Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

خان کی جیل کب تک!

عمران خان کو جیل میں تین سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ ان کے متعلق ایک تاثر بڑے شدومد سے پھیلایا جاتا رہا کہ وہ زیادہ دیر جیل میں نہیں رہ سکیں گے۔ کہا جاتا تھا کہ عمران خان جیل کی سختیاں برداشت نہیں کر سکتے، مچھروں سے پریشان ہو جائیں گے،…

انصار عباسی
انصار عباسی Monday, 16 November 2026 · 6 min read

عمران خان کو جیل میں تین سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ ان کے متعلق ایک تاثر بڑے شدومد سے پھیلایا جاتا رہا کہ وہ زیادہ دیر جیل میں نہیں رہ سکیں گے۔ کہا جاتا تھا کہ عمران خان جیل کی سختیاں برداشت نہیں کر سکتے، مچھروں سے پریشان ہو جائیں گے، انہیں آرام و آسائش والی زندگی کی عادت ہے اور وہ طویل قید کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں رکھتے۔ ان کے بارے میں یہ دعویٰ بھی کیا جاتا رہا کہ وہ نشہ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ پی ڈی ایم حکومت کے دور میں اس وقت کے وزیر صحت نے ایک پریس کانفرنس میں ان کے طبی نمونوں کا حوالہ دے کر منشیات کے استعمال کا الزام بھی عائد کیا تھا جو اُسی وقت میری شائع ہونے والی خبر کے مطابق غلط تھا۔ اب وقت نے بھی ان دونوں دعوؤں اور تاثر کی حقیقت واضح کر دی ہے۔ عمران خان نہ صرف طویل عرصے سے جیل میں ہیں بلکہ موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انہوں نے قید کے دوران کبھی گھبراہٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔

جیل کی مشکلات، تنہائی، محدود ملاقاتوں اور دیگر پابندیوں کے باوجود ان کی جانب سے ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ وہ اپنے بارے میں پریشان ہو کر قید سے نکلنے کے لیے کسی بھی قیمت پر کوئی ڈیل کرنے کو تیار ہوں۔ اس اعتبار سے ان کے ناقدین کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا کہ وہ جیل کی زندگی برداشت نہیں کر سکیں گے۔ عمران خان کی پریشانی، اگر کسی حوالے سے نمایاں دکھائی دیتی ہے، تو وہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بارے میں ہے۔ اپنی قید کے مقابلے میں انہیں اپنی زوجہ کی مشکلات زیادہ پریشان کن محسوس ہوتی ہیں۔ یہ ایک فطری انسانی پہلو بھی ہے کہ انسان اپنی ذات کی تکلیف سے زیادہ اپنے قریبی عزیز کی تکلیف پر مضطرب ہو سکتا ہے۔ تاہم اپنی ذات کے حوالے سے عمران خان نے جس قدر استقامت دکھائی ہے، اس نے بہت سوں کو حیران کیا۔

لیکن یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: کیا کسی شخص کا جرات اور حوصلے سے جیل کاٹنا اس بات کا جواز بن سکتا ہے کہ اسے جیل ہی میں رکھا جائے؟ کیا یہ سمجھ لیا جائے کہ چونکہ وہ قید کی مشکلات برداشت کر رہا ہے، اس لیے اس کی رہائی کا سوال غیر اہم ہو گیا ہے؟ عمران خان کو اُسی نوعیت کے مقدمات اور انصاف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جس کی پاکستان میں ایک تاریخ ہے اور جس کا سامنا مختلف سیاسی جماعتیں اور سیاسی رہنما کرتے رہے ہیں۔

