بلوچستان میںوفاقی حکومت کا وفاقی محکموں میں بلوچستان کوٹے کے تحت 3755ملازمتوں کے مواقع کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان اسامیوںکیلئے براہِ راست واک ان انٹرویوز منعقد کیے جا رہے ہیں، جو خوش آئند ہے۔پاکستان ایک فیڈریشن ہے جسکی چار اکائیاں ہیں۔ فیڈریشن اسی وقت بہتر طور پر کام کرتی ہے جب اس کی تمام اکائیوں کو مکمل آئینی اور قانونی نمائندگی ملے۔ یہ کوئی اچانک پیدا ہونے والا بحران یا بحث نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط اس نظام میں جاری مسلسل کوتاہیوں اور ناانصافیوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے پاکستان کے وفاقی محکموں میں چھوٹے صوبوں، بالخصوص بلوچستان کے آئینی حقوق اور کوٹے کے نفاذ کو مجروح کیاہے۔
وقتاً فوقتاً جب بھی پارلیمنٹ، خاص طور پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں نے وفاقی محکموں کی خالی اسامیوں اور صوبائی کوٹوں کا جائزہ لیا تو ایک ہی حقیقت سامنے آئی کہ کاغذوں اور سرکاری دعوؤں کی حد تک تو بلوچستان کا چھ فیصد کوٹہ موجود ہے مگر زمینی حقائق اسکے بالکل برعکس ہیں۔ وفاقی محکموں میں بلوچستان کی حقیقی نمائندگی آج بھی تشویشناک حد تک کم ہے۔
وفاقی وزارتیں اور ادارے جب بھی نئی بھرتیاں کرتے ہیں تو وہ کل منظور شدہ پوسٹس کو بنیاد بنانے کے بجائے صرف اس وقت اشتہار میں آنے والی یا خالی اسامیوں پر چھ فیصد کوٹہ لاگو کرتے ہیں۔ یہی بنیادی تکنیکی سقم ہے۔ اس طریقہ کار کی وجہ سے بلوچستان کا حق سکڑ کر چند نشستوں تک محدود ہو جاتا ہے۔ اگر کسی محکمے میں کل ملا کر سو یا دو سو اسامیاں خالی ہوں تو چھ فیصد کے حساب سے بلوچستان کو صرف چند سیٹیں ملتی ہیں، جبکہ اسی محکمے میں سینکڑوں پوسٹوں پر پہلے سے دوسرے صوبوں کے لوگ بیٹھے ہوتے ہیں۔پاکستان پبلک ایڈمنسٹریشن ریسرچ سنٹر کے مطابق وفاق کے زیر انتظام محکموں میں گریڈ ایک سے بائیس تک ملازمین کی کل تعداد590585ہے۔ اس حساب سے بلوچستان کے چھ فیصد کوٹے کے مطابق ملازمین کی تعداد 43535ہونی چاہیے جبکہ اس وقت پانچ ہزار کے قریب اسامیاں خالی پڑی ہیں جنہیں ہنگامی بنیادوں پر پُر کرنے کی ضرورت ہے۔ سب سے الارمنگ صورتحال گریڈ 17 سے 22تک کے ملازمین میں بلوچستان کی نمائندگی ہے جو صرف3.5فیصد ہے۔ جہاں بڑے پالیسی ساز فیصلے کیے جاتے ہیں۔
اب دوسرا بنیادی مسئلہ وفاق میں بلوچستان کے کوٹے پر ملازمین کے اصلی اور جعلی ہونے کا بھی ہے۔ کچھ عرصہ قبل بلوچستان کے چند اضلاع میں ڈپٹی کمشنر صاحبان نے ڈومیسائل کی ویری فکیشن/تصدیق کی تھی جس میں بہت سے جعلی ڈومیسائل کینسل بھی ہوئے تھے لیکن اس کو آخر تک نہیں پہنچایا جا سکا۔
ماضی میں بھی یہ انکشافات ہوتے رہے ہیں کہ وفاقی محکموں میں یا تو کوٹے پر پورا اترنے والے امیدواروں کو تکنیکی عذر کے نام پر مسترد کر دیا جاتا رہا ہے، یا غلط کیلکولیشن اور جعلی ڈومیسائل کے ذریعے بلوچستان کے کوٹے پر دوسرے صوبے کے لوگ بھرتی ہوتے رہے۔ سی ایس ایس کے امتحانات میں بھی ایسے جعلی امیدواروں کے نام سامنے آ چکے ہیں جن میں ایک امیدوار کا پتہ محلہ بولان میڈیکل کالج کوئٹہ درج تھا، حالانکہ سرے سے اس نام کا کوئی محلہ یہاں وجود نہیں رکھتا۔ یہ معاملہ بھی دبا دیا گیا۔ بلوچستان میں دوسرے صوبوں کے پاس سروس افسران کی پوسٹنگ ہوتی رہتی ہے۔ بعض پر الزام لگتا رہا ہے کہ انہوں نے اپنے رشتہ داروں، دوستوں کے جعلی ڈومیسائل بنا کر انہیں نوکریاں دلوائی ہیں شاید ان کے بچوں نے کبھی گھومنے کی غرض سے بھی بلوچستان کا دورہ نہیں کیا ہو۔ ڈومیسائل کی گراؤنڈ ویری فکیشن آئی بی سے لازمی قرار دی جائے تاکہ جعلسازی کا خاتمہ ہو۔
حالیہ عرصے میں وفاقی محکموں کی طرف سے بلوچستان کے کوٹے پر جو اسامیاں مشتہر کی جا رہی ہیں، ان کی گنتی کا طریقہ کار سراسر غلط ہے۔ صرف خالی اسامیوں پر چھ فیصد کا اطلاق کرکے بلوچستان کے کوٹے کو پورا کرنا ناانصافی ہے۔ انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ کسی بھی وفاقی محکمے کے متعلقہ گریڈ کی کل منظور شدہ اسامیوں پر چھ فیصد کے حساب سے بلوچستان کا کوٹہ نکالا جائے، اور اس کے بعد یہ دیکھا جائے کہ اس گریڈ اور محکمے میں پہلے سے بلوچستان کے کتنے ڈومیسائل ہولڈرز خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ تب جا کر اصل صورتحال واضح ہوگی کہ کوٹہ کتنا بنتا ہے اور اشتہار میں کتنا دیا جا رہا ہے۔مثال کے طور پر ایف بی آر میں انسپکٹر کی کل پاکستان میں دو ہزار منظور شدہ پوسٹس ہیں۔
ان میں سے اٹھارہ سو ملازمین کام کر رہے ہیں اور دو سو اسامیاں خالی ہیں۔ ان اٹھارہ سو ملازمین میں سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے افسران کی تعداد صرف پچاس ہے۔ موجودہ غلط طریقہ کار کے مطابق اگر حساب صرف دو سو خالی اسامیوں پر لگایا جائے تو بلوچستان کے چھ فیصد کوٹے کے حساب سے صرف بارہ اسامیاں بنتی ہیں۔ جبکہ درست اور قانونی طریقہ کار یہ ہے کہ کل منظور شدہ پوسٹس پر حساب لگایا جائے۔ دو ہزار پوسٹس کا چھ فیصد ایک سو بیس بنتا ہے۔ ان میں سے پہلے سے کام کرنے والے پچاس ملازمین کو نکال کر ستر اسامیاں بنتی ہیں۔ کہاں بارہ اور کہاں ستر!
ناانصافیوں اور غلطیوں کو درست کرنے کا وقت یہی ہے۔ جتنے اشتہار آ چکے ہیں ان سب کو معطل کر کے درست کیا جائے اور آنے والی اسامیوں پر بھی اسی قانونی اور منصفانہ طریقے سے کیلکولیشن کی جائے۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں۔جس طرح سی ایس ایس کی جتنی بھی ویکینسیز ہوتی ہیں ان پر چھ فیصد نہیں لگتا بلکہ پچھلی غیر بھری ہوئی پوسٹس کیری فارورڈ ہوتی رہتی ہیں، اسی طرح عام پوسٹس بھی کیری فارورڈ ہونی چاہئیں۔ تمام وفاقی محکموں میں ویکینسیز کا روسٹر ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی وقت کسی بھی صوبے کے کوٹے کا پتہ چل سکے کہ کتنی پوزیشنز کس صوبے میں خالی ہیں۔ اگر کسی وقت سیٹ پر بھرتی نہ ہو سکے تو وہ اسی صوبے کے لیے کیری فارورڈ ہو سکیں۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



