Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

کھویا ہوا گورنمنٹ کالج مل گیا

(گزشتہ سے پیوستہ) لیں جناب 26سال بعد کھویا ہوا گورنمنٹ کالج مل گیا۔اگرچہ کھوئے ہوئے گورنمنٹ کالج لاہور کو تلاش کرنے میں 26برس لگ گئے اور اسکے لاکھوں اولڈ راوین بھی اس کو تلاش کرتے رہے۔آخر ان کی کوششیں کامیاب ہوئیں اور وہ جی سی یو جس کے…

واصف ناگی
واصف ناگی Sunday, 8 November 2026 · 6 min read

(گزشتہ سے پیوستہ)

لیں جناب 26سال بعد کھویا ہوا گورنمنٹ کالج مل گیا۔اگرچہ کھوئے ہوئے گورنمنٹ کالج لاہور کو تلاش کرنے میں 26برس لگ گئے اور اسکے لاکھوں اولڈ راوین بھی اس کو تلاش کرتے رہے۔آخر ان کی کوششیں کامیاب ہوئیں اور وہ جی سی یو جس کے نام کی سمجھ نہیں آتی تھی پھر سے 1864ءوالا گورنمنٹ کالج لاہور بن گیا جس میں پڑھنا ہر طالب علم کا فخر اور خواہش رہی ہے اس جی سی کو جی سی یو اور لاہور کالج کو لاہور کالج وومن یونیورسٹی بنانے میں اس کے دو سابق وائس چانسلرز /پرنسپلز کا بڑا دخل ہے ایک تو مرحومہ ہو چکی ہیں اور دوسرے اپنی انا کا شکار ہیں۔ یہ دونوں چاہتے تھے کہ وہ تاریخ میں یہ نام لکھوا سکیں کہ وہ ان تعلیمی اداروں کے آخری پرنسپل اور پہلے وائس چانسلر تھے ۔رہے نام اللہ کا ۔

تاریخ میں بڑے بڑے سورما آئے آج ان کا نام کہاں ہے؟ گورنمنٹ کالج لاہور میں بڑے بڑے نامور پرنسپل اور وائس چانسلرز آئے مگر آج بھی لوگ ڈاکٹر نذیر احمد کو یاد کرتے ہیں۔ اولڈ راوین ڈاکٹرنذیراحمد کو کیوں یاد کرتے ہیں۔ وہ کوئی بیوروکریٹ یا وزیر نہیں تھے۔ کھدر اور سادہ کپڑے پہننے والے ،پیدل پھرنے یا سائیکل پر جانے والے تھے ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ ہم نے ان کا انٹرویو کیا اور وہ جنگ فورم میں کئی مرتبہ آئے۔ وہ تاریخی واقعہ جب اس وقت کے گورنر مغربی پاکستان نواب آف کالا باغ نے کسی بات پر ناراض ہو کر ان کا تبادلہ کر دیا تھا تو پورے کالج نے ان کیلئے ہڑتال کر دی تھی اور گورنر کو وہ تبادلہ 24گھنٹے میں کینسل کرنا پڑا تھا۔

