Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

نیلسن منڈیلا کے دیس میں 9 دن!

براعظم افریقہ کا ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ ملک ساؤتھ افریقہ ہے۔نیلسن میڈیلا کی قیادت میں ساؤتھ افریقہ نے 1994ء میں انگریز استعمار سے آزادی حاصل کی ۔ویسے ساؤتھ افریقہ کی آزادی کا عمل مختلف مراحل پر مشتمل ہے۔31مئی 1910ء میں برطانوی…

Anwar Ghazi
Anwar Ghazi Saturday, 7 November 2026 · 5 min read

براعظم افریقہ کا ایک خوبصورت اور ترقی یافتہ ملک ساؤتھ افریقہ ہے۔نیلسن میڈیلا کی قیادت میں ساؤتھ افریقہ نے 1994ء میں انگریز استعمار سے آزادی حاصل کی ۔ویسے ساؤتھ افریقہ کی آزادی کا عمل مختلف مراحل پر مشتمل ہے۔31مئی 1910ء میں برطانوی تسلط کے تحت مختلف نوآبادیات کو ملا کر ’’یونین آف ساؤتھ افریقہ‘‘قائم کی گئی جو برطانوی سلطنت کے اندر ایک خود مختار ڈومینین بنی۔11 دسمبر 1931ء میں اسٹچو ٹو آف ویسٹ منسٹرکے تحت اسے برطانیہ سے قانونی طور پر آزادی حاصل ہوئی، تاہم برطانوی بادشاہ بدستور سربراہِ مملکت رہے۔ 31مئی 1961ء میں ساؤتھ افریقہ باضابطہ طور پر ایک مکمل جمہوریہ بنا اور برطانیہ سے تمام رسمی تعلقات ختم کر لئے گئے۔27اپریل 1994ء میں نسل پرستی کے خاتمے کے بعد ملک میں پہلے تمام نسلوں کیلئے عام اور منصفانہ انتخابات ہوئے، جسے ساؤتھ افریقہ میں یومِ آزادی کے طور پر منایا جاتا ہے۔اس وقت ساؤتھ افریقہ کی کل آبادی 6سے 7کروڑ کے درمیان ہے۔اسکے بڑے شہروں میں جوہانسبرگ، ڈربن اور کیپ ٹاؤن ہیں۔ہم ہرسال دنیا کے دو سے تین مختلف ممالک کامطالعاتی سفر کرتے ہیں۔ امسال یعنی 2026ء میں سری لنکا،موریشس اور ساؤتھ افریقہ کا وزٹ کیا۔ہم اپنے دوستوں کیساتھ 20،اکتوبر کی صبح کراچی سے بذریعہ قطرائیرلائن جوہانسبرگ کیلئے روانہ ہوئے۔ وہاںکےٹائم کے مطابق رات 4بجے ساؤتھ افریقہ پہنچے۔جوہانسبرگ ائیرپورٹ پر ہمارے میزبانوں نے پرتپاک استقبال کیا۔ساؤتھ افریقہ میں صرف 2فیصد مسلمان ہیں۔یہاں کے تمام مسلمان بہت ہی خوشحال اور مالدار ہیں۔ان کے بڑے بڑےبزنس اور کاروبار ہیں۔مکمل اتفاق و اتحاد سے رہتے ہیں۔ساؤتھ افریقہ میں مسلمانوں کا سب سے بڑا اسلامک سینٹر جامعہ دارالعلوم زکریا ہے۔اس کی داستان بہت ہی ایمان افروز ہے۔یہ ہندوستان کے اولیاء اللہ اور علماء دیوبند کی عظیم روحانی شخصیت ،مشہور محدث حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریاکاندھلویؒ کے نام پر ہے۔حضرت زکریا جب 1983ءمیں جنوبی افریقہ آئے تو افریقہ کے صحراء اور ویران علاقے میں اس کی بنیاد رکھی۔آج 50سال بعد ایک عالمی شہرت یافتہ اسلامی یونیورسٹی بن چکی ہے۔اب یہ پورا علاقہ آباد اور گلستان بن چکاہے۔یہ دینی مرکز جس جگہ قائم کیا گیاتھا بعد میں اس کے ارد گرد پورے رہائشی علاقے کا نام اس جامعہ زکریا کی نسبت سے زکریا پارک رکھا گیا۔اس وقت جامعہ زکریا جنوبی افریقہ سمیت دنیا بھر میں اعلیٰ اسلامی تعلیم کا ایک اہم ترین مرکز مانا جاتا ہے۔اس ادارے کے موجودہ سربراہ مولانا مفتی شبیر احمد سالوجی ہیں، جبکہ یہاں کا دارالافتاء اور شعبہ حدیث معروف عالمِ دین اور مفتیِ اعظم جنوبی افریقہ مفتی رضا الحق صاحب کی زیرِ نگرانی کام کرتا ہے۔ہم نے پہلے تین دن یہیں گزارے۔مختلف مساجد،مکاتب اور اداروں کے وزٹ ہوئے۔متفرق مقامات پر اصلاحی اور فکری نشستیں ہوئیں، بیانات اور خطابات ہوئے۔ایک دن ہمارے میزبان ہمیں جوہانسبرگ کے قدیم اولڈ ہوم کے وزٹ پر لے گئے۔ہم نے جیسے ہی اس اولڈ ہوم کی دہلیز پر قدم رکھا تو ایسا محسوس ہوا جیسے یہاں کی دیواریں بھی سسکیاں لے رہی ہوں اور فضا میں کرب کی ایک ان دیکھی چادر تنی ہو۔ وہاں موجود ہر بوڑھے، بے سہارا اور لٹے ہوئے انسان کی اپنی ایک الگ، دل چیر دینے والی کہانی تھی۔کوئی ایسا تھا جو اپنے ہی جگر گوشوں اور اپنوں کے دیے ہوئے زخموں سے دھکے کھا کر اس گمنامی کے اندھیرے میں دھکیل دیا گیا تھا، تو کوئی باپ ایسا تھا جسکی آنکھیں دن رات اپنی بیٹی کیلئے روتے روتے بینائی کھو بیٹھی تھیں۔ان تمام المناک اور روح فرسا داستانوں کے درمیان، جب ہماری نظر زاہد نامی پر پڑی، تو ایسا لگا جیسے کائنات کا سارا دکھ سمٹ کر ان کے وجود میں اتر آیا ہو۔ یہ صرف ایک انسان کی کہانی نہیں، بلکہ خوابوں کے قبرستان کی وہ دردناک داستان ہے جسے پڑھ کر پتھر دل بھی موم ہو جائیں اور آنکھیں بے اختیار اشکبار ہو جائیں۔

دنیا کا سب سے بڑاجنگل ساؤتھ افریقہ میں ہے۔اس نام کُروگرنیشنل پارک ہے۔ہزاروں کلو میٹر پر پھیلا ہواہے۔اس کی سرحدیں چار ممالک کو لگتی ہیں۔اس میں لاکھوں کی تعداد میں جنگی جانور رہتے ہیں ۔ایک پورا دن ہم نے اس جنگل میں گزارا ۔جنوبی افریقہ کےکُروگر نیشنل پارک میں داخل ہوتے ہی ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے قدرت نے اپنی ایک الگ دنیا آباد کر رکھی ہو۔ کہیں ہرنوں کی مختلف اقسام کے جھنڈ سبز میدانوں میں چرتے نظر آتے ہیں، زرافوں کو کھلے میدانوں میں تیزی سے دوڑتے دیکھنا بھی ایک ایسا منظر ہے جو انسان کو حیرت میں ڈال دیتا ہے۔جنگلات کے سفر سے واپسی پر ہمارے میزبان ہمیں ساؤتھ افریقہ کے صدیوں قدیم غاروں میں لے گئے۔ساؤتھ افریقہ کی جنگ آزادی میں انگریز کیخلاف برسرپیکار نیلسن منڈیلا کے مزاحمت کار انہی غاروں میں چھپا کرتے تھے۔جب ہمارے قدم ساؤتھ افریقہ کی منکامپوزی کی پرشکوہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع سڈوالا غاروں کی دہلیز پر پڑے، تو یوں لگا گویا ہم عہدِ حاضر سے کٹ کر ازل کی کسی تاریک اور طلسماتی کھوہ میں اتر رہے ہیں۔ اس سحر انگیز سفر میں ہماری رہبر اور ٹور گائیڈ نکی (nicky) تھیں، جسکی ٹارچ کی کپکپاتی لکیر نے صدیوں سے خفتہ تاریکی کے پردے فاش کیے۔اس نے ہمیں وقت کے ان اندھے غاروں کے روبرو لا کھڑا کیا۔مجموعی طور پر ہم نے ساؤتھ افریقہ میں 9مصروف اوریادگار دن گزارے۔جن کی دلچسپ روداد،آنکھوں دیکھے احوال اور سبق آموز واقعات وقتاً فوقتاً قلم بند کرتے رہیں گے،ان شاء اللہ تعالیٰ۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.