جمہوریت کی لغت میں ووٹر حکومت منتخب کرتے ہیں، مگر نریندر مودی نے شاید اس لغت کی نئی تدوین کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اب حکومت اپنے ووٹر منتخب کرے گی۔ انتخابی انجینئرنگ کی اس سے زیادہ ترقی یافتہ صورت اور کیا ہوگی کہ مخالف ووٹ کو صندوقِ رائے دہی تک پہنچنے سے پہلے ہی کاغذ پر قتل کردیا جائے۔ دھاندلی کے روایتی طریقے بھی کتنے فرسودہ ہوگئے ہیں۔ ووٹ خریدنے، صندوق بدلنے اور نتائج میں ردوبدل کرنے کی زحمت ہی کیوں اٹھائی جائے، جب ووٹر کا وجود سرکاری قلم کی ایک جنبش سے معدوم کیا جاسکتا ہو۔بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق امریکی کمیشن کا تازہ بیان بھارتی جمہوریت کے میک اپ زدہ چہرے کا ایکسرے ہے۔ کمیشن کے چیئرمین کے مطابق مودی حکومت مسلمان شہریوں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کرنے، انہیں غیرملکی قرار دینے اور غیرقانونی طور پر ملک بدر کرنے میں مصروف ہے۔ گویا پہلے شہری سے اس کا ووٹ چھینو، پھر اس کی شہریت اور بالآخر اس کے پاؤں کے نیچے سے اس کی زمین کھینچ لو۔ امریکی کمیشن کے رکن جین ملز نے محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کو مذہبی آزادی کے حوالے سے خصوصی تشویش کا حامل ملک قرار دیا جائے۔ کیا عجب تماشا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا اشتہار دینے والی ریاست میں ایک شہری کو اپنی جائے پیدائش پر رہنے کا حق ثابت کرنا پڑ رہا ہے۔ ہندوتوا کی سیاسی تجربہ گاہ میں جمہوریت اور مذہبی تعصب کی پیوندکاری سے ایک ایسی مخلوق پیدا ہورہی ہے جس کے ہاتھ میں آئین ہے، ماتھے پر جمہوریت کا اشتہار اور جیب میں شہریوں کی شہریت منسوخ کرنے کا قلم۔تیرہ کروڑ انسانوں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کردیے گئے ہیں۔ گویا پورے میکسیکو کو ایک سرکاری ربڑ سے مٹا دیا گیا ہے۔ اتنی بڑی آبادی کو سیاسی منظرنامے سے غائب کرنے پر تو جادوگروں کی عالمی انجمن کو بھی بھارتی انتخابی نظام کی شاگردی اختیار کرلینی چاہیے۔ امریکی کمیشن کے الزامات نے اس ہولناک سوال کو جنم دیا ہے کہ کہیں ہندوستان میں انتخابی فہرستوں کی تصحیح کے نام پر جمہوریت کی مذہبی تطہیر تو نہیں ہورہی؟
نریندر مودی کی سیاست کا سب سے مہلک کیمیائی عنصر مذہبی بالادستی ہے۔ ہندوتوا، ہندو مذہب نہیں، مذہب کی سیاسی صنعت کاری کا نام ہے۔ اس صنعت میں عقیدے کو خام مال، نفرت کو ایندھن اور اقتدار کو تیار شدہ مصنوعات کی حیثیت حاصل ہے۔ ہندو مذہب کی ہزاروں سالہ فلسفیانہ وسعت کو ہندوتوا کی تنگ سیاسی گلی میں مقید کرنا خود ہندو تہذیب کے ساتھ ایک فکری زیادتی ہے۔ جن اپنشدوں میں کائنات کی وسعتوں سے مکالمہ کیا گیا، ان کے وارثوں کو آج ایک مسلمان کے شناختی کارڈ میں ہندوستان کی سلامتی تلاش کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔ہندوتوا نے ہندوستانی مسلمان کو اپنی ہی سرزمین پر ایک تاریخی اجنبی بنانے کی کوشش کی ہے۔ اس کے آباؤ اجداد کی قبریں ہندوستان میں ہیں، اس کے بچوں کی پیدائش ہندوستان میں ہوئی ہے، اس کے بزرگوں کا لہو ہندوستان کی آزادی کی تاریخ میں شامل ہے، مگر اس کی ہندوستانیت ابھی سرکاری تصدیق کی منتظر ہے۔ مٹی اس کی گواہی دیتی ہے، تاریخ اس کی شہادت دیتی ہے، مگر سرکاری دفتر اس سے ثبوت مانگتا ہے۔کیا اب پاسپورٹ سے پہلے عقیدے کی تلاشی ہوگی؟ کیا شہریت کے فارم میں جائے پیدائش سے زیادہ اہمیت جائے عبادت کو حاصل ہوگی؟ کیا کسی شخص کے نام میں موجود محمد اس کی ہندوستانیت پر سوالیہ نشان ہے؟ کیا اس کے گھر میں رکھا ہوا قرآن اس کے خلاف کوئی دستاویزی ثبوت ہے؟آخر ہندوستانی سیاست مسلمان کے باورچی خانے سے باہر کیوں نہیں نکلتی؟ اس کی پلیٹ میں کیا ہے، اسکے سر پر کیا ہے، اسکی عبادت گاہ کے نیچے کیا ہے اور اس کے نام کے آگے کیا لکھا ہے؟ کیا ایک ارب سے زیادہ انسانوں کے ملک میں ترقی کے تمام مسائل حل ہوچکے ہیں کہ وزیراعظم کی جماعت کے سیاسی مباحث میں ایک مسلمان کی داڑھی، ٹوپی اور دسترخوان کو اتنی غیرمعمولی اہمیت حاصل ہے؟۔ مودی کو شاید معلوم نہیں کہ انتخابی فہرستوں کی تدوین اور تاریخ کی تدوین میں بہت فرق ہے۔ انتخابی فہرست سے کسی انسان کا نام حذف کرنے کیلئے ایک سرکاری حکم کافی ہے، مگر تاریخ سے اسکا وجود حذف کرنے کیلئے پوری تاریخ کو قتل کرنا پڑتا ہے۔ تاریخ کی ہارڈ ڈسک ابھی تک کسی وزیراعظم کے پاس ورڈ کی محتاج نہیں ہوئی۔اگر ہندوستان میں ووٹ ڈالنے سے پہلے عقیدے کی تصدیق ضروری ہوگئی ہے تو بھارتی جمہوریت کے عجائب گھر میں آئین کی اصل کاپی رکھ کر نیچے لکھ دینا چاہیے کہ کبھی اس ملک میں تمام شہری برابر ہوا کرتے تھے۔عالمی ضمیر کا امتحان بھی یہیں سے شروع ہوتا ہے۔ امریکہ اور یورپ کی الماریوں میں انسانی حقوق کے منشور بڑی نفاست سے سجے ہوئے ہیں، مگر ان الماریوں کی چابیاں وزارتِ خارجہ کی بجائے وزارتِ تجارت کے پاس ہیں۔واشنگٹن کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ انسانی حقوق ایک آفاقی قدر ہیں یا خارجہ پالیسی کی ایسی کرنسی جس کی شرحِ تبادلہ ہر ملک کی معاشی اور عسکری اہمیت کے مطابق بدلتی رہتی ہے۔ اگر بھارت کی وسیع منڈی، اسلحے کی خریداری اور چین کے مقابلے میں اسکی تزویراتی افادیت انسانی حقوق سے زیادہ قیمتی ہیں تو مغرب کو اپنی سفارتی لغت سے اخلاقیات کا لفظ نکال دینا چاہیے۔ انسانی حقوق اگر دوست ممالک کی سرحدوں پر پہنچ کر اپنا پاسپورٹ کھو بیٹھتے ہیں تو پھر عالمی اخلاقیات اور عالمی منافقت میں فرق تلاش کرنا ایک بے معنی علمی مشق ہے۔انسانی حقوق کوئی ایسی تجارتی جنس نہیں کہ واشنگٹن میں انکی قیمت کا تعین ہو اور نئی دہلی میں ان پر رعایتی سیل لگا دی جائے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار