Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

علامہ اقبال کا تصورِ اسلامی ریاست

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی علامہ محمد اقبال محض شاعرِ مشرق نہیں بلکہ ایک عظیم مفکر، فلسفی اور حکیم الامت بھی تھے۔ انہیں بجا طور پر مفکرِ پاکستان کہا جاتا ہے، لیکن ان کی فکر کا دائرہ صرف پاکستان کے قیام کے تصور تک محدود نہیں تھا۔ ان کی…

ڈاکٹر فرید احمدپراچہ
ڈاکٹر فرید احمدپراچہ Wednesday, 11 November 2026 · 6 min read

ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

علامہ محمد اقبال محض شاعرِ مشرق نہیں بلکہ ایک عظیم مفکر، فلسفی اور حکیم الامت بھی تھے۔ انہیں بجا طور پر مفکرِ پاکستان کہا جاتا ہے، لیکن ان کی فکر کا دائرہ صرف پاکستان کے قیام کے تصور تک محدود نہیں تھا۔ ان کی فکر کی اساس قرآن و سنت، سیرتِ رسول ﷺ اور اسلامی تاریخ و تہذیب تھی۔ اقبال نے اپنے فکری سفر میں مغرب کے قدیم و جدید فلسفے کا گہرا مطالعہ کیا۔ انکی شاعری میں افلاطون، سقراط، ارسطو، دانتے، گوئٹے، نطشے اور برگساں جیسے مفکرین کا ذکر ملتا ہے، لیکن وہ انکے افکار سے متاثر ہونے کے باوجود اپنی فکری منزل کیلئے قرآن و سنت اور اسوۂ رسول ﷺ ہی کو رہنما سمجھتے تھے۔اقبال کے نزدیک انسان کی تکمیل کا نمونہ مردِ مومن ہے اور مردِ مومن کا کامل ترین نمونہ ذاتِ رسالت مآب ﷺ ہے۔ اسی لئے انکے ہاں خودی، آزادی، قوتِ عمل اور اقتدار کا تصور بھی بندگیِ الٰہی سے وابستہ ہے۔ وہ کہتے ہیں:

ہاتھ ہے اللہ کا بندۂ مومن کا ہاتھ

غالب و کار آفریں، کارکشا، کارساز

اقبال کے تصورِ اسلامی ریاست کی بنیاد عقیدۂ توحید اور حاکمیتِ الٰہی ہے۔ اسلام کا بنیادی عقیدہ یہ ہے کہ کائنات کا حقیقی مالک، حاکم اور قانون ساز اللہ تعالیٰ ہے۔ کسی فرد، خاندان، طبقے یا بادشاہ کو مطلق اقتدار حاصل نہیں۔ حکمرانوں کا منصب امانت، ذمہ داری اور نیابت کا ہے، نہ کہ خدائی اختیار کا۔اقبال اسلامی ریاست کو ایک عملی اور اصولی نظام کے طور پر دیکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک اسلامی ریاست کے قیام کا تقاضا یہ ہے کہ اسلام کے اخلاقی، قانونی اور اجتماعی اصولوں کو محض نظریات کی حد تک نہ رکھا جائے بلکہ انہیں اجتماعی زندگی میں نافذ کیا جائے اور ایک منظم انسانی ادارے کی صورت دی جائے۔تاہم اقبال اسلامی ریاست کو مغربی اصطلاح میں تھیوکریسی یا مذہبی پیشوائیت کا نظام نہیں سمجھتے۔ وہ ایسی حکومت کے قائل نہیں جس میں کوئی مذہبی طبقہ خود کو زمین پر خدا کا نمائندہ قرار دے کر غیر محدود اختیارات حاصل کرلے۔ انکے نزدیک اسلامی ریاست کا امتیاز یہ ہے کہ اس میں اقتدار عوامی مشاورت اور اجتماعی نظم کے ذریعے استعمال ہوتا ہے، لیکن اسکی رہنمائی قرآن و سنت کے اصول کرتے ہیں۔ یوں حاکمیت اللہ تعالیٰ کی، جبکہ انتظام و اختیار انسانوں کی امانت اور ذمہ داری ہے۔

اقبال کے نزدیک دین اور سیاست کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔ 1911ء میں the indian review کیلئے لکھے گئے اپنے مضمون میں انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی قانون کے مطابق مذہب اور سیاست میں کوئی حقیقی تفریق نہیں۔ اسلام ریاست کو مذہبی اور دنیاوی معاملات کا محض مجموعہ نہیں بلکہ ایک ایسی وحدت قرار دیتا ہے جس میں اجتماعی زندگی کے تمام پہلو ایک اخلاقی اور اصولی نظام کے تابع ہوتے ہیں۔اسی فکر کو انہوں نے اپنے اس مشہور شعر میں بیان کیا ہے:

