سوال یہ ہے کہ ایک قوم ، جس کے باشندوں کی ایک بڑی تعداد ڈپریشن کا شکار ہو، دنیا میں کوئی مقام حاصل کر سکتی ہے ؟ 2022ءمیں پاکستان سائکیٹرک سوسائٹی اور ہمدرد یونیورسٹی نے یونیورسٹی آف فلوریڈاسمیت عالمی جامعات کے اشتراک سے ایک تحقیق کی ۔ یہ تحقیق برطانوی طبی جریدے bmj public health میں شائع ہوئی۔یہ تحقیق بتاتی ہے کہ پاکستان کا ہر دسواں بالغ شخص کلینکل ڈپریشن کا شکارہے ۔دیگر ذہنی امراض کو شمار کیا جائے تو ہر تیسرا ۔ ہر 16میں سے ایک شخص کو خودکشی کے خیالات آتے ہیں ۔ سو میں سے صرف پانچ مریض علاج کروا پاتے ہیں ۔باقی رسائی نہیں رکھتے یاذہنی علاج کو اپنی توہین سمجھتے ہیں ۔
انہی مریضوں میں سے کئی معمولی مسائل پر اپنے اہلِ خانہ کو قتل کر دیتے یا خودکشی کر لیتے ہیں ۔کچھ لوگوں کے جینز میں ڈپریشن ہوتا ہے اور حالات اسے بڑھا دیتے ہیں ۔ کئی کسی سانحے کی وجہ سے ڈپریشن کا شکار ہوتے ہیں ، جس میں مریض کا کوئی قصور ہوتا ہی نہیں ۔یہ خیال سرے سے ہی غلط ہے کہ صرف کمتر ذہنی صلاحیت رکھنے والے ذہنی امراض کا شکار ہوتے ہیں ۔کئی جسمانی بیماریوں میں ڈپریشن کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتاہے ۔ جسم میں ہارمونز کا توازن بگڑنے ،تھائیرائیڈ ، حتیٰ کہ ذیابیطس اور کورٹیسول ذہنی امراض کا سبب بن سکتے ہیں ۔ سر پہ کوئی چوٹ ،ٹراما ، پارکنسن، الزائمر، مرگی اور ملٹی پل اسکلروسیس بھی اسے بڑھا سکتے ہیں ۔ غذائی اجزاء اور وٹامنز کی شدید کمی بھی ۔
ہر انسان کو زندگی میں صدمے پہنچتے ہیں ۔ اکثر وقت گزرنے کے ساتھ سنبھل جاتے ہیں ۔ بعض قابلِ برداشت نہیں ہوتے ، خصوصاً اگر جینز میں خرابی ہو۔ ماہرین یہ کہتے ہیں کہ کلینکل ڈپریشن کا علاج نہ کرانا ایسا ہی ہے ،جیسے ٹوٹی ہوئی ہڈی کے از خود ٹھیک ہوجانے کا انتظار کیا جائے ۔ صحیح جڑ جائے تو کرشمہ ہوگا۔
یہ سارا ہنگامہ شروع ہوا ایک صاحب کی اس پوسٹ سےکہ روزانہ تین اخروٹ ڈپریشن کی ادویات چھڑوا سکتے ہیں ۔ 2019ءکی بلاک بسٹر فلم جوکر میں مرکزی کردار آرتھر فلیک اپنے سائیکاٹرسٹ کو کہتاہے : پہلے میں سمجھتا تھا کہ میری زندگی ٹریجڈی ہے ۔ اب آشکار ہوا کہ یہ دراصل کامیڈی ہے ۔ پاکستان میں سائیکیٹری ویسے ہی کامیڈی بن چکی ہے۔ رانا اعجاز ایک مشہور ڈیجیٹل کنٹینٹ کرئیٹر ہیں ، جنکی پرینک کالز ملینز میں دیکھی گئیں ۔ انکا دوست مینا ہر کال میں ان کے جوروستم کا نشانہ بنتاہے ۔ ایسے ہی ایک موقع پر جب سارا ملبہ مینے پہ گرتا ہے تو وہ ایک ٹھنڈی سانس لے کر کہتاہے : ماں جمن آلیے، کتھے سُٹ گئی ایں ۔ ویسے تو یہ فقرہ سن کر بے اختیار ہنسی آتی ہے لیکن اگر آپ گہرائی میں سوچیں توعین انہی الفاظ میں ایک آدم زاد اپنا نوحہ بیان کر سکتاہے ۔ کبھی کوئی دکھوں کا مارا آسمان کی طرف دیکھ کر کہہ سکتاہے کہ اے پیدا کرنے والے ، پیدا کر کے کہاں پھینک دیا ہے ۔مٹی کے اس نازک بدن میں تکلیفیں سہتا پھرتا ہوں ،پھر بھی تو راضی نہیں ہوتا۔
تن ہانڈی، ہجر مصالحہ، اتے لون صبر دا پایا