کسی سیاسی رہنما کی ثابت قدمی اپنی جگہ، لیکن آزادی اور انصاف کا سوال اس سے کہیں زیادہ بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ جیل میں رہنا کسی شخص کیلئے اعزاز یا سیاسی کامیابی کا پیمانہ نہیں ہونا چاہیے لیکن ہمارے ہاں صورتحال اسلئے مختلف ہے کہ یہاں احتساب اور انصاف کے نام پر کبھی کسی کو اور کبھی کسی کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ وقت بدلتا ہے تو سیاسی رہنمائوں کے رول بھی بدل جاتے ہیں۔ جیل والے باہر نکل کر اقتدار تک پہنچ جاتے ہیں اور اقتدار والے سلاخوں کے پیچھے چلے جاتے ہیں۔ نظام تو ہمارا وہی ہے جو پہلے تھا، انصاف کے تقاضے اور احتساب کے انداز بھی نہیں بدلتے۔ ایسے میں عمران خان کا جیل میں ڈٹے رہنا کیا عمران خان کے اپنے، اُن کی سیاسی جماعت اور سیاست کے لیے اچھا ہے یا اُنہیں ایک ایسا رستہ میسر کیا جانا چاہیے کہ وہ ایک ایسی قید سے نکلیں جس پر سوال اٹھتے ہیں۔ عمران خان کو اداروں سے لڑائی ہر حال میں ختم کرنی چاہیے لیکن اگر کوئی یہ کہے کہ اُن کو جو سزائیں ملی تو وہ بالکل درست اور انصاف پر مبنی ہیں تو یہ بات درست نہیں۔ اگر ایک طرف عمران خان کے سیاسی ساتھیوں اور فیملی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اداروں سے موجودہ لڑائی کے خاتمے کا بندوبست کریں تو دوسری طرف حکومت اور مقتدر حلقوں کو بھی عمران خان کے معاملے پر ازسرنو جائزہ لینا چاہیے۔

پاکستان میں سیاست اور جمہوریت کا جو حال ہے اُس سے سب واقف ہیں۔ لیکن یہ بھی نہیں ہونا چاہیے کہ ایک شخص اگر جیل سے گھبراتا نہیں تو اُسے جیل میں ہی رہنے دیا جائے۔ میں تو کہتا ہوں کہ بغیر کسی ڈیل کے، مقتدرہ اور حکومت کو عمران خان کو اُن کی اہلیہ کے ساتھ بنی گالہ شفٹ کر دینا چاہیے۔ اُن سے اُن کی فیملی اور وکلاء کی ملاقاتوں کی اجازت ہونی چاہیے۔ اگر یہ تصور کیا جا رہا ہے کہ عمران خان کو طویل عرصے تک جیل میں رکھنے سے ان کی سیاسی حیثیت کمزور ہو جائے گی یا ان کے حامی ان سے مایوس ہو جائیں گے تو اب تک کے حالات اس سوچ کی تائید نہیں کرتے۔ دونوں اطراف کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا چاہیے۔ عمران خان اور اُن کی جماعت فوج کے ادارے کو نشانہ بنانا چھوڑ دے جبکہ حکومت اور مقتدرہ کے ریاستی احتساب اور انصاف کے نظام عمران خان کو نشانہ بنانا چھوڑ دیں۔ عمران خان کے لیے یہ حقیقت تسلیم کرنا اہم ہے کہ جرات کا مظاہرہ صرف جیل میں رہ کر نہیں بلکہ سیاسی معاملات میں لچک، مکالمے اور قومی مفاد کو ترجیح دے کر بھی کیا جا سکتا ہے۔ سیاسی اختلافات کا حل محض مزاحمت اور تصادم میں تلاش نہیں کیا جا سکتا۔

اگر ملک کو موجودہ سیاسی تعطل سے نکالنا ہے تو حکومت، تحریک انصاف اور متعلقہ ریاستی اداروں کو کسی قابل عمل راستے کی طرف بڑھنا ہوگا۔ اس کے لیے کسی ایک فریق کی مکمل شکست یا دوسرے کی غیر مشروط فتح ضروری نہیں۔ عمران خان نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ جیل کی زندگی سے خوفزدہ نہیں۔ ان کے بارے میں بنائے گئے بعض منفی تصورات بھی وقت کے ساتھ اپنی اہمیت کھو چکے ہیں۔ لیکن اب اصل امتحان یہ نہیں کہ وہ مزید کتنے ماہ یا سال جیل میں گزار سکتے ہیں۔ اصل امتحان یہ ہے کہ پاکستان کا نظام انصاف اور سیاسی قیادت اس تعطل سے نکلنے کے لیے کتنی سنجیدگی دکھاتے ہیں۔ کسی شخص کی استقامت کا اعتراف کرنا اور اس کی غیر ضروری قید کے خاتمے کا مطالبہ کرنا دو الگ باتیں نہیں ہیں۔ عمران خان جرات سے جیل کاٹ رہے ہیں، لیکن اس جرات کو ان کی قید جاری رکھنے کا جواز نہیں بنایا جا سکتا۔ سوال یہ نہیں کہ وہ جیل میں رہ سکتے ہیں یا نہیں، سوال یہ ہے کہ کیا انہیں انصاف کے مطابق جیل میں ہی رہنا چاہئے؟

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.