جلالِ پادشاہی ہو کہ جمہوری تماشا ہو

جدا ہو دیں سیاست سے تو رہ جاتی ہے چنگیزی

اقبال کا تصورِ اسلامی ریاست محض ایک ملک یا جغرافیائی خطے تک محدود نہیں۔ وہ پوری انسانیت کو ایک وحدت کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ ان کے نزدیک رنگ، نسل، زبان اور جغرافیائی حدود انسانوں کے درمیان دائمی تفریق کی بنیاد نہیں بن سکتیں۔

اسی تصور کو انہوں نے اس شعر میں بیان کیا:

مکہ نے دیا خاکِ جنیوا کو یہ پیغام

جمعیتِ اقوام کہ جمعیتِ آدم

اقبال مغربی جمہوریت، سرمایہ دارانہ نظام اور اشتراکیت کے بعض بنیادی تصورات پر تنقید کرتے تھے۔ ان کا اعتراض نمائندگی یا عوامی شرکت کے اصول پر نہیں بلکہ اس جمہوریت پر تھا جو اخلاقی اور الٰہی رہنمائی سے آزاد ہوکر محض عددی اکثریت، سرمایہ اور طبقاتی مفادات کا کھیل بن جائے۔ ان کے نزدیک ایسی جمہوریت بھی استحصال کا ذریعہ بن سکتی ہے۔وہ انسانی آزادی کے حامی تھے، لیکن ایسی آزادی کے نہیں جو انسان کو اخلاقی ذمہ داری اور اجتماعی مفاد سے بے نیاز کردے۔ اقبال کے نزدیک اسلامی آزادی کا مفہوم یہ ہے کہ انسان طاغوتی اقتدار اور انسانی غلامی سے آزاد ہوکر اللہ تعالیٰ کی بندگی اختیار کرے۔ اسی طرح اسلامی نظام میں مشاورت، شوریٰ اور اجتماعی شرکت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔اپنی تصنیف the reconstruction of religious thought in islam میں اقبال نے جدید اسلام میں اجتہادی فکر اور آزادیِ اظہار کے رجحان کا خیرمقدم کیا، لیکن ساتھ ہی اس امر کی طرف بھی توجہ دلائی کہ آزادیِ فکر کو بے احتیاطی اور فکری انتشار میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے نزدیک اجتہاد اور فکری آزادی کی بنیاد قرآن و سنت سے وابستگی ہے۔

علامہ اقبال نے اپنی وفات سے چند ماہ قبل یکم جنوری 1938ء کو آل انڈیا ریڈیو لاہور سے نئے سال کا پیغام دیا۔ اس پیغام میں انہوں نے دنیا کو درپیش سیاسی اور تہذیبی بحرانوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ جب تک نام نہاد جمہوریت ملعون قومیت اور مذموم شہنشاہیت اور مفاد پرستانہ طرز حکمرانی کا خاتمہ نہیں ہوتا اور انسان اپنے عمل سے یہ ثابت نہیں کردیتا کہ تمام عالم اللہ کا کنبہ ہے، اس وقت تک آزادی، مساوات اور انسانی اخوت کے دعوے حقیقت نہیں بن سکتے۔

اقبال کے نزدیک اسلامی ریاست نہ آمریت کا نام ہے، نہ مذہبی پیشوائیت کا اور نہ ہی مغربی طرز کی لامحدود اور بے مہار جمہوریت کا۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جس میں حاکمیتِ اعلیٰ اللہ تعالیٰ کی ہے، قانون سازی اور اجتماعی فیصلوں میں قرآن و سنت کی رہنمائی بنیادی حیثیت رکھتی ہے، حکمران عوام کے سامنے جواب دہ ہیں، شوریٰ اور مشاورت کو اہم مقام حاصل ہے اور ہر انسان کے حقوق و حرمت کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔

اقبال کا تصورِ ریاست دراصل بندگیِ الٰہی، اطاعت رسولﷺ انسانی آزادی، عدلِ اجتماعی، مشاورت، مساوات اور عالمگیر اخوت کا حسین امتزاج ہے۔ آج جب دنیا آمریت، معاشی استحصال، مذہبی انتہا پسندی، نسل پرستی اور مفاد پرستانہ سیاست کے بحرانوں سے دوچار ہے، اقبال کی فکر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ریاست کا اصل مقصد محض اقتدار کا حصول یا جغرافیائی سرحدوں کا تحفظ نہیں بلکہ انسان کو عدل، آزادی، امن اور اخلاقی سربلندی فراہم کرنا ہے۔ اقبال نے ہمیں ایک ایسی ریاست کا خواب دیا تھا جہاں اقتدار امانت ہو، قانون سب کیلئے یکساں ہو، حکمران جواب دہ ہوں اور انسان کی عظمت و آزادی محفوظ ہو۔ یہی ان کے تصورِ اسلامی ریاست کا بنیادی پیغام اور آج کے پاکستان کیلئے ایک اہم فکری رہنمائی ہے۔ اقبال کے مطابق

دیں ہاتھ سے دے کر اگر آزاد ہو ملت

ہے ایسی تجارت میں مسلماں کا خسارہ

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.