یہ تو آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ پاکستان کی سیاست میں صدر آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ جانے مانے جاتے ہیں اور ان کے حوالے سے یہ بھی بولا جاتا ہے کہ ’’ایک زرداری سب پہ بھاری‘‘۔ درحقیقت اس سے مراد آصف علی زرداری کی وفاقیت و پاکستانیت ہے۔ پاکستان کی سیاسی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں کہ صدر زرداری نے جو بھی سمجھوتے کیے ہیں اور جب بھی مفاہمت فرمائی ہے مضبوط فیڈریشن کی خاطر ہی تو وہ یہ سب کرتے رہے ہیں۔ ممبران پارلیمان کی خواہش،کوشش اور مطالبے و التجا کے بغیر صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان نے 58 ٹو b کے خاتمے کی بدولت ایک بے توقیر و کمزور پارلیمنٹ کو عزت و عظمت دے کر طاقتور بنا دیا، بھلا کوئی اپنا اختیار اور ہتھیار کب دوسروں کو دیتا ہے؟جبکہ دوسری جانب 18ویں ترمیم کا سہرا بھی صدر آصف علی زرداری کے سر ہی سجتا ہے۔ بلاشبہ میرے دیس و سماج کی سیاست میں صدر زرداری جیسا زیرک و ذہین، حکمت و فراست اور تحمل و تدبر والا سیاسی لیڈر کوئی نہیں ہے، جنہوں نے کبھی بھی کسی صوبائی تعصب کی بات نہیں کی اور نہ ہی کبھی کوئی سندھ کارڈ کھیلنے کی کوشش کی ۔ اور سچ تو یہ ہے کہ یہ موجودہ حکومت بھی کبھی نہ بنتی اگر صدر آصف علی زرداری پاکستان مسلم لیگ نون کو سہارا و حوصلہ دے کر ان کا ساتھ نہ دیتے اور توجہ و حکمت و مفاہمت نہ فرماتے ۔
میرے پاکستان میں مدتوں سے ایک عام پاکستانی کی سوچ پر پہرے ہیں اور پابندیاں بھی لیکن ہر ذی شعور و باخبر بندہ یہ بات بخوبی جانتا سمجھتا ہے کہ بی بی رانی کی شہادت کے فوراً بعد ہمارے ملکی حالات بگڑ کر جس نہج پہ پہنچ چکے تھے انہیں کنٹرول کر نا، یعنی تعصب و نفرت کو مٹا کر محبت و امن و امان بحال کرنا بڑا ہی اُوکھاکام تھا لیکن آصف علی زرداری جی نے ان مشکل ترین حالات میں پاکستان کھپےکی فکر کو امر فرما کر یہ ثابت کر دکھلایا تھا کہ ان سے بڑھ کر حکمت و ذہانت اور وفاقیت و پاکستانیت شاید کسی اور میں نہیں ۔ سوچنا یہ بھی ہے کہ صدر زرداری نے اس ملک و قوم کی خاطر کیا کچھ کیا ہے اور ہم نے انہیں کیا دیا ہے، مسٹر 10 پرسنٹ کے طعنوں اور بمبینو سینما کے ٹکٹ،گالیوں کے سوا، حالانکہ یہ سب باتیں ایک میڈیا ٹرائل کا نتیجہ تھیں اور سازشیں تھیں، ایک بہادر سردار کے خلاف جس کا حقیقت و سچائی کے ساتھ دور دور تلک کوئی واسطہ ہی نہ تھا۔ یہ سب ’’قطری خط‘‘ کے لیول کے جھوٹ ہیں اور جعلسازی بھی جو ہماری بے مروت و بے حس ہسٹری کا حصہ ہے۔ درحقیقت صدر زرداری ایک ایسے زمیندار، سردار کے بیٹے ہیں جن کی امارت و سخاوت پورے سندھ میں مشہور ہے ، جیسے سونے کا نوالہ منہ میں لے کر پیدا ہونے والے آصف سخی سردار کو ٹکٹ بلیک کرنے والا کہنا اور گھٹیا الزامات دینا کسی آدمی کے اندر کی جہالت کے سوا کچھ نہیں۔
سابق ایم پی اے محترمہ نرگس فیض ملک نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں درست ہی کہا تھا کہ ہمارے پنجاب میں اگر کسی کی بکری بھی مر جائے تو اس کا الزام بھی صدر آصف علی زرداری پہ لگا دیا جاتا ہے ۔صدر زرداری کوبدعنوان ثابت کرنے کے لیے ماضی میں ایک نہیں کئی افواہ ساز فیکٹریاں سرگرم رہیں ، اس حقیقت کو جھٹلانے کے لیے کہ دُختر مشرق اپنے شوہر کی بے حد تعظیم و تکریم کرتی ہیں اور احترام و مقام دیتی ہیں ۔ شاید بہت ہی کم لوگ اس حقیقت سے آشنا ہوں گے کہ صدر زرداری میں اگر کسی بڑے منصب کی بھوک ہوتی تو وہ شہید بی بی کی زندگی میں ہی ہر بڑے سے بڑا عہدہ حاصل کر سکتے تھے ۔ محترمہ بے نظیر بھٹو کو شہید کرنے والے رجعت پسند اس قتل کا اعتراف بھی کر چکے ہیں ، انہوں نے اپنی کتب تک میں لکھ دیا کہ ہم ہیں قاتل بے نظیر کے لیکن اس کے باوجودایسے جاہل اور بے خبرے بھی ہیں جو یہ کہتے دیکھے سنے گئے ہیں کہ بے نظیر کو قتل کروانے میں ان کے اپنوں کا مرکزی کردار تھا ۔صد افسوس کہ ہم اپنی ضد و انا اور عداوت و نفرت میں اندھے ہو کر کسی بھی انسان پہ کوئی بھی الزام تھوپنے سے پہلے سوچتے اور تولتے بالکل بھی نہیں ہیں۔ میں نے ماضی میں صدر زرداری کو منظوم خراج تحسین پیش کیا تھا، اس نظم کے چند اشعار ملاحظہ فرمائیے۔
تو بہادر اور جُرات والا
ہمت طاقت حکمت والا
مول جھکایا سر نہ تُونے
کبھی کیا جبر نہ تُو نے
کوئی دکھاؤ رنگ نیارے
ہم سبھی ہیںسنگ تمہارے
علم اور عدل عام کر دو
دیس عوام کےنام کر دو
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



