حالیہ دنوں میں محکمۂ موسمیات کے ایک ڈائریکٹر کا بیان نظروں سے گزرا، جس میں انہوں نے سردیوں کے دورانیے میں نمایاں کمی کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ برسوں کے دوران شدید سردی کا دورانیہ تقریباً 75 دن سے کم ہو کر 50 دن کے قریب رہ گیا ہے۔ ان کے بیان کے مطابق پاکستان میں موسمِ سرما کا عمومی دورانیہ اگرچہ نومبر سے مارچ تک سمجھا جاتا ہے، تاہم شدید سردی کے دنوں میں بتدریج کمی کا رجحان سامنے آ رہا ہے۔ یہ بیان محض موسم کی تبدیلی سے متعلق ایک اطلاع نہیں بلکہ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب کی زرعی معیشت، باغبانی، غذائی تحفظ اور انسانی صحت کے حوالے سے ایک اہم سوال بھی اٹھاتا ہے کہ اگر مستقبل میں پنجاب میں سردیوں کا مؤثر دورانیہ سمٹ کر صرف 55دن رہ جائے تو اس کے کیا اثرات مرتب ہوں گے؟ اگرچہ 55 دن کی سردیوں کو فی الحال پورے پنجاب کے لیے محکمۂ موسمیات کی کوئی حتمی اور باضابطہ پیش گوئی قرار نہیں دیا جا سکتا، تاہم درجۂ حرارت میں اضافے اور سرد موسم کے دورانیے میں کمی کے امکانات کو سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب پاکستان کا زرعی مرکز ہے اور یہاں کاشت ہونے والی اہم فصلوں کا انحصار موسم کے قدرتی توازن پر ہے۔ گندم، چنا، سرسوں، آلو، مٹر اور دیگر ربیع کی فصلوں کی نشوونما کے لیے مخصوص درجۂ حرارت اور موسم کی موزونیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ خصوصاً گندم کی فصل کو ابتدائی نشوونما سے لے کر دانہ بننے اور پکنے تک مناسب درجۂ حرارت درکار ہوتا ہے۔ اگر سردیوں کا دورانیہ کم ہو اور موسم وقت سے پہلے گرم ہونا شروع ہو جائے تو گندم کی فصل جلد پکنے، دانے کا وزن کم ہونے اور فی ایکڑ پیداوار متاثر ہونے کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں کسان کی آمدنی کم ہونے اور ملک میں گندم کی مجموعی پیداوار پر دباؤ آنے کا امکان ہے۔ یہی صورتحال چنے، سرسوں اور دیگر سرد موسم کی فصلوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ جنوبی پنجابخصوصاً ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، وہاڑی، بہاولپور اور رحیم یار خان کا زرعی نظام پہلے ہی پانی کی کمی، بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات، مہنگی کھاد، بیج، ڈیزل اور زرعی ادویات جیسے مسائل سے دوچار ہے۔ ایسے میں اگر سرد موسم مزید مختصر ہوتا ہے تو فصلوں کو مطلوبہ ٹھنڈک نہ ملنے، آبپاشی کی ضرورت بڑھنے اور پیداوار کے معیار میں کمی جیسے مسائل سامنے آ سکتے ہیں۔ کسان پہلے ہی موسمی بے یقینی کے باعث اپنی فصلوں کی منصوبہ بندی میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں۔اگر موسم کا روایتی نظام مزید تبدیل ہوا تو ان کے معاشی مسائل میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔ جنوبی پنجاب کی شناخت آم کے باغات سے بھی ہے اور ملتان کو آموں کی سرزمین کہا جاتا ہے۔ آم کی فصل کا پھول آنے، پھل بننے اور پیداوار کے معیار کا تعلق درجۂ حرارت، موسم کی تبدیلی اور درختوں کی قدرتی حیاتیاتی ضروریات سے ہے۔ موسمِ سرما میں مناسب ٹھنڈک اور اس کے بعد درجۂ حرارت میں بتدریج تبدیلی آم کے درختوں کے پھول آنے کے عمل پر اثرانداز ہو سکتی ہے۔ اگر موسم غیر معمولی طور پر گرم رہے یا درجۂ حرارت میں اچانک اتار چڑھاؤ آئے تو پھول آنے کا وقت، پھولوں کی تعداد، پھل بننے کا عمل اور پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس کا براہِ راست اثر آم کے باغبانوں کی آمدنی، برآمدات اور ملکی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔ اسی طرح پنجاب کے مختلف علاقوں میں پیدا
