عنوان بہت تھے اور مطالب بھی بہت ، ایک اعلان تھا ، اور جالب بھی بہت۔ مگر ایک چیز جو ممکن اور ناممکن کے بیچ سینہ تان کر کھڑی تھی وہ حُب الوطنی تھی۔ حُب الوطنی کے اشاروں کنایوں سے اِس کی صداقت اور مسافت میں راہیں مختلف ہو سکتی ہیں مگر منزل مختلف نہیں ہوتی۔ منزل وہی مقام ہے جہاں انسانی حقوق کی پاسداری ، ریاست کی ذمہ داری اور وقار کی رازداری مل کر امکان اور مکان بناتے ہیں۔
آگہی گر اَن کہی ہی بنی رہے تو کبھی کبھی اپنے یا پرائے کیلئے نقصان دہ بھی ہو جاتی ہے۔ سو ان دنوں بلاول بھٹو کی کچھ حلقہ یاراں میں کی گئی گفتگوؤں کا یوں چرچا ہے جیسے نیوٹن کے تیسرے قانون کا، کہ سیاسی ایکوسسٹم پر ایک دلچسپ اطلاق ہو گیا ہو۔ بلاول بھٹو کی ان سنجیدہ و رنجیدہ باتوں پر کچھ لوگ لطف اٹھارہے ہیں اور کچھ تیر آزما رہے ہیں۔ یہ سیاسی ترکش بھی بڑے ہی دلچسپ ہوتے ہیں جب چاہے تیردان ہوگئے اور جب چاہا پھول دان ہوئے۔ جیسے پروین شاکر کا ایک تجربہ
عجیب شخص تھا بارش کا رنگ دیکھ کے بھی
کھلے دریچے پہ اک پھول دان چھوڑ گیا
ہمیں معلوم ہے ان سطور کے چھپتے چھپتے بلاول بھٹو کی باتوں کی وہ تلخی جس کا تعلق: سندھ کو نئے صوبوں میں تقسیم کرنا، کچھ آئین سازیوں پر پچھتانے، کچھ وہ رنج جو انہیں اب یاد آیا کہ تحریک انصاف کی مخصوص سیٹیں ہتھیانا ناانصافی تھا، اور پھر اوپر سے کنفیوژن یہ کہ گورنر راج بھی پسند نہیں ہے جاناں مگر کے پی کے کا گورنر اپنا نہیں تو ’’کس‘‘ کا ہے یا کس کا تھا؟ ہمیں تو حضرت واعظ کی ضد نے پلوائی
یہاں ارادۂ شرب مدام کس کا تھا؟
انتخابی حصول میں جو پکے آم آ گود میں گِرے ، اٹھا لئے بھی گئے تھے اور کھا بھی گئے تھے مگر سوال اٹھانے والے کہتے ہیں کہ کیا نون لیگ کے سنگ سنگ پیپلزپارٹی بھی مستفیض نہ ہوئی تھی؟ مگر اب یہ شاخ گل پر نغمہ سرا ہونے کا مطلب؟ کیا کوئی فصلِ بہار کی آمد ہے؟ لیکن کئیوں کا خیال ہے سیاسی شعور کسی تجربے سے آئے یا ’’عطا‘‘ سے، بہرحال دیر آید درست آید۔
جو لوگ دلیل سے بےرنگ و بےبو کے پرخچے اڑا دیتے ہیں جب اپنی مرضی پر آئیں تو بڑے آرام سے اس مفروضے پر بھی آجاتے ہیں کہ میری پارٹی میری مرضی اور صدرِ ذی وقار کہہ سکتے ہیں کہ میرا ایوان میری مرضی! محبت سے سرشار مگر دوسرا کنارا نون لیگ کے ہاں بھی روایت پختہ ہو چلی کہ میری حکومت میری مرضی اور میری وزارت میری مرضی!مرضیوں کے موسم میں نوچنا جمہور کا بھی، تو ریت اس نگر کی ہے، اور سب جانتے ہیں کہ کب سے ہے۔
