وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حسن ابدال، جہلم اور ساہیوال کے دوروں نے عوامی رابطے کی سچی تصویر پیش کی ہے ، جہلم میں اولڈ جی ٹی روڈ سے سول لائنز روڈ اور شاندار چوک تک مناظر کچھ ایسے تھے کہ سڑکیں انسانوں سے بھر گئیں، کہیں گلاب کی پتیاں تھیں، کہیں خیرمقدمی بینر، کہیں بچے اور نوجوان ہاتھوں میں پوسٹر اٹھائے کھڑے تھے، وزیراعلیٰ کی گاڑی پر پھولوں کی برسات ہوئی تو یوں محسوس ہوا جیسے شہر اپنے انداز میں کہہ رہا ہو کہ ہم نے آپ کو دیکھا بھی ہے اور آپ کے کام کو محسوس بھی کیا ہے،مگر اصل سوال یہ ہے کہ عوام سڑکوں پر کیوں نکلے؟کیا صرف استقبال کیلئے؟یا اس کے پیچھے کسی کارکردگی کا احساس بھی موجود ہے؟ اس سوال کا جواب ان منصوبوں میں تلاش کیا جا سکتا ہے جو مختلف اضلاع میں شروع کیے گئے، مکمل ہوئے یا جن سے براہ راست عام آدمی مستفید ہو رہا ہے، حسن ابدال میں خصوصی بچوں کیلئے نواز شریف سینٹر آف ایکسیلنس فار اسپیشل ایجوکیشن کا افتتاح محض ایک عمارت کا افتتاح نہیں، یہ اس سوچ کی علامت ہے کہ معاشرے کے وہ بچے جنہیں خصوصی توجہ، تربیت اور سہولیات کی ضرورت ہے، وہ بھی ریاست کی ذمہ داری ہیں،ایک ایسے بچے کے والدین کیلئے جسے عام تعلیمی نظام میں مشکلات کا سامنا ہو، جدید تعلیم و تربیت کا مرکز کسی سیاسی اعلان سے کہیں بڑھ کر امید کا دروازہ ہوتا ہے،اسی دورے میں ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ اسکیم کے مستفیدین سے براہ راست ملاقات بھی اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ حکومت اگر واقعی عام آدمی تک پہنچنا چاہتی ہے تو اسے صرف لاہور کے بڑے دفاتر سے نہیں بلکہ اضلاع، قصبوں اور عام گھروں تک جانا ہوگا،جہلم کا منظر تو اپنی جگہ ایک مکمل عوامی داستان بن گیا۔یہاں ٹرانسپورٹ، سڑکوں، تعلیم، زراعت، آبپاشی، شہری سہولیات اور نوجوانوں کیلئے مختلف منصوبے زیرِ بحث آئے، لیہ جہلم دو رویہ سڑک جیسے منصوبے صرف سڑکیں نہیں ہوتیں، یہ فاصلے کم کرتی ہیں، سفر آسان بناتی ہیں، کاروبار کو حرکت دیتی ہیں اور ایک شہر کو دوسرے شہر سے جوڑتی ہیں، وزیراعلیٰ نے خود طلبہ سے سوال کیا کہ کیا انہیں لیپ ٹاپ اور سکالرشپ میرٹ پر ملے؟ کیا کسی سے سیاسی وابستگی پوچھی گئی؟ کیا سفارش یا رقم کی ضرورت پڑی؟ یہ سوال دراصل حکومت کی کارکردگی کا امتحان بھی ہے، کیونکہ کسی بھی تعلیمی اسکیم کی اصل کامیابی اس وقت ہوتی ہے جب مستحق طالب علم یہ کہہ سکے کہ اسے اپنا حق حاصل کرنے کیلئے کسی بااثر شخص کے دروازے پر نہیں جانا پڑا۔جہلم کےماڈل بازار، اسپورٹس جمنازیم، پرانی تحصیل روڈ کی خوبصورتی، صاف پانی ، نکاسی آب کے منصوبے ، جلال پور آبپاشی منصوبے ، ساہیوال میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ، ساہیوال تا عارف والا روڈ ،اسپورٹس ایرینا میں نوجوانوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنا ایک صحت مند معاشرے کیلئے کھیل محض تفریح نہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں سے جوڑنے کا ذریعہ بھی ہیں۔یہی وجہ ہے کہ جب وزیراعلیٰ پنجاب مختلف شہروں میں جاتی ہیں اور عوام سڑکوں پر آتے ہیں تو اس منظر کو صرف سیاسی حمایت یا استقبال کے ایک واقعے تک محدود کر دینا شاید تصویر کا ایک رخ دیکھنا ہوگا، دوسرا رخ وہ منصوبے ہیں جو عوام کی روزمرہ زندگی سے جڑے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے حالیہ دوروں میں ایک اور پہلو نمایاں دکھائی دیتا ہے اور وہ ہے عوام کے درمیان گھل مل جانے کا نواز شریف جیسا ہو بہو انداز، حسن ابدال میں فقیدالمثال استقبال کے دوران بین المذاہب رواداری اور احترام کے مناظر بھی سامنے آئے۔ گوجرانوالہ اور چیچہ وطنی میں مسلم لیگ ن کی کامیابیوں کو بھی پارٹی حلقے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت اور کارکردگی پر عوامی اعتماد سے جوڑ رہے ہیں۔ انتخابی نتائج بہرحال کئی عوامل کا مجموعہ ہوتے ہیں مگر عوامی رابطے، ترقیاتی کارکردگی اور سیاسی بیانیہ ان میں اہم کردار ضرور ادا کرتے ہیں مگر آخر میں بات سیاست سے آگے نکل جاتی ہے کیونکہ جب کوئی ماں اپنے بچے کیلئے اسکالرشپ ملنے پر خوش ہوتی ہے، جب کوئی طالب علم لیپ ٹاپ ہاتھ میں لے کر اپنے مستقبل کے خواب دیکھتا ہے، جب کسی خصوصی بچے کے والدین کو معیاری تعلیم کی امید ملتی ہے، جب کسان کو سہولت ایک ہی چھت کے نیچے ملتی ہے، جب عام شہری کو بہتر سڑک اور سفری سہولت میسر آتی ہے تو حکومت کا اصل چہرہ اسی وقت سامنے آتا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ جہلم کی سڑکوں پر پھول برس رہے تھے، پھول صرف گاڑی پر نہیں برس رہے تھے وہ امید ویقین پر برس رہے تھے کہ حکومت اگر عوام کے درمیان آئے، ان کے مسائل سنے، ان کے بچوں کے مستقبل کی فکر کرے اور ترقی کے ثمرات اضلاع تک پہنچائے تو عوام بھی اپنے دل کے دروازے کھول دیتے ہیں۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



