یہ سطر حکیم الامت علامہ اقبال کے اکبر الہ آبادی کے نام خط سے لی گئی ہے۔ خط لکھنے کا دور بیت گیا ۔ انسانی رابطوں میں اظہار اور ابلاغ ڈیجیٹلائز ہوچکا ہے تیز ترین اور جدید ترین ابلاغ کے باوجود جس طرح خط میں انسان اپنے اندر کی تہیں کھول کر بیان کرتا تھا ویسا کسی اور صنف تحریر میں آج بھی ممکن نہیں۔9 نومبر حضرت علامہ اقبال رحمۃ اللہ کا یوم پیدائش ہے، دوسری طرف نو نومبر ہی لسان العصر حضرت اکبر الٰہ آبادی کا یوم وفات بھی ہے۔تاریخ کی ان دو بڑی شخصیات کے درمیان ایک تعلق خاطر رہا ہے امت مسلمہ کے ہمہ جہت زوال ، اسلام کی عظمت رفتہ کا احساس مغربی تہذیب کی اندھا دھند تقلید کی خامیوں سے آگاہ کرنے کے حوالے سے دونوں ایک درد مشترک کے رشتے میں منسلک تھے، یہی وجہ تھی کہ عمروں کے کم وبیش تیس برس تفاوت کے باوجود فکری طور پر دونوں ہم آہنگ تھے یہ فکری اور روحانی تعلق بہت مضبوط تھا۔
حضرت اکبر الہٰ آبادی بزرگ تھے جب کہ علامہ اقبال نوجوان تھے۔ دونوں کے درمیان باقاعدگی سے خط و کتابت ہوتی تھی امت مسلمہ کے حوالے سے ایک جیسا درد اور پیچ و تاب محسوس کرنے کی مماثلت کی بنیاد پر اکبر الہ آبادی اقبال کو اپنا معنوی جانشین قرار دیتے تھے۔ اس تناظر میں دیکھیں تو اکبر الہ آبادی کا یوم وفات اور اقبال کا یوم پیدائش نو نومبر ہونا قدرت کی کوئی حکمت ہے ۔اقبال اپنے دل کی مضطرب حالتیں ،احساسات کے پیچ و تاب میں گزری شب و روز کی کہانیاں امت مسلمہ کے بارے میں اپنا اضطراب اپنے خدشات اپنی آرزوئیں ، امنگیں اور اپنی مایوسیوں کا اظہار حضرت اکبر الہٰ آبادی کو لکھے ہوئے خطوط میں ایسی سہولت سے کیاکرتے تھے جیسے وہ اپنے دل کی حالت انہیں بتا کر پرسکون ہوتے ہوں ۔ وہ فکری روحانی اور معنوی تعلق اکبر الہ آبادی کے ساتھ محسوس کرتے تھے۔
بھلا محسوس ہوتا ہے کہ نومبر کے اس گلابی سردی کے مہینے میں جو اگرچہ لاہور کی آلودہ ترین فضا میں دھندلا اور خاکستری ہے ہم اقبال کے ساتھ اس شخصیت کو بھی یاد کریں جنہوں نے اقبال کو اپنا معنوی جانشین قرار دیا تھااور جنہیں اقبال پیر و مرشد کی طرح عزیز رکھتے تھے۔ اقبال کا اکبر الہٰ آبادی کے ساتھ طویل خط و کتابت کا تعلق رہا ہے،ان سے بے حد عقیدت رکھتے ان سے ملنے کیلئے بے تاب رہتے ۔اقبال سفر سے ممکن حد تک گریز کرتے تھے اپنے پیر و مرشد سے ملنے الہ آباد تشریف لے گئے کم و بیش تین ملاقاتیں ہوئیں۔ اقبال ان کے خطوط کے منتظر رہتے تھے۔
نو نومبر 1911میں لکھے گئے خط میں اقبال رقم طراز ہیں’’آپ کے خطوط جو میرے پاس ہیں سب محفوظ ہیں بار بار پڑھا کرتا ہوں اور تنہائی میں یہی خاموش کاغذ میرے ندیم ہوتے ہیں کئی دفعہ ارادہ کیا ہے کہ آپ کی خدمت میں استدعا کروں کہ خط ذرا لمبا لکھا کیجئے مگر میں خود لمبا خط لکھنے سے گھبراتا ہوں پھر میرا کوئی حق نہیں کہ آپ کو لمبا خط لکھنے کی زحمت دوں یہ ایک قسم کی روحانی خود غرضی ہوگی جس کا ارتکاب میرے نزدیک گناہ ہے۔ آپ سے ملاقات کیلئے دل تڑپ رہا ہے خدا جلد کوئی سامان پیدا کرے‘‘۔