بلاول بھٹو کی گفتگوؤں اور اعتراضات کے بعد جو سیاسی فقہی بیٹھے تو اس میں ایوان صدر اور ایوان وزیراعظم نے فیصلہ کرلیا ہے تلخی کو ’چونکہ چنانچہ‘ کی دوا پلا کر از سرِ نو جشنِ صحت کا اہتمام کیا جائے۔ مگر اس دیوانگی اور بےخودی میں جو جو حشر بپا ہوا اور جو جو راز افشا ہوا اس میں سے ’جرم‘ کچھ نشان چھوڑ گیا ہے جو مٹائے سے نہیں مٹنے والے۔ تو پھر کیا ہوگا؟ ہو گایہ کہ نئے صوبے بنانے سے قبل صرف پیپلزپارٹی ہی نہیں نون لیگ کو بھی پھر سے اعتماد میں لینے کی ضرورت پڑگئی ہے۔ سچ ہے کہ سوائے ایم کیو ایم ، دیگر سیاسی پارٹیوں کو صوبوں کے قیام کی دھندلاہٹ میں کبھی چہرہ نہیں ملتا کہیں آنکھیں نہیں ملتیں۔ رہی بات ریفرنڈم کی جو اکثر مارشل لا نما موسموں ہی میں ’کامیاب‘ ہوتا ہے کیا اسےبےموسمی پھل کی طرح حاصل کرنا ممکن بھی ہے؟ کہیں بلاول بھٹو کی گفتگوئیں پھر سے موسمی تبدیلیوں (کلائمیٹ چینج) کا پیش خیمہ تو نہ ہوں گی؟ خیر بہتر تو رویتِ سیاسی ہلال کمیٹی ہی والے جانتے ہیں مگر درویش کا یہ خیال ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا پانی چونکہ پارلیمان کے پُلوں تلے ہی سے گزرنا ہے سو ہنوز دلی دور است۔ یوں مولانا فصل الرحمٰن کی اوپننگ پھر بلاول بھٹو کا فرنٹ فُٹ پر کھیلنا کسی طوفان کا پیش خیمہ نہ بھی ہو مگر نقارہ بجنے کی ایک بازگشت ضرور ہے کہ چیزوں کو ازسرنو دیکھا جائے، بانی تحریک انصاف ریلیف سے (جو فقیر کو آسان نہیں دِکھتے) کے پی کے گورنر راج کا جائزہ لیا جائے کہ کسی تیسری آواز کے اٹھنے سے پیشتر تیسری آنکھ کی نگاہ الفت مہربان ہو جائے تو بہتر ہوگا۔
دیکھا جائے تو ہر پارٹی اپنی اپنی بساط کے مطابق اصول تراشتی ہے کہ کس کو ووٹرز کی کتنی ضرورت ہے (ووٹرز کی کیا ضرورت ہے یہ کم ہی دیکھا جاتا ہے) اور ووٹرز کے علاوہ کیا کیا ضرورت ہے۔ اسی طرح فی زمانہ پوزیشن، کہ اپوزیشن کا پرچم اٹھا رکھا ہے یا کرسی اقتدار سے دامن گیر ہیں یہاں بھی بساط اور اصول تغیر پذیری سے ہمہ وقت ہم کلام رہتے ہیں۔ گویا بےساختگی اور شائستگی سے پیوستگی و وابستگی تک بے شمار نزاکتیں جن کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر سیاست ہوتی ہے نہ حکومت۔ احسن اقبال و خواجہ آصف و رانا ثناء اللہ کو بھی عین تاثر دینا ہوگا۔ بقول بلاول بھٹو وزارت عظمیٰ کو محض وزیر داخلہ ہی پر نہیں متذکرہ لوگوں کے بیانیہ پر کنٹرول مقصود ہوگا۔ ایسے ہی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی ایک صفحہ پر ہونا ہے ، جو نہیں ہیں۔ خوش آئند بہرحال یہ ہے کہ آصف علی زرداری اور میاں نواز شریف کی بالغ نظری حالات بےقابو نہیں ہونے دے گی۔بہرصورت یہ کہنا پڑے گا بلاول بھٹونے قتیل شفائی کے وہ بھولے بسرے بول یاد کرادئے کہ
غم دل کو ان آنکھوں سے چھلک جانا بھی آتا ہے
تڑپنا بھی ہمیں آتا ہے تڑپانا بھی آتا ہے
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار