ہمارے ہاں کسان سے محبت کا دعویٰ کس کو نہیں، اور ستر برس سے اِس محبت کا ایک ہی مطلب لیا گیا ہے، کہ کسان کھیت سے نہ ہلے۔اِسی لیے پانی سستا ہے، کھاد سستی ہے اور آمدنی ٹیکس سے بری کہ کسان کا بیٹا کھیت چھوڑ کر نہ جائے۔ مگر کسان کا بیٹا تو پچاس برس سے جا رہا ہے جدھر دروازہ کھلا، اُدھر نکل گیا۔ ہر برس 7لاکھ سے زیادہ لوگ روزگار کو باہر جاتے ہیں، زیادہ تر گاؤں کے اور جنھیں ویزا نہ ملا وہ کراچی اور لاہور کی کچی بستیوں میں ہیں۔ کسان کے بیٹے کو منانے کی نہیںراستہ دینے کی ضرورت ہےاور راستہ کارخانے کے دروازے سے ہو کر جاتا ہے۔ دنیا کی ہر خوش حال قوم اِسی دروازے سے گزری، ترقی یافتہ قوموں نے کسان کو کھیت پر روکا نہیں، اُس کے بیٹے کیلئے کارخانے کا دروازہ کھولا۔ ہم نے دروازہ نہیں بنایا، محبت کی باڑ بنائی اور باڑ کے اندر وہ لاکھوں کھیت ہیں جو نہ اپنے گھرانے کا پیٹ بھرتے ہیں نہ ملک کا۔
خوشحالی کا سفر ہر ملک نے اپنی گھڑی پر طے کیا، مگر ہر جگہ تین باتیں ایک ساتھ ہوئیں۔ہاتھ کھیت سے کارخانے کو گئے، کھیت پر مشین آئی اور غربت گھٹی۔ امریکا میں 1935ء میں 68لاکھ کھیت تھے اور ہر چوتھا امریکی کھیت پر رہتا تھا،آج 20 لاکھ کھیت ہیں اور کھیت پر سو میں دو آدمی۔ اور چین میں 1990ء میں 34کروڑ لوگ کھیتی کرتے تھے اور ہر کسان کے پاس ایک ایکڑ تھا۔ آج 16 کروڑ کرتے ہیں اور ہر کسان کے پاس 2ایکڑ ہیں۔زمین ایک انچ نہیں بڑھی، بس 18کروڑ ہاتھ کھیت سے اٹھ گئے، اور جو رہ گیا وہ پہلے سے چھ گنا اُگاتا ہے۔ اِنھی برسوں میں چین نے 80کروڑ لوگ غربت سے نکالے۔
اب ہمارا احوال سنیے۔ 1972ء کی زرعی شماری میں ہمارے 38 لاکھ کھیت تھے، اوسطاً 13 ایکڑ کے؛ 2024ء کی زرعی شماری میں ایک کروڑ 11 لاکھ ہیں، اوسطاً سوا 5 ایکڑ کے۔ امریکا اور چین میں کھیت تعداد میں گھٹے مگر رقبے میں بڑے ہوئے، ہمارے تعداد میں بڑھے اور رقبے میں چھوٹے ہوئے،پچاس برس میں زمین پر بیٹھنے والے تین گنا ہو گئے۔ ہمارے زرخیز علاقوں میں زرعی زمین کا ٹھیکہ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ سالانہ سے اوپر ہے۔ امریکا اور جرمنی میں 45 ہزار اور فرانس میں 20 ہزار،ہمارے برابر صرف ہالینڈ ہے اور وہاں اِس زمین پر گندم نہیں، پھول اور سبزی اُگتی ہے۔ مارکیٹ کا اشارہ صاف ہے کہ مہنگی زمین پر وہی اگے جو اُس کی قیمت چکا سکے اور کسان کے بیٹے کا سستا ہاتھ وہاں جائے جہاں اُس کی قدر ہو۔ مگر ہمارے زیرِ کاشت رقبے کا 37فیصد اکیلی گندم لے جاتی ہے، اور پھل، سبزی اور آلو تینوں مل کر 5.6 فیصد۔ مارکیٹ کا اشارہ کھیت تک اِس لیے نہیں پہنچتا کہ بیچ میں سرکار کی سبسڈی اور ٹیکس کی چھوٹ کھڑی ہے اور دونوں کا رخ ایک ہی طرف ہے، کسان کو کھیت پر روکے رکھنے کی طرف۔
