پاکستان کی سیاسی تاریخ کے اوراق پلٹیں تو جمہوریت کے استحکام اور عوامی خوشحالی کے بلند بانگ دعوے ہر دور میں سنائی دیتے ہیں۔ مگر ستر برس سے زائد کا سفر طے کرنے کے بعد بھی یہ بنیادی سوال آج بھی تشنۂ جواب ہے کہ ریاست کے اختیارات کا سورج واقعی عوام کے آنگن تک پہنچ پایا ہے؟
ایک عام پاکستانی کو اپنی گلی کی ٹوٹی سڑک، صاف پانی، ابلتے گٹروں، صفائی اور بجھتی اسٹریٹ لائٹس جیسے روزمرہ مسائل کے حل کیلئےجن صبر آزما دفتری مراحل سے گزرنا پڑتا ہے، وہ ہمارے لیے سوالیہ نشان ہے۔ تلخ حقیقت یہ ہے کہ عام آدمی کی نبض وفاقی یا صوبائی ایوانوں کی گرما گرم سیاست سے نہیں، بلکہ ان بنیادی سہولتوں سے چلتی ہے جو اسے اپنے شہر، قصبے اور گاؤں کی دہلیز پر درکار ہوتی ہیں۔ شاید اسی لیےطرزِ حکمرانی پر ازسرِ نو غور کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
حالیہ دنوں میں ملک کے سیاسی و فکری حلقوں میں موجودہ چار صوبوں کی جگہ بارہ یا اس سے زائد نئے صوبے یا انتظامی یونٹ قائم کرنے کی تجاویز زیرِ بحث ہیں۔ اس بحث کا بنیادی فلسفہ انتظامی اختیارات کو صوبائی دارالحکومتوں تک محدود رکھنے کے بجائے چھوٹی اکائیوں کے ذریعے عوام کی دسترس میں لاناہے۔ بلاشبہ بڑھتی ہوئی آبادی اور وسیع جغرافیائی حدود کے پیشِ نظر انتظامی اصلاحات پر غور کیا جا سکتا ہے، لیکن اصل سوال یہ ہے کہ کیا محض صوبوں کی تعدادمیں اضافے سےعوام کی تقدیر بدل جائیگی؟
اگر نئے صوبوں میں بھی وہی جاگیردارانہ طرزِ حکمرانی برقرار رہا، تو اس جغرافیائی تبدیلی سے عوام کو کیا آسودگی میسر آئیگی؟ وقت کا تقاضا ہے کہ نئے اقدامات کے ساتھ مقامی حکومتوں کو فیصلہ سازی کا حقیقی اور بااختیار محور بنایا جائے۔
رائج الوقت نظام میں صوبائی حکومتیں تمام اختیارات اور وسائل کا بڑا حصہ اپنے پاس رکھتی ہیں۔صوبائی دارالحکومتوںمیںترقی ہوتی ہےمگر دور دراز شہروں اور دیہی علاقوں کے مسائل جوں کے توں رہتے ہیں۔ اگر ہر بڑے شہر میں ایک بااختیار میئر اور منتخب شہری کونسل موجود ہو، جسکے ہاتھ میں مالی وسائل کی کنجی اور انتظامی اختیارات ہوں، تو شہری اپنے مسائل کے فوری تدارک کیلئے براہِ راست اپنے مقامی نمائندوں کا احتساب کر سکتے ہیں۔ اس طرح حکمرانوں اور عوام کے درمیان حائل خلیج دور کی جاسکتی ہے۔
ترقی یافتہ ممالک کی تاریخ گواہ ہے کہ وہاں شہری حکومتیں اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی، صفائی، صاف پانی، نکاسی آب، مقامی سڑکوں، پارکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انتظام میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتی ہیں۔ پاکستان میں بھی بلدیاتی اداروں کو اسی عالمی معیار کے مطابق مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔یہ المیہ بھی ہماری تاریخ کا حصہ ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی آج بھی ادھوری ہے۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے وفاق سے صوبوں کو اختیارات منتقل ہو گئے، لیکن صوبوں سے مقامی حکومتوں تک وسائل کی منتقلی آج تک نہیں ہو پائی۔ آئین کا آرٹیکل 140-a صوبوں کو پابند بناتا ہے کہ وہ بااختیار بلدیاتی نظام قائم کریں اور منتخب نمائندوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کریں۔ اس واضح حکم کے باوجود بلدیاتی انتخابات میں تاخیرہوتی رہی ۔ چنانچہ نئے نظام میں بلدیاتی اداروں کو فولادی آئینی تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہوگا ۔
پاکستانی سیاست قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم پر اختلافات ایک سلگتا ہوا موضوع رہا ہے۔ مختلف اکائیوں کے درمیان وسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے محرومیوں کی آوازیں گونجتی رہتی ہیں۔ تاہم، قومی یکجہتی کے استحکام کیلئے ناگزیر ہے کہ تمام شہریوں کو بلا تفریق مساوی مواقع اور حقوق میسر آئیں۔ نئے انتظامی یونٹوںکی تشکیل آبادی کے تناسب، جغرافیائی حقائق، انتظامی سہولت اور معاشی امکانات کو مدنظر رکھ کر کی جانی چاہیے۔ پنجابی، سندھی، بلوچی اور پشتون ثقافتیں اس سرزمین کے حسین گلدستے کے رنگ ہیں؛ انہیں ایک متحد پاکستانی تشخص کی لڑی میں پرو کر آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اختیارات کی یہ منتقلی محض بڑے شہروں تک محدود نہیں رہنی چاہیے۔ دور افتادہ دیہی علاقوں میں بھی منتخب مقامی حکومتوں کو پختہ سڑکوں، صاف پانی، نکاسی آب، بنیادی صحت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے مکمل اختیارات سونپے جائیں۔ مضبوط بلدیاتی ادارے ملک میں نئی اور مخلص سیاسی قیادت کی پرورش کیلئے ایک نرسری کا کردار ادا کر سکتے ہیں، جہاں نوجوان مقامی مسائل حل کرتے ہوئے عملی سیاست کا تجربہ حاصل کریں اور قومی افق پر ابھریں۔تاہم، رائج صوبائی نظام کی ہیئت میں تبدیلی اور نئے ڈھانچے کی تشکیل ایک نہایت حساس آئینی و سیاسی معرکہ ہے، جس کیلئے وسیع قومی اتفاقِ رائے، آئینی ترامیم اور تمام اکائیوں کے حقوق کا تحفظ بنیادی شرط ہوگا۔یہ بات اہم ترین ہے کہ چاہے بارہ صوبے بنیں یا درجنوں انتظامی یونٹ قائم ہوں، تاریخ کی عدالت میں کامیابی کا پیمانہ اکائیوں کی گنتی نہیں، بلکہ عام شہری کی زندگی میں آنے والی آسانی ہوگی۔
آج ملک کو ایک ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں ہر شہر کا میئر بااختیار اور جوابدہ ہو، ہر ضلع اور گاؤں کے نمائندے اپنے علاقے کی تقدیر سنوارنے کے فیصلے خود کر سکیں، اور شہریوں کو چھوٹے مسائل کیلئے صوبائی دارالحکومتوںکے چکر نہ لگانا پڑیں۔ پاکستان کو اس وقت ایک نئے طرزِ حکمرانی کی ضرورت ہے، کیونکہ جمہوریت کی اصل کامیابی عام شہری کی دہلیز پر مسکراتی ہوئی دکھائی دیتی ہے۔
Courtesy: Jang — Original column →
Advertisement



