Skip to main content
Mardan’s own newspaper
Advertisement
970 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan
Column

سوالات کا ہجوم!

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سالگرۂ شاہ چارلس میں شرکت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی موجودگی نے اس تقریب کو محض ایک رسمی سفارتی اجتماع کے بجائے دو ملکوں کے مابین دیرینہ تعلقات اور باہمی گرم جوشی کے…

محمد مہدی
محمد مہدی Thursday, 19 November 2026 · 5 min read

برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سالگرۂ شاہ چارلس میں شرکت کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی موجودگی نے اس تقریب کو محض ایک رسمی سفارتی اجتماع کے بجائے دو ملکوں کے مابین دیرینہ تعلقات اور باہمی گرم جوشی کے اظہار کا موقع بنا دیا۔ سفارتکاری کی دنیا بھی عجب دنیا ہے؛ یہاں کبھی ایک جملہ تاریخ کا رخ بیان کردیتا ہے اور کبھی ایک تبسم وہ بات کہہ گزرتا ہے جس کیلئے دفتر کے دفتر سیاہ کیے جائیں۔برطانوی ہائی کمشنر کے فوٹوگرافر نے جب میری اور انکی تصاویر بنانا چاہیں تو ہائی کمشنر نےکہا کہ مہدی صاحب کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نہیں، بلکہ مسکراتے ہوئے تصویر بنائی جائے۔ یہ بظاہر ایک معمولی سا اشارہ تھا، لیکن اہلِ نظر جانتے ہیں کہ سفارتی تعلقات کی عمارت ہمیشہ بڑے امورہی سے نہیں، چھوٹے چھوٹے واقعات سے بھی تعمیر ہوتی ہے۔

اسلام آباد میں سفارتکاروں سے ہونیوالی ملاقاتوں میں ایک موضوع بار بار زیرِ بحث آیا: پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام۔ ایک نہایت سینئر سفارتکار نے سوال اٹھایا کہ کیا نئی صوبائی تقسیم کے نتیجے میں ایسے علاقے بھی صوبائی حیثیت حاصل کرسکتے ہیں جہاں کسی ایک مکتبِ فکر کی غیر معمولی اکثریت ہو اور اقتدار ایسے لوگوں کے ہاتھ آجائے جو اختلافِ رائے کوخندہ پیشانی سے برداشت کرنے کے عادی نہ ہوں؟ کیا باہم متخاصم قبائل کو ایک صوبے میں جمع کرکے انکی دشمنیوں کو ختم کرسکیں گے؟یہ سوال محض ایک سفارتکار کا خدشہ نہیں، ہمارے اجتماعی مستقبل کا ایک اہم سوال ہے۔ اسی سفارتکار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے مسلسل اقتدار نے معاشرے میں جو تقسیم پیدا کی ہے،کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اب اگر پاکستان میں بھی ایسی انتظامی اکائیاں وجود میں آجائیں جن کی بنیادکسی بھی نوع کی عصبیت پر ہو تو کیا اس سے وفاق پاکستان مضبوط ہوگا؟ میں نے کہا کہ آپ کے تجزیہ میں بہت وزن ہے ۔ پھر اس مہم کا چہرہ بھی ایسے افراد ہیں جو نہ تو سیاسی حمایت رکھتے ہیں اور نہ ہی ان کو کوئی دانشور تصور کرتا ہے ۔ بلوچستان کی مثال ہمارے سامنے ہے۔ ماضی قریب میںایک زمانہ ایسا بھی گزرا جب ایک قبائلی سردار کے وزیراعلیٰ ہونے کے عہد میں،مخالف قبیلے کے ایک سردار کو صوبہ چھوڑنا پڑا۔ اب ذرا تصور کیجیے کہ اگر یہی قبائلی رقابت ایک الگ صوبے کی حدود میں محصور ہوجائے تو اسکا انجام کیا ہوگا؟ اور اگر کسی چھوٹی انتظامی اکائی میں پاکستان مخالف عناصر کو اقتدار حاصل ہوجائے تو ان کیلئے اسمبلی کا ایوان بھی اپنے عزائم کے اظہار کا وسیلہ بن سکتاہے۔سندھ کا معاملہ اس سے بھی زیادہ حساس ہے۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے پیچھے پاکستان بجا طورپر بھارتی کردار کی نشاندہی کرتا ہے۔ سندھ کی تو سرحد بھی براہِ راست بھارت سے متصل ہے، اور ماضی میںسندھو دیش کے نعرے بھی وقتاً فوقتاً بلند ہوتے رہے ۔ میرے نزدیک اگر" ری سیٹ" کوئی ایسی سیاسی مہم شروع ہوئی تو سندھ میں اضطراب پیدا ہونا بعید از قیاس نہیں۔ پھر یہ بھی تو دیکھیے کہ ہمارے موجودہ چار صوبے ہی پانی کی تقسیم پر ایک دوسرے سے شاکی ہیں۔ این ایف سی ایوارڈ کا معاملہ اپنی جگہ ایک مستقل آزمائش ہے، صوبوں نے جو قرضے وفاق سے ہٹ کر لئے انکی ادائیگی کون کرئیگا یہ ایک الگ سوال ہے۔

