Skip to main content
تازہ ترین
پشاور میں آٹے کا شدیدبحرانصوبوں کا معاملہ جب تک پارلیمنٹ میں نہیں آئے گا کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکتے: بیرسٹر عقیل ملکپارٹی میں کارکردگی نہیں، صرف مائنس اور پلس کی بحث چل رہی ہے؟ شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی قیادت کو آئینہ دکھا دیامردان میڈیکل کمپلیکس میں بچوں کا نیا وارڈ کھل گیاوزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے روزمرہ امور کی نگرانی کے لیے 11 رکنی کمیٹی قائم کردی، اسحاق ڈار کنوینئر مقررخیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائرتخت بھائی کی خانقاہ سیاحوں کے لیے رات کو بھی کھلے گیعبدالولی خان یونیورسٹی نے بہار سمسٹر کا شیڈول جاری کر دیا
اشتہار
970 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک
کالم

سپر اے آئی،نام بدلنے سے خطرہ نہیں بدلتا

29 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے ناموں کے ساتھ ظہرانہ ہوا۔ ایلون مسک، مارک زکربرگ اور جینسن ہوانگ جیسے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ حکومت اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بجائے سپر…

ناصر سلمان
ناصر سلمان پیر، 19 اکتوبر 2026 · مطالعہ 7 منٹ

29 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے بڑے ناموں کے ساتھ ظہرانہ ہوا۔ ایلون مسک، مارک زکربرگ اور جینسن ہوانگ جیسے افراد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ حکومت اب آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے بجائے سپر انٹیلی جنس کی اصطلاح استعمال کرے گی۔ ان کا مؤقف تھا کہ لفظ آرٹیفیشل سے ٹیکنالوجی نقلی محسوس ہوتی ہے، حالانکہ اسکی صلاحیتیں حقیقت ہیں۔ بات اپنی جگہ، مگر سوال یہ ہے کہ نام بدلنے سے کیا خطرات بھی بدل جاتے ہیں؟ ٹیکنالوجی کی اصل طاقت اسکے نام میں نہیں، اسکے استعمال اور اس پر ہماری گرفت میں ہوتی ہے۔

مصنوعی ذہانت کی دنیا میں انتھروپک اور اوپن اے آئی جیسی کمپنیاں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انتھروپک کا کلاڈ اور اوپن اے آئی کا چیٹ جی پی ٹی دنیا بھر میں تعلیم، کاروبار، تحقیق اور روزمرہ زندگی کا حصہ بن رہے ہیں۔ یہ نظام تحریر، تجزیے، پروگرامنگ اور پیچیدہ مسائل حل کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ لیکن جوں جوں انکی صلاحیتیں بڑھ رہی ہیں، ان کے غلط استعمال اور حفاظتی کمزوریوں کے خدشات بھی سامنے آ رہے ہیں۔جون 2026 میں امریکی حکومت نے انتھروپک کے جدید اے آئی ماڈلز تک غیر ملکی شہریوں کی رسائی محدود کرنے کا حکم دیا۔ کمپنی کو فوری طور پر پابندی نافذ کرنے میں دشواری پیش آئی، کیونکہ صارفین کی شہریت کی تصدیق کا قابلِ اعتماد طریقہ موجود نہیں تھا۔ نتیجتاً ماڈلز تک رسائی عارضی طور پر بند کرنا پڑی۔ بعد میں پابندیاں اٹھائی گئیں اور رسائی بحال کرنے کا عمل شروع ہوا۔ اس واقعے نے ایک اہم سوال اٹھایا: جب دنیا کے جدید ترین ٹیکنالوجی نظام چند کمپنیوں کے ہاتھ میں ہوں اور ان تک رسائی حکومتی فیصلوں سے مشروط ہو، تو باقی دنیا کے پاس متبادل کیا ہوگا؟ جو ملک اپنی بنیادی ڈیجیٹل صلاحیتیں پیدا نہیں کرتا، وہ دوسروں کے فیصلوں کا محتاج رہتا ہے۔

