Skip to main content
تازہ ترین
پنجاب کی 8، اسلام آباد کی 5 اور خیبرپختونخوا کی 3 سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں شامل، سندھ صفر پر کیوں؟ اسد عمر کا سوالسندھ اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، شرجیل میمن کی تقریر پر ایم کیو ایم ارکان کی شدید نعرے بازیمردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیاشہری فیڈرز پر لوڈشیڈنگ 4 گھنٹے تک کم: پیسکو
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

وہ میرا گورنمنٹ کالج لاہور

(گزشتہ سے پیوستہ) گورنمنٹ کالج لاہور ،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج ،سینٹرل ٹریننگ کالج ،مسلم ہائی اسکول نمبر2 اور پنجاب یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس لڑکیوں کے سوئمنگ پولز، ان پانچوںکے سوئمنگ پولز کا طرز تعمیر ایک جیسا تھا ۔کیونکہ یہ پانچوں تیراکی کے…

واصف ناگی
واصف ناگی پیر، 23 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

(گزشتہ سے پیوستہ)

گورنمنٹ کالج لاہور ،کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج ،سینٹرل ٹریننگ کالج ،مسلم ہائی اسکول نمبر2 اور پنجاب یونیورسٹی کے اولڈ کیمپس لڑکیوں کے سوئمنگ پولز، ان پانچوںکے سوئمنگ پولز کا طرز تعمیر ایک جیسا تھا ۔کیونکہ یہ پانچوں تیراکی کے تالاب گوروں کے زمانے کے تھے گوروں نے لاہور میں جتنے بھی ا سکول اور کالجز تعمیر کیے تھے ان میں اکثرمیں سوئمنگ پول تھے۔ ایچیسن کالج، کنئیرڈ کالج، ایف سی کالج ،کوئین میری کالج وغیرہ بلکہ ایف سی کالج کے تیراکی کے تالاب پر ایک زمانے میں کنئیرڈکالج کی لڑکیوں کے لیے بھی ایک دن مخصوص تھا اور کوئین میری کالج کے سوئمنگ پول پر کیا خوبصورت سوئمنگ گالا ہوا کرتا تھا اس کو دیکھنے کا ہمیں بھی موقع ملا تھا۔ ویسے یہ سوئمنگ گالا لڑکیوں کے لیے ہوتا تھا، ایچسن کالج میں تو تین سوئمنگ پول ہیں اور ان کاسوئمنگ گالا تو نہایت ہی خوبصورت ہوا کرتا تھا۔سینٹرل ٹریننگ کالج اور مسلم ہائی اسکول نمبر2والا سوئمنگ پول تو ختم کر دیا گیا حالانکہ ان کو ختم کرنے کی کوئی وجہ نہ تھی ۔ پچھلے ہفتے ہم اپنے گورنمنٹ کالج لاہور کی بات کر رہے تھےیہ وہ کالج ہے جہاں پر ہمیں پڑھنے پر ہمیشہ فخر رہے گا ۔آج بڑی مدت بعد ہم اور رئیس انصاری اپنا اولڈ راوین کا کارڈ لینے گئے تو یقین کریں کہ دل کرے کہ ابھی ہمیں پھر داخلہ مل جائے اور ہم کسی بھی کلاس میں دوبارہ یہاں پڑھنا شروع کر دیں۔آج سے کئی سال پہلے جب بھارتی اداکاردیو آنند گورنمنٹ کالج آئےتو انہوں نے کئی کلاس رومز میں جا کر اپنی کلاس فیلو اوشاکو آوازیں بھی دیں ، اوشا تم کہاں ہو۔اوشاساڑھی میں یہاں نہیں تھی، کیا جذبات تھے۔ اگرچہ ہمارے دور اور ہمارے سے پہلے دور کے اسٹوڈنٹس اور آ ج کے اسٹوڈنٹس میں بہت فرق آچکا ہے۔ بات تو سچ ہے مگر ہے تلخ ۔آج جی سی کے طلبا اور طالبات دونوں کو دیکھ کر کوئی خوشی نہیں ہوتی ایسے لگا جیسے کسی پسماندہ اسکول کے بچوں کو دیکھ رہے ہیں۔ نہ بات چیت میں سلیقہ نہ کپڑے اور یونیفارم مناسب ۔ہم گورنمنٹ کالج لاہور کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر چوہدری اور اولڈ راوین یونین کے صدر اطہر اسماعیل( ڈی آئی جی) کو کہیں گے کہ وہ کالج کے اسٹوڈنٹس کے لباس یعنی یونیفارم اور بیجز کو لازمی پہننے کی طرف توجہ دیں۔ قیام پاکستان کے بعد آنے والی کئی حکومتوں نے کئی تعلیمی ادارے بنائے مگر گورنمنٹ کالج لاہور کی عمارت جیسا کسی تعلیمی ادارے کا طرز تعمیر نہیں بنا سکے۔ کیا رعب دار عمارت ہے۔ کالج کی حدود میں داخل ہو جائیں تو ایک ایسا سرور اور سکون میسر آتا ہے کہ بیان سے باہرہے ۔چلیں پچھلے ہفتے کے کالم کی طرف چلتے ہیں۔بہرحال کسی زمانے میں وہاں پر کوئی طالب علم ڈوب بھی گیا تھا۔کالج میں باکسنگ کلب پر بھی ایک زمانے میں پابندی لگ گئی تھی۔اس میں بھی باکسنگ کے دوران ایک طالب علم ہلاک ہو گیا تھا۔ ڈاکٹر نذیر احمد کالج لاہور کے واحد پرنسپل رہے تھےجو اپنے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لیے شام کو کبھی سوئمنگ پول ،کبھی ہاکی گراؤنڈ ،کبھی اولڈ ہال میں اسٹوڈنٹس کو بیڈ منٹن کھیلتے ہوئے دیکھنے جاتے تھے۔ گورنمنٹ کالج لاہور کا اولڈ ہال مکمل طور پر لکڑی کا تھا اور ہال کے اوپر جو سیڑھیاں جاتی تھیں اس کے ایک کونے پر جغرافیہ ڈیپارٹمنٹ تھا۔اولڈ ہال بڑا خوبصورت تھا۔افسوس اس کوسنبھال کر نہ رکھا گیااور کالج کے ایک سابق پرنسپل نے اس کے لکڑی کے فرش کو اکھاڑ کر یہاں پر پتھر لگا دیاجو بہت برا لگتا ہے ۔اس اولڈ ہال کی خوبصورتی اس کا لکڑی کا فرش اور اردگرد لگی ہوئی اولڈ راوینز کی تصاویر تھیں ۔کبھی ہم نے بھی اس اولڈ ہال میں بیڈ منٹن کھیلی ہے ۔سال اول کے داخلوں کیلئےاسپورٹس ٹرائل بیڈ منٹن اسی ہال میں ہوتے تھے۔پروفیسر امتیاز احمد سعید یہ ٹرائل لیا کرتے تھے۔یہ ہال آج اپنی اصل شکل وصورت میں نہیں ۔البتہ اس کی کھڑکیاں ابھی پرانی ہیں ۔ پروفیسر خالد جغرافیہ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ تھے۔ انتہائی نفیس انسان اور ہمیشہ بڑے خوبصورت اور صاف ستھرے کپڑوں میں ہوتے تھے۔ کالج کے سوئمنگ پول کے پاس وڈ ورکشاپ ہوتی تھی جہاں پر کالج کے فرنیچر کی مرمت کی جاتی تھی اور اسے دوبارہ قابل استعمال بنایا جاتا تھا ۔اس وڈورک شاپ کو چلانے والے کا نام بھول گئے ۔ بڑے محنتی اور لگن سے کام کرنے والے تھے۔ کتنا اچھا نظام تھا کہ کالج میں کوئی میز کرسی ٹوٹی ادھر اس کی مرمت کر دی گئی نہ پیسے کا ضیاع نہ نیا فرنیچر لینے کی ضرورت۔ ہم نے ہر اچھی روایت کو ختم کر ڈالا۔ گورنمنٹ کالج کے پرنسپل کے نائب قاصد فضل الہٰی انگریزوں کے دور کےتھے ہر وقت چہرے پر مسکراہٹ، اس دور کے پرنسپل بھی بڑے اچھے تھے۔ کسی طالب علم کو ملنے سے نہ روکتے تھے نہ یہ بہانہ کہ میٹنگ چل رہی ہےآپ مل نہیں سکتے۔اس کالج میں پرنسپل یا وائس چانسلر سےملنے کے عمل کو مشکل ایک سابق پرنسپل نے بنایا تھا اور وہ اسٹوڈنٹس کو ا سکول کے طالب علموں کی طرح ڈیل کرتے رہے۔ گورنمنٹ کالج کی ایک میوزک اور ایک فلم سوسائٹی تھی۔ فلم سوسائٹی ہمارے زمانے میں مہینے یا دو مہینے کے بعد بخاری آڈیٹوریم میں ایک فلم لگائی جاتی تھی اس فلم کا اہتمام کالج یونین کے سابق صدر، سیکرٹری سہیل محمود بٹ کرتے تھے جن کی دوستی مبارک سینما کے مالک ملک نصیر کے ساتھ بہت تھی اور ملک نصیر بھی اس زمانے میں کالج میں پڑھتے تھے ہم میوزک سوسائٹی اور اسٹوڈنٹس یونین پریس سیکرٹری تھے چنانچہ محمود بٹ ہمارے ذمہ یہ کام لگا دیا کرتے تھے کہ تم فلم کے پاس جاری کیا کرو ۔

(جاری ہے)

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