اکتوبر 1911ءمیں لکھے گئے خط میں اقبال رقم طراز ہیں:کل ظفر علی خان صاحب سے سنا تھا کہ جناب کو چوٹ آگئی اسی وقت سے میرا دل بے قرار تھا اور میں عریضہ خدمت عالی لکھنے کو تھا کہ آج جناب کا محبت نامہ ملا دست بہ دعا ہوں کہ اللہ تعالی اپنے فضل و کرم سے اس تکلیف کو رفع کرے اور آپ کو دیر تک زندہ رکھے تاکہ ہندوستان کے مسلمان اس قلب کی گرمی سے متاثر ہوں جو خدا نے آپ کے سینے میں رکھا ہے۔
پھر اسی خط میں مزید لکھتے ہیں’’میں آپ کو اسی نگاہ سے دیکھتا ہوں جس نگاہ سے کوئی مرید اپنے پیر کو دیکھے اور وہی محبت اور عقیدت اپنے دل میں رکھتا ہوں خدا کرے وہ وقت جلد آئے کہ مجھے آپ سے شرف نیاز حاصل ہو اور میں اپنے دل کو چیر کر آپ کے سامنے رکھ سکوں۔ لاہور ایک بڑا شہر ہے لیکن میں اس ہجوم میں تنہا ہوں ایک فرد واحد بھی ایسا نہیں جس سے دل کھول کر اپنے جذبات کا اظہار کیا جا سکے‘‘۔
اکبر الہٰ آبادی بھی باقاعدگی سے اقبال کے خطوط کا جواب دیتے تھے اور جب بھی علامہ اقبال اپنے اشعار اپنے خطوط میں انہیں بھیجتے تو اکبر الہٰ ابادی ان کی داد دیتے ۔ خطوط پڑھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اقبال کو ان کی داد سے خاص خوشی حاصل ہوتی۔اقبال خود بھی اپنے خطوط میں اکبر الہ ابادی کے اشعار کی داد دیتے اور انہوں نے اکبر الہٰ آبادی کے رنگ میں بھی کچھ اشعار کہے ۔
اقبال خطوط میں اپنے والد کا ذکر بھی کرتے ہیں اور ایک خط کے آخر میں لکھتے ہیں کہ والد مکرم آپ کو سلام شوق عرض کرتے ہیں۔ اکبر الہ آبادی کے چھوٹے صاحبزادے ہاشم کیلئے بھی دعائیں بھیجتے ہیں اور لکھتے ہیں’’ میاں ہاشم اب وقت ہے اس کی قدر کرنا اور جو کچھ پیر مشرق سے لے سکتے ہو لے لینا یہ وقت پھر نہیں آئے گا اس تربیت کے فیض سے زندگی بھر تمہاری روح لذت اٹھائے گی‘‘۔
ایک خط میں لکھتے ہیں کہ ’’ایک نہایت مخلص نوجوان تاجر کتب ہے مجھ سے کہتا ہے کہ شکوہ جواب شکوہ کو پھر شائع کرنا چاہیے مگر مولانا اکبر الہ آبادی دیباچہ لکھیں تو پھر بات ہے۔ ‘‘
پھر لکھتے ہیں کہ’’ایسی فرمائش کرتے ہوئے حجاب آتا ہے کہ مجھے آپ کے ضعف و ناتوانی کا حال معلوم ہے ، مگر کسی روز طبیعت شگفتہ ہو اور آلام و افکارِ کا احساس شگفتگی طبع سے کم ہو گیا ہو تو دس پندرہ سطریں اس کی کی خاطر لکھ ڈالیے یہ لڑکا آپ کا غائبانہ مرید ہے‘‘سبحان اللہ کیا انداز ہے اس خواہش کا شکوہ اور جواب شکوہ کا دیباچہ ان کے روحانی پیر و مرشد اکبر اللہ آبادی لکھیں۔
اقبال نے اپنی عمر کے آخری برس بہت سے خطوط تلف کروا دیے تھے لیکن اکبر الہ آبادی کے خطوط سنبھالے رکھے یہ ان کی اپنے پیرو مرشد سے عقیدت کا ایک اظہار ہے وہ خطوط ہم تک ڈاکٹر زاہد منیر کی مرتب کردہ کتاب اکبر بنام اقبال کتاب کی صورت میں پہنچے ۔جبکہ اقبال اکیڈمی کا شائع ’’مجموعہ مکاتیب اقبال‘‘میں حضرت اقبال کے اکبر الہ آبادی کو لکھے گئے کچھ خطوط شامل ہیں۔یہ کالم اسی کتاب سے اخذ کیا گیا ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