جولائی میں اوپن اے آئی کے تجرباتی اے آئی ایجنٹوں سے متعلق ایک اور واقعہ سامنے آیا، جس نے ٹیکنالوجی کے ماہرین کو سنجیدگی سے سوچنے پر مجبور کیا۔ یہاں پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اے آئی ایجنٹ ہوتا کیا ہے۔ عام چیٹ بوٹ عموماً ہمارے سوال کا جواب دیتا ہے، لیکن اے آئی ایجنٹ کو کوئی مقصد دیا جائے تو وہ اسے پورا کرنے کے لیے خود کئی مراحل طے کر سکتا ہے۔ وہ معلومات تلاش کر سکتا ہے، فائلیں دیکھ سکتا ہے، کمپیوٹر پروگرام چلا سکتا ہے اور اپنے اقدامات کے نتائج جانچ کر اگلا قدم اٹھا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، اگر اسے کسی سافٹ ویئر کی خرابی دور کرنے کا کام دیا جائے تو وہ صرف خرابی کی نشاندہی نہیں کرے گا، بلکہ متعلقہ فائلوں کا جائزہ لے کر، پروگرام چلا کر اور نتائج جانچ کر اسے درست کرنے کی کوشش بھی کر سکتا ہے۔یہی صلاحیت اے آئی ایجنٹ کو عام چیٹ بوٹ سے زیادہ مؤثر بناتی ہے، لیکن اس کے ساتھ ذمہ داری بھی بڑھ جاتی ہے۔ اگر کسی ایجنٹ کو ضرورت سے زیادہ اختیارات دے دیے جائیں یا اس کی رسائی کی حدود واضح نہ ہوں تو وہ اپنے مقررہ کام کو مکمل کرنے کی کوشش میں ایسے اقدامات بھی کر سکتا ہے جن کی اجازت نہیں دی گئی۔ اسی لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اے آئی ایجنٹ کوئی جادوئی مشین نہیں، بلکہ ایسا خودکار نظام ہے جسے دیے گئے اختیارات، دستیاب معلومات اور مقررہ ہدایات کے مطابق کام کرنا ہوتا ہے۔ اس کی نگرانی اور حفاظتی حدود طے کرنا اتنا ہی ضروری ہے جتنا اسے کام سونپنا۔اوپن اے آئی نے اگست 2026 ءمیں جاری کردہ اپنی رپورٹ میں جولائی کے دوران پیش آنے والے سائبر سیکورٹی کے ایک واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔ اس معاملے میں تقریباً 700 تجرباتی اے آئی ایجنٹوں کی سرگرمیاں ہیگنگ فیس نامی اوپن سورس پلیٹ فارم پر ہونے والی غیر مجاز مداخلت سے منسلک ہوئیں۔ تحقیقات میں بتایا گیا کہ تجرباتی ماحول میں کام کرنیوالے بعض ایجنٹوں نے اپنے مقررہ اہداف حاصل کرنے کی کوشش میں حفاظتی حدود عبور کیں اور ایسے نظاموں تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جہاں انہیں اجازت نہیں تھی۔ بعض سرگرمیوں میں اپنے نشانات چھپانے کی کوششوں کا ذکر بھی سامنے آیا۔

