پاکستان کو درپیش قومی چیلنجز میں ذہنی صحت کا بحران ایک ایسا مسئلہ ہے جسے حکومت اور معاشرہ مطلوبہ سنجیدگی سے نہیں لے رہے۔ جسمانی بیماریوں کے برعکس ذہنی دباؤ، اضطراب اور ڈپریشن اکثر نظرانداز کر دیے جاتے ہیں۔ اس بحران کا ایک تشویش ناک پہلو معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت، غصہ اور دوسروں کے دکھ درد سے لاتعلقی ہے۔
پنجاب میں حالیہ دنوں پیش آنیوالے دو واقعات ہمارے اجتماعی رویوں پر سنجیدہ سوالات اٹھاتے ہیں۔ لاہور میں ایک موٹر سوار نے پٹرول بھرتے وقت سگریٹ بجھانے کی ضروری حفاظتی ہدایت پر پٹرول پمپ کے کارکن کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب ملتان میں ایک کم عمر یتیم بچہ مبینہ طور پر ٹھیکے دار کے سخت رویے سے بچنے کیلئے بھاگتے ہوئے گاڑی تلے آ کر جاں بحق ہوگیا۔ ذمہ داری کا حتمی تعین تحقیقات سے ہونا چاہیے، لیکن سوال یہ ہے کہ کیا طاقت ور کو کمزور پر غصہ نکالتے ہوئے انسانی جان اور وقار کا خیال بھی نہیں رہتا؟یہ واقعات محض انفرادی اشتعال نہیں بلکہ ہماری جذباتی تربیت، ہمدردی اور قانون کے احترام پر غور کا تقاضا کرتے ہیں۔ اختلافِ رائے کو دشمنی، تنقید کو توہین اور معمولی تنازع کو انا کا مسئلہ بنا لینا عدم برداشت کی ایسی علامات ہیں جو گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور عوامی مقامات پر دکھائی دیتی ہیں۔ ناقص تربیت، معاشی دباؤ، غصے پر قابو نہ رکھنا، طاقت کا غلط استعمال اور قانون سے بے خوفی ان رویوں کو بڑھا سکتے ہیں۔ذہنی صحت کا بحران اس پس منظر میں مزید اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری، خاندانی تنازعات، تعلیمی دباؤ اور سیاسی بے یقینی ذہنی پریشانیوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ نوجوانوں، خواتین اور معاشی مشکلات کا شکار خاندانوں کو بالخصوص شدید دباؤ کا سامنا ہوسکتا ہے۔ دہشت گردی، زلزلوں اور تباہ کن سیلابوں نے بھی بہت سے افراد کو نفسیاتی صدمات سے دوچار کیا، جن کے اثرات طویل عرصے تک برقرار رہ سکتے ہیں۔بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں ذہنی بیماری کو اب بھی کبھی کمزور ایمان، کبھی کمزور شخصیت اور کبھی محض وہم سمجھ لیا جاتا ہے۔ ذیابیطس، بلند فشارِ خون یا دل کے عارضے میں مبتلا شخص کے علاج کو ضروری سمجھا جاتا ہے، لیکن ڈپریشن یا شدید ذہنی دباؤ کی صورت میں مریض کو ہمدردی کے بجائے طعنوں اور غیر ضروری نصیحتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس رویے سے تکلیف بڑھتی اور بروقت علاج میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ہمارے دوست پروفیسر ڈاکٹر مودت حسین رانا کے مطابق، بعض ذہنی بیماریوں میں انسان اپنی بیماری کو پہچاننے اور اسکی سنگینی سمجھنے سے قاصر ہوسکتا ہے۔ طبِ نفسیات میں اس کیفیت کو فقدانِ ادراکِ بیماری (lack of insight) کہا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں مریض کو الزام دینے کے بجائے ہمدردی، پیشہ ورانہ تشخیص اور مناسب علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔
ذہنی صحت صرف انفرادی بیماری کا معاملہ نہیں۔ صحت مند معاشرے کیلئے ضروری ہے کہ افراد غصے پر قابو پانا، اختلاف برداشت کرنا، دوسروں کی عزت کرنا اور کمزوروں کے حقوق کا احترام کرنا سیکھیں۔ بچوں کی تربیت میں تشدد کے بجائے مکالمے، خوف کے بجائے اعتماد اور انتقام کے بجائے اصلاح کو اہمیت دینی چاہیے۔ والدین، اساتذہ، مذہبی رہنما اور ذرائع ابلاغ اس سلسلے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
ملتان کے واقعے میں یتیم بچے کی بے بسی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ معاشرے کے اخلاقی معیار کا اندازہ اس کے کمزور ترین افراد کے ساتھ سلوک سے ہوتا ہے۔ لاہور کا واقعہ بھی واضح کرتا ہے کہ غصے اور انا کو انسانی سلامتی پر فوقیت دینا کتنا خطرناک ہے۔ متاثرین کو انصاف فراہم کرنا، ذمہ داروں کا تعین شفاف تحقیقات سے کرنا اور قانون کو بلاامتیاز نافذ کرنا ضروری ہے۔ ہمدردی اور ذہنی صحت کی آگاہی، قانون اور جواب دہی کا متبادل نہیں۔
ریاست کی ذمہ داری سانحے کے بعد کارروائی تک محدود نہیں ہونی چاہیے۔ ذہنی صحت کیلئے وسائل مختص کرنا، ضلعی ہسپتالوں میں نفسیاتی خدمات اور تربیت یافتہ ماہرین کی دستیابی یقینی بنانا ضروری ہے۔ ذہنی صحت کو بنیادی طبی نگہداشت کا حصہ بنایا جائے تاکہ ضرورت مندوں کو بروقت اور قابلِ استطاعت علاج میسر آسکے۔ اسکولوں اور کالجوں میں آگاہی اور مشاورت کا نظام بھی قائم ہونا چاہیے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت کی کوششوں کا اعتراف نہ کرنا زیادتی ہوگی۔ جس ادارے کو ماضی میں عام طور پر ’’پاگل خانہ‘‘ کہا جاتا تھا، وہ آج پنجاب انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کے نام سے ذہنی امراض کے علاج کا اہم مرکز ہے۔ مجھے اس ادارے میں پورا دن گزارنے اور اس کے ماحول کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا۔ وہاں کا منظم ماحول، ماہرینِ نفسیات کی سرگرمیاں اور مریضوں کے علاج کیلئے عملے کی مستعدی دیکھ کر خوش گوار حیرت ہوئی۔ یہ تجربہ بتاتا ہے کہ مناسب وسائل، پیشہ ورانہ مہارت اور ادارہ جاتی توجہ سے ذہنی صحت کی خدمات بہتر بنائی جاسکتی ہیں۔ ایسے اداروں کو مزید مضبوط بنانا اور ان کی سہولتیں عام شہریوں تک پہنچانا ضروری ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تشدد، بچوں سے بدسلوکی اور کمزور افراد کے استحصال پر فوری اور غیر جانب دارانہ کارروائی یقینی بنانا ہوگی۔ معاشرتی اصلاح اسی وقت ممکن ہے جب اخلاقی تربیت، ذہنی صحت کی سہولتیں اور قانون کی عملداری ساتھ ساتھ چلیں۔عالمی ادارۂ صحت کے تصور کے مطابق، صحت محض بیماری سے پاک ہونے کا نام نہیں بلکہ جسمانی، ذہنی اور سماجی بہبود کا مجموعہ ہے۔ اس لیے ذہنی صحت کو قومی ترجیحات میں شامل کرنا اور برداشت، ہمدردی، خود ضبطی اور انسانی وقار کو اجتماعی زندگی کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



