ہزار عذر تراش لائیں ، لاکھ تاویلیں گھڑ لیں ،کروڑوں بہانے بنالیں، یہ بات مسلمہ ہے کہ ہر کوئی ،خواہ اب وہ کہیں ہی ہوبالواسطہ یا بلا واسطہ مادرِ وطن سے ہی نوازا گیا ہے۔ بیشتر اپنی دانش و لیاقت کے بل بوتے پر دیانت کی راہ چلتے ہوئے سرفراز ہوئے اور اپنے اپنے شعبے کے درخشاں ستارے بن کر عالمی افق پرتابندہ ہیں تو ایک تعداد ایسی بھی ہے جیسی کوئی ناخلف اولاد ہوا کرتی ہے ، وہ جو اپنےگھر میں نقب لگانے سے بھی نہیں چوکتی اور موقع ملے تو ماں کے گہنے تک نوچ کر رفو چکر ہو جاتی ہے ۔افسوس کہ مادر وطن کے دامن میںایسے کپوتوں کی تعداد ہمیشہ زیادہ رہی ۔تاریخ کی ورق گردانی سے کیا حاصل کہ سب جانتے ہیں کہ کس نے کیاکیا کِیا۔گاہے یہ صورت حالات دیکھ کر امجد اسلام امجدؔ کا یہ شعربے ساختہ زبان پر آ جاتا ہے۔
یہ بستی ہے ستم پروردگاں کی
یہاں کوئی کسی سے کم نہیں ہے
قارئین کرام میں جذباتی نہیں ہو رہا اور اگر ہو بھی جائوں تو کیا غلط ہو گا ؟ملک کے طول و عرض میں اک عالم ِ بدحواسی میں غلطاں مخلوق دیکھ کر دل ملول نہ ہو تو اپنی انسانیت مشکوک نہیں ہو جاتی؟خیر اسے آپ یبوست کا نام دےسکتے ہیں یاسیت کا ہر گز نہیں، موخرالذکر تو کوئی آپشن ہی نہیں ۔ہم نے ہر دور میں زنجیرِ عدل ہلا لی ،کیا بنا ؟ کچھ نہیں ! کیوں ؟ اس لیے کہ ہم صرف ناقد ہیں دوسروں کے ،اپنی ذات کو ہر خرابی سے مبرا خیال کرتے ہیں ۔کیا خیال ہے آج دوسروں کے ساتھ ساتھ کچھ اپنا پوسٹمارٹم نہ کیا جائے،آخر اس میں حرج بھی تو کوئی نہیں ۔سوال صرف اور صرف یہ ہے کہ ہم پاکستان کےلج پال پتر کیوں نہیں اور کب بنیں گے ؟۔
مجھے لگتا ہے کہ ہماری اجتماعی نفسیاتی ساخت نے کچھ ایسے گل کھلائے ہیں کہ آج پاکستان خود پاکستانیوں سے بیزارہے۔ہمارا طرزعمل اس مکھی کی طرح ہے جو پورا حسین بدن چھوڑ کر صرف پھوڑے پربیٹھتی ہے ۔ہم ہمیشہ منفی سوچ کے زیر اثر منفی سوالات ہی کرتے ہیں،مثبت بات سے اسلئے گریزاں رہتے ہیں کہ اس کیلئے عملی طور پر میدان میں آنا اور کام کرنا پڑتا ہے جو باتیں کرنے سے بہرحال مشکل ہے ۔چنانچہ اگر کوئی ہمارے سامنےعقل و دانش اورفکر وعمل کی بات کرے توہمیں ایک آنکھ نہیں بھاتا۔یہ صورتحال ہم پر اچانک نازل نہیں ہوئی،ہم آہستہ آہستہ ترقی کرتےہوئے اس دلدل میں پہنچے ہیں ۔
دوسری جانب زمانہ قیامت کی چال چل گیا ہے ۔دنیا تجارتی میدانوں کی تلاش میں ہے ،کیا بنایا جائے اور کہاں فروخت کیا جائے،لاگت کیسے کم سے کم ہو سکتی ہے ،ٹیکنالوجی سر دست دنیا کا سب سے بڑا حوالہ ہے، اے آئی کیا انقلاب برپا کرے گی،اس کی وسعت کتنی ہوگی کتنی نوکریاں یہ ختم کرنے والی ہے اور کتنی نئی نوکریاں یہ پیدا کرے گی؟ سرمایہ کار منڈیوں کی تلاش میں ہیں، انویسٹرز اورگاہک تلاش کرتے ہیں ،ڈویلپرز کھوجتےہیں ،جس ملک کا ویزہ لیتے ہیں پہلے اس ملک کے پاسپورٹ کی رینکنگ چیک کرتے ہیں ،ہمسایوں کی منڈیوں میں پہلے جاتے ہیں بعد میں اس سے اگلےممالک کا رخ کرتےہیں ، اور ہمیں ہمسایوں سے اور ہمارے ہمسایوں کو ہم سے لڑائی کے بغیر سکون ہی نہیں ملتا ۔دنیا پہلے انفراسٹرکچر بناتی ہے بعد میں دنیا کو کاروبار کرنے کی دعوت دیتی ہےہم دعوت پہلے دے کر کیادنیا کو پاگل سمجھ رہے ہیں ؟جب کوئی پاکستانی اپنے سرمائے کو ملک میں محفوظ نہیں سمجھے گا اس وقت تک کوئی عالمی سرمایہ کارپاکستان نہیں آ ئے گا کیونکہ اس دنیا میںاس سےزیادہ سمجھ دار، ہوشیار اورتیز دماغ والا بندہ کوئی اور نہیں ہوتا ۔
آج بھی ہمارا اولین مسئلہ یہ ہے کہ25کروڑ عوام کو روٹی کیسے دینی ہے اور کب تک دینی ہے ؟ دنیا کے یہ مسائل ہی نہیں ،کیونکہ جن مسائل میں ہم مبتلا ہیں دنیا ان مسائل سے بہت پہلےآگے نکل چکی ہے۔ ابھی ازبکستان کے شہر بخاراحضرت بہاؤالدین نقشبند کے شہر میں ہوں تین ماہ پہلے میں دنیا کےتین ممالک کے وزٹ سے واپس پہنچا ہوں۔وہاں عوام الناس کے چہروں پر بشاشت ان کے سکون قلب کی غمازہے ۔ کسی چہرے پرتنائو ،خفگی یا غصے کا شائبہ تک نہیں۔اِک حسرت دل میں پیدا ہوئی کہ بارِ الہٰی میرے ہم وطن ایسے شاداں و فرحاں کیوں نہیں؟مسئلہ یہ ہے کہ دنیا بدل چکی ہے اور ہم خود کو بدلنے پر تیار نہیں ۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