گورنمنٹ کالج کے طلباء نے پہلی مرتبہ ہڑتال کی تھی گورنمنٹ کالج کے اسٹوڈنٹس ہڑتال اور احتجاج میں کبھی حصہ نہیں لیتے تھے ۔یاد رہے یہ بات پرانی ہے اگرچہ وہ 1964ءمیں اس کے پرنسپل رہے تھے۔ ارے بابا وہ کام کرو کہ تاریخ خود تمہارا نام زندہ رکھے تختیاں لگانے سے اور جگہ جگہ اپنی تصاویر لگانے سے بھی بھلاکوئی نام زندہ رہا ہے۔ آج بھی ڈاکٹر فورمین کرسچن کا نام زندہ ہے جب تک ایف سی کالج رہے گا ڈاکٹر فور مین کرسچن کا نام زندہ رہے گا ڈاکٹر فور مین کرسچن نے کہا تھا کہ لاہور کا ہر ذرہ میرے لیے دیوتا ہے ۔کیا قبرستانوں، بسوں اور ویسٹ منیجمنٹ کے ٹرکوں پر تصاویر لگانے سے بھی کوئی زندہ رہے گا ۔ذوالفقار علی بھٹو نے یہ روایت ڈالی تھی کہ جگہ جگہ اپنے نام کی تختیاں لگائیں اور شہر شہر جلسے کیے تھے کبھی اس طرح بھی نام زندہ رہا ہے۔ بر صغیر میں شیر شاہ سوری نے صرف چار سال حکومت کی تھی اور اس کے دور میں یہ کہا جاتا تھا کہ اگر ایک عورت پانچ سیر سونا پہن کر رات کو بھی گھر سے چلے تو اس کو کوئی ہاتھ نہیں لگا سکتا تھا۔آج بھی اس کا نام تاریخ میں زندہ ہے۔ چنانچہ ضرورت یہ ہے کہ ہمارے حکمرانوں کو چاہیے کہ ایسے کام کریں کہ ان کے نام تاریخ میں زندہ رہیں اس پر پھر بات کریں گے۔ پھر کہیں گے کہ بھولا بولتا ہے۔ بات ہو رہی تھی کہ گورنمنٹ کالج لاہور کی تو جناب اس کالج کا آغاز تحصیل بازار میں حضرت سید مٹھاؒ ،جن کا پورا نام سید ابی غفار حسینی تھا، کے پاس دربار دھیان سنگھ کی حویلی نہیں بلکہ راجہ دھیان سنگھ کےدربار کی تاریخی عمارت سے ہوا تھا۔ ایک تو قارئین کے لیے عرض کر دوں کہ حویلی آصف جاہ جس کو لوگ حویلی دھیان سنگھ کہتے ہیں بالکل غلط ہے یہاں پر گورنمنٹ فاطمہ جنا ح پوسٹ گریجویٹ کالج چونا منڈی ہے ہمیں یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس کالج کے شعبہ صحافت (اب ماس کمیونیکیشن) میں پہلی دو ایم اے کی کلاسوں کو پڑھایا ہے اس کالج کا پرانا نام گورنمنٹ نواز شریف گرلز کالج تھا ہم نے تو اس زمانے میں بھی اعتراض کیا تھا اور لکھا تھا کہ گرلز کالج پر میاں صاحب کا نام کوئی مناسب نہیں لگتا چنانچہ پھر اس کا نام گورنمنٹ فاطمہ جنا ح گرلز چونا منڈی کر دیا گیا۔ ویسے تو لاہور میں محترمہ فاطمہ جنا ح کے نام پر دو اور تعلیمی ادارے بھی ہیں گورنمنٹ فاطمہ جنا ح گرلز کالج کونئیرروڈ اور فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی بھی ہے۔ راجہ دھیان سنگھ مہاراجہ رنجیت سنگھ کے ایک وزیر تھے یہ عمارت جو آج خستہ حال ہو چکی ہے یہاں پر کبھی 2011 تک گورنمنٹ سٹی مسلم لیگ ہائی ا سکول کی کلاسیں ہوتی رہی ہیں۔ وہ ا سکول جو بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے حکم پر قائم کیا گیا تھا اس کی اصل عمارت آج بھوت بنگلہ بن چکی ہےجبکہ اسکول اب ایک اور عمارت میں ہے ۔ہم سمجھتے ہیں کہ راوین اور گورنمنٹ کالج لاہور کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر چوہدری اور اولڈ راوین کے ہر دل عزیز صدر اطہر اسماعیل ڈی آئی جی کو راجہ دھیان سنگھ کے دربار کی حویلی ری اسٹور کرنے کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں۔ وہ تاریخی عمارت ہے جہاں سے لاہور کا پہلا ا سکول ضلع ا سکول پھر گورنمنٹ کالج، اورینٹل کالج اور پنجاب یونیورسٹی کا آغاز ہوا ،اس تاریخی عمارت ہی سے ان تعلیمی اداروں کی ابتدائی کلاسیں شروع ہوئی تھیںہم نے یہ قدیم عمارت اپنے زمانہ طالب علمی میں دیکھی تھی اس وقت اس میں گورنمنٹ سٹی مسلم لیگ ہائی ا سکول کی کلاسیں ہوتی تھیں ۔آج سے صرف چند ماہ پہلے ہم کوئی چوتھی مرتبہ اس تاریخی عمارت کو دیکھنے گئے تو یقین کریں دلی دکھ ہوا ۔اسکول کے ہیڈ ماسٹر مسٹر مختیارسے جب بات ہوئی تو انہوں نے کہا 2011 سے یہاں سے کلاسیں بند ہو چکی ہیں اور اسکول کو نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے خیر ہم ہمت کر کے گورنمنٹ کالج لاہور کی اس ابتدائی عمارت کے تہہ خانے میں جھاڑیوں کو پھلانگتے ہوئے پہنچ گئے ۔ ایک عجیب سا خوف اور وحشت تھی تہہ خانے کی سیڑھیاں خستہ حال ہو چکی ہیں اندر اتنا اندھیرا تھا کہ کم از کم پانچ موبائل فونز کی روشنی چلانے کے باوجود اندھیرا تھا سب سے زیادہ ڈر اس بات کا تھا کہ کہیں سے کوئی سانپ بچھو یا کوئی اور زہریلی رینگنے والی چیز نہ آ جائے ۔

(جاری ہے)

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.