عالمی میڈیا میں فیلڈ مارشل چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ ملائیشیا کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی دفاعی سفارت کاری، علاقائی اہمیت اور عالمی سطح پرتسلیم شدہ ذمہ دارانہ کردار کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیاجارہا ہے، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ملائیشیا کے وزیرِ اعظم انور ابراہیم کے مابین ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ سکیورٹی شراکت داری کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، مزید براں پاکستان کے فیلڈ مارشل کو ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس سٹڈیز سینٹر کے ہال آف فیم میں بطور رکن شامل کرنے کی خبربھی بین الاقوامی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ میں مختلف مواقع پر اظہارِ خیال کرتا آرہا ہوں کہ مئی 2025ء کے بعد پاکستان نے جس زبردست انداز میں اپنی دفاعی صلاحیت، سفارتی حکمت عملی ، قومی یکجہتی اور ذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کیا ہے، اس نے عالمی منظرنامے پر پاکستان کے امن پسندانہ تشخص کو ایک نئے منفرد انداز میں اجاگر کیا ہے۔ آج دنیا پاکستان کو ایک ذمہ دار ریاست، امن کے داعی اور عالمی و علاقائی معاملات میں مؤثر کردار ادا کرنے والی قوت کے طور پردیکھ رہی ہے جو نہ صرف اپنے خلاف جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اپنے پڑوسی ملک ایران اور سپرپاور امریکہ کے درمیان جنگ بندی کا حیران کُن کارنامہ بھی سرانجام دے سکتا ہے ۔فیلڈ مارشل کے بیرون ملک دورے ، مختلف ممالک کی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں اور دفاعی و تزویراتی تعاون کے فروغ کی کوششیں اس حقیقت کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان کی سفارت کاری اب صرف روایتی بیان بازی تک محدود نہیں رہی بلکہ دفاع، معیشت، علاقائی استحکام اور عالمی شراکت داری کے وسیع میدانوں میں آگے بڑھ رہی ہے ۔ آج آٹھ دہائیوں پر محیط قومی تاریخ کا جائزہ لیا جائے تو پہلی مرتبہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت ایک پیج پر نظر آتی ہے، قومی مفادات پر ہم آہنگ مؤقف کی بہترین مثال حالیہ دنوں میں نئی دہلی میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے کلچرل ڈائیلاگ اجلاس میں بھی سامنے آئی جہاں مختلف علاقائی مندوبین کی موجودگی میں ہر طرف صرف پاکستان ہی چھایا نظر آیا، پاکستان کی بھرپور موجودگی، جاندار مؤقف اور سفارتی پذیرائی نے ایک مرتبہ پھر یہ واضح کردیا کہ خطے کے معاملات میں پاکستان کو نظرانداز کرنا کسی صورت ممکن نہیں۔ ہمارے ملک میں عمومی طور پر یہی سمجھا جاتا ہے کہ بھارت میں پاکستان مخالف جذبات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا رجحان بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاست کا خاصہ ہے، مجھےبھی توقع تھی کہ پاکستان کے دوست مہاتما گاندھی جی کی نام لیوا انڈین نیشنل کانگریس پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے معاملے میں مثبت اور تعمیری راستہ اختیار کرے گی، تاہم حالیہ دنوں میں کانگرس کے بعض رہنماؤں نے اپنے ملک میں آئے پاکستانی مہمان کے خلاف زہراُگلنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی ، بالخصوس کانگریس کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر موجود اشتعال انگیز مواد نے اس افسوسناک تاثر کو تقویت پہنچائی کہ بھارتی سیاست میں پاکستان مخالف بیانیہ اب کسی ایک سیاسی جماعت تک محدود نہیں رہا بلکہ انتخابی سیاست میں اسے ایک مؤثر ہتھیار سمجھا جانے لگا ہے۔سرحدپار نفرتوں کی پرچارک قوتوں کو ادراک نہیں کہ اپنے پڑوسی کے خلاف نفرت پھیلا کر ووٹ پکے کرنا کوئی سیاسی کارنامہ نہیں، ایسے منفی اندازِ سیاست سے نہ غربت ختم ہوتی ہے، نہ بے روزگاری، نہ مہنگائی اور نہ ہی عوام کے بنیادی مسائل حل ہوتے ہیں، بلکہ اسکا نتیجہ صرف مزید بداعتمادی ، کشیدگی ، غلط فہمی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان فاصلے کی صورت میں نکلتا ہے۔افسوس کا مقام ہے کہ کانگریس مہاتما گاندھی کی امن کیلئے بڑی قربانی کوفراموش کرکے ایک ایسی سیاسی حریف جماعت کی پیروی کررہی ہے جو ماضی میں پاکستان کو سفارتی تنہائی میں مبتلا کرنے کا خواب دیکھا کرتی تھی اور آج اس بناء پر آنکھیں چُراتی پھر رہی ہے کہ پاکستان مختلف عالمی فورمز پر سرگرم ہے، اہم ممالک کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے اور عالمی سیاست میں اپنے قومی مفادات کے تحفظ کیلئے مؤثر سفارت کاری کر رہا ہے۔تاہم میرے لئے یہ امر خوش آئند ہے کہ پڑوس کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے اشتعال انگیزی کے باوجود بھارت کے شہری پاکستان کے ساتھ امن، دوستی اور بہتر تعلقات کے خواہاں ہیں، سوشل میڈیا پر مختلف بھارتی شہریوں نے اپنی حکومت کو پاکستانی مندوبین کیلئے تاج محل اور درگاہ نظام الدین اولیاءکا دورہ متنازع بنانے پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے، کچھ انٹرنیٹ صارفین نے پاکستان میں جاری ننکانہ صاحب میلے سے موازنہ کیا ہے کہ ایک طرف پاکستان سرکاری سطح پر بھارتی یاتریوں کا خیرمقدم کررہا ہے تو دوسری طرف مودی سرکار پاکستانی وفد کو مقدس درگاہ کی زیارت سے روک رہی ہے، میری نظر میں سرحد پار کی یہی وہ آوازیں ہیں جوخطے میں امن کیلئے امید کی کرن ہیں اورسفارتی برف پگھلانے کے عمل میں تیزی لاسکتی ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ درگاہ حضرت نظام الدین اولیاء، ننکانہ صاحب، کرتارپور اور دیگر مذہبی و تاریخی مقامات دونوں ممالک کے مشترکہ تہذیبی ورثے اور انسانی عقیدت کی علامت ہیں،ان مقدس مقامات کو سیاسی نفرت اور سرحدی تنازعات کی نذر کرنے کی بجائےعوام کے درمیان محبت، احترام اور ثقافتی رابطوں کے فروغ کا ذریعہ بننا چاہیے۔سرحد کے دونوں پار کے باسیوں کی دیرینہ خواہش ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی ختم ہو، تجارت اور سیاحت بحال ہو، مذہبی زائرین کو سہولتیں فراہم کی جائیں، طلبہ اور نوجوانوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے کے مواقع ملیں اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کو دشمن کی بجائے پڑوسی سمجھیں۔میں سرحدپار پڑوسیوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ تاریخ میں مہاتما گاندھی جی کا نام اسی بناء پر سنہری حروف سے لکھا جاتا ہے کہ وہ امن کے پرچارک تھے، وہ اہنسا (عدم تشدد) پر یقین رکھتے تھے ، وہ طاقتور فرنگی سامراج کے سامنےآزادی کیلئے ڈٹ گئے اورآخرکار امن کی خاطر قربانی دیکرہمیشہ کیلئے امر ہوگئے۔
بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←
اشتہار