کئی روشن خیال قسم کے نقادوں نے یہ خشک پروپیگنڈہ کیا ہوا ہے کہ علمائے کرام جدید ٹیکنالوجی اور جدید اشیا کا استعمال مناسب نہیں سمجھتے۔ جب بھی کوئی نئی ایجاد سامنے آتی ہے تو علمائے کرام اس کو ناجائز قرار دے دیتے ہیں۔ان کا کہنا ہے آج سے تقریباً نصف صدی پہلے جب مائیک آیا تو علما نے اس میں نماز پڑھانے کو ناجائز قرار دیا حتی کہ اب بھی بعض جگہوں پر اس کا استعمال شروع نہیں ہو سکا۔ پھر اسی طرح ریڈیو، کمپیوٹر، انٹرنیٹ کا استعمال نہیں کرتے تھے۔ انگریزی زبان سیکھنا سکھانا اور بولنا توگمراہی شمار کی جاتی تھی حتیٰ کہ کئی علما کے بارے میں ان کا خیال تھا کہ وہ اس بارے میں تکفیر کے قائل تھے لیکن علمائے کرام پر یہ اعتراض کرنے والے اس کا کوئی جواب شاید کبھی نہ دے سکیںکہ دنیا کی پانچ بڑی سپر طاقتوں میں سے دو ممالک چین اور فرانس ہیں جو آج بھی انگریزی بولنے کو عیب بلکہ توہین سمجھتے ہیں۔ ماضی قریب میں یورپی یونین کے اجلاس میں شریک فرانسیسی صدر نے صرف اس لیے اس اجلاس کابائیکاٹ کیا تھا کہ نمائندے نے انگریزی میں اپنا مافی الضمیر بیان کرنا شروع کردیا تھا اور یہی حال چین کے مقتدر طبقے کا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ علمائے کرام نے کبھی بھی ایسی چیزوں کے استعمال سے منع نہیں کیا جو شریعت کے خلاف نہ ہو۔ جدید ایجادات ( ٹیکنالوجی) کے استعمال کی نبی کریم ﷺنے تعریف فرماکر اس کی اہمیت آشکارا فرمادی تھی چنانچہ مسلمانوں نے اس زمانے سے ہی اس پر توجہ دینا شروع کردی تھی۔
بعض صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم نے اس زمانے کی جدید منجنیقوں کی تربیت کفار کے پاس جاکر حاصل کی تھی۔ محمد بن قاسم کا منجنیق کے ذریعے سندھ کو فتح کرنا بچے بچے کو معلوم ہے۔ مغل حکومتوں کی توپیں بھی آج تک فوجی چھائونیوں میں نظر آجاتی ہیں۔ صلاح الدین ایوبی اور ٹیپو سلطان نے اپنے اپنے دور میں دستیاب جدید سے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی ہے۔آج بھی علمائے کرام اور دین دار طبقے دعوتِ دین کیلئے جدید سے جدید ذرائع اور آلات استعمال کرکے اپنی بات دور دور تک پہنچا رہے ہیں ۔فقہ حنفی کو مرتّب کرنے والے امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ کے جلیل القدر شاگرد حضرت امام محمد رحمہ اللہ نے فرمایا: ’’جو شخص زمانے سے واقف نہیں وہ جاہل ہے۔‘‘ حدیث پاک میں آتا ہے: ’’ مسلمانوں کیلئے آسانیاں پیدا کرو اور مشکلات پیدا نہ کرو۔‘‘ اسلئے علمائے کرام تمام تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے رہے ہیں تاکہ عوام دینی اعمال واحکام کو بوجھ تصور نہ کریں۔ وہ شریعت کے دائرے میں رہتے ہوئے دقتوں اور مشکلات کو کم سے کم اور ختم کرنے کی بھرپور کوشش کرتے رہے ہیں۔
