نومبر کا مہینہ ہماری قومی و فکری تاریخ میں ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 9نومبر وہ تاریخ ہے جب سرزمینِ برصغیر پر ایک ایسا مرد درویش، مفکر اور صاحب بصیرت شاعر طلوع ہوا جس کی فکر کی روشنی نے غلامی کے اندھیروں میں بھٹکتی مسلمان قوم کو اپنی کھوئی ہوئی میراث کا احساس دلایا، اصل شناخت سے روشناس کرایا اور اس کے سامنے ایک ایسی منزل کا نقشہ رکھا جس کا نام پاکستان تھا۔ عظیم شخصیت حکیم الامت، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال محض ایک شاعر نہیں بلکہ وہ ایک عہد کا شعور، قوم کی بیداری اور سوئی ہوئی ملت کیلئے صدائے بیدار تھے۔ شاید ہی پاکستان کا کوئی بڑا عالم، دانش ور، مقرر یا سیاسی رہنما ہو جس کی تقریر اقبال کے ذکریا ان کے کسی شعر کے بغیر مکمل ہوتی ہو لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے اقبال کو صرف اپنی تقریروں کی زینت بنایا ہے یا ان کے افکار کو اپنی قومی زندگی کا حصہ بھی بنایا ہے۔ اقبال کی فکر کے کئی روشن پہلو ہیں مگر ان تمام جہتوں میں ایک تصور ایسا ہے جو ان کی شاعری، فلسفے اور پیغام کی بنیاد بن کر ابھرتا ہے اور وہ ہے فلسفہ خودی۔ یہ وہ فلسفہ تھا جس نے 1857ء کی جنگِ آزادی کے بعد شکست،ا حساس کمتری میں مبتلا اور غلامی کے بوجھ تلے دبی مسلمان قوم کے اندر خوداعتمادی، خودداری اور آزادی کا جذبہ بیدار کیا۔ اقبال نے مسلمانوں کو یہ احساس دلایا کہ قوموں کی زندگی محض حالات کے رحم و کرم پر نہیں ہوتی بلکہ ان کی تقدیر اپنے عزم، کردار، علم، عمل اور خود شناسی سے تشکیل پاتی ہے۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمانان ہند اپنی صلاحیتوں کو پہچانیں، حالات کے سامنے سرنگوں ہونے کے بجائے ان کا مقابلہ کریں اور اپنی منزل خود متعین کریں۔ اسی فکر کو اقبال نے اپنے اس لازوال شعر میں یوں بیان کیا:
خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے
خدا بندے سے خود پوچھے، بتا تیری رضا کیا ہے!
یہاں خودی سے مراد غرور، تکبر یا اپنی ذات کی پرستش نہیں، بلکہ اپنی شخصیت کی ایسی تعمیر ہے جس کی بنیاد ایمان، کردار، خودداری، مسلسل جدوجہد اور رضائے الٰہی پر قائم ہو۔ اقبال انسان کو اس مقام تک پہنچانا چاہتے ہیں جہاں اس کا کردار عمل اس قدر بلند ہو جائے کہ وہ اللہ کی رضا کا حقیقی طالب بن جائے۔ اقبال کا پیغام یہ تھا کہ انسان اپنی ذات کو پہچانے، مقصد حیات کو سمجھے، اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائے اور اپنی زندگی کو کسی بڑے نصب العین کیلئے وقف کر دے۔ یہی خودی، خودشناسی وہ راستہ ہے جو فرد کو بلندی اور قوم کو عظمت عطا کرتا ہے لیکن اقبال صرف بلند پروازی کا درس نہیں دیتے ، وہ کردار کی تعمیر اور عمل کی صداقت پر بھی زور دیتے ہیں ۔ اسی لیے جب وہ ہماری مذہبی اور اخلاقی زندگی کے تضاد کو دیکھتے ہیں تو بے ساختہ کہہ اٹھتے ہیں:
مسجد تو بنا دی شب بھر میں ایماں کی حرارت والوں نے
