دنیا اس وقت جن سنگین مسائل سے دوچار ہے، ان میں موسمیاتی تبدیلی ایک ایسا بحران ہے جسکی سرحدیں کسی ایک ملک تک محدود نہیں۔ شدید گرمی، سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور قدرتی آفات نے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر، دونوں طرح کے ممالک کو متاثر کیا ہے۔ ایسے حالات میں عالمی برادری کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونیوالی اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (cop31) اسی ضرورت کے تحت ایک اہم عالمی اجتماع ہے، لیکن اسکی اہمیت محض ماحولیاتی تحفظ تک محدود نہیں۔ یہ کانفرنس ترکیہ کیلئے عالمی سفارتکاری میں اپنی حیثیت مستحکم کرنے اور بین الاقوامی سطح پر اپنا کردار مزید مؤثر بنانیکا بھی ایک بڑا موقع ہے۔cop31کا انعقاد 9سے 20نومبر 2026ء تک انطالیہ میں ہوگا، جبکہ عالمی رہنماؤں کا سربراہی اجلاس 11 اور 12 نومبر کو صدر رجب طیب ایردوان کی میزبانی میں منعقد ہوگا۔ اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کے 196رکن ممالک اور یورپی یونین سمیت مجموعی طور پر 197فریق اس کانفرنس میں شریک ہونگے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق 91 سربراہانِ مملکت و حکومت کی شرکت کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 300سے زائد وزرا کی آمد بھی متوقع ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی شریک ہونگے۔اس کانفرنس کا بنیادی مقصد عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو محدود رکھنے، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی، صاف توانائی کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کو مالی و تکنیکی معاونت کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔ 2015ء میں طے پانے والے پیرس معاہدے پر عمل درآمد کو تیز کرنا اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ اسکے علاوہ توانائی کی منتقلی، ماحول دوست صنعت، غذائی تحفظ، پانی کے وسائل کا تحفظ، زیرو ویسٹ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے شہروں کی تعمیر جیسے موضوعات پر بھی غور ہوگا۔ترکیہ کیلئے اس کانفرنس کی میزبانی غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔ انقرہ اسے عالمی سطح پر اپنے سفارتی اثر و رسوخ کو وسعت دینے اور خود کو بین الاقوامی مسائل کے حل میں ایک فعال کردار کے طور پر پیش کرنے کا موقع سمجھتا ہے۔ ایسے وقت میں جب دنیا علاقائی تنازعات، بڑی طاقتوں کی رقابت اور معاشی عدم استحکام کا سامنا کر رہی ہے، موسمیاتی تبدیلی ایک ایسا مشترکہ مسئلہ ہے جو مختلف سیاسی مفادات رکھنے والے ممالک کو بھی مذاکرات کی میز پر لا سکتا ہے۔ صدر ایردوان کیلئے یہ موقع ہے کہ وہ عالمی رہنماؤں سے براہِ راست رابطوں کے ذریعے ترکیہ کے سفارتی اور سیاسی کردار کو مزید نمایاں کریں۔معاشی اعتبار سے بھی ترکیہ اس کانفرنس سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہے۔ دنیا تیزی سے قابل تجدید توانائی، ماحول دوست صنعتی پیداوار اور جدید ٹیکنالوجی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ترکیہ چاہتا ہے کہ اس عالمی تبدیلی میں اس کی صنعتی صلاحیت، جغرافیائی اہمیت اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کو نمایاں کیا جائے۔ موسمیاتی مالیات اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی بھی اسکی ترجیحات میں شامل ہے۔ اسکے ساتھ ترکیہ ترقی پذیر ممالک کیلئے مالی معاونت اور موسمیاتی انصاف کے مطالبے کو بھی عالمی سطح پر مؤثر انداز میں اٹھانا چاہتا ہے سوال یہ ہے کہ کیا ترکیہ اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا؟ اس کا انحصار صرف کانفرنس کے شاندار انتظامات یا عالمی رہنماؤں کی شرکت پر نہیں بلکہ اس بات پر ہوگا کہ آیا ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی مالی معاونت کےوعدوں کو عملی شکل دینے پر آمادہ ہوتے ہیں یا نہیں۔ ترقی پذیر ممالک کو جدید ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور توانائی کی منتقلی کیلئے وسائل فراہم کیے بغیر عالمی ماحولیاتی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ ترکیہ کو ان مختلف مفادات کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے مؤثر سفارتکاری کرنا ہوگی۔صدر ایردوان کی سربراہی اجلاس کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا، برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم اور آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشینیان کی شرکت اس اجتماع کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے۔ خصوصاً آرمینیا کے وزیراعظم کی انطالیہ آمد کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کی کوششوں کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم تمام دوطرفہ ملاقاتوں کی حتمی فہرست ابھی سامنے نہیں آئی۔پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف بھی اس سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ 10 نومبر کو ترکیہ پہنچیں گے، 11 اور 12 نومبر کو عالمی رہنماؤں کے اجلاس میں شریک ہوں گے اور 13 نومبر کو وطن واپس روانہ ہونگے۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر سینئر وزرا بھی انکے ہمراہ ہونگے۔ انکے پروگرام میں بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔پاکستان کیلئے cop31 کی اہمیت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ 2022ء کے تباہ کن سیلاب نے ملک کو بھاری معاشی اور انسانی نقصان پہنچایا تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف کیلئے یہ ایک اہم موقع ہوگا کہ وہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے موسمیاتی مسائل اجاگر کریں اور مالی معاونت، جدید ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تحفظ کے منصوبوں میں بین الاقوامی تعاون کے امکانات بڑھائیں۔بلاشبہ انطالیہ میں جمع ہونیوالے عالمی رہنماؤں کے سامنے صرف ماحول کے تحفظ کا مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت کے مشترکہ مستقبل کا سوال بھی ہوگا۔ ترکیہ نے اس کانفرنس کی میزبانی حاصل کرکے عالمی سطح پر اپنی سفارتی صلاحیتوں کو منوانے کا ایک بڑا موقع حاصل کیا ہے۔ اب اس کی کامیابی کا فیصلہ اس بنیاد پر ہوگا کہ وہ عالمی وعدوں کو عملی اقدامات اور سفارتی رابطوں کو ٹھوس نتائج میں کس حد تک تبدیل کر پاتا ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