علمائے کرام جدید چیزوں کے مخالف نہیں ،البتہ اسے شریعت کے مسلّمہ اصولوں پر پرکھتے ضرور ہیں چنانچہ جو ایجادات دین و دنیا میں کار آمد ہیں علمائے کرام نہ صرف ان کی اجازت دیتے ہیں بلکہ اسی سلسلے میں بعض بڑے مدارس میں آئی ٹی ڈپارٹمنٹ، انگلش لینگویج لیب اور سائنس لیب تک موجود ہیں حتیٰ کہ جدید علوم میں ایم بی اے، اسلامی بینکنگ اور فلکیات جدیدہ کے شعبے بھی موجود ہیں۔ فلکیات کورس میں مہارت میں اضافہ اور تحقیق کے لیے موزوں جگہوں پر لے جا کر فلکی مشاہدات بھی کروائے جاتے ہیں۔ سہولتیں اور آسانیاں پیدا کرنے کے لیے دینی مدارس میں علمائے کرام نے ایسی جدید اشیا کا استعمال شروع کیا ہو اہے جو دین کے کاموں میں ممدومعاون ہوں۔ ہاں! کوئی جدیدیت کی آڑمیں حرام کو حلال کرنے کی کوشش کرے تواس کی ہاں میں ہاں نہیں ملائی جاسکتی۔ مثلاً: سود کی حرمت قرآن وسنت سے ثابت ہے کوئی اس کو ’’پرافٹ‘‘ کا نام دے یا کچھ اور، اس کا استعمال کسی صورت میں جائز نہیں ہوسکتا۔ اسی طرح شراب، انشورنس اور دیگر حرام معاملات میں کبھی بھی علمائے کرام نے نقب زنی برداشت نہیں کی اور نہ ہی کریں گے۔ باقی رہایہ کہ کچھ عرصہ پہلے تک جو علمائے کرام انگریزی سے منع کرتے تھے تو اس کی چند وجوہ تھیں: وہ ممانعت انگریزی کی وجہ سے نہیں بلکہ برے ماحول اور فحش نصاب کی وجہ سے تھی۔ا نگریزی پڑھنے والوں کو انگلش بولنا لکھنا آئے یا نہ، انگریزی ثقافت کی مرعوبیت ضرور ان کو اپنے تسلط میں جکڑ لیتی تھی اور بجائے فائدے کے نقصان ہوتا تھا۔ اب علمائے کرام کی زیرِ نگرانی ماہرین نے انگلش لینگویج کے جو کورس ڈیزائن کر وائے ہیں ان میں یہ خامی نہیں۔اس زمانے میں انگلش مقامی زبانوں میں اتنی داخل نہ ہوئی تھی کہ اس کے بغیر بات سمجھنا سمجھانا مشکل ہو۔
ذرائع مواصلات مشرق ومغرب کو ایک دوسرے سے اتنا قریب بھی نہیں لائے تھے کہ انگلش کے بغیر چارہ کار نہ ہوجبکہ آج دنیا سمٹ کر گلوبل ولیج بن چکی ہے اور اس عالمی گائوں کے باشندوں کا باہمی رابطہ سرِ دست انگلش کے ذریعے ہی ممکن ہے۔جدید معلومات کے حصول کا آسان ترین ذریعہ انگریزی نہ تھی۔ آج صورتِ حال بدل چکی ہے، انگلش کی ضرورت صرف بیرون ملک جانے والوں ہی کیلئے نہیں، اندرونِ ملک بھی آپ انگلش کے دو تین سو الفاظ جانے بغیر ان تعلیم یافتہ افراد کی گفتگو صحیح طورپر نہیں سمجھ سکتے۔ظاہر ہے قوم کی زبان سمجھے بغیر ان کی دینی رہنمائی ممکن نہیں۔ جب علمائے کرام، عوام کی یہ انگلش زدہ گفتگو نہیں سمجھ سکتے تو اس سے خودبخود یہ سمجھا جاسکتا ہے کہ عوام بھی علمائے کرام کی وہ گفتگو سمجھنے کے قابل نہیں جس میں فارسی وعربی کے ٹھیٹھ الفاظ بکثرت استعمال کیے جاتے ہیں۔اس وقت الحمدللہ تمام مدارس میں بقدر ضرورت عصری تعلیم دی جارہی ہے جبکہ بڑے مدارس میں اعلیٰ عصری علوم و فنون کا بہترین انتظام ہے۔یہی وجہ ہے کہ سرکاری امتحانی بورڈز میں بھی دینی مدارس کے طلباء اور طالبات پوزیشنز حاصل کررہے ہیں۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



