یہ خوبی بہرحال ایک سیاست دان میں ہوتی ہے کہ جب جی چاہا رزم کو بزم اور بزم کو رزم بنا دیا۔ کیمرا اور من پسند لوگ سامنے ہوں تو زبانی کلامی مخالف کی دھجیاں اڑانا بھی کوئی ان سیاستدانوں سے سیکھے، اور جب محفل کیمروں اور ووٹرز سے پاک ہو تو سیاسی دشمن کیلئے بھی یوں رس بھرے کہ رہے نام اللہ کا۔ ہمیں سیاست کا یہ سہ جہتی جمال بہرحال اچھا لگتا ہے۔ کچھ تو بسنت بہار ہو یا خزاں پرانی فلموں کے اینگری مین بنے رہتے ہیں۔ ورنہ مسکراہٹ مولانا فصل الرحمٰن کی ہو یا خواجہ آصف کی، ہوتی کاٹ دار ہے۔ خورشید شاہ اور نوید قمر بھی مسکرا دیں تو کِھل جاتے ہیں۔ سیاستکار خود جائزہ لے لیں کہ رخ انور کو تبسم سے دور رکھنا زیادہ اچھا نہیں ہوتا۔ بلاول بھٹو کی سیاست میں جو سب سے زیادہ چمکتی دمکتی چیز ہے، وہ ان کی باڈی لینگویج میں تہذیب اور سیاسی مخالف سے ملتے ہوئے چہرے پر پھیلا ہوا تبسم ہے جو انہیں منفرد بناتا ہے۔ تمام تر تجربات، خواہشات اور نظریات کے باوجود ایک بات واضح ہے کہ قوم کی رہنمائی کیلئے وہی طبقہ کارگر ہوتا ہے جو انتظار، بھوک اور نیند پر کنٹرول رکھ سکے کیونکہ انتظار مناسب موقع پر سود مند نتائج کے حصول کا ہنر ہے۔ بھوک پر دسترس یہی ہے کہ پیٹ کے دوزخ کو حرص و ہوس کی آگ سے نہیں بھرنا۔ جہاں تک نیند پر قابو ہے ، مراد یہی کہ غفلت کو ہرگز رکھنا ہے اور بیداری کو قریب تر۔ اور سچ یہی ہے کہ یہ وصف لیڈر شپ کے ہیں مگر جو چیزیں ایڈیشنل درکار ہیں وہ جمہوریت کی افادیت اور فلاسفی کا ادراک ، بین الاقوامیت کا شعور اور داخلی چیلنجز کا شماریاتی علم ہے۔ اب کُل ملا کر یہ آدھے درجن اوصاف ہیں جن کا پارلیمنٹ سے لے کر ڈپلومیٹک راہداریوں میں ہونا ضروری ہے تبھی سیاست سے ریاست تک اور سیاست و ریاست سے صنعت اور منسٹرز کی ترتیب کا تشکیل پانا ملک و ملت کو پائدار نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ لیکن یہ سیریز محض کاغذ پر کندہ یا گفتار کی موسیقیت کی حد تک کافی نہیں ۔ یہی وہ مطلوب و مقصود ہے کہ جس کے متعلق اقبال کہہ گئے: ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں/ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں۔صنعت کی صنعتکاری کا ایک راز جو اوپن سیکرٹ ہے اسے سمجھنا ضروری ہے۔ غور فرمائیے:کیا ہمیں معلوم ہے پہلے صنعتی انقلاب میں برطانیہ نے اس خام مال اور زر (خصوصاََ بنگال کی دولت) کی سرمایہ کاری کی تھی جو وہ برصغیر سے ایسٹ انڈیا کمپنی کے ذریعے لوٹ کر لے گئے۔ کچھ ہمیں ہی واپس بیچا اور کچھ زمانے کو۔ اندازہ کیجئے 1760ء کے پہلے صنعتی انقلاب نے ایک جزیرے کی دنیا بدل کر اسے سپر پاور بنادیا یوں ہندوستان اور چائنہ کی صدیوں پرانی دستکاری تباہ ہوگئی۔ گویا برطانیہ دنیا کی سب سے بڑی ورکشاپ بنا، ٹیکسٹائل، لوہا اور بھاپ کے انجن وہاں تیار ہوئے اور یہ تھی 19 ویں صدی ( 1760 تا 1870ء) ۔ پہلے صنعتی انقلاب میں برطانیہ پروڈیوسر اور ہندوستان، افریقہ اور لاطینی امریکہ صارفین بنے۔اب آتی ہے 20ویں صدی (1870 تا 1960) پروڈیوسر امریکہ اور جرمنی بنتے ہیں، اسٹیل، کیمیکلز، گاڑیاں اور الیکٹرانکس بنا کر، رفتہ رفتہ جاپان بھی شامل ہوتا ہے۔ اسے کہا گیا دوسرا اور تیسرا صنعتی انقلاب۔ چوتھا انقلاب آتا ہے 21 ویں صدی میں ( 1960 تا 2010) اب چین دنیا کا سب سے بڑا پروڈیوسر بنا۔ تائیوان، کوریا اور جرمنی بھی پروڈیوسرز میں شامل ہوئے۔ بیسویں اور اکیسویں صدی کے بڑے صارفین امریکہ اور مغربی یورپ بن گئے۔ بہرحال 18 و 19 ویں صدی کا سرمایہ لوٹ مار کا تھا۔ کپاس ہم سے گئی اور۔کپڑا بن کر واپس آئی۔ پھر دوران ریلوے، اسٹیل اور بیماری میں بااثر امریکی یہودی آگئے۔ دوسرے اور تیسرے صنعتی انقلاب میں یعنی 20 ویں صدی میں امریکہ اور جرمنی کا کارپوریٹ سرمایہ آگیا۔ — 18 و 19ویں صدی میں یورپ میں پہلا اور دوسرا صنعتی انقلاب آ رہا تھا اور امت مسلمہ مسلم 3 بڑی سلطنتوں یعنی عثمانیہ، صفوی اور مغلیہ میں منقسم تھی۔ سیاسی و اندرونی زوال وخلفشار تھے۔ پس صنعتی انقلابوں میں مسلم حصہ تھا ہی نہیں۔ جو ان ڈائریکٹ حصہ تھا وہ یہ کہ مصر ی کپاس، برصغیر کے وسائل، اور 20ویں صدی میں مشرقِ وسطیٰ کے تیل نے یورپی اور امریکی صنعتی انقلابات کو ایندھن اور خام مال فراہم کر کے ان کی مشینوں کو چلایا تاہم الجبرا، الگورتھم، آپٹکس اور مکینکس قرونِ وسطیٰ کے مسلمان سائنسدانوں الخوارزمی، الجزری، ابن الہیثم کے چلے۔ متذکرہ یہ نکات اور تاریخ بتاتے ہیں کہ برطانیہ سے جرمنی و امریکہ ، اور پھر چائنہ و تائیوان، کوریا اور جاپان کی جانب صنعتی انقلاب کا رخ کیسے کیسے ہوا ؟ ہمارے منسٹرز اور اکانومسٹ کو اس سفر ، ارتقاء اور وجوہات کا اندازہ لگا کر سمجھنا ہوگا کہ اپنا مستقبل کیسے متشکل کرنا ہے۔ واضح رہے جب بات پہنچتی ہے پانچویں صنعتی انقلاب تک تو بھارت کی شمولیت کیا اور کیسے ہوئی؟ قصہ یہ کہ 2010ء تا حال جسے چوتھا انقلاب گردانا جاتا ہے اس میں چین اور بھارت (it سیکٹر) کی دنیا ہی بدل گئی۔ چین کو دیکھئے کہ اس نے سستی مزدوری اور پھر ai اور گرین ٹیکنالوجی کے سبب کروڑوں لوگوں کو غربت سے نکال کر امریکہ کی عالمی اجارہ داری کو چیلنج کر دیا۔ یوں پہلا انقلاب بھاپ والے انجن سے چلا۔ دوسرا صنعتی انقلاب بجلی تک پہنچا، اور تیسرا کمپیوٹر تک، پھر چوتھا مصنوعی ذہانت تک۔ تھوڑا سا تذکرہ موجودہ اور جدید ترین انقلاب کا جو پانچواں صنعتی انقلاب 5.0 کہلایا ، اور 2020ء کی دہائی میں ابھرا اس میں مکمل آٹومیشن کے بجائے انسانی ذہانت اور جدید روبوٹس کے باہمی اشتراک، ماحولیاتی پائیداری اور انسانی مرکزیت پر توجہ کا دور جڑ پکڑتا ہے۔واضح رہے کہ اب تک ہونے والے صنعتی انقلابوں کی جانب توجہ، پچھلے دنوں وفاقی وزیر احسن اقبال کے یو ای ٹی لاہور کے کانووکیشن میں انجینئرز سے خطاب نے کرائی۔ احسن اقبال سمیت آخر محمد اورنگزیب ( فنانس) ،اسحاق ڈار (اکانومسٹ)، جام کمال (کامرس)،رانا تنویر (انڈسٹری)،خالد مگسی ( سائنس و ٹیکنالوجی) جیسے وزراء اور مفتاح اسمعیل، شاہد خاقان، مراد علی شاہ، عشرت حسین، قیصر بنگالی، اسد عمر ، نوید قمر، حفیظ پاشا، عائشہ غوث، ڈاکٹر سعدیہ زاہدی، ڈاکٹر رضا باقر ، ڈاکٹر ندیم الحق اور ڈاکٹر اکمل حسین وغیرہ ملک و ملت کی صنعت اور انقلاب کیلئے سر نہیں جوڑ سکتے کیا؟ ہمارے رزم اور بزم کیوں صنعتی عزم نہیں؟ کون سی چیز آڑے آتی ہے؟
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