ہونے والے کینو، مالٹا، امرود، آڑو، آلو بخارا اور دیگر پھل بھی موسمی حالات سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ بعض پھل دار درختوں کو پھول آنے اور مناسب پیداوار کے لیے مخصوص مقدار میں سردی درکار ہوتی ہے، جسے سائنسی اصطلاح میں چِلنگ آورز کہا جاتا ہے۔ اگر مطلوبہ سردی پوری نہ ہو تو پھول آنے میں بے قاعدگی، پھل کی مقدار میں کمی اور معیار متاثر ہونے جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے کینو کی کاشت اور جنوبی پنجاب کے باغات پر خصوصی تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ باغبانوں کو مستقبل کے موسمی حالات کے مطابق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ سبزیوں کی پیداوار بھی موسمِ سرما کے مختصر ہونے سے متاثر ہونے کا خدشہ رکھتی ہے۔ آلو، مٹر، گوبھی، پالک، مولی، گاجر، شلجم اور دیگر سرد موسم کی سبزیوں کو مناسب ٹھنڈک درکار ہوتی ہے۔ درجۂ حرارت زیادہ رہنے سے ان کی نشوونما، پیداوار، جسامت اور معیار متاثر ہو سکتے ہیں۔ اگر فصلوں کی پیداوار کم ہوئی تو اس کا اثر منڈیوں میں رسد اور قیمتوں پر پڑے گا اور عام شہری کے لیے سبزیاں اور پھل خریدنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔ اس طرح موسم کی تبدیلی کا اثر صرف کسان تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہر گھر کے کچن اور دسترخوان تک پہنچے گا۔ موسمِ سرما میں کمی کا ایک اہم اثر پانی کے وسائل پر بھی مرتب ہو سکتا ہے۔ درجہ ٔحرارت میں اضافے کے باعث فصلوں کی پانی کی ضروریات بڑھ سکتی ہیںجب کہ نہری پانی اور زیرزمین آبی ذخائر پہلے ہی دباؤ کا شکار ہیں۔ دوسری جانب ملک کے شمالی علاقوں میں برف باری، برفانی ذخائر اور بارشوں کا نظام دریاؤں کے پانی کی دستیابی سے جڑا ہوا ہے۔ اگر موسمیاتی تبدیلی کے باعث برف باری اور برف پگھلنے کے معمولات تبدیل ہوتے ہیں تو دریاؤں کے بہاؤ اور پانی کی دستیابی کے اوقات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ پنجاب کی زراعت چونکہ نہری نظام اور زیرزمین پانی پر انحصار کرتی ہے، اس لیے مستقبل میں پانی کا بہتر انتظام ایک بنیادی ضرورت بن جائے گا۔ انسانی صحت بھی اس ممکنہ تبدیلی سے محفوظ نہیں رہے گی۔ سردیوں کا مختصر ہونا اور گرم موسم کا دورانیہ بڑھنا گرمی کی شدت، پانی کی کمی، ہیٹ اسٹروک اور دل و سانس کے مریضوں کیلئے اضافی خطرات پیدا کر سکتا ہے۔ بچوں‘ بزرگوں اور کھلے مقامات پر کام کرنیوالے مزدوروں کو زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری طرف موسم میں اچانک تبدیلی، دھند، اسموگ اور فضائی آلودگی کے مسائل بھی اپنی جگہ موجود رہیں گے۔ یہ سمجھنا بھی ضروری ہے کہ سردیوں کے دن کم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ سردی کی شدت ختم ہو جائے گی بلکہ موسمیاتی بے ترتیبی کے باعث بعض اوقات مختصر عرصے کیلئے شدید سردی، بارش یا غیر معمولی موسمی حالات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب، محکمۂ زراعت، محکمہ ٔموسمیات‘ زرعی جامعات اور تحقیقی اداروں کو ابھی سے مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔ سب سے پہلے گندم، چنے، سرسوں اور دیگر فصلوں کی ایسی اقسام متعارف کرانے پر تحقیق کی جائے جو زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے
کی صلاحیت رکھتی ہوں اور کم مدت میں بہتر پیداوار دے سکیں۔ زرعی تحقیق کو صرف تجربہ گاہوں تک محدود رکھنے کے بجائے کسانوں کے کھیتوں تک پہنچایا جائے اور جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات جانچنے کے لیے باقاعدہ تحقیقی منصوبے شروع کیے جائیں۔ آم، کینو اور دیگر پھلوں کے باغات کے لیے بھی ایسے تحقیقی پروگرام شروع ہونے چاہئیں جن کے ذریعے درختوں کی موسمی ضروریات، پھول آنے کے اوقات اور پیداوار پر درجہ حرارت کے اثرات کا ریکارڈ مرتب کیا جا سکے۔ باغبانوں کو جدید طریقہ ہائے باغبانی، مناسب تراش خراش، آبپاشی، زمین میں نمی برقرار رکھنے اور موسمی حالات کے مطابق باغات کی دیکھ بھال کی تربیت دی جائے۔ حکومت کو ڈرپ اریگیشن اور اسپرنکلر نظام جیسے جدید طریقہ ہائے آبپاشی کے فروغ کے لیے آسان شرائط پر قرضے اور سبسڈی فراہم کرنی چاہیے تاکہ پانی کے ضیاع کو کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے، چھوٹے آبی ذخائر بنانے، زیرزمین پانی کے بے دریغ استعمال کو روکنے اور نہری نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔ محکمہ ٔموسمیات کو چاہیے کہ کسانوں کے لیے ضلعی اور تحصیل سطح پر موسمی پیش گوئی کا نظام مزید مؤثر بنائے، تاکہ کاشتکار بروقت فیصلہ کر سکیں کہ کون سی فصل کب کاشت کرنی ہے، آبپاشی کب کرنی ہے اور موسمی خطرات سے اپنی فصلوں کو کیسے محفوظ رکھنا ہے۔ کسانوں کے لیے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تربیتی پروگرام، زرعی انشورنس اور فصلوں کے نقصان کی صورت میں شفاف مالی معاونت بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ زرعی پالیسی میں صرف پیداوار بڑھانے کے اہداف کافی نہیں ہوں گے بلکہ بدلتے ہوئے موسم کے مطابق فصلوں کی منصوبہ بندی، پانی کا تحفظ، مٹی کی زرخیزی اور غذائی تحفظ کو بھی مرکزی اہمیت دینا ہوگی۔ حکومت کو زرعی جامعات اور نجی شعبے کے تعاون سے موسمیاتی تحقیق کیلئے خصوصی فنڈ قائم کرنے پر بھی غور کرنا چاہیے۔ ایک اور اہم پہلو یہ ہے کہ موسمِ سرما کے دورانیے میں تبدیلی کے بارے میں عوامی سطح پر درست معلومات فراہم کی جائیں۔اس حوالے سے طویل مدتی موسمیاتی ریکارڈ، درجہ حرارت کے رجحانات اور سائنسی تحقیق کی بنیاد پر عوام کو آگاہ کرنا ضروری ہے۔ محکمہ موسمیات کو ہر سال موسمِ سرما کے آغاز، شدت اور دورانیے کے حوالے سے واضح اعداد و شمار جاری کرنے چاہئیں تاکہ کسان، صنعت کار، شہری اور متعلقہ ادارے بہتر منصوبہ بندی کر سکیں۔ پاکستان کی معیشت میں زراعت بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور پنجاب اس شعبے میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔ اگر موسموں کا قدرتی توازن مسلسل تبدیل ہوتا رہا تو اس کے اثرات صرف کھیتوں اور باغات تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ گندم کی پیداوار، آم اور کینو کی برآمدات، سبزیوں کی قیمتوں، پانی کی دستیابی، کسانوں کی آمدنی اور انسانی صحت تک پھیل سکتے ہیں۔ اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم موسمیاتی تبدیلی کو مستقبل کا مسئلہ سمجھ کر نظرانداز نہ کریں بلکہ آج ہی سے اس کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کی تیاری شروع کریں۔ سوال یہ نہیں کہ پنجاب میں سردیاں 55 دن کی ہوں گی یا 70 دن کی‘ اصل سوال یہ ہے کہ کیا ہماری زراعت، باغبانی، آبی وسائل اور حکومتی منصوبہ بندی بدلتے ہوئے موسموں کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر رہی ہے؟ کیونکہ اگر ہم نے بروقت اقدامات نہ کیے تو موسم کی تبدیلی کی قیمت صرف کسان نہیں بلکہ پورا معاشرہ ادا کرے گا۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



