Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

کپاس اور ملکی معیشت

ملکی معیشت میں ایک مخصوص لابی کی جانب سے کپاس کا کردار با قاعدہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت انتہائی کم کئے جانے سے سالانہ اربوں ڈالر روئی اور خوردنی تیل کی درآمدات کے باعث پچھلے کچھ سالوں سے پاکستانی معیشت جب بتدریج کمزور ہونا شروع ہوئی تو…

Ahmad Haq
Ahmad Haq Tuesday, 10 November 2026 · 6 min read

ملکی معیشت میں ایک مخصوص لابی کی جانب سے کپاس کا کردار با قاعدہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت انتہائی کم کئے جانے سے سالانہ اربوں ڈالر روئی اور خوردنی تیل کی درآمدات کے باعث پچھلے کچھ سالوں سے پاکستانی معیشت جب بتدریج کمزور ہونا شروع ہوئی تو اب مختلف حکومتی اور نجی حلقوں کی جانب سے کپاس کی بحالی کا راگ الاپا جا رہا ہے لیکن بدقسمتی سے کپاس کی اس بحالی کے بارے وہی طریقہ اپنایا جارہا ہے کہ جس کے تحت کسی کنوئیں میں گرنے والے ایک ناپاک جانور کو نکالنے کی بجائے پانی پاک کرنے کے لئے گاؤں کے لوگ اس کنوئیں سے سینکڑوں ڈول پانی مسلسل نکالے جا رہے تھے۔

پاکستان میں کپاس کی تباہی کا آغاز اس وقت شروع ہوا جب پنجاب اور سندھ کے تمام کاٹن زونز میں پابندی کے باوجو د نہ صرف گنے کی کاشت کی اجازت دے دی گئی بلکہ ان کاٹن زونز میں نئی شوگر ملز کے قیام کے ساتھ ساتھ پہلے سے قائم شوگر ملز کی پیداواری صلاحیت میں بھی غیرقانونی طور پر کئی کئی گنا اضافہ کر کے پورے کاٹن زونز میں کسانوں کو ریکارڈ مراعات دے کر گنے کی کاشت میں غیر معمولی اضافہ کرایا گیا اور سونے پے سہاگہ شوگر ملز کے طاقتور مالکان نے چینی برآمدات پر کروڑوں روپے کی سبسڈیز بھی لیں اور یوں پاکستان میں شو گر لابی ملک بھر میں گنے کی کاشت اور نئی شوگر ملز کے قیام بارے اپنی بھر پور صلاحیتیں بروئے کار لائی۔ پاکستان میں شوگر لابی کے اثرو رسوخ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں پچھلے کئی سالوں سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کا تعلق بھی ہمیشہ یا اکثر شوگر لابی سے ہی رہا ہے ۔

پاکستان میں آجکل مختلف حلقوں کی جانب سے کپاس کی بحالی بارے مختلف ڈیزائن گردش کر رہے ہیں لیکن کنوئیں والی مثال کے مصداق مسئلے کے اصل حل کی جانب نہیں آیا جا رہا جو کاٹن زونز میں گنے کی کاشت پر مکمل پابندی عائد کرنا ہے اور اس کی بجائے دیگر مختلف تجاویز دی جارہی ہیں جن میں ایک اپٹما کی زیرنگرانی کاٹن بورڈ کا قیام سرفہرست ہے جبکہ اس کے علاوہ کپاس کے بیج کی درآمد میں غیر ضروری تاخیر ختم کرنے اور کپاس کے بیج کی درآمدات بڑھانا ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں کپاس کی بحالی کاٹن زونز میں گنے کی کاشت ختم کئے بغیر ممکن ہی نہیں کیونکہ گنے کی کاشت سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی کے باعث روئی کا معیار بھی انتہائی متاثر ہوا ہے لہٰذا ٹیکسٹائل ملز مالکان کو اپنی ضروریات کے لئے بیرون ملک سے بڑی تعداد میں روئی درآمد کرنا پڑ رہی ہے اور جہاں تک ایک مخصوص لابی کی جانب سے پاکستان میں کپاس کی کم پیداوار کی ایک بڑی وجہ ناقص بیچ ہے تو انہیں پتہ ہونا چاہئے کہ پاکستان کے وہ علاقے جن میں بلوچستان اور پنجاب و سندھ کے چولستان سے ملحقہ علاقے جہاں گنے کی کاشت بہت ہی کم یا نہ ہونے کے برابر ہے وہاں کپاس کی انہی بیجوں سے نہ صرف فی ایکڑ ریکارڈ پیداوار آرہی ہے بلکہ گنے والی ماحولیاتی آلودگی نہ ہونے سے یہاں کی کپاس کا معیار بین الاقوامی معیار کے برابر ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں کپاس کی پیداوار اور معیار کی اصل جڑ بیج نہیں بلکہ گنے کی وجہ سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آلودگی ہے۔

