Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

ٹرمپ اور نیتن یاہو کی ہار

تاریخِ سیاست کا مسلمہ اصول ہے کہ اقتدار کی طوالت عوامی مقبولیت کی ضمانت نہیں ہوتی۔ جمہوری معاشروں میں حکمرانوں کی کارکردگی کا فیصلہ ووٹر کرتے ہیں۔ جب روزمرہ مسائل، قومی سلامتی اور حکومتی ترجیحات کے درمیان فاصلہ بڑھ جائے تو انتخابی نتائج…

Lqman Asad
Lqman Asad Saturday, 14 November 2026 · 5 min read

تاریخِ سیاست کا مسلمہ اصول ہے کہ اقتدار کی طوالت عوامی مقبولیت کی ضمانت نہیں ہوتی۔ جمہوری معاشروں میں حکمرانوں کی کارکردگی کا فیصلہ ووٹر کرتے ہیں۔ جب روزمرہ مسائل، قومی سلامتی اور حکومتی ترجیحات کے درمیان فاصلہ بڑھ جائے تو انتخابی نتائج سیاسی سمت بدل دیتے ہیں۔ نومبر 2026ء کے امریکی وسط مدتی انتخابات اور اکتوبر کے اسرائیلی عام انتخابات نے یہی حقیقت نمایاں کی۔ امریکہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ری پبلکن جماعت کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول کھو بیٹھی، جبکہ اسرائیل میں بنیامین نیتن یاہو کا اتحاد پارلیمان میں اکثریت حاصل نہ کرسکا۔ دونوں نتائج یکساں نوعیت کے نہیںتاہم عوامی اعتماد، جنگی فیصلوں اور معاشی ترجیحات پر سوال ضرور اٹھے۔امریکہ میں 3 نومبر 2026ء کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرلی۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے دونوں ایوانوں میں ان کے کنٹرول کی تصدیق کی۔ یہ گو صدارتی انتخاب نہیں تھا۔ٹرمپ اپنی مدتِ صدارت جاری رکھیں گےلیکن کانگریس میں اکثریت کھونے سے قانون سازی، بجٹ اور انتظامیہ کی نگرانی متاثر ہوگی۔ نتائج کو ان کی پالیسیوں کے خلاف ردعمل اور صدارت کے امتحان کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔اس انتخابی نتیجے کا پہلا اور نمایاں سبب مہنگائی اور اخراجاتِ زندگی تھے۔ رہائش، خوراک، توانائی، علاج اور روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں نے امریکی خاندانوں کے بجٹ پر دباؤ ڈالا۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق 89فیصد ووٹروں نے اخراجاتِ زندگی کو اپنے ووٹ کے فیصلے میں اہم یا فیصلہ کن قرار دیاجبکہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ کی منظوری کی شرح 38 فیصد تک بتائی گئی۔ یہ اعداد ظاہر کرتے ہیں کہ ووٹرزکیلئے سیاسی نعروں سے زیادہ اہم اسکی قوتِ خرید اور گھر کا معاشی حساب تھا۔دوسرا سبب ایران کیساتھ جنگ اور اسکے معاشی اثرات تھے۔ جنگ نے مشرقِ وسطیٰ میں عدم استحکام بڑھایا اور توانائی کی عالمی منڈیوں میں بے یقینی پیدا کی۔ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا اثر امریکی صارفین تک پہنچا، جہاں ایندھن مہنگا ہونے سے نقل و حمل اور دیگر اخراجات بھی بڑھتے ہیں۔ انتخابی نتائج کے بعد نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران جنگ کو ری پبلکن جماعت کی شکست کی ایک وجہ قرار دیا۔