صوبہ صرف ایک نام، ایک اسمبلی اور ایک گورنر کا نام نہیں؛ اس کیلئے خزانہ چاہیے، وسائل چاہئیں، صنعت و زراعت چاہیے، اور سب سے بڑھ کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کی صلاحیت چاہیے۔ مثال کے طور پر راولپنڈی کو صوبہ بنا دینے سے اسکے خزانے میں کون سے نئے وسائل پیدا ہوجائیں گے؟ نہ کوئی وسیع زرعی معیشت، نہ ایسی صنعتی بنیاد جو انتظامی اخراجات کا بوجھ اٹھاسکے۔ اسلام آباد کی مثال بھی ہمارے سامنے ہے، جہاں زمین اور پلاٹوں کی فروخت سرکاری آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ اگر نئے صوبے مرکز کے دست نگر بن کر رہ گئے تو کیاخودمختاری کا خواب پورا ہوجائیگا؟ اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات کی جو تقسیم ہوئی، اس سے پیدا ہونیوالا اعتماد کہیں پھر بدگمانیوں کی نذر نہ ہوجائے۔ ون یونٹ کا تجربہ کس طرح وفاق کیلئے ایک نئی آزمائش بن گیا تھا۔ تاریخ کا سبق یہی ہے کہ قومیں انتظامی نقشوں سے نہیں، سیاسی بصیرت اور باہمی اعتماد سے مضبوط ہوتی ہیں۔ سفارتی حلقوں میں یہ سوال بھی گردش کررہا ہے کہ نواز شریف کی پنجاب میں گرفت کو کمزور کرنے کیلئے صوبے کو تقسیم کرنےکاسوچا جا رہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کی سیاسی جڑیں پنجاب کی سرزمین میں بہت گہری ہیں۔ مریم نواز شریف کی حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کو بھی اسی سیاسی کشمکش کے آئینے میں دیکھا جاسکتا ہے۔ جرمنی سے پاکستان کے دیرینہ تعلقات ہیں ۔فرینک ہارٹمین ڈائریکٹر جنرل برائے ایشیا و بحرالکاہل، جرمن وفاقی دفترِ خارجہ سے ملاقات رہی اور لاہور میں جرمنی کے سکیورٹی امور کے ماہر پروفیسر مسالا سے چند احباب کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ برطانیہ کے یورپی یونین سے انخلا کے بعد پاکستان کیلئے جرمنی کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ جی ایس پی پلس کے معاملات بھی قریب آرہے ہیں۔ یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ جرمن وزیر خارجہ نے آپریشن سندور سے پہلے بھی مسئلہ کشمیر کا ذکر کیا تھا، جب بھارت خطے میں اپنی بالادستی کا تاثر قائم کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ جرمنی نے اس وقت بھی بھارتی خواہشات کو اپنی پالیسی کا پیمانہ نہیں بنایا۔ اسلئے جرمنی کی طرف خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ان تمام ملاقاتوں اور گفتگوؤں کے بعد ایک ہی حقیقت بار بار ذہن میں آتی ہے: قوموں کی تعمیر کا راستہ جذبات کی تیزی سے نہیں، تدبر کی روشنی سے نکلتا ہے۔نئے صوبے بنانے میں کوئی اصولی قباحت نہیں، بشرطیکہ وہ عوامی سہولت، معاشی استعداد اور قومی اتفاقِ رائے کی بنیاد پر قائم ہوں۔

Courtesy: Jang — Original column →

Advertisement
728 × 90Your shop, school or clinic here — reach readers across Mardan

More from Editorial

See all →

Mardan in your inbox, every morning.

Top local stories, events and admissions — one short email at 7 am.