من اپنا پرانا پاپی ہے، برسوں بھی نمازی بن نہ سکا
افسوس کہ جس پاکستان کا خواب اقبال نے دیکھا اور جسکی عملی تعبیر کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے جدو جہد کی، اس کے بنیادی مقاصد آج بھی ہمارے لیے ایک سوالیہ نشان بنے ہوئے ہیں ۔ ہم نے غلامی کے وہ اثرات بھی اپنے اندر محفوظ رکھے ہیں جن سے اقبال ہمیں نجات دلانا چاہتے تھے۔ بدقسمتی سے آج جب ہم اپنے ارباب اقتدار کی طرف دیکھتے ہیں تو وہ ذاتی طور پر تو فلسفہ خودی اور اس کی فکری رہنمائی اپنانے کے نعرے دیتے ہیں لیکن عملی طور پر خود نمونہ بغاوت بنے ہوئے ہیں اقبال نے جس پاکستان کا خواب دیکھا تھا ، آج وہ مقصد کہیں بہت دور دفن کر دیا گیا ہے۔ وہ خواب فلسفہ خودی تھی کہ جس میں کوئی بھوکا نہ سوئے، پیسے اور اقتدار کی ہوس نہ ہو، آمرانہ سوچ ختم ہو جائے ۔ آج ایران ، ترکی ، جرمنی ، افغانستان اور بنگلہ دیش میں اقبال پر ریسرچ ہو رہی ہے۔ ان کے کلام کو انہی کی زبانوں میں ترجمہ کیا جارہا ہے۔ مولانا رومی کے مزار پر علامہ اقبال کی علامتی قبر بھی بنی ہوئی ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان تمام قوموں نے اقبال کے فلسفہ خودی کو اپنا کر آج دنیا میں ترقی کی راہ پر خود کو گامزن کر لیا ہے۔ اقوام عالم کے سامنے ہمارے قومی چہرے پر کہیں اقبال کی خودی نظر نہیں آرہی اور اقبال صرف اور صرف غریب ہی کے رہ گئے ہیں۔ جو اقبال کے فلسفہ خودی کے امین بن کر اپنوں اور اغیار تمام کے مظالم سہہ رہے ہیں۔ اشرافیہ غریب قوم کو اقبال کے فلسفہ خودی کے پیچھے لگا کر خود ایسٹ انڈیا کمپنی کے فلسفے پر عمل پیرا ہے میں تو کہتا ہوں کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی اہل اقتدار نے کہیں دفن کر دیا ہے۔ اقبال کا فلسفہ خودی تو کہتا ہے کہ اپنی خود داری کو بیدار کرو مگر ہمارے حکمران لوگوں کی خود داری کو امدادی پروگرام دے کر سلائے رکھتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ہم غریبوں کی بڑی مدد کر رہے ہیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہم دنیا کی طاقتور قوموں کا مقابلہ کریں تو ہمیں روزگار ، بنجر اور بے کار زمینوں میں کارخانے اور صنعتیں لگانی چاہئیں ، لوگوں کو تعلیم دینی چاہیے تا کہ وہ دنیا کے جدید سائنٹیفک اور اے آئی سے بھر پور فلسفے کا مقابلہ کر سکیں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ دنیا میں اپنا مقام پیدا کریں تو ہمیں نوجوانوں کے اندر فلسفہ خودی کا ماڈل بن کر ان کے اندر اس جذبے کو ابھارنا ہوگا جسے ہم نے غربت سپورٹ پروگرامز کے ذریعے سُلا دیا ہے۔
ہونا تو یہ چاہیے کہ ہم اپنی خودی کو بلند کر کے قرضہ دینے والے ملک بنیں نہ کہ قرضہ لینے پر فخر محسوس کریں۔ ہمیں اقوام عالم کو بتانا ہوگا کہ ہم اقبال کے فلسفہ خودی کے بہت بڑے امین ہیں ۔ وگرنہ ہماری داستان تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں ۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