پاکستان میں کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار جو ایک وقت میں ایک کروڑ پچاس لاکھ بیلز کے برابر تھی اب پچپن لاکھ بیلز تک محدود ہو گئی ہے اور پاکستان کپاس پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں وہ واحد ملک ہے جہاں پچھلے دس سالوں کے دوران کپاس کی مجموعی ملکی پیداوار ساٹھ فیصد تک کم ہو چکی ہے اس لئے پاکستان میں کپاس کی حقیقی بحالی کے لئے کاٹن زونز میں گنے کی کاشت پر مکمل پابندی عائد نہ کی گئی تو پاکستان میں اربوں ڈالر روئی کے ساتھ ساتھ سالانہ اربوں ڈالر مالیتی خوردنی تیل بھی در آمد کرنا پڑے گا۔

پاکستان میں کپاس کی فصل میں غیر معمولی کمی واقع ہونے کے ساتھ ساتھ کپاس سے متعلق صنعتیں جن میں کاٹن جننگ فیکٹریاں، ٹیکسٹائل ملز، آئل ملز اور پاور لومز بھی پچھلے چند سالوں سے غیر دوستانہ حکومتی پالیسیوں کے باعث تاریخ کے بدترین معاشی بحران کا شکار ہیں۔ 500سے زائد کاٹن جننگ فیکٹریاں 150سے زائد ٹیکسٹائل ملز، کئی سو آئل ملز اور ہزاروں پاور لومز مکمل طور پر جبکہ کئی جزوی طور پر غیر فعال ہو چکی ہیں جس کی بڑی وجہ بھاری ٹیکسز، بجلی اور گیس کی ہوشربا قیمتیں، بھاری مارک اپ ٹیکسٹائل ملز کے کئی ارب روپے کے ریفنڈز کی عرصہ دراز سے ادائیگیاں نہ ہونا اور غیردوستانہ درآمدی پالیسیاں ہیں۔ پاکستان پچھلے کافی سالوں سے چین اور دیگر ممالک کی منڈیاں بنا ہوا ہے کیونکہ ایکسپورٹ سہولت اسکیم (ای ایف ایس) کو جواز بنا کر کئی درآمد کنندگان پچھلے کافی عرصے سے اصل قیمت سے کم قیمت (انڈر انوائسنگ) کے ذریعے سالانہ کروڑوں میٹر کپڑا اور لاکھوں ٹن سوتی دھاگہ چین اور دیگر ممالک سے درآمد تو کر رہے ہیں لیکن پھر اسے برآمد کرنے کی بجائے اندرون ملک ہی سستے داموں فروخت کر تے ہیں۔ جس سےقومی خزانے کو سالانہ اربوں روپیہ نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ مقامی صنعتیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔

آپ سب کے علم میں ہو گا کہ اس بارے پانچ بڑی ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے نیشنل ٹیرف کمیشن ( این ٹی سی) کو دی جانے والی ایک شکایت کے نتیجے میں ملک بھر کی متاثرہ ٹیکسٹائل ملز کو اس ضمن میں اپنی جامع شکایات این ٹی سی کے پاس جمع کرانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں تا کہ اس اسکینڈل کی جامع تحقیقات کے بعد کوئی قانونی لائحہ عمل اپنایا جا سکے ۔ یادر ہے کہ اس سے پہلے ٹیکسٹائل ملز کی جانب سے بڑی شکایات کے بعد حکومت پاکستان نے بیرون ممالک سے ای ایف ایس کے تحت درآمد ہونے والی روئی پر پابندی عائد کی تھی۔ پاکستان میں کپاس کی صنعتوں کو 2027 ء اوائل میں مزید مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جب بھارت کو اسی سال یورپی یونین کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ ( ایف ٹی اے) کی سہولت حاصل ہو جائے گی اور اس کی ٹیکس فری کاٹن پروڈکٹس کی پورے یورپ کو رسائی حاصل ہونے کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل ملز پر اس کے منفی اثرات ظاہر ہونے کے خدشات ظاہر کئے جا رہے ہیں اس لئے حکومت پاکستان کو بھی چاہئے کہ وہ اپنی درآمدی و برآمدی پالیسیوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ای ایف ایس پر مکمل پابندی عائد کرے اور برآمد کنندگان کیلئے انتہائی دوستانہ پالیسیاں جیسے ٹیکسوں، بجلی و گیس کے نرخوں اور مارک اپ کی شرح میں زیادہ سے زیادہ کمی کرے تاکہ پاکستان کی برآمدات بہتر ہونے سے ملکی معیشت بھی مضبوط ہو سکے۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.