سرکار کی سبسڈی اور ٹیکس کی چھوٹ کتنی ہے؟ عالمی بینک کے حساب سے صرف دو صوبوں میں زراعت اور آبپاشی کی سبسڈی سال میں 600 سے 750 ارب روپے ہے اور زرعی آمدنی پر ٹیکس جو صرف 10 ایکڑ سے بڑے کھیتوں پر ٹھیکے کے نرخ سے لگایا جائے تو 700 ارب روپے بنتا ہے، وصول 10 ارب بھی نہیں۔ یوں محتاط حساب سے بھی سال کے 1300 ارب روپے کھیت کی طرف جاتے ہیں۔ مگر کس کھیت کی طرف؟ سبسڈی رقبے کے پیچھے چلتی ہے اور ٹیکس کی چھوٹ صرف اُسے ملتی ہے جسکی آمدنی ٹیکس کے لائق ہو، سو 5 ایکڑ سے چھوٹے کھیت کو، جو کل کھیتوں کا 65 فیصد ہیں، فی ایکڑ سال کے 12 ہزار روپے ملتے ہیں، 5 سے ساڑھے 12 ایکڑ کے کھیت کو فی ایکڑ 14 ہزار، ساڑھے 12 سے 50 ایکڑ کے کھیت کو فی ایکڑ 27 ہزار، اور 50 ایکڑ سے بڑے کھیت کو، جو کل کھیتوں کا ایک فیصد ہیں مگر پانچواں حصہ رقبہ رکھتے ہیں، فی ایکڑ 49 ہزار یعنی 200 ایکڑ کے مالک کو سرکار سے سال کا ایک کروڑ روپیہ ملتا ہے۔ رقم روانہ چھوٹے کسان کے نام ہوتی ہے، پہنچتی بڑے کسان کے ڈیرے پر ہے۔
طرفہ تماشا یہ کہ چھوٹے کسان کے حصے کے 22 ہزار بھی اُس کے کھیت کو ملتے ہیں، اُس کے نیم روزگار بیٹوں کو نہیں۔ ہر برس 18 لاکھ دیہاتی نوجوان روزگار کی تلاش میں نکلتے ہیں اور کھیت اُن میں سے بمشکل ایک لاکھ کو کھپاتا ہے، باقی 17 لاکھ کھیت کے علاوہ کہیں جاتے ہیں۔ سوال جانے کا نہیں، پہنچنے کا ہے۔ ڈینی روڈرک (mcmillan and rodrik, nber, 2011) کا حساب ہے کہ کھیت سے نکلنے والا ہاتھ زیادہ پیداوار والے کام میں لگے تو ملک آگے بڑھتا ہے، جیسا ایشیا میں ہوا، اور کم پیداوار والے میں لگے تو وہیں رہتا ہے، جیسا لاطینی امریکا میں ہوا۔
جسے ویزا ملا وہ خلیج چلا گیا مگر باقی سب؟ کچھ گاؤں میں رہ گئے اور کچھ شہر آ گئے۔ ہمارے شہروں میں 71فیصد کام غیر رسمی ہے، رکشے، ریڑھی اور تھڑے کا کام، جہاں آدمی اُتنا ہی کماتا ہے جتنا کھیت میں۔ سو رکاوٹ کسان کے بیٹے کی رضا نہیں، رکاوٹ وہ دروازہ ہے جو امریکا اور چین نے کھولا اور ہم نہیں کھول سکے۔ ہمارے 17لاکھ ابھی لاطینی امریکا کی راہ پر ہیں، ایشیا کی نہیں۔
گلستان کا حکیم اپنے بیٹوں سے کہا کرتا تھا، جانِ پدر، ہنر سیکھو۔ملک اور دولت کا کیا بھروسا، ہنرمند جہاں جائے گا قدر پائے گا اور بے ہنر لقمے کو ترسے گا۔ درویش کا ایمان اِسی نصیحت پر ہے۔ چھوٹے کسان گھرانے کا ہاتھ پکڑنا فرض ہے، اور آج جتنا پکڑا جاتا ہے اُس سے دگنا پکڑنا چاہیے، مگر یہ ہاتھ کھیت کا نہیں، کسان کے بیٹے کا پکڑنا چاہیے۔ چھ مہینے کی ہنر کی تربیت، چھ مہینے کی اُجرت کا وظیفہ اور قصبے کے کارخانے تک پہنچانے کا بندوبست، سب ملا کر ڈھائی لاکھ روپے فی کس۔ ہر برس کے 17لاکھ نوجوانوں کیلئےسوا 4سو ارب روپے، اُس 1300 ارب کا ایک تہائی جو زیادہ تر بڑے کھیت پر جا ٹھہرتا ہے۔ جس دن بیٹا نکلے گا، اُس کے دو ایکڑ پڑوسیوں کے دو دو ایکڑوں سے مل کر 10 بنیں گے، جن پر باغ، سبزی اور دودھ گندم سے کہیں زیادہ دیں گے۔ کسان بچ گیا تو کھیت آپ سے آپ بچ جائے گا، کیونکہ جس کھیت پر ہاتھ تھوڑے ہوں وہ فیاض ہو جاتا ہے اور جس پر ہجوم ہو وہ سب کو خالی ہاتھ رکھتا ہے۔ کسان سے محبت اُس کے کھیت کی پہرے داری کا نام نہیں، اُس کے بیٹے کے ہاتھ میں ہنر دینے، اُس کیلئے کارخانے کا دروازہ کھولنے اور دعا دے کر اُسے کھیت سے رخصت کرنے کا نام ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



