پاکستان کی سیاست بھی عجیب تماشہ بن چکی ہے کبھی ایوانِ اقتدار میں عوامی مسائل پر بحث ہوتی تھی پارلیمان کے فلور پر قومی پالیسیوں کا جائزہ لیا جاتا تھا اور کبھی سیاسی قیادت اپنے اپنے نظریات کے دفاع میں دلائل پیش کرتی تھی مگر اب صورتحال یہ ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ایوان بھی سیاسی انا ذاتی حملوں طعنوں اور جوابی الزامات کی آماج گاہ بنتے جا رہے ہیں اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہوتا ہے، مگر جب اختلاف ذاتی دشمنی میں تبدیل ہو جائے تو جمہوری روایات کا چہرہ مسخ ہونے لگتا ہے۔ حالیہ دنوں مولانا فضل الرحمن کی قومی اسمبلی میں تقریر نے ایک نئی سیاسی بحث کو جنم دیا تہران میں ہونے والی اہم سفارتی ملاقاتوں اور پاکستان کے کردار پر مولانا نے سوالات اٹھائے ان کی تنقید کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ جب خطے میں دفاعی نوعیت کے معاملات زیرِ بحث ہونے کی اطلاعات تھیں تو وزیر دفاع خواجہ آصف اس عمل کا حصہ کیوں نہیں تھے ان کے اس مؤقف کے بعد ایوان میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ گیا۔مولانا فضل الرحمن محض ایک مذہبی شخصیت نہیں بلکہ پاکستان کی پارلیمانی سیاست کا ایک طویل تجربہ رکھنے والے رہنما ہیں ان کی سیاست سے اختلاف کیا جا سکتا ہے ان کے مؤقف پر سوال اٹھائے جا سکتے ہیں اور ان کے سیاسی فیصلوں کا احتساب بھی کیا جا سکتا ہے لیکن کسی بھی سیاسی رہنما کی تنقید کا جواب دلیل سے دینا ہی پارلیمانی وقار کا تقاضا ہے ۔مولانا کی تقریر کے جواب میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے جوابی تقریر میں ان کے سیاسی ماضی کشمیر کمیٹی کی سربراہی اور مختلف حکومتوں میں ان کے کردار کو موضوع بنایا انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ مولانا اپنے طویل سیاسی دور میں کشمیر کے لیے کیا قابلِ ذکر خدمات انجام دے سکے ۔ خواجہ آصف نے مذہب اور سیاست کو سیاسی و مالی مفادات کے لیے استعمال کرنے کے الزامات بھی عائد کیے ۔یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر مولانا فضل الرحمن کے سیاسی کردار پر سوال اٹھانا ضروری تھا تو کیا اس کیلئے ذاتی نوعیت کے حملوں اور تلخ جملوں کا سہارا لینا بھی ضروری تھا کیا خواجہ آصف اپنے مؤقف کو اعدادوشمار حقائق اور سیاسی تاریخ کے ذریعے زیادہ مؤثر انداز میں پیش نہیں کر سکتے تھے ۔دوسری طرف وزیر داخلہ نے بھی سینیٹ میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ذاتی طور پر مولانا فضل الرحمن کا احترام کرتے تھے لیکن ریاست سے متعلق ان کے بیان کے بعد ان کا احترام ختم ہو گیا انہوں نے مولانا کی سیاست کو حکومتی حصے داری اور ریاستی مراعات سے جوڑنے کا طعنہ دیا ، اس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج بھی سامنے آیا۔اس بیان نے ایک نئی بحث کو جنم دیا کہ کیا کسی سیاسی رہنما کے ساتھ احترام کا تعلق صرف اس وقت تک قائم رہتا ہے جب تک اس کے خیالات حکومت کے مؤقف سے مطابقت رکھتے ہوں۔ ریاست پر تنقید اور ریاست سے دشمنی دو مختلف معاملات ہیں کسی بھی جمہوری معاشرے میں حکومت ریاست اور ریاستی اداروں پر تنقید کی حدود اور آداب پر بحث ہو سکتی ہے لیکن ان سب کو ایک ہی ترازو میں تولنا بھی درست نہیں خواجہ آصف کی تقریر کے دوران خواتین ارکان کے حوالے سے کیے گئے بعض ریمارکس پر پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی قومی اسمبلی میں اعتراض اٹھایا اور انہیں نامناسب قرار دیا ۔یہ پہلو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پارلیمانی بحث میں زبان اور طرزِ اظہار کا مسئلہ کس قدر اہم ہو چکا ہے حقیقت یہ ہے کہ پارلیمان کسی فرد کی ذاتی جاگیر نہیں ہوتی یہ عوام کے ووٹ، اعتماد اور اجتماعی نمائندگی کا ادارہ ہے یہاں موجود ہر شخص اپنی ذات سے بڑھ کر ایک حلقے ایک جماعت اور لاکھوں لوگوں کی نمائندگی کرتا ہے اس لیے پارلیمان میں کہے جانے والے الفاظ محض سیاسی بیانات نہیں ہوتے بلکہ وہ قومی سیاسی ثقافت کی تشکیل بھی کرتے ہیں ہماری سیاسی قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاست میں اختلاف کوئی جرم نہیں حکومت پر تنقید کرنا اپوزیشن کا حق ہے اور اپوزیشن کے موقف کا جواب دینا حکومت کی ذمہ داری لیکن یہ دونوں کام تہذیب دلیل اور پارلیمانی روایات کے دائرے میں رہ کر ہونے چاہئیں اگر ہر تنقید کے جواب میں ماضی کے قصے کھول دیے جائیں ہر اختلاف کو ریاست دشمنی قرار دیا جائے اور ہر مخالف کو ذاتی الزامات کی زد میں لایا جائے تو پھر پارلیمان میں سنجیدہ قومی مباحث کیلئے جگہ کہاں باقی رہ جائے گی ؟مولانا فضل الرحمن کو بھی اپنے الفاظ اور ریاست سے متعلق اظہارِ خیال میں احتیاط برتنی چاہیے سیاسی رہنما کی زبان میں ذمہ داری اور سنجیدگی ہونی چاہیے۔ ہماری سیاست کا المیہ یہ ہے کہ عوام مہنگائی بے روزگاری تعلیم صحت امن و امان اور معاشی مشکلات کے سوالات لے کر بیٹھے ہیں جبکہ ان کے منتخب نمائندے ایک دوسرے کے ماضی کردار اور الفاظ کی تشریح میں مصروف دکھائی دیتے ہیں عوام کو یہ جاننے سے کوئی غرض نہیں کہ کس نے کس پر کون سا الزام لگایا اور کس کی تقریر پر ایوان میں زیادہ شور ہوا عوام تو یہ جاننا چاہتے ہیں کہ ان کے مسائل کب حل ہوں گے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