اس بیان سے واضح ہوا کہ خارجہ پالیسی کا معاملہ محض سفارتی یا عسکری بحث نہیں رہا بلکہ ووٹر کے معاشی تجربے سے جڑ گیا تھا۔تیسرا سبب تجارتی محصولات اور ٹیرف کی پالیسی تھی۔ درآمدی اشیا پر محصولات عائد کرنے کا مقصد مقامی صنعت کا تحفظ بتایا گیا، لیکن کاروباری حلقوں نے لاگت بڑھنے اور صارفین پر بوجھ منتقل ہونے کے خدشات ظاہر کیے۔ چوتھا سبب یہ تاثر تھا کہ حکومت کی معاشی کامیابیوں کے دعوے عام شہری کی روزمرہ مشکلات میں پوری طرح منعکس نہیں ہورہے۔ پانچواں سبب سیاسی محاذ آرائی اور ادارہ جاتی کشیدگی تھی۔ جس نے معتدل ووٹروں کے ایک حصے کو تشویش میں مبتلا کیا۔ چھٹا سبب انتخابی مہم میں امیدواروں کا انتخاب، مقامی مسائل اور ڈیموکریٹس کی بہتر متحرک مہم تھی۔ یوں شکست کسی ایک فیصلے کا نتیجہ نہیں بلکہ مہنگائی، جنگ، تجارتی پالیسی، سیاسی تقسیم اور انتخابی حکمتِ عملی کے مجموعی اثرات کا اظہار تھی۔اسرائیل کی صورتِ حال کا پس منظر مختلف ہے۔ 27اکتوبر 2026ء کے عام انتخابات کے سرکاری نتائج کے مطابق نیتن یاہو کی لیکوڈ جماعت نے 27 نشستیں حاصل کیں، مگر اس کے اتحادی بلاک کی مجموعی نشستیں 53رہیں۔ گادی آئزن کوٹ کی قیادت میں مخالف بلاک کو 48نشستیں ملیں جبکہ عرب قیادت والی جماعتوں نے 19نشستیں حاصل کیں۔

حکومت بنانے کیلئے120رکنی کنیسٹ میں کم از کم 61 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ صدر اسحاق ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کی پہلی کوشش کا موقع دیا ہےلیکن اتحادی جماعتوں کے اختلافات کے باعث حکومت سازی غیر یقینی ہے۔ اس دوران نیتن یاہو نگراں وزیرِاعظم کے طور پر منصب پر برقرار ہیں۔ لہٰذا یہ کہنا درست نہیں کہ وہ انتخابی نتیجے کے فوراً بعد اقتدار سے باہر ہوگئے۔نیتن یاہو کے اتحاد کو اکثریت نہ ملنے کے اسباب میں سب سے اہم 7 اکتوبر 2023ء کے حماس حملے کے بعد سلامتی کے نظام پر اٹھنے والے سوالات ہیں۔ اسرائیلی عوام کے ایک حلقے نے حکومت سے پوچھا کہ اتنے بڑے حملے کی پیشگی اطلاع اور روک تھام میں ریاستی ادارے کیوں ناکام رہے؟ یہ سوال طویل عرصے تک سیاسی بحث کا حصہ رہا۔ دوسرا سبب غزہ کی طویل جنگ اور اس کے انسانی و سفارتی اثرات ہیں۔ اسرائیلی حکومت نے جنگ کو سلامتی کی ضرورت قرار دیا، لیکن فلسطینی شہریوں کی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں، تباہی اور انسانی بحران نے عالمی سطح پر شدید تنقید پیدا کی۔ جنگ کے مقاصد، مدت اور اختتام کے بارے میں غیر یقینی نے اسرائیلی معاشرے میں بھی اختلافات کو گہرا کیا۔تیسرا سبب یرغمالیوں کی واپسی کا معاملہ تھا۔ یرغمالیوں کے خاندانوں اور ان کے حامیوں نے حکومت پر مسلسل زور دیا کہ عسکری کارروائیوں کے ساتھ ان کی رہائی کو بھی اولین ترجیح دی جائے۔ چوتھا سبب فوجی خدمت سے متعلق تنازع ہے۔ مذہبی جماعتوں کے بعض حلقوں کو فوجی بھرتی سے حاصل رعایتوں پر دوسرے شہریوں میں ناراضی پائی جاتی ہے۔ یہ مسئلہ حکومتی اتحاد کے اندر بھی اختلاف کا باعث بنا۔ پانچواں سبب نیتن یاہو کے خلاف جاری بدعنوانی کے مقدمات اور ان سے وابستہ سیاسی تنازعات ہیں۔ جنہوں نے ان کی قیادت پر اعتماد کی بحث کو زندہ رکھا۔ چھٹا سبب طویل اقتدار کے بعد تبدیلی کی خواہش اور سیاسی تھکن ہے۔یہ عوامل ہر ووٹر کے فیصلے کی یکساں وضاحت نہیں کرتے۔ اسرائیلی ووٹروں کی ترجیحات سلامتی، معیشت، مذہبی شناخت اور قیادت کے بارے میں مختلف رہی ہیں۔

نتائج سے یہ نتیجہ اخذ کرنا مناسب ہوگا کہ عوامی رائے کو نظرانداز کرنا کسی بھی حکومت کیلئے خطرہ بن سکتا ہے۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.