چند برس ہوتےہیں ، ایک ڈاکٹر نے اپنی وڈیو میں اعلان کیا کہ سموسہ انسانی صحت کو ایک ایٹم بم کی طرح تباہ کردیتاہے ۔وڈیو وائرل ہو گئی اور یہی مقصود تھا۔ سب جانتے ہیں کہ کولیسٹرول ، وزن اور بلڈ پریشر کنٹرول میں ہوں تو ایک سموسہ بھلا کون سی آفت نازل کر سکتاہے ۔ ایٹم بم تو زندگی ختم کر دیتاہے ۔پھر اسےیہ مضحکہ خیز وڈیو بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی ؟جواب :کانٹینٹ ! بہت سے ڈاکٹرز اب وی لاگنگ کرتے ہیں ۔ اس سے نہ صرف مریضوں میں اضافہ ہوتاہے بلکہ وڈیو کی آمدن پریکٹس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے ۔ڈاکٹر صاحب کو بعض لوگ ازراہِ تفنن ڈاکٹر سموسہ اور ڈاکٹر تربوز بھی کہتے ہیں لیکن وہ اس مقام سے اوپر اٹھ چکے ہیں ، جہاں اس طرح کے القابات کا کوئی اثر محسوس ہو۔ ڈاکٹر ز اگر مستند اصولوں کی بنیاد پر سنجیدہ وی لاگنگ کریں گے تو وڈیوز ہٹ ہونے میں بہت وقت لگ سکتاہے ،اگرچہ یہ ناممکن ہرگز نہیں ۔ لاہور میں ایک نوجوان آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر عبد الباسط یہ کر چکے ہیں ۔
فیصل آباد میں گٹ والا گائوں کے ایک ماہرِ نظامِ انہضام (معدہ و آنتوں کے معالج ) نے وی لاگنگ شروع کی ۔جلد ہی مشہور ہو گئے ۔ڈاکٹر صاحب نفیس شخصیت کے مالک ہیں ۔ انہوں نے ادویات کے ساتھ ساتھ خوراک سے علاج شروع کیا۔ ادویات کے سائیڈ افیکٹس بھی ہوتے ہیں ۔ایک ڈاکٹر آپ کو گھر بیٹھے وہ چیزیں کھانے کا مشورہ دے رہا ہے ، جس سے آپ کو ڈاکٹر کے پاس جانا ہی نہ پڑے تویہ قربانی دینے والی بات ہے ۔ ڈاکٹر صاحب ٹی وی پروگرامز میں مدعو کیے جانے لگے ۔ ڈاکٹر صاحب یہ بتاتے ہیں کہ جگر اور کولیسٹرول کیلئے سبز چائے ، دار چینی، ادرک ، لیموں ، دیسی لہسن ، ہلدی، زیتون کا تیل ، مچھلی ، بادام اور اخروٹ استعمال کریں ۔ قبض کیلئے اسپغول کا چھلکا ، چیا سیڈ ، دہی اور السی ۔ ڈاکٹر صاحب نے گٹ برین ایکسز پہ وڈیوز بنانا شروع کیں تو بہت شور مچا ۔انہوں نے بتایا کہ آنتیں انسان کا دوسرا دماغ ہیں ۔ خوشی کا ہارمون سمجھاجانے والا مادہ سیروٹونن 90فیصد تک آنتوں میں پیدا ہوتاہے ۔
یہاں سے مگر ڈاکٹر صاحب نے ایک انتہا اختیار کی۔ انہوں نے ڈپریشن تقریباً مکمل طور پر آنتوں پہ ڈال دیا ۔ انہوں نے اخروٹ سے ڈپریشن کا علاج کرنے کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے او سی ڈی جیسی خوفناک ذہنی بیماری کو بھی آنتوں پہ ڈال دیا، جس میں مریض دیوانوں کی طرح ایک ہی کام بار بار کرتارہتا ہے۔ انہوں نے یہ دعویٰ کیا کہ اخروٹ کھانے والوں کی ڈپریشن کی دوائیاں چھوٹ رہی ہیں ۔اس پر ایک ہنگامہ شروع ہوا۔ پچھلے کئی دن سے سوشل میڈیا پہ ہر طرف اخروٹ اخروٹ ہو رہی ہے ۔ کئی سائکیٹرسٹ سامنے آئے اور انہوں نے کہاکہ کوالیفائیڈ ڈاکٹر ہو کر یہ شخص کیسی باتیں کر رہا ہے ۔ ڈاکٹر صاحب کا کہنا یہ تھا کہ مجھے اکیلا نہ سمجھو، اخروٹ والوں کی ایک پوری فوج میرے ساتھ کھڑی ہے ۔
پاکستان میں ہر سات میں سے ایک شخص ذہنی مریض ہے ۔ دماغی علاج کرانا شرمندگی کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔بہت سے لوگ علاج کراتے ہی نہیں ۔ انکے خاندان ساری زندگی اس کا خمیازہ بھگتتے ہیں ۔ بات قتل اور خودکشیوں تک جا پہنچتی ہے ۔لوگوں کو پتہ ہی نہیں کہ ڈپریشن جینز میں بھی ہوسکتاہے ۔تھائی رائیڈ ہارمون کے عدم توازن سے بھی ممکن ہے ۔ بچے کی ولادت کے بعد ماں کو شدید ڈپریشن ہو سکتاہےاور مینوپاز میں بھی ۔ اس میں انسان کا کیا اختیار۔ ایک عام سوچ مگر یہ ہے کہ جو شخص کسی ماہرِ نفسیات کے پاس جاتا ہے ، وہ ذہنی طور پر دوسروں سے کمتر ہے ۔انہیں علم ہی نہیں کہ زیادہ ذہین افراد میں ذہنی امراض کا تناسب زیادہ ہوسکتا ہے ۔
ڈپریشن ہے کیا؟ ایک عام سوچ یہ ہے کہ یہ شخص خوامخواہ پریشانی لینے کی عادت میں مبتلا ہے۔ اسے چاہیے کہ نمازپڑھے اور ورزش کرے ،بس ۔ انہیں اس بات کا علم ہی نہیں کہ جب دماغ میں کیمیکلز کا توازن مستقل بگڑ جاتاہے ، اسے کلینکل ڈپریشن کہتے ہیں ۔ کلینکل ڈپریشن لاحق ہو جائے تو تو انسان ادویات یا دوسرے علاج کے بغیر ٹھیک نہیں ہو سکتا ،باقی زندگی اخروٹ کھانے میں ، عبادت میں یا قوتِ ارادی مضبوط کرنے کی کوشش میں بسر کر دے ۔
جس طرح ڈاکٹر صاحب نے اخروٹ سے ڈپریشن کا علاج کرنا شروع کیا۔ مدعا دراصل یہ تھا کہ ڈپریشن کے مریض دماغ کا علاج کرانے سے باز رہیں ۔ سب کچھ آنتوں میں ہو رہا ہے اور آنتوں کا معالج میں ہوں ۔کوئی شک نہیں کہ اخروٹ جسم اور دماغ کیلئے اچھی غذا ہے ۔ ایک کوالیفائیڈ ڈاکٹر کا مگر یہ کہنا کہ اخروٹ سے لوگوں کی ڈپریشن کی ادویات چھوٹ گئیں ، بہت افسوسناک ہے۔ایساکرشمہ اگر ممکن ہوتا توامریکہ اور یورپ میں دماغی امراض کے مراکز بند کرکے ان کی جگہ اخروٹ کی بوریاں رکھ دی جاتیں ۔ اخروٹ سے دماغ کا علاج ایسا ہی ہے ، جیسے آپ ٹوٹی ہوئی ٹانگ والے شخص کو ہمت دلا رہے ہوں کہ اگر وہ پیدل چلتا رہے تو اس کی صحت بہتر ہو جائے گی ۔ کلینکل ڈپریشن کے مریض کی بھی ایک طرح سے ٹانگ ہی ٹوٹی ہوتی ہے ۔ جب تک وہ دوا نہیں لے گا، ساری اچھی غذائیں اور ساری موٹیویشن اس کے کسی کام آنے والی نہیں ۔
میجر ڈپریشن، مستقل ڈپریشن (ڈستھیمیا )،بائی پولر ڈپریشن اور او سی ڈی ، جیسی بیماریوں میں مریض ایک طرح سے مرہی چکا ہوتاہے ۔ میڈیکل سائنس قدرت کےایک کرشمےکی طرح نئی زندگی کی نویدبن کے نازل ہوتی ہے ۔ ڈپریشن ایک پیر تسمہ پا کی طرح مریض کو جکڑ لیتی ہیں ۔سائیکیٹرسٹ سے مشورہ کیے بغیر دوا میںذرا سی کمی بھی خوفناک نتائج پیدا کر سکتی ہے ، کجایہ کہ انسان ایک دم ساری دوائیں بند کر کے اخروٹوں پہ منتقل ہو جائے ۔ بائی پولر ڈپریشن میں تو مریض کو ایک طرح کے دورے پڑتے ہیں ، جنہیں مینک ایپی سوڈ کہا جاتاہے ۔ ڈاکٹر صاحب سے گزارش ہے کہ ہاتھ ہولا رکھیں ۔ یہ نہ ہو کہ دوا سے اخروٹ پہ منتقل ہونے والا کوئی مریض اخروٹوں کی بوری لے کر خراجِ تحسین پیش کرنے آپ کے کلینک پہنچ جائے ۔ حرفِ آخر یہ کہ دو ہزار روپے فیس بھی کم نہیں۔ پانچ اور دس ہزار روپے تک فیس وصول کرنا کہاں کی انسانیت ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