اس واقعے کو یوں سمجھنا چاہیے کہ مشینوں نے انسانوں کی طرح شعوری طور پر بغاوت نہیں کی تھی، بلکہ انہیں دیے گئے کاموں کی تکمیل کے دوران انکے اقدامات ایسے رخ اختیار کر گئے جو حفاظتی انتظامات کیلئے سنجیدہ سوال بن گئے۔ جب کسی نظام کو معلومات تک رسائی، فیصلے کرنے اور عملی اقدامات کرنے کی صلاحیت دی جاتی ہے تو اسکی نگرانی میں معمولی غفلت بھی بڑے مسئلے کو جنم دے سکتی ہے۔ یہ معاملہ کسی ایک کمپنی تک محدود نہیں۔ دنیا بھر میں اے آئی پر کام کرنے والے اداروں کیلئے یہ ایک یاد دہانی ہے کہ ٹیکنالوجی کی رفتار بڑھانے کیساتھ اس کے تحفظ کا بندوبست بھی مضبوط ہونا چاہیے۔پاکستان میں مصنوعی ذہانت کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ نوجوان اس سے ویب سائٹس بنا رہے ہیں، کاروباری کاموں میں مدد لے رہے ہیں اور نئے ہنر سیکھ رہے ہیں۔ یہ اچھی پیشرفت ہے، لیکن صرف صارف بن جانا کافی نہیں۔ ہمیں ٹیکنالوجی کو سمجھنے، مقامی حل تیار کرنے اور اس کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔ حکومت نے 30 جولائی 2025 کو قومی اے آئی پالیسی کی منظوری دی، جس میں 2030 تک دس لاکھ افراد کو مصنوعی ذہانت کی تربیت دینے، سالانہ تین ہزار وظائف فراہم کرنے اور ایک ہزار مقامی اے آئی مصنوعات کی تیاری جیسے اہداف شامل ہیں۔ یہ اہداف اہم ہیں، لیکن اصل امتحان ان پر عمل درآمد ہے۔میرے نزدیک اس سلسلے میں پہلی ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ پاکستان کے بڑے سرکاری اور نجی ادارے نوجوانوں کیلئے انٹرن شپ اور عملی تربیت کے مواقع پیدا کریں۔ انہیں صرف سرٹیفکیٹ دینے کے بجائے حقیقی منصوبوں پر کام کرنے کا موقع ملنا چاہیے، تاکہ وہ مصنوعی ذہانت کے فوائد کے ساتھ اسکی کمزوریوں اور ممکنہ خطرات کو بھی سمجھ سکیں۔ دوسری طرف ارفع کریم ٹاور جیسے ٹیکنالوجی مراکز کے دائرۂ کار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان مراکز کو چند بڑے شہروں یا مخصوص طبقوں تک محدود رکھنے کے بجائے زیادہ سے زیادہ نوجوانوں تک پہنچایا جائے۔ وہاں تربیت، تحقیق، سائبر سیکورٹی اور مقامی ٹیکنالوجی کی تیاری کو ایک دوسرے سے جوڑا جائے۔حکومت کو پاکستان کے بڑے آئی ٹی اداروں اور مقامی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایک ایسا عملی نظام تشکیل دینا چاہیے جس میں نوجوانوں کو سیکھنے، تجربہ حاصل کرنے اور اپنی صلاحیتیں آزمانے کے مواقع میسر ہوں۔ نجی شعبے کے تجربے کو حکومتی پالیسی سے جوڑا جائے۔ اس کے ساتھ سائبر سیکورٹی اور ڈیجیٹل تحفظ کی آگاہی کو تعلیمی نظام کا حصہ بنانا بھی ضروری ہے۔ نوجوانوں کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ اپنی معلومات کی حفاظت کیسے کرنی ہے، غلط معلومات کو کیسے پہچاننا ہے اور خودکار نظاموں پر اندھا اعتماد کرنے کے بجائے ان کے نتائج کو کیسے پرکھنا ہے۔ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کا نام بدل کر سپر انٹیلی جنس رکھ دیا، لیکن نام بدلنے سے خطرہ نہیں بدلتا۔ اصل ضرورت اپنی صلاحیت پیدا کرنے، نوجوانوں کو باخبر بنانے اور ٹیکنالوجی کو اپنے معاشرے کے فائدے کیلئے استعمال کرنے کی ہے۔ آنیوالے وقت میں کامیابی صرف ان ملکوں کو نہیں ملے گی جنکے پاس جدید ٹیکنالوجی ہوگی، بلکہ ان کو بھی ملے گی جو اسے سمجھنے، محفوظ رکھنے اور اپنی ضرورت کے مطابق ڈھالنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے۔میں نہیں، ہم۔ یہی سوچ ہمیں اس عالمی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی طاقت دے سکتی ہے۔

بشکریہ: روزنامہ جنگ — اصل کالم ←

اشتہار
728 × 90اپنی دکان، اسکول یا کلینک کا اشتہار یہاں دیں — پورے مردان کے قارئین تک

مزید: اداریہ

سب دیکھیں ←

ہر صبح مردان کی خبریں آپ کے ای میل میں

اہم مقامی خبریں، تقریبات اور داخلے — صبح 7 بجے ایک مختصر ای میل۔