Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

قیدیوں کےلئے جیلوں میں لائبریریاں

معاشرے کی تعمیر و ترقی میں تعلیم، تربیت اور اصلاح بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان صرف اس کی بلند عمارتیں، سڑکیں اور جدید سہولیات نہیں ہوتیں بلکہ اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کمزور، محروم اور بھٹکے ہوئے افراد کے ساتھ…

محمدفاروق چوہان
محمدفاروق چوہان Sunday, 15 November 2026 · 5 min read

معاشرے کی تعمیر و ترقی میں تعلیم، تربیت اور اصلاح بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان صرف اس کی بلند عمارتیں، سڑکیں اور جدید سہولیات نہیں ہوتیں بلکہ اس بات سے بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنے کمزور، محروم اور بھٹکے ہوئے افراد کے ساتھ کیسا سلوک کرتا ہے۔ جیلیں بھی ہمارے معاشرے ہی کا ایک حصہ ہیں جہاں مختلف جرائم میں ملوث افراد اپنی سزا کاٹ رہے ہوتے ہیں۔ ان میں ایسے افراد بھی موجود ہوتے ہیں جو حالات، غربت، جہالت، غلط صحبت، جذباتی فیصلوں اور معاشرتی ناانصافیوں کے باعث جرم کی دنیا میں داخل ہو جاتے ہیں۔ ایسے افراد کو صرف سزا دینا کافی نہیں بلکہ ان کی اصلاح، تعلیم اور کردار سازی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا بھی ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی اصلاح ، لائبریریوں کے قیام اور قیدیوں کے جرمانے ادا کر کے ان کی رہائی کے لیے قلم فاؤنڈیشن ، قرشی فاؤنڈیشن اور علیم خان فاؤنڈیشن بھرپور طریقے سے سرگرم عمل ہیں ۔ ایڈیشنل آئی جی جیل خانہ جات میاں محمد انصر بھی قیدیوں کی اصلاح کیلئے انکی تعلیم اور جیلوں میں لائبریروں کے قیام کا جذبہ رکھتے ہیں ۔ چند روز قبل ان سے ملاقات ہوئی تو بڑی خوشی ہوئی کہ میاں محمد انصر ایک ایسے اعلیٰ سرکاری افسر ہیں جو پنجاب کو جرائم سے پاک اور قیدیوں کی اصلاح چاہتے ہیں ۔ اسی تناظر میں قلم فاؤنڈیشن کے چیئرمین علامہ عبد الستار عاصم نے مجھے خط بھی لکھا ہے جو کہ نذر قارئین ہے ۔

محترم جناب محمد فاروق چوہان صاحب،اس خط کے ذریعے آپ کی توجہ ایک اہم معاملے کی جانب دلانا مقصود ہے ۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں جیلوں کے نظام میں متعدد مسائل موجود ہیں۔ قیدیوں کو گنجائش سے زیادہ تعداد میں رکھنے، صحت کی سہولیات کی کمی، صفائی کے ناقص انتظامات، قانونی معاونت تک محدود رسائی، ذہنی دباؤ، بے روزگاری اور تعلیمی سرگرمیوں کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض قیدی ایسے بھی ہوتے ہیں جو معمولی جرائم یا کمزور معاشی حالات کے باعث اپنی زندگی کے قیمتی سال جیلوں میں گزار دیتے ہیں۔ ایسے افراد کو مناسب رہنمائی اور اصلاحی مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔جیلیں اصلاح گاہیں بننی چاہئیں۔ جیل کا بنیادی مقصد صرف مجرم کو معاشرے سے الگ رکھنا نہیں بلکہ اسے اپنی غلطیوں کا احساس دلا کر ایک بہتر انسان بنانا بھی ہونا چاہیے۔ اگر کوئی شخص اپنی سزا مکمل کرنے کے بعد معاشرے میں واپس آتا ہے تو اسے ایک ذمہ دار شہری بننے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس مقصد کے لیے جیلوں میں تعلیم، فنی تربیت، اخلاقی رہنمائی اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ قیدیوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں تاکہ رہائی کے بعد وہ باعزت روزگار حاصل کر سکیں۔جیلوں میں لائبریریوں کا قیام ازحد ضروری ہے۔ کتاب تنہائی میں انسان کا ساتھ دیتی ہے، سوچ کو وسعت دیتی ہے اور زندگی کو سمجھنے کا شعور عطا کرتی ہے۔ جیلوں میں قید افراد کے لیے کتابوں کی اہمیت عام افراد سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے کیونکہ وہاں انہیں اپنی زندگی پر غور کرنے، اپنی غلطیوں کو سمجھنے اور مستقبل کے بارے میں مثبت سوچ پیدا کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔ ہماری تجویز ہے کہ پاکستان کی تمام جیلوں میں جدید اور معیاری لائبریریاں قائم کی جائیں۔ ان لائبریریوں میں قرآن مجید کے تراجم و تفاسیر، سیرت النبی ﷺ، اسلامی تاریخ، اخلاقیات، ادب، شاعری، سوانح عمریاں، تاریخ پاکستان، سائنس، معلومات عامہ، اصلاحی کتابیں اور فنی تعلیم سے متعلق کتب فراہم کی جائیں۔ ہر جیل میں ایک باقاعدہ لائبریری قائم ہو جہاں قیدیوں کو مطالعے کی سہولت حاصل ہو۔ قیدیوں کے لیے کتابیں جاری کرنے اور واپس جمع کروانے کا منظم نظام بنایا جائے۔ ہفتہ وار مطالعہ نشستیں منعقد کی جائیں اور اہل علم، اساتذہ، ادیبوں اور دانش وروں کو دعوت دی جائے کہ وہ قیدیوں سے ملاقات کرکے ان کی علمی و اخلاقی رہنمائی کریں۔

اس نیک مقصد کی تکمیل کے لیے مخیر حضرات، تاجران، صنعت کاروں، تعلیمی اداروں، ناشران کتب، ادیبوں اور اہل قلم سے خصوصی اپیل ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور جیلوں میں لائبریریوں کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ جو افراد مالی تعاون کر سکتے ہیں وہ لائبریریوں کے لیے کتابوں کی الماریاں، میزیں، کرسیاں اور دیگر ضروری سامان فراہم کریں۔ کتابوں کے ناشرین اپنی مطبوعات عطیہ کریں۔ اہل علم اپنی ذاتی لائبریریوں سے مفید کتابیں فراہم کریں۔ تعلیمی ادارے بھی اس قومی اور انسانی خدمت میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ عطیہ کی جانے والی کتابیں معیاری، مستند، اصلاحی اور قیدیوں کی تعلیمی و فکری ضروریات کے مطابق ہوں۔ جیل انتظامیہ کے تعاون سے ہر لائبریری کی نگرانی اور کتابوں کے محفوظ استعمال کا مناسب انتظام بھی کیا جائے۔ جیلوں میں صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔ قیدیوں کو بروقت طبی معائنہ، صاف پانی، مناسب خوراک اور صفائی کی سہولیات میسر ہونی چاہئیں۔ ذہنی دباؤ اور نفسیاتی مسائل سے دوچار قیدیوں کے لیے ماہرین نفسیات کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اسی طرح قیدیوں کو قانونی رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے مقدمات کے بارے میں درست معلومات حاصل کر سکیں۔ہماری خواہش ہے کہ پاکستان کی ہر جیل میں ایسی لائبریری موجود ہو جہاں قیدی اپنے فارغ وقت کو علم حاصل کرنے میں صرف کریں۔ یہ لائبریریاں صرف کتابوں کے کمرے نہ ہوں بلکہ امید، اصلاح اور روشن مستقبل کے مراکز بنیں۔ آئیے! ہم سب مل کر اس مشن کا حصہ بنیں۔ مخیر حضرات کتابیں عطیہ کریں، ناشرین اپنی مطبوعات فراہم کریں، اہل قلم قیدیوں کی رہنمائی کریں اور متعلقہ حکام جیلوں میں لائبریریوں کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔ یاد رکھیے! جرم سے نفرت ہونی چاہیے، انسان کی اصلاح کے دروازے بند نہیں ہونے چاہئیں۔ کسی قیدی کو کتاب دینا دراصل اسے بہتر زندگی کی طرف ایک موقع دینا ہے۔ میری تمام صاحبِ ثروت افراد سے مؤدبانہ اپیل ہے کہ جیلوں میں لائبریریوں کے قیام کے اس قومی، تعلیمی اور اصلاحی مشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ آئیے، کتاب کے ذریعے اندھیروں میں روشنی پھیلائیں اور قیدیوں کو ایک نئی زندگی کا راستہ دکھائیں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.