Skip to main content
تازہ ترین
پنجاب کی 8، اسلام آباد کی 5 اور خیبرپختونخوا کی 3 سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں شامل، سندھ صفر پر کیوں؟ اسد عمر کا سوالسندھ اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، شرجیل میمن کی تقریر پر ایم کیو ایم ارکان کی شدید نعرے بازیبیرسٹر گوہر کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیالمردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیا
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

نایاب معدنیات کی عالمی دوڑ

دنیا کی معیشت میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں تک تیل، گیس اور توانائی کے ذخائر عالمی سیاست اور معیشت پر اثرانداز ہوتے رہے، لیکن اب جدید ٹیکنالوجی نے معدنیات کو عالمی طاقت کی نئی بنیاد بنا دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا…

احمد وقاص ریاض
احمد وقاص ریاض پیر، 23 نومبر 2026 · مطالعہ 6 منٹ

دنیا کی معیشت میں طاقت کے مراکز تبدیل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ کئی دہائیوں تک تیل، گیس اور توانائی کے ذخائر عالمی سیاست اور معیشت پر اثرانداز ہوتے رہے، لیکن اب جدید ٹیکنالوجی نے معدنیات کو عالمی طاقت کی نئی بنیاد بنا دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز سے لے کر الیکٹرک گاڑیوں، جدید جنگی طیاروں، میزائلوں ، سیٹلائٹس اور اسمارٹ فونز تک، تقریباً ہر اہم ٹیکنالوجی کے پیچھے کسی نہ کسی معدنی عنصر کا کردار موجودہے۔ یہی وجہ ہے کہ(rare earth minerals) یعنی نایاب زمینی معدنیات اب بڑی طاقتوں کی قومی سلامتی، صنعتی خودمختاری اور خارجہ پالیسی کا اہم حصہ بن چکی ہیں۔ امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت میں یہ معدنیات ایک معاشی ہتھیار کی حیثیت اختیار کر رہی ہیں۔

نایاب زمینی معدنیات دراصل 17کیمیائی عناصر کا ایک گروہ ہے، جن میں نیوڈیمیم، پراسیوڈیمیم، ڈسپروزیم اور ٹربیئم شامل ہیں۔ ان عناصرسے تیار ہونیوالے طاقتورمقناطیس الیکٹرک گاڑیوں کی موٹروں، ونڈ ٹربائنز، روبوٹکس اور جدید الیکٹرانکس میں استعمال ہوتے ہیں۔ دفاعی شعبے میں ریڈار، میزائل گائیڈنس، لیزر ، لڑاکا طیاروں اور مواصلاتی نظام کیلئے بھی ان کی اہمیت غیر معمولی ہے۔ لیتھیم، تانبا، اینٹی منی، گریفائٹ اور مولبڈینم بھی اہم معدنیات ہیں، مگر کیمیائی اعتبار سے نایاب ارضی معدنیات کے گروہ میں شامل نہیں۔ انکی اہمیت اس لیے ہے کہ جدید بیٹریوں، سیمی کنڈکٹرز، توانائی کے نظام اور صنعتی پیداوار میں انکے بغیر کام مشکل ہوجاتا ہے۔

اس عالمی دوڑ میں چین کی برتری صرف معدنی ذخائر تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر سے نکلنے والی ریئر ارتھ منرلز کی ریفائننگ اور پروسیسنگ کی نوے فیصد صلاحیت بھی اسکے پاس موجود ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ امریکہ سمیت دنیا کے کئی ممالک کے پاس معدنی ذخائر ہونے کے باوجود انہیں صاف کرنے، مختلف عناصر میں الگ کرنے اور صنعتی استعمال کے قابل بنانے کیلئے چین کی صنعت پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ یہی صنعتی برتری چائنہ کو عالمی سپلائی چین میں ایک اہم مقام فراہم کرتی ہے۔

امریکہ کیلئے یہ انحصار محض تجارتی مسئلہ نہیں بلکہ قومی سلامتی کا معاملہ بھی ہے۔ اگر کسی عالمی تنازع یا تجارتی کشیدگی کے دوران اہم معدنیات کی فراہمی محدود ہوجائے تو اسکا اثر امریکی دفاعی صنعت، الیکٹرک گاڑیوں، الیکٹرانکس ، خلائی اور جدید ٹیکنالوجی کی پیداوار پر پڑ سکتا ہے۔ چین کی جانب سے بعض معدنیات کی برآمد پر پابندیوں اور لائسنسنگ کے اقدامات نے واشنگٹن کو متبادل سپلائی چین بنانے کی ضرورت کا مزید احساس دلایا ہے، صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ دس ماہ میں نایاب معدنیات کی پیداوار کے معاملے میں چین کے قریب پہنچ جائیگا ۔ امریکہ اب اپنی کان کنی، مقامی پراسیسنگ، ری سائیکلنگ اور اتحادی ممالک کے ساتھ معدنی تعاون کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ مقصد صرف متبادل ذرائع تلاش کرنا نہیں بلکہ ایسی صنعتی چین قائم کرناہے جس میں کسی ایک ملک کے فیصلے سے نیشنل سیکورٹی اور معیشت متاثر نہ ہو۔ یورپی ممالک بھی اِسی حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

17 نومبر 2026ء کو فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ہونے والے کواڈ رہنماؤں کے اجلاس میں امریکی صدر ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزی اور جاپانی وزیراعظم سانائے تاکائیچی کے ساتھ اہم معدنیات کی سپلائی چین محفوظ بنانے کیلئے معاہدے کیے ہیں، تاکہ کوئی ایک بیرونی سپلائر ان ممالک کو معاشی دباؤ میں نہ لاسکے۔ کواڈ دراصل امریکہ، بھارت، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل چار ملکی شراکت داری ہے، جسکا بنیادی تعلق ہند بحرالکاہل کے خطے میں تعاون اور سلامتی سےہے۔ اب اسکے ایجنڈے میں معدنیات اور معاشی تحفظ بھی نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔ رواں ہفتے شنزین چین میں صدر ٹرمپ اور صدر شی کے درمیان ہونیوالی ملاقات میں دوسرے ایشوز کے علاوہ ریئر ارتھ منرلز ، سیمی کنڈکٹرز اور ٹیرف معاملات پر بھی زیادہ پیشرفت نہیں ہوئی ۔ ان حالات میں امریکہ چین پر انحصار کم کرنےکیلئےنہ صرف اپنی داخلی پیداوار بڑھا رہا ہے بلکہ اپنے علاقائی اتحادیوں کو بھی ایک مشترکہ سپلائی چین نیٹ ورک میں شامل کر رہا ہے۔ بھارت کے پاس معدنی وسائل اور بڑی صنعتی منڈی ہے، آسٹریلیا لیتھیم اور دیگر اہم معدنیات کا بڑا پیداواری ملک ہے، جبکہ جاپان جدید ٹیکنالوجی اور پراسیسنگ کے شعبے میں اہم کردار رکھتا ہے۔ ان ممالک کا تعاون چین کی بالادستی کو متوازن کرنے کی امریکی کوشش کا حصہ ہے۔

اس عالمی تناظر میں پاکستان کیلئے بھی نئے امکانات پیدا ہوتے ہیں۔ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تانبے، سونے، اینٹیمونی اور دیگر اہم معدنیات کے ذخائر اور امکانات موجود ہیں۔ ریکوڈک اور سینڈک جیسے منصوبے پہلے ہی عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کرچکے ہیں۔ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت بھی اسے علاقائی معدنی سپلائی چین میں ممکنہ شراکت دار بنا سکتی ہے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اس شعبے میں تعاون کی کوششیں بھی سامنے آئی ہیں۔ 2025ء میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن اور امریکی کمپنی یو ایس اسٹرٹیجک میٹلز کے درمیان تقریباً 500 ملین ڈالر کے ممکنہ مالی حجم کا معاہدہ سامنے آیا، جس کا تعلق اینٹیمونی ، تانبے، ٹنگسٹن اور دوسری نایاب ارضی معدنیات سے تھا۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان میں پائی جانے والی بیشتر قیمتی معدنیات کی تجارتی پیمانے پر پیداوار اور پراسیسنگ کی صلاحیت اور وسائل ابھی موجود نہیں، جبکہ معدنی ذخائر والے چند علاقوں میں امنِ عامہ کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے ۔

گزشتہ دنوں اسلام آباد میں منعقد ہونیوالے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026ء میں 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں، ہزاروں شرکا اور عالمی معدنیاتی صنعت سے وابستہ اداروں نے شرکت کی۔ سرکاری اعلانات کے مطابق 13 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیشرفت ہوئی۔ پاکستان کے وزیر اعظم نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان کو خام معدنیات برآمد کرنے کے بجائے ملک کے اندر پراسیسنگ اور ریفائننگ کی صنعتیں قائم کرنا ہونگی، تاکہ زیادہ معاشی قدر، روزگار اور ٹیکنالوجی کی منتقلی ممکن ہو۔ ہمیں ملک میں جدید لیبارٹریوں، ریفائننگ پلانٹس، تربیت یافتہ افرادی قوت، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے اور لاجسٹکس کی کمی دور کرنا ہوگی۔ کان کنی کے منصوبوں میں ماحولیاتی تحفظ، پانی کے وسائل اور مقامی آبادی کے حقوق کو بھی مرکزی اہمیت دینا ہو گی ۔ مقامی لوگوں کو روزگار، تعلیم، صحت اور ترقیاتی منصوبوں میں واضح حصہ ملنا چاہیے۔ شفاف معاہدے، مستقل قوانین اور سرمایہ کاروں کیلئے قابلِ اعتماد نظام اس شعبے کی کامیابی کے بنیادی تقاضے ہیں۔

( صاحبِ مضمون سابق وزیر اطلاعات پنجاب ہیں)

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