Skip to main content
تازہ ترین
پنجاب کی 8، اسلام آباد کی 5 اور خیبرپختونخوا کی 3 سرکاری جامعات عالمی درجہ بندی میں شامل، سندھ صفر پر کیوں؟ اسد عمر کا سوالسندھ اسمبلی میدانِ جنگ بن گئی، شرجیل میمن کی تقریر پر ایم کیو ایم ارکان کی شدید نعرے بازیبیرسٹر گوہر کا مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ، موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیالمردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیا
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

اختلاف دشمنی کیوں بنا ؟

تنوع اور اختلافِ رائے انسانی معاشرے کا حسن ہے،جیسے مختلف رنگ کےمہکتےپھولوں کا گلدستہ ، یہی تنوع جمہوریت کی روح اور فکری ارتقا کا بنیادی ذریعہ بھی ہے۔اسی لیے تو سیاست ناممکنات کو ممکنات بنانے کا جادہِ اول و آخرہے۔ بھٹو مرحوم کہا کرتے تھے…

پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی
پیر محمد ضیاء الحق نقشبندی پیر، 23 نومبر 2026 · مطالعہ 5 منٹ

تنوع اور اختلافِ رائے انسانی معاشرے کا حسن ہے،جیسے مختلف رنگ کےمہکتےپھولوں کا گلدستہ ، یہی تنوع جمہوریت کی روح اور فکری ارتقا کا بنیادی ذریعہ بھی ہے۔اسی لیے تو سیاست ناممکنات کو ممکنات بنانے کا جادہِ اول و آخرہے۔ بھٹو مرحوم کہا کرتے تھے کہ میں نے سیاست اپنے دریائوں سے سیکھی جو پہاڑوں سے اترتے اور پتھروں کے درمیان سے راستہ بناتے میدانی علاقوں میں شادابیاں بکھیرتے سمندر سے جاملتے ہیں ، اپنی منزل پا لیتے ہیں۔کسی بھی مہذب معاشرے کی پہچان یہ نہیں کہ اس کے سب لوگوں کی سوچ یکساں اورزاویہ نگاہ ایک جیسا ہو، بلکہ اصل تہذیب یہ ہے کہ مختلف سوچ رکھنے والے لوگ ایک دوسرے کے وجود، رائے اور حقِ اختلاف کو تسلیم کریں۔

ہمارے بہت سے المیوں میں سے ایک اور سب سے تشویشناک المیہ یہ ہے کہ ہم نے اختلاف کو دشمنی، تنقید کو توہین اور سوال کو بغاوت سمجھنا شروع کر دیا ہے۔پاکستان کی سیاسی تاریخ کے دریچوں میں جھانکیں تو یہ حقیقت طشت از بام ہوتی ہے کہ ہمارے ہاں سیاسی اختلاف ہمیشہ سے موجود رہے، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ان اختلافات کی تلخی بڑھتی گئی۔ سیاست جو عوامی مسائل کے حل، قومی ترقی اور اجتماعی فلاح کا ذریعہ ہونی چاہیے تھی،رفتہ رفتہ ذاتی پسند و ناپسند، الزام تراشی اور مخالفین کو نیچا دکھانے کیلئے محاذآرائی میں تبدیل ہوتی چلی گئی۔ اب صورتحال یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کسی سیاسی جماعت یا رہنما کی پالیسی پر سوال اٹھا دے تو اسے دلیل سے جواب دینے کے بجائے اس کی وفاداری، کردار اور نیت پر حملے شروع ہو جاتے ہیں۔سوال یہ ہے کہ آخر ہم اس مقام تک کیسے پہنچے؟اس کی ایک بڑی وجہ ہمارے ہاں سیاسی تربیت کا فقدان ہے۔ ہم نے اپنے کارکنوں کو سیاسی شعور دینے کے بجائے شخصیات کی غیر مشروط حمایت کا عادی بنا یا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ سیاسی کارکن نظریاتی مکالمے کے بجائے شخصی وابستگی کے حصار میں قید ہو گئے۔

جمہوریت کا بنیادی اصول یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں ایک دوسرے کے وجود کو تسلیم کریں۔ حکومت کو یہ حق نہیں کہ وہ ہر تنقید کو سازش قرار دے اور اپوزیشن کو یہ حق نہیں کہ وہ ہر حکومتی اقدام کو محض مخالفت کی بنیاد پر مسترد کر دے۔ حکومت کا کام عوام کو جواب دینا اور اپوزیشن کا کام حکومت کا احتساب کرنا ہے۔ دونوں اپنا آئینی اور جمہوری کردار ادا کریں تو ریاست مضبوط ہوتی ہے۔تاہم جب سیاست کا مقصد صرف اقتدار کا حصول اور مخالف کو شکست دینا رہ جائے تو عوامی مسائل پس منظر میں چلے جاتے ہیں۔پارلیمان کسی بھی جمہوری ریاست کا سب سے اہم ادارہ ہوتی ہے۔ یہاں اختلاف ہونا چاہیے، بحث ہونی چاہیے، سوال اٹھنے چاہئیں اور حکومتی فیصلوں پر تنقید بھی ہونی چاہیےلیکن اختلاف کا یہ عمل دلیل، شائستگی اور آئینی حدود کے اندر رہنا چاہیے۔ پارلیمان کی اصل طاقت اس کے ارکان کی تعداد نہیں بلکہ ان کی فکری سنجیدگی اور قومی معاملات پر مکالمے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ سیاسی عدم برداشت کو سوشل میڈیا نے مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ چند سیکنڈ کی ویڈیو، چند الفاظ کا تبصرہ اور ایک من گھڑت خبر کسی بھی شخص کی عزت اتار کر رکھ سکتی ہے ۔ صد افسوس کہ بعض اوقات خود سیاسی کارکن اپنے مخالف کی تذلیل کو اپنی سیاسی کامیابی خیال کرتےہیں۔ اختلاف اب دلیل نہیں، ٹرینڈز، ٹرولنگ اور سوشل میڈیا مہمات سے ناپا جانے لگا ہے۔ افسوس ناک ترین پہلو یہ ہے کہ سیاسی اختلاف اب سیاسی جماعتوں تک محدود نہیں رہا بلکہ گھروں، خاندانوں، دوستوں اور تعلیمی اداروں تک پہنچ چکا ہے۔ ایک ہی گھر میں رہنے والے افراد سیاسی وابستگی کی بنیاد پر ایک دوسرے سے ناراض ہیں۔ دوستیاں ختم ہو رہی ہیں، رشتوں میں تلخی آ رہی ہے اور سماجی گفتگو کا معیار گر رہا ہے۔یہاں سیاسی قیادت کی ذمہ داری زیادہ اہم ہو جاتی ہے۔ عوام اپنے رہنماؤں کے طرزِ عمل سے سیکھتے ہیں۔ اگر قیادت اختلاف کرنے والوں کیلئے شائستہ زبان استعمال کرے، تنقید کا جواب دلیل سے دے اور مخالفین کے جمہوری حق کو تسلیم کرے تو کارکنوں میں بھی برداشت پیدا ہوتی ہے اسکے برعکس اگر سیاسی رہنما خود اپنے مخالفین کی تضحیک کریں تو ان کے پیروکاروں سے اخلاقیات کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے؟

ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ سیاسی حریف مستقل دشمن نہیں ہوتے۔ آج جو جماعت حکومت میں ہے، کل اپوزیشن میں ہو سکتی ہے اور آج کا سیاسی مخالف کل کسی قومی مسئلے پر ہمارا ساتھی بھی بن سکتا ہے۔پاکستان کو اس وقت معاشی استحکام، تعلیمی اصلاحات، روزگار ، صحت کی بہتر سہولتوں، ادارہ جاتی مضبوطی اور خارجہ پالیسی میں سنجیدہ فیصلوں کی ضرورت ہے۔ ایسے میں اگر ہماری قومی توانائیاں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے، الزام لگانے اور سیاسی نفرت پھیلانے پر صرف ہوتی رہیں تو ترقی کا سفر کیسے آگے بڑھے گا؟ اگر ہم اپنے لیے آزادیِ اظہار چاہتے ہیں تو ہمیں دوسروں کی آواز سننے کا حوصلہ بھی پیدا کرنا ہوگا۔قومیں صرف بڑے منصوبوں، بلند عمارتوں اور معاشی اعداد و شمار سے ترقی یافتہ نہیں بنتیں۔ ان کی اصل ترقی فکری وسعت، برداشت، قانون کی بالادستی اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہوتی ہے۔ ہمیں سیاسی وابستگی سے پہلے پاکستانی ہونے کا احساس زندہ رکھنا ہوگا۔آخر میں ایک بنیادی سوال ہم سب کے سامنے ہےکہ کیا ہم اپنے سیاسی مخالف کو بھی اتنا ہی پاکستانی سمجھتے ہیں جتنا خود کو سمجھتے ہیں؟ اگر جواب نفی میں ہے تو ہمیں اپنے رویوں پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ سیاست میں اختلاف رکھیے، تنقید کیجیے، سوال اٹھائیے، حکومت سے جواب طلب کیجیے، اپوزیشن کی کارکردگی پر بھی بات کیجیے، لیکن کسی انسان کی عزت اور قومی یکجہتی کو اپنی سیاسی پسند و ناپسند کی بھینٹ نہ چڑھائیے۔پاکستان ہم سب کا ہے۔ سیاسی جماعتیں بدل سکتی ہیں، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، قیادتیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، مگر پاکستان نے ہمیشہ قائم رہنا ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