غلام فریدا میں تے مرگئی آں، تینوں اجے سواد نہ آیا
اخروٹ والے نظامِ انہضام کے ایک بھائی دھڑا دھڑ دماغی مریضوں کا علاج کرتے چلے جا رہے ہیں ۔اگر صرف نظامِ انہضام کے مریضوں کا علاج کریں تو کلینک خالی نہ ہو جائے ۔ایک ایسے مریض کا انہوں نے علاج کر دیا جو 35مرتبہ خودکشی کی کوشش کر چکا تھا۔ بڑے سے بڑا سائیکاٹرسٹ ناکام ہو چکا تھا ، شاک لگوائے جا چکے تھے ۔ آخر اخروٹ کام آئے ۔ یہ الگ بات کہ کل مریض 36ویں دفعہ کوشش کر ے تو وہ بری الذمہ ہوں گے ۔
اصل لطیفہ یہ ہے کہ ایک وی لاگر نے فیس بک پر یہ پوچھا:ڈپریشن کا سب سے موثر علاج یا دوا کونسی ہے ۔ ایک بھائی نے مشورہ دیا : بلی پال لو ۔اس پر میرا ایک پیر بھائی ، جس نے غالباً میری طرح ساری زندگی میڈیکل سائنس کی ایک بھی کلاس اٹینڈ نہیں کی،نےیہ فرمایا: دوائیاں مزید بیمار کریں گی،دوائیوں کے جھانسے میں ڈاج نہیں ہونا سر۔ یہ صرف گٹ ہیلتھ کی خرابی ہے۔آنتوں کے لئے دہی ہلدی سے بہتر کوئی چیز نہیں ہے۔ پھر مزید فرمایا: اور اگر وجہ دماغی خشکی ہے تو مجھے انگوٹھے کے ناخن اور صبح خالی پیٹ زبان کی تصویر بھیجیے ، دیکھتے ہیں مزاج کی حرارت کتنی ہے۔ اس سے بھی بڑا لطیفہ یہ کہ نیچے لوگ ان سے رابطہ بھی کر رہے تھے ۔ پوچھے بغیر کہ بھائی آپ سائیکاٹرسٹ ہیں ، نجومی ہیں ، عامل ہیں ، یا ایک گورکھ دھندا ہیں یا کیا ہیں ؟انہوں نے سائیکیٹری کی ڈگری حاصل کی اور نہ مریض کا چہرہ دیکھا۔ پھر بھی آنتوں میں مرض ڈھونڈ لیا۔ یہ بھی ان کی مہربانی کہ وہ انگوٹھے اور زبان کی تصویر مانگ رہے تھے ، گھٹنے یا کان کی مانگ لیتے تو کوئی کیا کر سکتا تھا۔
ایک بھائی نے فرمایا: ذہنی ادویات کی عادت پڑ جاتی ہے، ان کی طرف ہرگز نہیں جانا چاہئے ۔ان سے بندہ پوچھے کہ اس طرح تو گردے فیل ہونےو الوں کو ڈائلسیز کی بھی عادت پڑ جاتی ہے۔ انہیں بھی اس اذیت سے نجات عطا کریں ۔ اگر ایک شخص کی ٹانگ کٹ گئی تو ڈاکٹر نئی کیسے اگا کر دے ۔ سوال یہ ہے کہ آپ اپنا دماغ کس حالت میں لے کر سائیکاٹرسٹ کے پاس پہنچے تھے ، جو اب علاج کو موردِ الزام ٹھہرا رہے ہیں ۔شیزوفرینیا اور بائی پولر کو مینج کیا جا سکتاہے ، ٹھیک نہیں ۔ گو کہ میڈیکل سائنس cureکی طرف پیش رفت کر رہی ہے ۔ ایک بھائی نے فرمایا : عبادت واحد حل ہے ۔ ایک بھائی نے سیدھا فرمایا کہ لیتھیم کی گولی لینا پڑے گی ؛حالانکہ لیتھیم بائی پولر ڈس آرڈر کی دوا ہے ۔ سائیکاٹرسٹ کی سخت نگرانی کے بغیر شروع کی جا سکتی ہے اور نہ بند۔ امریکہ میں ایک دوست ذہنی علاج کے مرکز میں کام کرتاہے ۔ اس نے بتایا کہ دوا چھوڑنے کا تجربہ کرنے والے مونسٹر بن جاتے ہیں ، جنہیں پکڑ کر ہسپتال لایا جاتاہے ۔پاکستان میں مگر ہر تیسرا شخص ذہنی مریض ہے اور باقی دو ذہنی امراض کے ماہر ۔ یہاں اخروٹ سے ڈپریشن کا علاج کیوں نہیں ہو سکتا۔ یہاں تو سرسوں کے تیل سے بھی ہو سکتاہے ۔ آزمائش شرط ہے !
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار