1973کے آئین کے تحت پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ایک فیڈریشن ہے۔ فیڈریشن میں مزید صوبے بنانے اور شامل کرنےکیلئے آئین میں ایک طریقہ کار طے کر دیا گیاہے۔آئین کا ڈھانچہ بناتے وقت آرٹیکل 238 اور 239 میں نیا صوبہ بنانے کیلئے ایک مشکل طریقہ کار بنایا گیا ،یہی وجہ ہے نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود پاکستان کی چار اکائیاں ہی قائم ہیں اگرچہ مختلف مواقع پر نئے صوبے بنانے کے مطالبات کئے جاتے رہے ہیں لیکن نئے صوبے بنانے کے مشکل طریقہ کار کی وجہ سےکوئی نیا صوبہ نہ بن سکا لیکن جب سے پاکستان میں 12صوبوں کے قیام کی بات چلی ہےسیاسی جماعتوں کی طرف سے نئے صوبے بنانے کے بارے میںنقطہ نظرسامنے آنا شروع ہو گیا ہے ۔ عام تاثر یہ ہے کہ مقتدرہ آئین میں 28ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کی ہیئت تبدیل کرنا چاہتی ہے کچھ جماعتوں نے دبی دبی زبان میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت جب کہ کچھ جماعتوں نے کھل کرمخالفت شروع کر دی ہے۔ قبل ازیں نئے صوبوں کے قیام پر ٹی وی ٹاکس میں بحث چل رہی تھی لیکن پچھلے چند دنوں سے نئے صوبے کے قیام کا معاملہ کچھ اس شدت سے اٹھایا گیا ہے کہ بات دھمکیوں تک جا پہنچی ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نئے صوبوں کے قیام کی تجویز صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شریف کے پاس لے کر گئے لیکن صدر مملکت نے وزیر اعظم پر واضح کر دیا ہے کہ ان کیلئے سندھ کی تقسیم قابل قبول نہیں۔ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ان کے وکلاء سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی چار گھنٹے کی ملاقات کو بھی سیاسی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔پی ٹی آئی کے حلقوں نے بتایا کہ ملاقات میں آئین میں28ویں ترمیم بھی زیر غور آئی بظاہر یہ نہیں بتایا گیا کہ عمران خان کا 28ویں ترمیم پر کیا رد عمل تھا تاہم لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات اور اگلے روز عمران خان اور ان کی اہلیہ کی جانب سے علاج کیلئے ہسپتال میں شفٹ کرنے کی درخواستیں دائر کرنا کسی ’’این آر او‘‘ سے کم نہیںگردانا جا رہا ۔خیال ہے کہ حکومت نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ریلیف دینے کے بدلے میں28ویں ترمیم کی حمایت مانگی ہوگی ۔ دلچسپ امر یہ ہے ’’پولیٹکل مارکیٹ ‘‘ میں 28ویں ترمیم کا بڑا چرچا ہے لیکن ابھی تک کسی کو بھی اس کی تفصیلات کا علم نہیں۔لطیف کھوسہ کی وساطت سے عمران خان سے کی جانے والی بات چیت کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کو باور کرا دیا گیا ہے کہ اگر وہ آئینی ترمیم کی حمایت نہیں کرئیگی تو پی ٹی آئی سے ڈیل کر کے آئینی ترمیم منظور کرالی جائیگی لیکن پیپلز پارٹی نے اس پیغام کو درخور اعتنا نہیں سمجھا اور بلاول بھٹو زرداری نے کراچی پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس ‘‘ پروگرام کا انتخاب کیا ۔ ایسا دکھائی دیتا ہے کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کی تقسیم کیخلاف میدان میں اترنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کے ذریعے رائے لینے کے بھی حق میں نہیں۔ نئے صوبوں کے قیام کے خواہش مند عناصر کو وہ آئینی طریقہ کار اختیار کرنے کی راہ دکھا رہی ہے جسکے تحت سندھ اسمبلی سے سندھ کی تقسیم کی قرار داد منظور کراناناممکن ہے۔پیپلز پارٹی سندھ کے سوا نئےصوبے بنانے کی مخالفت نہیں کر رہی لیکن سندھ کی تقسیم کو اپنی سیاسی موت سے تعبیر کر رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے تو خبردارکیاہے کہ ’’زور زبردستی سے سندھ کی تقسیم ہوئی تو کراچی کی سڑکوں پرخون خرابہ ہوگا،سندھ میں بھائی بھائی کو قتل کرے گا،معاشرے میں تقسیم ہوگی جو دشمنی تک جائے گی،عام آدمی ہتھیار اٹھائے گا اور یہ خون خرابہ ایک خون تک محدود نہیں رہے گا‘‘ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ’’ کسی بھی غیر آئینی اقدام کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا‘‘ انہوں نے 26اور27ویں آئینی ترمیم کی منظوری میں اپنا کردار ادا کیا تھا اور اس کی منظوری کا کریڈٹ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اب انہوں نے اپنے موقف پر ’’یوٹرن‘‘ لے لیا ہے اور کہا ہے’’ 27ویں آئینی ترمیم سیاسی اتفاق رائے کے بجائے جبری اکثریت سے منظورکرائی گئی، سسٹم خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے، اس کی بحالی کیلئے سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ‘‘ دراصل انہوں نے کھل کر مولانا فضل الرحمن اور عمران خان کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ ان کیخلاف انتقامی کارروائیاں بند کرنا ہوں گی،نظام کی بحالی نئے صوبوں سے نہیں سیاسی ری سیٹ سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں عمران خان کو سیاسی قیدی سمجھتا ہوںپی ٹی آئی کے بغیر یہ ملک نہیں چل سکتا‘‘ دلچسپ امر ہے ان کی جماعت نے خواتین کی مخصوص نشستیں ’’مال غنیمت ‘‘ سمجھ کر لے لی تھیں آج وہ یہ نشستیں اپوزیشن کو واپس کرنے کا راگ الاپ رہے ہیں ۔البتہ انہوں نے بڑے پتہ کی بات کہی ہے کہ ’’اگر میں بھی صوبوں کے حق میں اپنی پارٹی کو ووٹ کیلئے کہوں گاتو میرے خلاف بھی بغاوت ہوجائیگی‘‘۔ پیپلز پارٹی کے یوٹرن پر مسلم لیگ (ن) کی طرف سے سخت رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نےکہا کہ ’’بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنا، پروٹوکول اور عہدے بھی برقرار رکھنا ایک بڑا تضاد اور دوہرا معیار ہے‘‘۔آئین پاکستان میں نئے صوبہ کے قیام کیلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے قرار داد منظور کرانا ضروری ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ جنوبی پنجاب، ہزارہ، کراچی صوبے کی باتیں 50 سال سے ہو رہی ہیں، لیکن ایک بھی نیا صوبہ نہیں بن سکا ۔آرٹیکل 48 کے تحت صدر ریفرنڈم کرا سکتا ہے، لیکن ریفرنڈم صرف عوامی رائے ہے۔ وہ آئین کی جگہ نہیں لے سکتا۔یعنی ریفرنڈم میں 90% لوگ بھی ہاں کہہ دیں، تب بھی صوبائی اسمبلی اور پارلیمنٹ کی 2/3 اکثریت کے بغیر نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار