوبصورت سماں دیکھنے کو مل رہا ہے، شہر کی بلند و بالا عمارتیں رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا رہی ہیں، بازاروں اور تجارتی مراکز کو خصوصی طور پر سجایا جا رہا ہے ۔ ثقافتی ہم آہنگی، مذہبی آزادی اور باہی احترام کے جذبے سے سرشار دبئی کی یہ بات ہمیشہ میرے من کو بھاتی ہے کہ اس انٹرنیشنل شہر میں دنیا کے کسی بھی کونے سے کوئی آجائے، وہ یہاں اجنبیت محسوس نہیں کرتا، عید ہو ، کرسمس ہو یا پھر دیوالی‘ یہاں کا ہر باسی مختلف مذاہب، قومیتوں اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا اپنا سماجی فریضہ سمجھتا ہے۔ہندو مذہبی روایت کے مطابق لنکا کے راجا راون کو ایک طاقتور حکمران کے طور پر بیان کیا جاتا ہے لیکن اسکی طاقت‘ غرور اور تکبرآخرکار سچائی اور نیکی کے ہاتھوں شکست کھا گئے۔ ہر سال دیوالی تہوار کے موقع پر ہندو خاندان اپنے گھروں، مندروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کو چراغوں اورروشنیوں سے سجاتے ہیں‘ نئے لباس پہنے جاتے ہیں، مٹھائیاں تقسیم ہوتی ہیں اورعزیز و اقارب ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہیں۔ میں ماضی میں مختلف مواقع پر اظہارِ خیال کرچکا ہوں کہ ہندو دھرم کا سب سے اہم تہوار دیوالی دنیا بھر میں امن، اُمید اور نیکی کی فتح کی علامت بن چکا ہے‘ روشنیوں کا تہوار یہ درس دیتا ہے کہ روشنی کی ایک کرن اندھیرے کا خاتمہ کرنے کیلئے کافی ہے‘ بدی کی قوتیں چاہے جتنی زیادہ طاقتور ہوں، آخرکار نیکی سے ہار جاتی ہیں، ظلم و زیادتی اور مایوسی کی اندھیری رات کتنی ہی گہری کیوں نہ ہو‘ اسکے بعد امید کا سورج ضرور طلوع ہوتا ہے۔ گزشتہ برس دیوالی کے موقع پر میں کینیڈا میں تھا اورآج دبئی میں مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی محسوس ہورہی ہے کہ دیوالی کی وہ روشنیاں جو ہزاروں سال قبل سب سے پہلے ہمارے خطے میں جگمگائی تھیں‘ اب اکیسویں صدی کے ڈیجیٹل دور میں جنوبی ایشیا کے روائتی معاشرے سے آگے بڑھ کرترقی یافتہ ممالک تک پہنچ چکی ہیں، آج جب میں بیرونی ممالک میں لوگوں کو دیوالی منانے کی تیاریاں کرتے دیکھتا ہوں تو مجھے انگریز سامراج کی آمد سے قبل کے ہندوستان کی ثقافتی جھلک نظر آتی ہے جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب کے پیروکار ہنسی خوشی رہا کرتے تھےاور ایک دوسرے کے مذہبی تہوار بھرپور انداز میں منایا کرتے تھے۔ دیوالی کی روشنیوں سے بھری تقریبات اس بات کی علامت ہیں کہ ترقی یافتہ دنیا نے مذہبی آزادی کے تصور کو نہ صرف اپنے مُلکی قانون کا حصہ بنایا ہے بلکہ اسے عملی طور پر اپنایابھی ہے‘ میری نظر میں عید، کرسمس اوردیوالی جیسے بڑے مذہبی تہوار محض روایتی تقریبات یا خوشیاں منانے کے مواقع نہیں ہوتے بلکہ یہ اپنی مذہبی شناخت کے اظہار کیساتھ ساتھ دوسروں کے عقائد اور جذبات کا احترام کرنیکا ذریعہ بھی بنتے ہیں‘ یہ بڑے دن ہمیں یہ درس دیتے ہیں کہ ایک خدا تک رسائی کے طریقے مختلف ہو سکتے ہیں، لیکن انسانیت، محبت، بھائی چارے اور امن کی خواہش سب میں مشترک ہے،میرا یہ بھی یقین ہے کہ ایسے مبارک مواقع پر دعاؤں کو خصوصی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔میں سمجھتا ہوں کہ اندھیرا اپنی کوئی مستقل حیثیت نہیں رکھتا، بلکہ روشنی کی عدم موجودگی ہی دراصل اندھیرے کو جنم دیتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں اچھے، مخلص اور مثبت سوچ رکھنے والے افراد کی کمی نہیں، لیکن بعض اوقات وہ اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برتتے ہوئے خاموش تماشائی بن جاتے ہیں۔ جب اچھائی کی قوتیں غائب ہوجاتی ہیں تو منفی سوچ، نفرت، تعصب اور انتہا پسندی کے اندھیروں کو پھلنے پھولنے کا موقع مل جاتا ہے۔ برائی کی قوتیں ہمیں اسلئے طاقتور دکھائی دیتی ہیں کہ اچھائی کی قوتیں انکا مقابلہ کرنے کیلئے مؤثر انداز میں اپنا کردارادا نہیں کر رہی ہوتیں۔ اگر معاشرے کے باشعور افراد، اہلِ علم، نوجوان ، مذہبی رہنما اور ذمہ دار شہری اپنی صلاحیتوں کو مثبت مقاصد کیلئے استعمال کریں تو نفرت اور انتشار کی قوتوں کو آخر کارشکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ایک اچھا انسان جب کسی ضرورت مند کی مدد کرتا ہے، کسی مظلوم کے حق میں آواز اٹھاتا ہے، کسی دوسرے مذہب کے ماننے والے کا احترام کرتا ہے یا معاشرے میں برداشت کو فروغ دیتا ہے تو وہ دراصل ایک چراغ روشن کرتا ہےاور جب ایسے ہزاروں چراغ ایک ساتھ روشن ہوتے ہیں تو وہ ملکر ایک روشن اور پُرامن معاشرے کی بنیاد رکھتے ہیں جہاں کا ہر باسی ہنسی خوشی زندگی بسر کرتا ہے۔ میں نے اپنے پیارے وطن میں ایسے ہی بے شمار چراغ روشن کرنے کیلئے ہر سال کی طرح دیوالی کا چمکتا دمکتا تہوار آٹھ نومبر کو بروز اتوار ڈی ایچ اے کراچی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر منانےکے انتظامات کیے ہیں جہاں نہ صرف روشنی کی اندھیرے پر جیت کا بھرپورجشن منایا جائیگا بلکہ اس موقع پر اپنی دھرتی ماتا پاکستان کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی پراتھنا کا بھی اہتمام ہوگا، میں نے پاکستان میں مقیم مختلف سفارتکاروں‘ ڈپلومیٹس، سول سوسائٹی اوربزنس کمیونٹی کو بھی مدعو کیا ہے کہ وہ میرے ساتھ ملکر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر خطے میں امن و استحکام ، دنیا سے جنگوں کے خاتمے اور انسانوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کیلئے نفرتوں کے اندھیرے کو دور بھگائیں، بالخصوص ایک ایسے وقت میں جب خدا کی دھرتی مختلف جنگوں، سیاسی کشیدگی، مذہبی انتہا پسندی اور معاشی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے،عالمی امن اور علاقائی استحکام کیلئے باہمی کوششیں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو جاتی ہے۔میں میڈیا کے دوستوں سے بھی درخواست کرونگا کہ وہ دیوالی کی رنگارنگ تقریبات کوالیکٹرانک، ڈیجیٹل اور پرنٹ میڈیا پر اجاگر کریں تاکہ نہ صرف پاکستانی عوام کو دیوالی کے اصل پیغام "نیکی کی بدی پر جیت " سے آگاہی حاصل ہو بلکہ سفارتی سطح پر بھی عالمی برادری کو واضح پیغام جائے کہ پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کوآئین پاکستان کے تحت مکمل مذہبی آزادی میسر ہے ۔ آئیے، اس دیوالی پر صرف اپنے گھروں اور عمارتوں کو روشن نہ کریں بلکہ میرے ساتھ ملکر اپنے دِل، سوچ اور کردار میں بھی روشنی پیدا کرنے کا عہد کریں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.